منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

عمران خان کی 8 مقدمات کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس حسن اورنگزیب نے سماعت کی اور تمام مقدمات میں آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ عمران خان آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ضمانت منسوخ تصور کی جائے گی۔

درخواست ضمانت کی سماعت پر عمران خان کی جانب سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔

- Advertisement -

شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ہیں اور وہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عمران خان کے خلاف یہ تمام مقدمات ہیں کیا؟ کیا ان تمام مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات لگی ہیں؟

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ جوڈیشل کمپلیکس والے معاملے پر درج مقدمات ہیں۔ ہم نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست دی ہوئی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہونا چاہیے لیکن قانون کی منشا کے مطابق ہو۔ عدالت نے عمران خان کو غیرمعمولی ریلیف دیا کہ کوئی غلط مثال قائم نہ ہو۔ اب یہ بتائیں کہ کیا تاریخ رکھ لیں، خود کو یا اس عدالت کو شرمندہ نہ کیجیے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اس بات کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ ایسا مت کیجئے گا کہ مجبوراً اس عدالت کو کوئی حکم جاری کرنا پڑے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی 8 مقدمات میں 3 مئی تک عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر وہ 3 مئی کو بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔ جس کے بعد سماعت 3 مئی تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں