14.9 C
Dublin
ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

سائفر کیس : چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت کی سماعت ان کیمرہ ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ان کیمرہ ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفرکیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق درخواست ضمانت پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر، نیاز اللہ نیازی اور علی بخاری سمیت دیگر پیش ہوئے۔

- Advertisement -

اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اورشاہ خاور بھی عدالت میں پیش ہوئے، اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے بتایا کہ بہت ساری چیزیں ایسی ہیں جن کوپبلک نہیں کیاجاسکتا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کہتا ہےکہ سماعت ان کیمرہ ہو گی۔

جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے یہ کرمنل اپیل نہیں ہےضمانت کا معاملہ ہے، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں چالان کچھ دنوں میں آجائے گا۔

بیرسٹرسلمان صفدر نے کہا کہ خصوصی عدالت کےجج نے اٹک جیل میں سماعت سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے کی ، اٹک جیل میں سماعت سیکرٹ ایکٹ کی وجہ سے نہیں کی گئی، اگر عدالت سمجھتی ہے تو عدالت غیرمتعلقہ لوگوں کو باہر نکال سکتی ہے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا تھا کہ ضمانت کا معاملہ بھی سماعت کا حصہ ہے، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا سابق وزیر اعظم اوروزیر خارجہ گرفتارہیں، ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست میں ایشوز بنائے جا رہے ہیں۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ ریکارڑ کو دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں کہ کیس کو کیسے لیکرچلنا ہے، جس پر وکیل شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی نظریں اس ضمانت کی درخواست پر لگی ہوئی ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا اب تو عدالتی سماعتوں کی لائیو اسٹریمنگ ہوا کرے گی، لائیو سٹریم ہو گا تو عدالتی کارروائی پوری دنیا دیکھے گی۔

چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے چیف جسٹس کے طور پر یہ عمل میری عدالت سے شروع ہو گا، ہمیں تو اس کےمطابق اپنی تیاری رکھنی چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ان کیمرہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، چیف جسٹس عامرفاروق نےوکلا کےدلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں