ہوم بلاگ صفحہ 10406

اعظم خان سر پر گیند لگنے سے زخمی، ٹی 20 سیریز سے باہر

0
اعظم خان

بارباڈوس: قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج نوجوان بیٹسمین اعظم خان سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز اور سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے، انہیں سٹی اسکین کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز نے اعظم خان کو اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا اور انہیں 24 گھنٹے آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے۔

اعظم خان ویسٹ انڈیز کے خلاف آج ہونے والے دوسرے ٹی 20 میں شرکت نہیں کرسکیں گے، وہ سیریز کے آخری میچ کے لیے بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اعظم خان پریکٹس سیشن کے دورن فاسٹ بولر کی گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے انہیں سی ٹی اسکین کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا، پہلا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

ماہم زیادتی اور قتل کیس: ابتدائی رپورٹ عدالت جمع

0
لڑکی

کراچی : پولیس نے 6سالہ ماہم زیادتی اورقتل کیس میں ابتدائی رپورٹ عدالت میں  جمع کرا دی، کیس کی ابتدائی رپورٹ میں کسی ملزم کو نامزد ظاہر نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 6سالہ ماہم زیادتی اورقتل کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت پولیس نے ابتدائی رپورٹ عدالت جمع کرا دی۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کو 27 جولائی کو گلی سے اغوا کیا گیا، 28 جولائی کو زمان ٹاؤن کچراکنڈی سے بچی کی لاش ملی، پولیس نے کیس کی ابتدائی رپورٹ میں کسی ملزم کو نامزد ظاہر نہیں کیا۔

پولیس کی رپورٹ نامعلوم افراد کے خلاف جمع کرائی گئی اور کہا گیا کہ بچی کے ڈی این اے سمیت تمام نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں ، تفتیش جاری ہے پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کر دیاجائے گا۔

خیال رہے کورنگی میں بچی ماہم سے زیادتی اور قتل کیس میں گرفتار ملزم کا آج ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا جبکہ ملزم کے بیانات کی تصدیق کرائی جائے گی۔

یاد رہے تین روز قبل کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن سے لاپتہ چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کےبعد قتل کیا گیا۔

ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کےدوران ہی زور لگانے سےگردن کی ہڈی ٹوٹی۔

دو منزلہ مکان سمندر میں جا گرا، خوفناک ویڈیو وائرل

0

بیونس آئرس: سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا جس میں ایک دو منزلہ مکان سمندر میں گرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کی ہے۔ مذکورہ مکان سمندر سے کچھ دور واقع تھا تاہم سطح سمندر میں اضافے کے باعث سمندر کی لہریں گھر تک آ پہنچی تھیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سمندر کی زور دار لہریں گھر کی بنیادوں سے ٹکرا رہی ہیں جو مستقل ٹکراؤ سے کمزور ہوچکی ہیں، دیکھتے ہی دیکھتے دو منزلہ مکان اپنی جگہ چھوڑ دیتا ہے اور دھماکے سے سمندر میں جا گرتا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، گھر کے مالکان اور رہائشی خوش قسمتی سے اس وقت گھر میں موجود نہیں تھے۔

سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز سے متعلق اہم تحقیق

0

بیجنگ: چین کی تیار کردہ کرونا وائرس کے خلاف سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز مدافعت میں بڑا اضافہ کر دیتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی محققین کی ایک نئی تحقیق کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ دوسری ڈوز لگنے کے 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصے کے بعد سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز مہلک وائرس کے خلاف لوگوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ کر دیتی ہے۔

یہ تحقیق امریکی یونیورسٹی یئل کی طبی تحقیقات شائع کرنے والی ویب سائٹ Medrxiv پر شائع کی گئی ہے۔

طبی تحقیقی مطالعے میں شامل 500 سے زیادہ افراد کو سائنوویک ویکسین کی دوسری ڈوز کے 6 سے 8 ماہ بعد تیسری ڈوز کا ٹیکا لگایا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ بوسٹر ڈوز اینٹی باڈیز کی سطح میں بہت زیادہ اضافے کا سبب بنی۔

چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

تحقیقی نتائج میں دیکھا گیا کہ 14 دن کے بعد اینٹی باڈیز کی کثافت کا اندازہ 137.9 لگایا گیا جو تقریباً تین گنا زیادہ تھیں۔

چینی محققین نے دیکھا کہ اگرچہ سائنوویک کی 2 ڈوز لگنے کے 6 ماہ بعد غیر جانب دار اینٹی باڈی سطح میں کمی واقع ہوئی، تاہم اس کے باوجود 2 ڈوز پر مبنی شیڈول، وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی یادداشت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

تحقیقی مطالعے کے نتائج کے مطابق سائنوویک کی تیسری یعنی بوسٹر ڈوز جسم میں کرونا وائرس کے خلاف امیونٹی میں نمایاں اضافہ کر دیتی ہے۔

کراچی میں لاک ڈاؤن ، فواد چوہدری نے سندھ حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

0
فواد چوہدری

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن صنعتوں میں100فیصدویکسی نیشن ہوگئی ہے ،انھیں فوری طورپر کھولا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کوروناکی نئی لہرپھیلانےکاسبب بن گیاہے، بھارتی حکومت کورونا کے سدباب کےاقدامات نہ کرسکی، بھارتی حکومت کی غیر ذمے داری کے باعث دنیا کو ڈیلٹا ویرینٹ کا سامنا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے خلاف صنعت کو بند نہیں کرنا چاہیے، جن صنعتوں میں100فیصدویکسی نیشن ہوگئی ہے ،انھیں فوری طورپرکھولیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کورونا سے متعلق این سی اوسی اوروفاقی حکومت کی پالیسی نظراندازنہیں کرسکتے، اگراتنےعقل مندہوتےتوکراچی کی یہ حالت نہ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں انفرادی فیصلےنہیں کرسکتیں، این سی اوسی اوروفاقی حکومت کی پالیسی کےتحت ہی فیصلےکیےجائیں۔

گذشتہ روز سندھ میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بیان میں کہا تھا کہ مکمل لاک ڈاؤن سے متعلق وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ قرار دےچکی صوبے اس پرانفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے، مکمل لاک ڈاؤن کاکوئی آپشن کسی صوبےکودستیاب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا توکراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی، سندھ کووفاق کایہ پیغام واضح طورپردیاگیاہے، انفرادی طور پر فیصلے نہیں کیے جا سکتے، این سی اوسی گائیڈلائنزپرعمل ضروری ہے۔

چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

0

بیجنگ: چینی محققین کا کہنا ہے کہ نیا اور مہلک ترین کرونا وائرس قدرتی طور پر پیدا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے سائنسی تحقیقی رسالے سائنس چائنا لائف میں حالیہ دنوں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی محققین کی اکثریت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کرونا وائرس قدرتی طور پر پیدا ہوا ہے۔

محققین نے بتایا کہ اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ یہ وائرس مصنوعی طور پر لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے، محققین کے مطابق وائرس کی ساخت کے مطالعے سے بھی یہ بات واضح طور پر سامنے آئی ہے کہ اسے انسانوں کی جانب سے نہیں بنایا گیا۔

محققین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2003 کے سارس وائرس کے مقابلے میں موجودہ کووِڈ 19 وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے، اور اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ اس وائرس کو کسی لیبارٹری یا مارکیٹ سے انسانوں میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلایا گیا ہو۔

لاک ڈاؤن، سندھ حکومت نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرعائد پابندی ختم کردی

0

کراچی : سندھ حکومت نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر عائدپابندی ختم کردی، اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بھی حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی ختم کردی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے گاڑی میں دوسے زائدافراد نہ بیٹھانے اور صبح 6سے شام 6بجے تک بیکری و ملک شاپ کھولنے پر سے بھی پابندی ختم کردی گئی۔

دوسری جانب اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ کراچی میں کسی کو ڈبل سواری پر نہ روکا جائے، احکامات ڈسٹرکٹ اور ٹریفک پولیس کو دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کراچی میں لاک ڈاؤن کے پہلے روز پابندی کے باوجودموٹرسائیکل سوار ڈبل سواری پر ںظر آئے ، جس کے بعد ٹریفک پولیس نے قانون شکنی کروانے والے شہریوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے فی موٹرسائیکل تین تین چالان کاٹنا شروع کردیے تھے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ پہلا چالان ڈبل سواری، دوسرا ہیلمٹ تیسرا ماسک پر کیا گیا ، ماسک کاچالان520،ہیلمٹ کا170اورڈبل سواری پر520روپےکاچالان ہے۔

بلیک وڈو عدالت پہنچ گئیں

0

معروف ہالی ووڈ اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن نے اپنی فلم بلیک وڈو کے سینما گھروں میں ریلیز نہ کیے جانے پر عدالت میں مقدمہ دائر کردیا، فلم کی ریلیز نہ کرنے سے اداکارہ کو خاصا مالی نقصان پہنچا ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن اپنی فلم بلیک وڈو کی سینما گھروں میں خصوصی ریلیز نہ ہونے پر کافی نالاں ہیں۔

فلم بلیک وڈو کی سینما گھروں میں نمائش کے ساتھ ہی فلم کی اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس پر بھی ریلیز کرنے پر مایوس ہونے والی اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن نے ڈزنی کمپنی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن کی جانب سے دائر مقدمے میں کہا گیا ہے کہ مس جوہانسن نے ڈزنی اور مارول کو ہر موقع فراہم کیا کہ وہ اپنی اس غلطی کو درست کریں اور مارول اسٹوڈیوز اپنے کیے گئے وعدے پر عمل کرے۔

مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈزنی نے جان بوجھ کر بغیر کسی جواز کے مارول سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی تا کہ مس جوہانسن کو مارول کے ساتھ اس ڈیل کا پورا فائدہ اٹھانے سے روکا جا سکے۔

فلم بلیک وڈو میں اداکاری کے علاوہ، اسکارلٹ جوہانسن اپنے ایوینجرز کے کردار کی پہلی سولو فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں۔ اداکارہ نے لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں جمع کروائی گئی شکایت میں معاشی نقصانات کو پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے دائر مقدمہ کے مطابق مارول اسٹوڈیوز اور اسکارلیٹ جوہانسن کے مابین اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ وہ قانونی چارہ جوئی کے مطابق فلم بلیک وڈو کے لیے معاوضہ وصول کریں گی۔

اداکارہ نے اپنے مالی مفادات کی حفاظت کے لیے مارول اسٹوڈیوز سے یہ معاہدہ کیا تھا کہ فلم خصوصی طور پر سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

اداکارہ کے وکیلوں کا کہنا ہے کہ مارول اسٹوڈیوز کے معاہدے سے بخوبی واقف ہونے کے باوجود بھی کمپنی والٹ ڈزنی نے اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس پر فلم کو ریلیز کیا ہے۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنی ناظرین کو اس کی اسٹریمنگ سروس کی طرف راغب کرنا چاہتی ہے جہاں سے آمدنی صرف اس کمپنی کو ہی ملے گی۔

کراچی کے بعد لاہور میں بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ میں تیزی ، اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

0

لاہور : حکومت پنجاب نے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر لاہور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نافذ  کردیا ، تمام مارکیٹس، دفاتر،ریستوران،آفس (سرکاری و پرائیویٹ) ان علاقوں میں بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ بڑھ گیا، جس کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات پر لاہور میں پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

لاہور کے 13 علاقوں میں 12اگست 2021 تک آمد و رفت کنٹرولڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے 13علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جارہا ہے، تمام مارکیٹس، دفاتر،ریستوران،آفس (سرکاری و پرائیویٹ) ان علاقوں میں بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تر مذہبی، ثقافتی، نجی و پرائیویٹ اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی، لاک ڈاؤن شدہ ایریاز میں صرف اشیاء ضروریہ سے متعلقہ کاروبار ، بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری/فارمیسی سیکشن کھل سکیں گے۔

سرکاری دفاتر کے ملازمین کی متعقلہ ڈیپارٹمنٹ سے ڈیوٹی نوٹیفائی کی جائے تاہم جج صاحبان، وکلاء اور عدالتی عملہ ، صحت سے متعلقہ ادارے جیسے ہسپتال، کلینک، لیبارٹری اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار، ضروری اشیاء فراہم کرنے والے افراد کو بھی استثناء دیا گیاہے، صرف دو افراد مریض کے ساتھ جا سکیں گے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن زدہ علاقوں کے افراد صرف قریبی علاقوں سے گروسری اور ادویات لینے جا سکیں گے ، نماز جنازہ اور دیگر ضروری مذہبی رسومات کی تکمیل کی بھی اجازت ہو گی

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی ،گیس ، پانی غرض تمام یوٹیلٹی سروسز کے ادارے کھل سکیں گے اور کال سینٹرز کو صرف 50 فیصد عملہ کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بینک صرف ضروری اسٹاف کے ساتھ کھل سکیں گے۔

جاری نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس سے ہوم ڈلیوری کی سہولت جاری رہ سکے گی ، فری دسترخوان اور فلاحی ادارے کام کر سکیں گے اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے نامزد اخبار فروش اور میڈیا ورکرز کو کام کی اجازت ہوگی۔

متعلقہ ڈویژن کے کمشنر حسب ضرورت جس کاروبار اور سرگرمی کی اجازت دیں ، اس کے علاوہ لاہور کے تمام علاقے 30 جون 2021 کے آرڈرز کے تحت کھل سکیں گے۔

کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

0

اسلام آباد: بھارت نے کشمیر پریمئیر لیگ میں شرکت پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کو دھمکی دی ہے، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے کرکٹ کو سیاست کے لیے استعمال کیے جانے پر مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انھیں افتتاحی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے انھیں دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو انھیں بھارت میں کرکٹ سے متعلق کسی بھی معاملے کے حوالے سے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے، اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلا جواز اور مضحکہ خیز ہے۔

خیال رہے کہ ہرشل گبز کشمیر پریمیئر لیگ کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں۔

ہرشل گبز کے ٹویٹ کے حوالے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی جانب سے کرکٹ کھیل کو سیاسی بنانے پر مذمت کی، انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا بھارت کی کرکٹ پر سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیریوں کو کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے سے محروم کرنا افسوس ناک ہے۔

بعد ازاں ہرشل گبز نے ویب سائٹ ’اسپورٹس کیڑا‘ کو بتایا کہ انھیں دھمکی بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے دی ہے، جے شاہ نے گریم اسمتھ کے ذریعے مجھے یہ پیغام بھیجا ہے۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پاکستان فواد چوہدری نے ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ کے پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جو 17 اگست تک جاری رہے گا، اس میں آزاد جموں و کشمیر کے شہروں کی نمائندگی کرنے والی 5 فرنچائزز حصہ لیں گی، جب کہ چھٹی فرنچائز کا نام اوورسیز واریئرز رکھا گیا ہے، جس میں بیرون ملک مقیم کشمیری شامل ہوں گے۔