15 C
Dublin
ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

سمندری طوفان : سی ویو کے مکینوں کا نقل مکانی سے انکار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد کے ساحلوں پر ممکنہ سمندری طوفان بپرجوائے کے اثرات پہنچنے لگے ہیں جس کے پیش نظر انتظامیہ نے قریبی آبادی کو منتقل کرنے کیلیے اقدامات کا فیصلہ کیا تاہم سی ویو کے مکینوں نے نقل مکانی کرنے سے انکار کردیا۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی نمائندہ روبینہ علوی نے سی ویو کے سامنے قائم رہائشی فلیٹوں کے مکینوں سے خصوصی گفتگو کی اور ان کے انکار کی وجوہات دریافت کیں۔

ایک خاتون کا کہنا تھا کہ جب ہماری ایڈمنسٹریٹر سے میٹنگ ہوئی تھی تو میں نے جب ہی کہہ دیا تھا کہ میں بحیثیت سماجی کارکن (والنٹیئر) یہاں کے لوگوں کے ساتھ رہوں گی اور جہاں تک ہوسکا ان کی مشکلات میں ان کا ساتھ ہوں گی۔

- Advertisement -

انہوں نے شکوہ کیا کہ انتظامیہ کو صرف سی ویو کا علاقہ ہی کیوں نظر آہا ہے ؟ کیونکہ طوفان بھارت کی سمت سے آرہا ہے اور سی ویو سے پہلے متاثر ہونے والے دیگر علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کیوں نہیں کروائی جارہی؟

ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ ہم اپنا گھر کیوں چھوڑیں؟ یہاں تو کچھ بھی نہیں صاف نظر آرہا ہے کہ سمندر کی لہریں بھی اپنی حدود تک ہیں نہ ہی سمندر کا پانی سی ویو کی سڑکوں پر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ پانی آیا بھی تو ہم اہلیان علاقہ متحد ہیں اور ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرتے ہوئے رہائش اور کھانے پینے کا خیال رکھیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ساحلی بستیاں سمندری طوفان کے باعث تیز ہواؤں کے زیرِ اثر ہیں، چشمہ گوٹھ اور ریڑی گوٹھ میں سمندر کے پانی میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

پانی چشمہ گوٹھ کی سڑک کنارے تک پہنچ گیا ہے تاہم یہاں کے رہائشیوں نے اپنے گھروں سے تاحال نقل مکانی نہیں کی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں