تازہ ترین

لاک ڈاؤن: غریبوں کی مدد کے لیے حرا مانی بھی میدان میں آگئیں

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب افراد کی مدد کے لیے میدان میں آگئیں اور متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ راشن چوتھی بار غربا میں تقسیم کیا جارہا ہے جو میری خود کی محنت ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں سمیت دیگر افراد سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان کی ٹیم کا حصہ بنیں اور روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی کمانے والے افراد اور مستحقین تک راشن پہنچانے میں مدد فراہم کریں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مدد کے لیے جو بھی ممکن ہوسکے اپنا حصہ ڈالیں، پانی کی صرف ایک بوتل سے بھی مدد کی جاسکتی ہے، میرے اس کار خیر کا مقصد تشہیر کرنا نہیں بلکہ میں چاہتی ہوں کہ دیگر افراد بھی میری مدد کے لیے سامنے آئیں، اسی وجہ سے اس تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

کرونا لاک ڈاؤن، شوبز اور کرکٹ اسٹارز غریبوں کی مدد کے لیے میدان میں آگئے

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد روز مرہ کے معمولات بری طرح سے متاثر ہوگئے، بالخصوص لاک ڈاؤن کے بعد یومیہ اجرت کمانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف ممالک کی حکومتوں نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی، اس وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا کیونکہ اگر وہ کام پر نہیں جاتے تو اپنے اہل خانہ کے لیے اشیائے ضروریہ کا بندوبست نہیں کرپاتے۔

Comments

- Advertisement -