8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی شہباز حکومت نے بیک وقت تین کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی غیر منتخب افراد کے سپرد کر دی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 6 کابینہ کمیٹیاں تشکیل دیں جن میں سے تین کا سربراہ غیر منتخب شخصیات کو بنایا گیا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمٹی، سرکاری ملکیتی اداروں اور نجکاری کمیٹیوں کے سربراہان غیر منتخب شخصیات ہیں۔
بطور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ای سی سی کے چیئرمین ہیں اور وہی کابینہ کمٹی سرکاری ملکیتی اداروں کے بھی چیئرمین ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تین کابینہ کمیٹیوں میں بطور رکن بھی شامل ہیں۔
بطور وزیر خارجہ غیر منتخب شخصیت اسحاق ڈار کابینہ نجکاری کمیٹی کے چیئرمین ہیں، اس کے علاوہ وہ ایک کابینہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔
غیر منتخب شخصیت احد چیمہ بطور وزیر اقتصادی امور 4 کابینہ کمیٹیوں کے رکن ہیں جب کہ وزیر پٹرولیم کے طور پر غیر منتخب شخصیت مصدق ملک تین کابینہ کمیٹیوں کے رکن ہیں۔
اس وقت 5 ایسی غیر منتخب شخصیات بطور وفاقی وزرا وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کا حصہ ہیں جن کی قومی اسمبلی یا سینیٹ کی رکنیت نہیں ہے۔
ان غیر منتخب شخصیات میں خزانہ، خارجہ، اقتصادی امور، پٹرولیم اور وزارت داخلہ شامل ہیں جن کے وزیر بالترتیب محمد اورنگزیب، اسحاق ڈار، احد چیمہ، مصدق ملک اور محسن نقوی ہیں۔