ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

سینیٹ کیا اقوام متحدہ سے بھی قرارداد پاس کرا لیں، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، بلاول

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ کیا اقوام متحدہ سے بھی قرارداد پاس کرا لیں، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چیف جسٹس نے بھی کہا ہے 8 فروری کی تاریخ پتھر پر لکیر ہے۔ 4،3 سینیٹرز اٹھ کر کہہ دیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے تو سینیٹ کی قرارداد میں زیادہ وزن ہے یا چیف جسٹس کی بات میں۔ اب کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔ سینیٹ کیا اقوام متحدہ سے بھی قرارداد پاس کرا لیں، تب بھی الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو آج ہو رہا ہے، ماضی میں اس سے بھی برا ہوتا رہا ہے۔ جتنے فارم اس الیکشن میں مسترد ہوئے اس کا موازنہ 88 کے الیکشن سے کر لیں برابر ہی ہیں۔ ہم پاکستان کی سیاست، حکومت اور معاشرے میں بہت بہتری لانا چاہتے ہیں۔ ہمیں سب کے ساتھ مل کر کام کرنا پڑے گا، اسٹیک ہولڈرز کو اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میں تمام سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کر رہا ہوں، ہم نے ن لیگ کو ان کی اپنی نشست پر شکست دی ہے۔ پی ٹی آئی کو شکست دے کر ملتان اور کراچی کا ضمنی الیکشن جیتا۔ ہم نے ہمیشہ تیر پر الیکشن لڑا اور آج تک لڑ رہے ہیں جب کہ بلے کا نشان تو پہلے کبھی تھا ہی نہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سےزبردستی بلا دلوایا گیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آج تک پی ٹی آئی کا مقصد یہی ہے میں کھیلوں گا تو کسی اور کو نہیں کھیلنے دوں گا۔ بانی پی ٹی آئی نے جو سیاست میں شروع کی اب وہ خود بھگت رہے ہیں۔ وہ کہتے تھے سب چوروں کو چوک پر پھانسی دے دو، 200 بندوں کو مروا دیں تو نظام ٹھیک ہو جائے گا، بانی پی ٹی آئی کو اپنے موقف میں تبدیلی لانا ہو گی اور انہیں توبہ کرنا ہوگی۔ انہوں نے اگر گناہ کیا تو ہے جیل میں ہونا چاہیے ورنہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی نے کراچی اور حیدرآباد سے حال ہی میں بلدیاتی الیکشن جیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اپنا منشور دے دیا ہے امید ہے ہم حکومت بنا سکیں گے۔ کے ایم سی حکومت سمیت صوبائی اور وفاقی حکومت بھی ساتھ ہو گی، امید ہے کراچی کےعوام اس بار پیپلز پارٹی کو ضرور موقع دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جس طریقے سے قائدعوام کا فیصلہ کروایا گیا وہی طریقہ بار بار چلتا آ رہا ہے۔ یہ موقع ہے کہ ہم تاریخ کو درست کریں ایسے تمام دروازوں کو ہمیشہ کیلیے بند کیا جائے۔ امید ہے چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سمیت دیگر ججز ضرور انصاف کے مطابق فیصلہ دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں