پیر, مئی 27, 2024
اشتہار

لیجنڈ اداکار شکیل سپرد خاک

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے لیجنڈ اداکار شکیل کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں گورنر سندھ اور شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے معروف اداکار شکیل کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کراچی کے علاقے ڈیفنس کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل سلطان مسجد میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین میں عزیز واقارب کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے علاوہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بہروز سبز واری، خالد انعم، فیصل قریشی سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ اپنی لاجواب اداکاری کی بدولت برسوں ٹی وی اسکرین پر راج کرنے والے اداکار شکیل 85 برس کی عمر میں گزشتہ روز کراچی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

شکیل جن کا اصل نام یوسف کمال تھا، 29 مئی 1938 کو بھوپال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فن کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا لیکن بالخصوص ٹی وی پر انہوں نے کئی ایسے ناقابل فراموش کردار ادا کیے جنہیں کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجود بھلایا نہیں جاسکا وہ اپنی ذات میں خود اداکاری کا اسکول تھے جن کے انتقال سے ٹی وی اور فلم کی دنیا کا ایک باب بند ہوگیا۔

کئی دہائیوں تک ٹیلیویژن اسکرین پر راج کرنے والے شکیل نے فلموں میں بھی کام کیا اور انگریزی فلم جناح میں پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کا کردار نبھایا تھا۔

ان کے مشہور اور ناقابل فراموش ڈراموں میں انکل عرفی، انتظار فرمائیے، شہزوری، زیر زبر پیش، ان کہی، افشاں، انا، عروسہ، آنگن ٹیڑھا سمیت ایک طویل فہرست ہے۔

انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں