کراچی: مہنگائی اور بجلی بلز سے پریشان کراچی کی تاجر برادری نے یکم ستمبر کو شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تاجر رہنما شرجیل گوپلانی کا کہنا ہے کہ کراچی کی تمام مارکیٹ جمعہ یکم ستمبر کو مکمل طور پر بند رہیں گی، کراچی کی کوئی دکان اور بازار نہیں کھولا جائے گا۔
تاجر رہنما رضوان عرفان نے کہا کہ شرجیل گوپلانی کی ضمانت قبل از گرفتاری ختم ہوئی تو ہڑتال کا اعلان کردیں گے۔
عتیق میر کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ ہوا ہے اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف تاجروں کا ہڑتال کا اعلان#ARYNews pic.twitter.com/SHz41xznld
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) August 29, 2023
تاجر رہنما شیخ حبیب نے کہا کہ ہڑتال کے معاملے پر ہم ایک ہیں اور ہمارا اتحاد قائم رہے گا، یکم ستمبر کو کراچی نہیں ملک بھر میں تاجر ہڑتال کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کی تاجر برادری نے بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے خلاف احتجاجاً بل ادا نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
’روزگار بچاؤ تحریک‘ کے نام سے بولٹن مارکیٹ پر تاجر تنظیموں نے احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ تاجر رہنما رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ ظلم اور مہنگائی کے خلاف تاجر برادری ایک پلیٹ فارم پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری و عوام حالیہ مہنگائی سے فاقہ کشی پر مجبور ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور جرائم میں بھی اضافہ ہوا ہو رہا ہے، ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