ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

عمر گل اور سعید اجمل پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق قومی کرکٹر عمر گل اور سعید اجمل کو اہم ذمے داریاں تفویض کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر کر دیا ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ کی بدترین کارکردگی کے بعد ٹیم اور منیجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ جاری ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق پیسر عمر گل کو قومی ٹیم کا فاسٹ بولنگ کوچ اور سابق اسٹار اسپنر سعید اجمل کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔

پی سی بی نے اس حوالے سے پریس ریلیز بھی جاری کی ہے اور دونوں کی تقرری کا اعلان سوشل میڈیا پر اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی کر دیا ہے۔

- Advertisement -

 

دونوں بولنگ کوچز پاکستان کی 2009 کی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن اور 2012 کی ایشیا کپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ تھے۔

عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران پاکستان مینز ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹ میں 378 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

سابق عالمی نمبر ایک ون ڈے بولر سعید اجمل جنہوں نے 2008 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا انہوں نے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 447 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

میگا ایونٹ میں پاکستان کا بولنگ اٹیک انتہائی غیر موثر رہا اور اپنی روایتی کارکردگی پیش نہیں کر سکا تھا۔ دونوں کا قومی ٹیم کے ساتھ پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز اور اس کے بعد نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز ہو گی۔

عمر گل اور سعید اجمل نے قومی ٹیم کی بولنگ کوچ کی ذمے داریاں ملنے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی صلاحیتیں پاکستان کے بولنگ اٹیک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں شرمناک شکست کے بعد ٹیم اور منیجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ جاری ہے۔ میگا ایونٹ کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ورلڈ کپ کے فوری بعد بولنگ کوچ مورنی مورکل بھی اپنا معاہدہ قبل از وقت ختم کرکے جنوبی افریقہ چلے گئے جب کہ بابر اعظم نے بھی تینوں فارمیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

پی سی بی نے اس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم اور شاہین شاہ کو ٹی 20 کا کپتان نامزد کیا۔ محمد حفیظ کو مکی آرتھر کی جگہ ٹیم ڈائریکٹر، وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر اور آج عمر گل اور سعید اجمل کو بولنگ کوچ مقرر کر دیا جب کہ محمد یوسف اور سہیل تنویر کو جونیئر کرکٹ میں اہم ذمے داریاں دی گئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں