11.6 C
Dublin
اتوار, مئی 26, 2024
اشتہار

آخری اوور میں 6 وکٹیں، کرکٹ میں نا قابل یقین ریکارڈ بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

آسٹریلیا کے کلب کرکٹر نے اپنے آخری اوور میں لگاتار 6 وکٹیں لے کر دنیائے کرکٹ کو حیران اور نا قابل یقین ریکارڈ بنا ڈالا۔

کرکٹ میں ان ہونی ہونا نئی بات نہیں بعض اوقات بیٹر، بولر ایسے کارنامے انجام دیتے ہیں یا فیلڈر ایسے کیچز لیتے ہیں جس کو دیکھ کر سب ششدر رہ جاتے ہیں لیکن آسٹریلیا کے کلب کرکٹر نے اپنے آخری اوور میں لگا تار 6 وکٹیں لے کر نا قابل یقین ریکارڈ بنا ڈالا جس کو دیکھ کر دنیائے کرکٹ حیران ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ انتہائی نا قابل یقین کارنامہ آسٹریلیا میں کلب میچ کے دوران انجام دیا گیا جب بولر نے ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم سے ڈرامائی انداز میں یقینی فتح اس کے جبڑوں سے چھین لی۔ میچ دیکھنے والے حیران کن منظر دیکھ کر دانتوں تلے انگلیاں دبانے پر مجبور ہوگئے۔

- Advertisement -

یہ میچ کھیلا گیا سرفرز پیرا ڈائز اور مدجیرابا نیرنگ کلب کے درمیان جو 40 اوورز پر مشتمل تھا۔

مدجیرابا کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 177 رنز بنائے۔ 178 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سرفرز نے 39 اوورز کے اختتام پر 174 رنز بنا لیے تھے۔ جیت کے لیے چار رنز جب کہ اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔

میچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے شائقین اور میدان میں کھلاڑیوں کے گمان میں بھی ایسا کچھ نہیں تھا جو اگلے پانچ منٹ میں ہوا۔

مدجیرابا کلب کی یقینی شکست دکھائی دے رہی تھی کہ ایسے میں کپتان گیرتھ مورگن ہاتھ میں گیند تھامے آخری اوور کرانے آئے اور پھر وہ کارنامہ انجام دیا جو کرکٹ کی تاریخ میں سنہرے لفظوں سے رقم ہوکر نیا ریکارڈ بنا گیا۔

 

گیرتھ مورگن نے اننگ کے اس آخری اوور میں 6 گیندوں پر لگاتار 6 وکٹیں حاصل کیں جن میں سے پانچ بلے بازوں کو گولڈن ڈک کر کے پویلین بھیجا یوں سرفرز پیراڈائز کی پوری ٹیم 174 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور مدجیرابا نے یہ میچ تین رنز سے جیت لیا۔

آخری اوور میں آوٹ ہونے والوں میں پہلے چار کیچ جبکہ آخری دو بولڈ آؤٹ ہوئے۔ گیرتھ مورگن نے میچ میں صرف 16 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ تیز رفتار 39 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

گیرتھ مورگن جو اپنی اس نا قابل فراموش کارکردگی پر خود بھی حیران ہیں نے میچ کے بعد آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ سے گفتگو میں کہا کہ جب یہ سب کچھ ہوگیا تو امپائر بھی مجھے دیکھتے رہ گئے کیونکہ یہ بالکل غیریقینی تھا اور ایسا پہلے کبھی میں نے بھی نہیں دیکھا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیشہ ورانہ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ تھا جو نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نے 2011 میں ویلنگٹن کے خلاف اوٹاگو کے لیے بنایا تھا۔

کرکٹ کی تاریخ کا نا قابل یقین کیچ، دلچسپ ویڈیو دیکھیں

2013 میں بنگلہ دیش کے کلب کرکٹر الامین حسین اور 2019 میں بھارت کے کلب کرکٹر ابھیمنیو متھن بھی ایک اوور میں پانچ، پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں