ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

اشرافیہ سے ٹیکس نہیں لیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا، مفتاح اسماعیل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ کسی بھی وجہ سے اشرافیہ سے ٹیکس نہیں لیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں ملکی معاشی حالات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جب تک صاحبِ حیثیت سے ٹیکس نہیں لیں گے مسائل ختم نہیں ہوں گے، معیشت کو درست کرنے کیلیے اخراجات کو کم کرنا پڑے گا۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں 40 فیصد مہنگائی ہے جبکہ مڈل کلاس تباہ ہو کر رہ گئی ہے، اشرافیہ کے ان سیکٹرز سے ٹیکس لینا ہوگا جہاں سے نہیں لیتے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں نے درست وقت پر درست فیصلے نہیں کیے، 2017 میں نوکری پیشہ افراد پر ہم نے ٹیکس 15 فیصد کر دیا تھا جبکہ اس وقت 261 ارب روپے نوکری پیشہ افراد سے لیے جا رہے ہیں، تمام بڑے ایکسپورٹرز سے 61 ارب روپے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبوں میں پراپرٹی اور زرعی ٹیکس نہیں لگا رہے، صوبوں کا فنڈ زیادہ ہے انہیں پراپرٹی اور زرعی ٹیکس کی ضرورت نہیں پڑتی، دکانداروں اور ہولر سیکرز پر بھی ہم ٹیکس نہیں لگاتے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ غریب شخص پورا ماہ محنت کرتا ہے لیکن بچوں کی کفالت نہیں کر سکتا، آج بجلی کے بل ایسے ہیں کہ گھر میں پنکھا چلاتے ہوئے ڈر لگتا ہے، مہنگائی نوٹ چھاپنے کی وجہ سے ہے۔

(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی مفادات کی وجہ سے اس نہج پر پہنچے ہیں اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے، ملک 20 سال سے تنزلی کا شکار ہے اب اس سے زیادہ نیچے نہیں گر سکتے، وقت آگیا ہے ہماری لیڈرشپ اب کام کرے جس کا برسوں سے کہہ رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں