ہوم بلاگ صفحہ 10584

لاہور: گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد

0

لاہور میں گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں تھانہ نواب ٹاؤن کی حدود میں گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئی ہے، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفین کے لواحقین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔

پولیس کے مطابق پی سی ایس آئی آر سوسائٹی فیز ٹو کے بی بلاک میں گھر سے 26 سالہ حسن رضا کی پنکھے سے لٹکی لاش ملی جبکہ گھر کے دوسرے کمرے کے بیڈ پر خاتون مردہ حالت میں پائی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اموات کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی، اہلخانہ نے رسی کاٹ کر حسن کی لاش پنکھے سے اتاری۔

مزید پڑھیں: لاہور میں میاں بیوی کی گلا کٹی لاشیں برآمد

پولیس کے مطابق ورثا کی اطلاع پر موقع پر پہنچ کر فرانزک کے ہمراہ شواہد اکٹھے کرکے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت سے میاں بیوی کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولین کی شناخت 62 سالہ ادریس اور 58 سالہ نگہت کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان نے دونوں میاں بیوی کو گھر میں گھس کر قتل کیا۔

خورشید شاہ 2 سال سے کیوں زیر علاج رہے؟

0

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ 2 سال سے کراچی کے این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں، سندھ ہائی کورٹ نے اس معاملے کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ایک تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ نے ایک تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے، اسیر رہنما خورشید شاہ کے دو سال سے امراض قلب کے اسپتال میں زیر علاج رہنے کے کیس کی سماعت 8 جولائی کو مقرر کر دی۔

تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے سابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کو طلب کر لیا ہے، فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب، این آئی سی وی ڈی حکام، اور ایڈیشنل اے جی اس سلسلے میں جواب دینے سے قاصر ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کو سہولتیں ملنے سے ان کا تعلق نہیں ہے۔

خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق عدالتی فیصلہ جاری

عدالت کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ شدید علیل ہیں تو وہ کیسے ایک صوبے سے دوسرے صوبے جا سکتے ہیں، ان کو سہولتیں کس نے دیں، تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ہم ڈی جی نیب اور چیف سیکریٹری سندھ کو ذاتی طور پر طلب کریں گے۔

عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر توہین عدالت کی کارروائی چلائی جائے گی۔

ڈرامہ سیریل تشکیلات: ترک انٹیلی جنس کی عالمی سازشوں‌ کو ناکام بنانے کی کہانی

0

انقرہ: ترکی میں بنائے جانے والے نئے ڈرامہ سیریل ’تشکیلات‘ نے آتے ہی دھوم مچادی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ترک انٹیلی جینس کی کامیاب کارروائیوں کے حوالے سے بنائے جانے والے ڈرامہ سیریل ’تشکیلات‘ کا چرچا شروع ہوگیا ہے۔

سرکاری ٹی وی ترک ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن ( ٹی آر ٹی) پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریز میں ترک انٹیلی جینس کی جانب سے ترکی کے خلاف ہونے والی بین الاقوامی سازشوں کو ناکام بناتا دکھایا گیا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی دراصل انٹیلی جنس کارروائیوں کے گرد ہی گھومتی ہے، جس میں خفیہ ایجنسی (ایم آئی ٹی) ترک مخالف کارروائیوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کی کہانی دکھائی گئی ہے۔

تشکیلات میں جان دار اداکاری، سسپنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے بہترین منظرکشی کی گئی ہے، جس میں ترکی کے مسلح ڈرون طیارے بھی نظر آرہے ہیں۔

اس ڈرامے کے حوالے سے صرف تین ماہ میں سوشل میڈیا پر 6 لاکھ سے زائد ٹویٹس کیے گئے جبکہ اسے اب تک تیس لاکھ شائقین دیکھ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین  اس ڈرامے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’تشکیلات ڈرامہ نہیں ایک پیغام ہے کہ ترکی کےساتھ چھیڑچھاڑنہ کی جائے‘۔

یومِ وفات: آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار مارلن برانڈو ’گاڈ فادر‘ مشہور ہوگئے تھے

0

ہالی وڈ کی کئی فلموں میں یادگار کردار ادا کرنے والے مارلن برانڈو کو ایک لیجنڈ کا درجہ حاصل ہے جو 2004ء میں آج ہی کے دن وفات پاگئے تھے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار مارلن برانڈو کا تعلق امریکا سے تھا۔ وہ 3 اپریل 1924ء کو پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے 80 سال کی عمر پائی اور وفات سے تین سال قبل تک فلمی پردے پر کام کرتے رہے۔

برانڈو نے فلموں میں اداکاری کا آغاز 1950ء میں فلم ’دی مین‘ سے کیا۔ اس فلم میں وہ ایک چھبیس سالہ مفلوج مریض کے بہروپ میں نظر آئے۔ کہتے ہیں انھوں نے اپنے پہلے کیریکٹر کو خوبی سے نبھانے کے لیے کئی دن مقامی اسپتال میں بستر پر گزارے۔

برانڈو ان اداکاروں میں شامل ہیں‌ جو دوسری جنگِ عظیم کے بعد اسکرین پر نظر آئے اور خود کو اہم فن کار ثابت کیا۔ انھوں نے 40 سے زائد فلموں میں کردار نبھائے۔ ’دی وائلڈ ون‘ 1953ء میں نمائش کے لیے پیش کی گئی وہ فلم تھی جس میں برانڈو نے بدمعاش گروہ کے سرغنہ کا کردار ادا کیا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔ تاہم 1972ء میں بننے والی ’دی گاڈ فادر‘ میں ان کا مافیا ڈان کا کردار ان کی وجہِ‌ شہرت بنا۔ یہ ہالی وڈ کی کلاسک فلموں میں سے ایک تھی جس پر برانڈو کو آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل ’اے اسٹریٹ کار نیمڈ ڈیزائر‘ وہ فلم تھی جس کے ایک کردار کے لیے وہ یکے بعد دیگرے چار مرتبہ آسکر کے لیے نام زد ہوئے، تاہم پہلا آسکر 1954ء میں بننے والی فلم ’آن دی واٹر فرنٹ‘ میں باکسر کا کردار ادا کرنے پر ملا۔ دوسرا آسکر ’دی گاڈ فادر‘ کے کردار پر دیا گیا۔

’لاسٹ ٹینگو ان پیرس‘ کے بعد برانڈو نے فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنا چھوڑ دیا تھا۔

مارلن برانڈو اپنے فنی کیریئر کے دوران آٹھ مرتبہ فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ ’آسکر‘ کے لیے نام زد ہوئے اور دو مرتبہ اس کے حق دار قرار پائے۔

’دی وائلڈ ون‘ ’اسٹریٹ کار نیمڈ ڈزائر‘ اور ’لاسٹ ٹینگو ان پیرس‘ برانڈو کی وہ فلمیں‌ تھیں جنھوں‌ نے باکس آفس پر دھوم مچا دی اور دنیا بھر میں ان کی مقبولیت کا سبب بنیں۔

2001ء میں اس فلمی ستارے نے ’دی اسکور‘ میں کام کیا۔ جرائم پر مبنی اس کہانی میں انگریزی فلموں کے شائقین اور مداحوں نے آخری مرتبہ مارلن برانڈو کو اسکرین پر دیکھا۔

موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا ‏

0

کراچی: نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے ایم نائن پر سفر کرنے والوں کے ٹول ٹیکس میں ‏اضافہ کر دیا ہے۔

کار کا فی کلو میٹر 1 روپے 71 پیسے سے ریٹ بڑھا کر 1 روپے 99 پیسے کر دیا گیا جب کہ ویگن ‏کا 2 روپے 85 پیسے سے بڑھا کر 3 روپے 32 پیسے۔ کوسٹر اور مزدے کا 4 روپے سے بڑھا کر 4 ‏روپے 67 پیسے فی کلو میٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

