اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

جرائم پیشہ گینگ "فورتھ مافیا” خوف کی علامت بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

روم : اٹلی میں جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث گینگ کا نام خوف کی علامت بن چکا ہے، قتل ڈکیتی، بھتہ خوری اورمنشیات کی اسمگلنگ اور دیگر جرائم سے پہچانا جانے والا یہ فورتھ مافیا گروہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے بھی پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔

اٹلی کا یہ غیرمعروف لیکن انتہائی خطرناک فورتھ مافیا کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟ اس حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق اطالوی صوبے فوجیا میں سرگرم فورتھ مافیا منشیات کی اسمگلنگ، بھتے، ڈکیتیوں، گاڑیوں کی چوری اور تاوان کے حصول کے لیے مویشی اغواء کرکے اپنی تجوریاں بھررہا ہے۔

صوبے کے ایک کسان لازارو ڈی اوریا کو اس مافیا کی دھمکی، دھونس، جلاؤ گھیراؤ سمیت کوئی بھی کوشش بھتہ دینے پر مجبور نہیں کر پائی تھی لیکن لازارو نے ایک مافیا کو 150,000 یورو سالانہ بھتہ دینے پر آمادگی کا اظہار صرف تب کیا، جب ایک صبح تقریباً ایک درجن افراد ان کے گھر پہنچے اور ان پر بندوق تان لی۔

- Advertisement -

یہ مافیا فوجیا یا فورتھ مافیا کہلاتا ہے، جس کو موجودہ دور میں اٹلی میں سب سے زیادہ تشدد پسند منظم جرائم پیشہ تنظیم سمجھا جا رہا ہے۔ جب اس کے کارندوں نے لازارو کی کنپٹی پر گولیوں سے بھری پستول تانی تو انہوں نے انہیں بھتہ دینے کی حامی تو بھر لی تھی لیکن اگلی صبح اس رقم کی ادائیگی کے بجائے انہوں نے پولیس میں اس مافیا کے خلاف شکایت درج کرا دی۔

لازارو 2017ء سے اب تک پولیس کی حفاظت میں رہ رہے ہیں، خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دیگر شہری بھی ان کے خلاف شکایات درج کرائیں گے تو یہ مقامی مافیا کمزور پڑجائے گا۔

فوجیا مافیا کو اب اٹلی کی چار بڑی جرائم پیشہ تنظیموں میں شمار کیا جا رہا ہے اور اس کا قیام ان سب میں سب سے نیا ہے۔ اس مناسبت سے اسے فورتھ مافیا کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مافیا مختلف گروہوں کے درمیان ہونے والی خونی جھڑپوں میں ملوث رہا ہے۔

کسی زمانے میں ان جھڑپوں کو محض کسانوں کے مابین جھگڑا تصور کر کے زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا لیکن اب ان پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے مگر ایسا بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔

اس وقت فورتھ مافیا کا فوجیا صوبے پر کنٹرول بہت مضبوط ہے، جہاں وہ منشیات کی اسمگلنگ، بھتے، ڈکیتیوں، گاڑیوں کی چوری اور تاوان کے حصول کے لیے مویشی اغواء کرکے اپنی تجوریاں بھر رہا ہے۔

فوجیا کے پبلک پروسیکیوٹر لوڈوویکو وکارو کا اس کے بارے میں کہنا ہے یہ مافیا اب بھی پرانے اور بنیادی ہتھکنڈوں پر انحصار کر رہا ہے اور بہت تشدد پسند، بہت جارحانہ ہے۔ وکارو کہتے ہیں کہ "آج مافیا تنظیمیں زیادہ لوگوں کا قتل نہیں کر رہیں اور یہ ان کی کسی کی نظر میں نہ آنے اور خاموشی اختیار کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ لیکن یہ مافیا (فورتھ مافیا) علاقے میں اپنی طاقت کے مظاہرے کے لیے اب بھی لوگوں کو گولی مار کر قتل کر رہا ہے۔”

فورتھ مافیا بالخصوص ساحل کے ساتھ واقع گرگانو کے علاقے میں پر تشدد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہاں اس کے کارکن اکثر لوگوں کے چہروں پر گولی مارتے ہیں یا پھر انہیں قتل کر کے غاروں میں پھینک دیتے ہیں۔

مافیا کی روک تھام کیسے کی جائے؟
حالیہ عرصے میں اطالوی حکام نے اس مافیا کے کئی ارکان کو حراست میں لیا ہے لیکن ان کے حریف رافیل تولونیس کی رہائی کا وقت قریب ہے اور گرگانو کے علاقے سے تعلق رکھنے والے مافیا کے سربراہ مارکو ردوانو پچھلے ماہ جیل سے فرار ہوگئے تھے، ان دونوں عوامل کی وجہ سے حکام کو ایک نئے چیلنج کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اطالوی وزیر داخلہ ما تیو پیانٹیڈوسی نے فروری میں فوجیا کے ایک دورے کے دوران وہاں سکیورٹی کے صورتحال بہتر بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں