14.9 C
Dublin
ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

اپریل میں بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں گے، لطیف کھوسہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ماہر قانون و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی اپریل میں باہر آ جائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ اپریل میں بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں گے، توشہ خانہ میں ان کی سزا معطل ہو چکی جبکہ سائفر کیس صرف ایک ہفتے کی مار ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ سائفر کیس میں عدالت میں دستاویز پیش ہی نہیں کی گئی تو کس بات پر سزا ہو سکتی ہے؟

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ایک بھی 9 مئی کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی موجودگی نہیں ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ہی ملک کو چھوڑ کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں سارے ادارے آئین میں رہ کر کام کریں، ریاست عوام ہوتی ہے اور عوام سے تابعداری لازم ہے، ان کو عوام کے پیسوں سے تنخواہیں ملتی ہیں یہ عوامی مینڈیٹ کیوں نہیں مان رہے۔

ماہر قانون نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سے بات کرنی ہے تو پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا وزیر اعظم شہباز شریف حکومت چلا رہا ہے؟ وہ تو اپنا وزیر داخلہ بھی نہیں رکھ سکتا۔

اس سے قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی رواں ماہ اپریل میں رہا ہو جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز سیاسی انتقامی کارروائی تھی اور اب تمام کیسز اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدت کیس بھی 2 سے 4 دن میں ختم ہو جائے گا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز میں کراس ٹاک یا دلائل کا موقع ہی نہیں دیا گیا، ان کے تمام کیسز عدالتوں میں لگے ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں