ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

دو بہنوں نے مکمل قرآن مجید کا نسخہ کڑھائی کے ذریعے تیار کرلیا، ویڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

دو بہنوں نے اپنی محنت اور لگن سے حیرت انگیز کارنامہ انجام دیتے ہوئے کپڑے کی جلدوں پر پورے قرآن مجید کا نسخہ کڑھائی کے ذریعے تیار کرلیا۔

بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں نے اپنے شوق اور مہارت کے ذریعے ساڑھے چار سال کی محنت کے بعد قرآن مجید کے مکمل نسخہ کو خوبصورتی کے ساتھ کپڑے کی پانچ جلدوں پر متنقل کردیا۔

بی بی تبسم اور سریا قریشی نامی بہنوں نے اپنے ہاتھوں سے قرآن پاک کے ہر حرف کی کڑھائی کی ہے، سوئی دھاگے سے قرآن مجید کی تمام آیات کو کپڑے پر کاڑھا گیا ہے، کل 5 جلدوں میں قرآن شریف کے30 پارے یعنی ہر جلد میں6 پارے محفوظ کیے گئے ہیں۔

- Advertisement -

ابتدا میں دونوں بہنیں قرآن مجید کی چھوٹی چھوٹی آیتوں کی ایمبرائڈری کیا کرتی تھیں۔ چار سال قبل بی بی تبسم نے اپنی بڑی بہن سریا قریشی کے ساتھ مل کر قرآن مجید کی پہلی سورۃ فاتحہ سے آغاز کیا اور آخری سورۃ الناس تک اسے کامیابی سے مکمل کیا۔

یہ نادر نسخہ کل 604 صفحات پر مشتمل ہے۔ کاٹن کے کپڑے اور دھاگے کا استعمال کرتے ہوئے اس شاندار کام کو انجام دیا گیا ہے۔

دونوں نے مخمل کے کپڑے میں5 جلدوں میں تمام کپڑے کے صفحات کی خود بائنڈنگ کی ہے، بی بی تبسم پہلے پینسل سے قرآن تحریر کرتیں پھر دونوں بہنیں مل کر قرآن مجید کے نسخہ کی کڑھائی کرتی تھیں۔

اہم بات یہ ہے کہ عالم دین کی رہنمائی میں قرآن مجید کا یہ نسخہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ نسخہ آسانی کے ساتھ پڑھا جاسکتا ہے اور جاذب النظر ہے۔

دونوں بہنوں کی آرزو ہے کہ وہ اپنی اس بہترین کاوش کو مدینہ کی لائبریری کی زینت بنتا دیکھیں، جس کے لیے انھوں نے سعودی حکومت سے رابطہ بھی کیا ہے۔

بی بی تبسم کا کہنا تھا کہ وہ اس قرآن مجید کو مدینہ منورہ کی لابئریری میں رکھنے کی خواہشمند ہیں۔ اس سلسلہ میں سعودی عرب کی حکومت سے رابطہ بھی کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں