ہوم بلاگ صفحہ 10350

کرونا صورت حال: کراچی میں بھارت جیسے حالات ہوئے تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے، بلاول بھٹو

0

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کرونا کے معاملے پر سیاست کررہی ہے،  اگر کراچی میں بھارت جیسے حالات ہوئے تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔

اسلام آباد میں آزاد کشمیر الیکشن برائے 2021 کے امیدواران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ کرونا پر حکومت سیاست کررہی ہے اور سنجیدگی کا مظاہرہ بالکل نہیں کررہی، ہمارےہاں ایک نہیں دوپاکستان ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’کراچی میں 30 فیصد سے زائدکرونا کے کیسز مثبت آ رہے ہیں، سندھ حکومت کو اقدامات کرنے پر جاہل قرار دیا جارہا ہے، حکومتی وزرا کراچی کی کرونا صورت حال پر بیان بازی کررہے ہیں، اگر خدا نخواستہ کراچی میں بھارت جیسے حالات ہوئے تو ذمہ دار حکومت اور عمران خان ہوں گے‘۔

پی پی چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ ’وفاقی حکومت نے سندھ میں ویکسی نیشن مہم کو متاثر کیا ہے، سندھ حکومت نےلاک ڈاؤن  سے متعلق فیصلےحالات کے پیش نظر کیے ہیں کیونکہ ہم جھوٹے اعداد و شمار جاری نہیں کرتے،  کراچی میں خطرناک طور پر بیماری میں اضافہ ہورہا ہے‘۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’سیاسی وجوہات کی بنا پر انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور اپنے وزرا کو غیر ضروری بیان بازی باز رہنے کی ہدایت کرے‘۔

چند سیکنڈز میں سڑک ٹوٹ کر بہہ گئی، لوگ خوفزدہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

0

ہماچل پردیش: بھارت میں چند سیکنڈز میں سڑک ٹوٹ کر بہہ گئی جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست ہماچل پردیش گزشتہ چند ہفتوں سے بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا ہے جس کے سبب کئی افراد ہلاک ہوگئے اور ریاست میں امدادی کارروائیوں میں خلل پڑا۔

ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں سڑک کے ایک حصے کو ٹوٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرمور ضلع میں پہاڑی حصہ گرنے کے بعد سڑک کو پانی میں بہا کر لے گیا اور وہاں موجود لوگوں نے دور بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، یہ سڑک پونٹا صاحب اور شلائی ہٹکوری نامی دو مقامات کو جوڑتی ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ 707 بلاک ہوگئی۔

سڑک بہہ جانے کے بعد علاقے میں ٹریفک معطل ہوگئی اور پولیس اہلکاروں کو انٹری پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو مختلف راستوں پر چلنے سے خبردار کیا جا سکے۔

گزشتہ چند دنوں سے اس علاقے سے بادل پھٹنے ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری تھا، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ گزشتہ شام ایک ضلع میں پک اپ وین کھائی میں گرنے سے ایک خاتون ہلاک اور 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

علاوہ ازیں بارش کے باعث بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ریاست کے لاہول سپتی میں 175 سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

افغانستان میں خواتین کا پہلا جم

0

کابل : افغانستان میں پہلی مرتبہ خواتین کےلیے بھی جم کھل گیا جہاں افغان خواتین پرجوش انداز میں ورزش کرنے آتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کئی برس سے خانہ جنگی کے شکار ملک افغانستان میں امریکی انخلاء کے بعد خواتین کےلیے قندھار میں پہلا جم کھولا گیا ہے، افغان خواتین اپنی فٹنس کی خاطر پرجوش انداز میں ورزش کرنے آرہی ہیں تاہم جم مالک کو اندیشہ ہے کہ طالبان کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ جم بند کرنے کا باعث نہ بنے۔

قندھار میں بنائے گئے اس جم میں خواتین کی تربیت کےلیے ٹرینر بھی خواتین ہی ہیں جو یہاں کام کرکے بہت خوش ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرینر خواتین کا کہنا تھا کہ اس جم میں ملازمت کرکے وہ اپنے گھر کا انتظام چلا رہی ہیں لیکن ان خواتین کو افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات نے تذبذت کا شکار کررکھا ہے۔

جم مالکن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اگر طالبان کا اثر و رسوخ بڑھ گیا تو ان جیسی خواتین کا کاروبار متاثر ہوسکتا ہے۔

بھارت: پل ندی کے پانی میں بہنے کی خوف ناک ویڈیو وائرل

0

گیا: بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا میں 13 کروڑ کی لاگت سے بننے والا پل منہدم ہو کر برساتی پانی میں بہہ گیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع گیا میں کوٹھوارہ گاؤں کے نزدیک واقع نرنجنا ندی پر بنایا جانے والا پل گزشتہ 28 گھنٹوں کی بارش سے ندی میں آئی ہوئی معمولی طغیانی بھی برداشت نہ کر سکا، اور جمعے کو گر کہ بہہ گیا۔

یہ پل گزشتہ 6 برسوں سے زیر تعمیر تھا، اور اب تک اس کے صرف 16 پلر بنائے گئے تھے، 13 کروڑ کی لاگت سے بننے والا یہ پل ندی میں معمولی برساتی پانی میں بہہ گیا۔

جس وقت یہ پل ٹوٹ رہا تھا کسی نے اس کی ویڈیو بنا لی، اور اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے اور تیزی سے وائرل بھی ہو رہی ہے، اس پل کا سنگ بنیاد 2015 میں رکھا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق نابارڈ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے اس پل کی تعمیر میں غیر معیاری سامان کے استعمال کے الزامات بھی لگ چکے ہیں، مقامی لوگوں نے اس کے خلاف مظاہرے بھی کیے، جس کی وجہ سے کئی بار اس کی تعمیر کا کام رکا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارشوں کے بعد ندی میں معمولی طغیانی آنے سے پل کے اوپر رکھے جانے والے سلیب اور پلر گر کر پانی میں بہہ گئے، بارش شروع ہونے پر کنسٹرکشن کمپنی کے ملازمین اور مزدور سائٹ چھوڑ کر جا چکے تھے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی، 3 بچوں اور خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

0

راجن پور: پنجاب کے شہر راجن پور میں مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق روجھان مزاری میں شمس آباد ٹول پلازہ کے قریب مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں تین بچوں اور خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خوفناک حادثے میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں آگ لگنے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں: سیالکوٹ: مسافر وین اور ٹرک کے درمیان تصادم، 4 افراد جاں بحق

عثمان بزدار نے ڈی جی خان کے کمشنر اور آر پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے باعث چار افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ وزیرآباد روڈ پر رویلہ اسٹاپ کے قریب پیش آیا تھا،جہاں سیالکوٹ سے راولپنڈی جانے والی مسافر وین دھند کے باعث ٹرک سے جاٹکرائی تھی، حادثے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ایل پی جی کی قیمتوں میں‌ بڑا اضافہ

0

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی گیس کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اوگرا نے ماہِ اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کے مطابق فی کلو کی قیمت میں 9 روپے 58 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اوگرا نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام گھریلوسلینڈر 113 روپے7 پیسےاضافے کے بعد 2 ہزار دو روپے تک پہنچ جائے گا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے 31 اگست تک 2021ہوگا۔ ماہِ اگست میں گھریلوسلینڈر کی نئی قیمت2002 روپے7 پیسے تک پہنچ جائے گی جبکہ جولائی میں ایل پی جی کے گھریلوسلنڈر کی قیمت 1889 روپے57 پیسےتھی۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں کتنا اضافہ ہورہا ہے؟ شہباز گل نے بتادیا

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار گرمیوں میں ایل پی جی کی قیمت تاریخ کی بلند سطح تک پہنچ گئی

یاد رہے کہ ایک روز قبل حکومت نے اوگرا سفارش پر پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 71 پیسے اضافے جبکہ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے بتایا تھا کہ 27 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے کم ہے اور 140 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے زیادہ ہے، دنیا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر ہے جبکہ پاکستان میں قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی کیونکہ اس میں اضافے سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔ شہباز گل نے یہ بھی لکھا کہ کرونا کی وجہ سے پوری دنیا مہنگائی کی زد میں ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر تقریباً صفر کے قریب ٹیکس وصول کررہی ہے۔

وسیم اکرم کے خلاف بغاوت میں کون کون شامل تھا؟ نام سامنے آگئے

0

قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ مشتاق احمد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’باؤنسر‘ میں شرکت کی اور وسیم اکرم کی کپتانی کے خلاف ہونے والی بغاوت سے متعلق بتایا۔

سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے تسلیم کیا کہ 1993 میں وسیم اکرم کی کپتانی کے خلاف بغاوت کا ہمارا فیصلہ غلط تھا، اس وقت ہم سمجھتے تھے کہ یہ فیصلہ ٹھیک ہے لیکن اب جب اس بارے میں سوچتے ہیں تو فیصلے کو غلط تصور کرتے ہیں۔

مشتاق احمد نے بتایا کہ اس وقت ہم چھوٹے تھے کچھ لوگوں کی باتوں میں آگئے اور ہمیں استعمال کیا گیا، کس نے استعمال کیا کہ سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ان کا نام نہیں لوں گا۔

ان کھلاڑیوں کا نام لینے سے انکار کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ یہ میرا قصور تھا، کسی کے پیچھے لگانے والے کا قصور نہیں ہوتا بلکہ پیچھے لگنے والا قصور وار ہوتا ہے۔

مشتاق احمد نے وسیم اکرم کے خلاف بغاوت میں شامل کرکٹرز کا نام لیتے ہوئے بتایا کہ ’میں، انضمام الحق، وقار یونس، باسط علی، راشد لطیف شامل تھے اور چھ سے آٹھ کھلاڑی تھے جنہوں نے بغاوت کی۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کپتان بننے کے بعد وسیم اکرم کو چاہیے تھا کہ وہ کھلاڑیوں کے درمیان کمیونی کیشن گیپ نہیں آنے دیتے اور ہمیں بھی سمجھنا چاہیے تھا کہ وہ اب کپتان بن گئے ہیں اور ان کا رول بدل گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وسیم اکرم کے رویے سے ہمیں مسئلہ تھا، وہ سختی بہت کرتے تھے لیکن دوست بھی تھے اب ان سے اور اچھی دوستی ہے۔

موبائل نہ ملنے پر 11 سالہ بچی کی بھتہ خور بننے کی کوشش! والد کو سنگین نتائج کی دھمکی

0

نئی دہلی : بھارت میں 11 سالہ بچی نے موبائل فون کے استعمال سے روکنے اور ڈانٹ ڈپٹ کرنے پر والد کے خلاف انتہائی قدم اٹھا لیا۔

بچی کی جانب سے والد کے خلاف انتہائی قدم اٹھانے کا معاملہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آؓباد میں پیش آیا، جہاں ایک گیارہ سالہ بچی نے اپنے والدین کی روک ٹوک سے پریشان ہوکر والد کو دھمکی آمیز پیغام بھیج دیا۔

بھارتی شہری نے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم بھتہ مانگنے کے پیغام سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا تو پولیس نے فوری طور پر تفتیش شروع کی جس میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا۔

پولیس نے بھارتی انجینئر کو بتایا کہ انہیں دھمکی آمیز پیغام بھیجنے میں ان کا ہی لیپ ٹاپ استعمال ہوا ہے، پیغام میں کہا گیا تھا کہ ’1 کروڑ بھتہ دو ورنہ بیٹی اور بیٹے کو قتل کردیا جائے گا‘۔

پولیس نے پیغام بھیجنے والی 11 سالہ بچی سے تفتیش کی تو بچی نے بتایا کہ اس کے والدین اسے موبائل فون کے استعمال سے روکتے ہیں اور اکثر اوقات ڈانٹتے بھی رہتے ہیں جس سے تنگ آکر والد کو ایسا پیغام بھیجا۔

پولیس نے واقعے کی مکمل تفیش کے بعد کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا والدین کو بچی کی کاؤنسلنگ کا مشورہ دیا۔

کرونا کی ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ‌ اسپتال منتقل

0

اسلام آباد: کرونا کی ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ڈاکٹرزکی ہدایت پر اہل خانہ نے اسپتال منتقل کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا سے متاثر ہونے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا ایک روز قبل سٹی اسکین کیا گیا، جس کی رپورٹ کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار نہیں دیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق جسٹس قاضی فائز کی عیسیٰ کی طبیعت تاحال بہترنہ ہوسکی، جس کے بعد انہیں اب علاج کے لیے گھر سے اسپتال منتقل کیا گیا۔

کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد سے اُن کا اور اہلیہ کا گھر پر ہی علاج جاری تھا، ڈاکٹرز اور پاک فوج کے سینئر ترین ڈاکٹر نے جسٹس قاضی فائز  عیسیٰ کا معائنہ کیا اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

مزید پڑھیں: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، اہلیہ میں بھارتی ویئرینٹ کی علامات

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ڈیلٹا وائرس کا شکار جسٹس قاضی فائز عیسی اور اہلیہ کی طبعیت بتدریج بہتر ہونے لگی

ڈاکٹرز کی ہدایت پر اہل خانہ نے قاضی فائز عیسیٰ کو قائد اعظم اسپتال منتقل کردیا، جہاں اُن کا علاج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اُن کی حالت کو ڈاکٹرز نے خراب ضرور قرار دیا مگر اُن کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔

یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اُن کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو معمولی علامات تھیں، جس کے بعد ڈاکٹرز نے اُن کا ٹیسٹ کیا تو دونوں کو کرونا کی ڈیلٹا قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔

سعودی عرب کا 49 ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزہ دینے کا فیصلہ

0

ریاض : سعودی عرب نے یکم اگست سے سیاحوں کےلیے ریاست کے دروازے کھولنے کا اعلان کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست سعودی عرب نے کرونا وائرس کی صورتحال پر قابو پانے اور بڑی تعداد میں شہریوں کی ویکسینیشن مکمل کرنے والے ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سیاحتی ویزہ ہولڈرز صرف ان ممالک سے سعودی عرب آسکیں گے جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جن ممالک کو سیاحتی ویزے کا اجرا کیا جائے گا، اس فہرست میں 49 ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فہرست میں میں امریکا، کینیڈا، انڈورا، بیلجیئم، بلغاریہ، کروئشیا، قبرص، چیک، ڈنمارک، استونیا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، ہالینڈ، ہنگری، آئس لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی، لٹویا، لیشٹنسٹائن، لتھوینیا، لکسمبرگ، مالٹا، موناکو، مونٹی نیگرو، ناروے، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، روس، سان مارینو، سلوواکیہ، سپین، سویڈن، سوئٹززلینڈ، یوکرین، برطانیہ، برونائی، چین، ہانگ کانگ، مکاؤ، جاپان، قازقستان، ملائشیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، اوقیانوسیہ، آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ شامل ہیں۔