بس کا 5 روپے 70 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 65 پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹرک کا 7 ‏روپے 67 پیسے سے بڑھا کر 8 روپے 95 پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹریلر کا 9 روپے 77 ‏پیسے سے بڑھا کر 11 روپے 40 پیسے فی کلو میٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز نے ٹول ٹیکس میں اضافے کو مسترد کر دیا۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے ‏کہ ڈیزل اور ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پورے پاکستان کی مال بردار گاڑیوں کو کھڑی ‏کرکے مال کی ترسیلات بند کر دیں گے۔

دلہن کو مٹھائی کھلانے کی ڈرامائی ویڈیو وائرل

0

نئی دہلی : شادی کی تقریب کے دوران دلہن کو زبردستی مٹھائی کھلانے کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی، صارفین نے دلہا کی حرکت کو تشدد قرار دے دیا۔

بھارت میں ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران پیش آئے دلچسپ، ڈرامائی اور پُرمزاح واقعات کی ویڈیوز ان دنوں انٹرنیٹ پر کچھ زیادہ ہی وائرل ہورہی ہیں، جسے دیکھ کر صارفین خوب محظوظ ہورہے ہیں۔

انہیں ویڈیوز کے دوران ایک ایسی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جسے دیکھ کر صارفین دنگ رہ گئے، جس میں اسٹیج پر موجود دلہا دلہن کو ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ پہلے دلہن نے ایک مٹھائی دلہا کو کھلائی جسے وہ آرام سے کھاگیا، پھر دلہا نے دلہن کو مٹھائی کھلانا چاہی تو دلہن نے ذرا نخرے دکھاتے ہوئے منہ دوسری جانب گھمانے کی کوشش کی، جس پر دلہا نے نئی نویلی دلہن کو گردن سے پکڑ کر منہ اپنی جانب کیا اور مٹھائی زبردستی منہ میں ٹھونس دی۔

جب دلہا نے زبردستی مٹھائی منہ میں ٹھونسی تو اردگرد دلہا دلہن کے اہل خانہ بھی موجود تھے لیکن کسی دلہا کی حیران کن حرکت پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور مسکراہتے رہے۔

مذکورہ ویڈیو شادی بیاہ کی مزاحیہ ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نیرنجن نے اپنے انسٹاگرام سے مزاحیہ میوزک کے ساتھ شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیں : خطرناک ہتھیاروں سے کرتب دکھاتی دلہن کی ویڈیو وائرل

مزید پڑھیں : دلہا کے نخرے دیکھ کر دلہن طیش میں آگئی، دلچسپ ویڈیو وائرل

دلہا کے زبردستی کی ویڈیو دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین دنگ رہ گئے، اور انہوں نے دلہن کے ساتھ اپنائے گئے دلہا کے رویے کو جارحانہ قرار دیا۔

ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ ‘یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ تشدد ہے، یہ اشارہ ہے کہ مستقبل میں دلہن کے کیا ہوسکتا ہے، مجھے حیرت ہے کہ دلہن کے اہل خانہ کیسے اجازت دے دی’۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ‘آج یہ حال ہے۔۔۔۔ بیچاری لڑکی’ جب کہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ‘یہ پُرتشدد رویہ ہے’۔

کرونا ویکسین : خوفزدہ خاتون کو زبردستی انجکشن لگانے کی مزاحیہ ویڈیو وائرل

0

آپ نے بہت سارے ایسے لوگوں کو دیکھا ہوگا جو انجکشن لگوانے سے بہت زیادہ خوفزدہ ہوتے ہیں۔

اکثر اوقات تو خوفزدہ ہونے والے شخص کو بچوں کی طرح زبردستی پکڑ کر انجکشن لگوانا پڑتا ہے ، وہ اس دوران چیخ پکار کرتا رہتا ہے مگر جب عمل مکمل ہوجائے تو خود اپنے اوپر ہنستا ہے۔

کرونا کی روک تھام کے لیے ویکسی نیشن انجکشن کی صورت ہی شہریوں کو دی جارہی ہے تاکہ وہ اس وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

ایسے میں انجکشن لگوانے سے خوفزدہ ہونے والے لوگوں کے لیے بڑی مشکل ہے کیونکہ انہوں ویکسی نیشن ایک ہی طریقے سے ہرصورت کروانی پڑ رہی ہے۔

انٹرنیٹ پر ایک ایسی ہی بوڑھی خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی جن کو اہل خانہ ویکسین لگوانے کے لیے  اسپتال لائے اور پھر زبردستی پکڑ کر ویکسین لگوائی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہیلتھ ورکر نے خاتون کو پکڑا ہوا ہے جبکہ وہ انجکشن لگوانے کے دوران چیخ پکار کرتے ہوئے نہ لگانے کی التجا کررہی ہیں، جس پر انہیں ہیلتھ ورکر سمجھانے کی کوشش بھی کررہی ہے۔

مزے کی بات یہ ہے کہ جب خاتون کو ویکسین لگ گئی تو کمرے میں موجود تمام لوگ ہنسنے لگے، جس پر وہ خود بھی شرمندہ ہوئیں۔

کراچی کی قدیم جوبلی مارکیٹ کی دکانیں زمین بوس

0

کراچی میں قائم قدیم جوبلی مارکیٹ کی دکانیں زمین بوس ہوگئیں جس کے بعد مارکیٹ کو سیل کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں قائم جوبلی مارکیٹ کے اطراف نالے پر بنیں 8 سے 10 دکانیں زمین بوس ہوگئیں جس کے نتیجے میں متعدد دکانوں اور راستے کو نقصان پہنچا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دکانیں جوبلی مارکیٹ کے اطراف نالے پر بنی ہوئی تھیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نالہ کمزور ہونے سے دکانیں دھنس گئی ہیں، دکانیں نالے کے اطراف بنی ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ جوبلی مارکیٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ٹیکنیکل ٹیم معاوئنہ کررہی ہے، مارکیٹ کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے گیس بھرجانے کے باعث نالہ بیٹھ گیا ہو، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستان کے اہم فاسٹ بولر نے انگلش ایونٹ سے ’منہ پھیر‘ لیا

0

پاکستان ٹیم کے اہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی قومی مصروفیات کی وجہ سے انگلش ایونٹ دی ‏ہنڈریڈ سے دستبردار ہو گئے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ایونٹ کی تاریخوں میں قومی ٹیم کے ساتھ دورہ ویسٹ انڈیز پر ہوں گے ‏اور انہوں نے نجی ایونٹ پر قومی ذمہ داری کو ترجیح دیتے ہوئے دی ہنڈریڈ سے دستبرداری اختیار ‏کر لی ہے۔

شاہین آفریدی نے دی ہنڈریڈ کی فونکس سے معاہدہ کیا تھا تاہم وہ 21 جولائی سے 21 اگست تک ‏قومی ٹیم کے ساتھ ہونے کی وجہ سے انگلش ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اپنی عدم دستیابی کے حوالے سے شاہین آفریدی نے فونکس کو آگاہ کر دیا ہے۔ وہ بطور اوورسیز ‏پلیئر فونکس کا حصہ بنے تھے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی دی ہنڈریڈ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‏وہ انجری کی وجہ سے ایونٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

حالانکہ ولیمسن اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں اور انہوں نے حال ہی میں بھارت کے خلاف ‏ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا اور ٹیم کو چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ولیمسن گزشتہ 6 ماہ سے کوہنی کی انجری کو لے کر آرام کو ترجیح دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ‏انہوں نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔

ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرانے کی سہولت فراہم

0
ایف بی آر

ایف بی آر نے ٹیکس سال 2021 کے لئے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے فارم اپلوڈ ‏کر دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ‏تنخواہ داروں، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کاروباری حضرات کے لئے الگ ‏فارمز اپلوڈ کئے گئے ہیں۔

ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کی آن لائن ویب پورٹل یا ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے داخل کئے جا ‏سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے کہا ہے کہ ٹیکس گزارانکم ٹیکس گوشوارے آن لائن راہنمائی کے ساتھ باآسانی ‏داخل کر سکتے ہیں۔

‏انکم ٹیکس گوشوارے اسمارٹ فون کے ذریعے داخل کئے جا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ گوگل ‏اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

‏مزید بتایا گیا کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے پر ٹیکس گزاروں کی راہنمائی کے لئے اشتہاری ‏کیمپین بھی کی جائے گی ۔ ٹیکس گزار 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں۔