منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

کیف کی میں نہ مانوں کی رٹ برقرار، وارنر سے بات منوانے کے لیے اڑ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا غم اب تک نہیں بھلا پائے، ڈیوڈ وارنر سے اپنی بات منوانے کے لیے اڑ گئے۔

محمد کیف نے بھارت کو شکست کے بعد پیپر پر چیمپئن قرار دیا تھا، جس پر عالمی چیمپئن ٹیم کا حصہ ڈیوڈ وارنر نے کہا تھا کہ پیپر پر مضبوط ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا فائنل والے دن پرفارم کرنا پڑتا ہے۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو پھر سے جواب دیتے ہوئے محمد کیف نے ٹوئٹ کی ہے اور میں نہ مانوں کی رٹ کو برقرار رکھا ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’فائنل میں یہ آسٹریلیا کا دن تھا وہ جیت گئے اب ورلڈکپ کے فاتح ہیں۔‘

- Advertisement -

تاہم انھوں نے اپنی دانست میں مزید حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت نے لگاتار 10 میچز جیتے تھے اسے گیارویں میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کے پاس سب سے بہترین بولرز اور بیٹرز موجود تھے۔ یہ ٹورنامنٹ کی سب سے بہترین ٹیم تھی۔‘

سابق بھارتی کرکٹر نے آخر میں آسٹریلیا کی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دونوں چیزیں حقیقت ہیں، پیپر پر بھی اور فیلڈ پر بھی آسٹریلیا پرسکون ہو جاؤ۔

واضح رہے کہ سابق بیٹر محمد کیف نے فائنل کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں آسٹریلیا کو چیمپئن نہیں مانتا بھارتی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی وہی چیمپئنز ہیں۔

کیف کے اس بیان پر ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آن پیپر ٹیم کتنی مضبوط ہے کھلاڑیوں کو اس وقت پرفارم کرنا ہوتا ہے جب سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسی لیے آخری مقابلہ فائنل کہلاتا ہے یہی وہ دن ہوتا ہے جب چیمپئن بننے کیلئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں