جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

فلسطینیوں کو پاکستانی قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیرِ صدارت جی ایچ کیو میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکا نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال و ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی جبکہ دہشتگردی کے خلاف فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

شرکا نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلیے دشمنوں کے اشارے پر کام کرنے والوں سے طاقت سے نمٹیں گے، دہشتگردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست طاقت سے نمٹے گی۔

- Advertisement -

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں خطے کی صورتحال، سلامتی کو درپیش چیلنجز اور خطرات کے جواب میں حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی جبکہ شرکا نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے غزہ اسرائیل جنگ سے متعلق تشویش اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال سے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے، مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلیے فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلیے فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

کانفرنس میں شرکا نے کہا کہ حکومت کی معاشی بحالی کے اقدامات اور عوام کی فلاح و بہبود کیلیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔ کانفرنس کے شرکا نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ مافیاز، کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی، ملک کو معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جائے گی۔

شرکا نے غیر قانونی تارکین کو یکم نومبر تک ملک بدر اور واپس بھیجنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کا عزم کیا۔ آرمی چیف نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت، محفوظ واپسی اور ڈیپورٹیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر بھی زور دیا۔

Comments

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں