ہوم بلاگ صفحہ 10612

‘ازدواجی رشتے کی خرابی کا قصور وار مرد ہے! عورتیں بری نہیں’

0

کراچی : اداکار منیب بٹ نے میاں بیوی کے درمیان رشتے میں ناچاکی کی وجہ بڑی وجہ مردوں کو قرار دے دیا۔

میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والی ناچاکیوں سے متعلق خیالات کا اظہار شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بیوی کو اپنے شوہر سے سوائے اس کے وقت اور توجہ کے کچھ درکار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین سارا دن گھر میں کام کرتی ہیں اور اگر وہ دن بھر کی باتیں آپ کو بتانا چارہی ہے تو اسے غور سے سنیں، اگر آپ نہیں سنیں گے تو وہ کسے بتائیں گی۔

بیویوں کے پاس دو ہی افراد ہیں جن سے وہ اپنی باتیں شیئر کرسکتی ہیں یا وہ اپنی ماں سے فون پر بات کرے گی یا آپ کو بتائے گی۔

منیب بٹ نے کہا کہ میاں بیوی میں رشتے خراب ہونے کا 80 فیصد ذمہ دار مرد ہوتا ہے، خامیاں مرد میں ہیں جو بیوی بچوں کو گھر میں چھوڑ کر خود تو باہر عیاشی کرتے ہیں لیکن گھر میں خرچے کے لیے کچھ نہیں دیتے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Entertainment Popcorn (@ent_popcorn)

نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

0

کراچی: فیڈرل انویسٹگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے عمر کوٹ کے نادرا انچارچ نور محمد بھنبھرو کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نادرا کے ذریعے القاعدہ دہشت گردوں کو جعلی شناختی کارڈ بنانے کے کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے عمر کوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے نادرا انچارچ کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق نور محمد پر کراچی میں تعیناتی کے دوران جعلی شناختی کارڈ بنانے کا الزام ہے، گرفتار نادرا انچارج عمر کوٹ کےگاؤں چھور کا رہائشی ہے، اس کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت کئی ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں۔

یاد رہے کہ دو دن قبل ایف آئی اے نے انکشاف کیا تھا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کہا کہ نادرا سے ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بھی بنایا گیا تھا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

گائے درزی کی دکان میں گھس گئی، ویڈیو وائرل

0

عید قرباں کی آمد آمد ہے ملک بھر میں مویشی منڈیاں سج چکی ہیں اور جانوروں کی مختلف تصاویر اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں گائے رسی تڑوا کر درزی کی دکان میں گھس گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گائے درزی کی دکان میں مزے سے کھڑی ہے اسے باہر نکالنے کی کوشش گئی لیکن گائے باہر آنے کو تیار نظر نہیں آئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گائے کو درزی کی دکان سے باہر نکالنے کے لیے لوگوں کا ہجوم جمع ہے۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گائے کی ویڈیو ملک کے کس شہر کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کی مویشی منڈی سے چھ ٹانگوں اور دو زبانوں والے بچھڑے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

چھ ٹانگوں اور دو زبانوں والے بچھڑے کے مالک کا کہنا ہے کہ ایسا جانور کوئی پورے پاکستان میں لا کر دکھائے تو اس کویہ جانور میں تحفہ کر دوں گا۔

شیرو کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ آ رہے ہیں اور اسے اللہ کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں،مالک کا کہنا ہے کہ شیر وکوبچوں کی طرح پالاہے جبکہ عوام کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ اتنا خوبصورت جانور دیکھنےکوملا جس کو دیکھ کر بڑی خوشگوار حیرت ہوئی۔

ذی الحج کے چاند سے متعلق رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

0

کراچی: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر نے پاکستان کے کسی بھی مقام پر ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر ہوگی اور پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ ملک بھر میں مطلع ابر آلود تھا، کسی بھی مقام پر چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

ماہ ذی الحج کے چاند کی رویت کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی جبکہ  زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز ہوئے۔

قبل ازیں چئیرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو  کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ملک بھر سے شہادتیں حاصل ہونے کے بعد چاند سے متعلق اعلان کیا جائے گا، میڈیا سے گزارش ہے جب تک باقاعدہ اعلان نہ ہو  خبر چاند سے متعلق نہ کوئی خبر نہ چلائیں‘۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ماہِ شوّال کے اعلان میں تاخیر کی گئی اور نہ آج کی جائے گا،  چاند ہوگا تو نظر آئے گا، جس کا حتمی اعلان میں خود ہی کروں گا‘۔

محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں کراچی کی زونل کمیٹی کے اراکین اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی تکنیکی معاونت کے لیے موجود ہیں۔

زونل رویت ہلال کمیٹیاں اپنے علاقوں سے ملنے والی شہادت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجیں گی، جس کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔ مرکزی کمیٹی تمام شہادتیں موصول ہونے کے بعد ان کا جائزہ لے گی اور پھر اراکین کمیٹی کی مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے ڈائریکٹراسپیس سائنسزجامعہ کراچی پروفیسرجاویداقبال نے ذی الحج کے چاند کے حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ ہفتہ کوذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، 10 جولائی کو مغرب کے وقت چاند کی پیدائش کو 13 گھنٹے ہوں گے اور اس مدت کا چاند آنکھ سے نظر آنا ممکن نہیں۔

پروفیسرجاویداقبال کا کہنا تھا کہ کراچی کی نسبت پشاور میں چاند کی رویت کاامکان کم ہوتاہے، ذی الحج کا چاند 11 جولائی کو واضح نظر آئے گا ، جس کے مطابق عیدالاضحی 21 جولائی ہوگی۔

دنیا کا واحد زیر آب ڈاکخانہ کہاں واقع ہے؟

0

بحرالکاہل کے جنوب میں واقع چھوٹے کے ملک وینوواٹو میں دنیا کا واحد زیر آب پوسٹ آفس جہاں سیاہی کے بجائے خاص قسم کی مہر استعمال کی جاتی ہے۔

دنیا بھر میں تحائف، سرکاری دستاویزات، خطوط اور ٹونسز بھیجنے کےلیے آج بھی پوسٹ آفس کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن دنیا میں ایک ایسا پوسٹ آفس بھی موجود ہے جو زیر آب بنایا گیا ہے۔

جی ہاں! یہ انوکھا ڈاک خانہ بحرالکاہل کے جنوب میں واقع ایک چھوٹے سے ملک وینوواٹو کے ہائیڈوے جزیرے کے قریب 2003 میں بنایا گیا تھا جو آج بھی فعال ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ڈاک خانہ 10 فٹ گہرے پانی میں موجود ہے اور اس انوکھے پوسٹ آفس سے واٹر پروف پوسٹ کارڈ خرید کر اور ان پر ٹکٹ لگاکر دنیا بھر میں کہیں بھی ارسال کیا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر پوسٹ آفس پر عملے کا کوئی فرد موجود نہ ہو تو بھی لوگ اپنا پوسٹ کارڈ ڈاکخانے کے ساتھ موجود ڈراپ باکس میں ڈال سکتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ سے پتہ چلا ہے کہ اس انوکھے زیر آب پوسٹ آفس میں سیاہی کا استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ ایک خاص قسم کی مہر لگائی جاتی ہے تاکہ مزید کارروائی کی سند رہے۔

عالمی یوم آبادی کے موقع پر شہزادہ ہیری اور میگھن کو ایوارڈ

0

لندن: ایک برطانوی فلاحی ادارے نے شاہی خاندان چھوڑے نے والے جوڑے کو خاندان 2 بچوں تک محدود رکھنے کے فیصلے پر ایوارڈ سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق ’بچے دو ہی اچھے‘ کے فیصلے پر شہزادہ ہیری اور میگھن کو ایوارڈ مل گیا ہے، یہ ایوارڈ برطانوی فلاحی ادارے ’پاپولیشن میٹرز‘ کی جانب سے ہفتے کو اقوام متحدہ کے عالمی یوم آبادی کے موقع پر دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرنس ہیری اور میگھن مارکل کو اپنی بچی للی بیٹ کی پیدائش کے بعد مزید بچے پیدا نہ کرنے کے سماج دوست فیصلے پر خصوصی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا، جوڑے کے ہاں رواں برس 4 جون کو بیٹی للی بیٹ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس سے قبل 6 مئی 2019 کو اس جوڑے کے ہاں ایک بیٹا آرچی ہیریسن ماؤنٹ بیٹن ونڈسر پیدا ہوا تھا۔

مستحکم آبادی کے مقصد کے لیے کام کرنے والے برطانوی فلاحی ادارے نے اس جوڑے کو دوسرے خاندانوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا، ادارے کے ترجمان نے کہا شہزادہ ہیری اور میگھن نے دو بچوں تک محدود رہنے کا علانیہ فیصلہ کر کے اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔

جمعے کو پیدا ہونے والی شہزادہ ہیری کی بیٹی کا نام للی بیٹ کیوں رکھا گیا؟

ان کا کہنا تھا خاندان کو مختصر رکھنے سے کرۂ ارض پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے، اس سے ہماری نسلوں اور ان کے بعد آنے والوں کے لیے ایک بہتر دنیا میں پھلنے پھولنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

یاد رہے کہ 2019 میں ووگ میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ ہیری نے اپنی فیملی کو دو بچوں تک محدود رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، انھوں نے کہا تھا یہ زمین ایک عطیہ ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے یہاں کچھ اچھا چھوڑ کر جانا چاہیے۔

’افغانستان میں امریکی فوجی مشن ختم ہوچکا، وعدے پورے نہیں ہوئے‘

0

واشنگٹن: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج کی مصروفیت ختم ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان میں اب ہماری ذمہ داری پوری ہوگئی، امن کے لیے سب کے ساتھ مل کر کوشش کریں گے۔

زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ ’ امن معاہدے سے متعلق سفارت کاری جاری رکھنے کے لیے قطر جارہا ہوں۔‘


انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن حال ہی میں کہہ چکے ہیں مذاکرات ہی واحد حل ہیں، فریقین کو جنگ کے خاتمے کی راہ میں مدد فراہم کریں گے۔

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکی فوجی مشن ختم ہوچکا، وعدے پورے نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکا کے اہداف پورے ہو گئے، اسامہ بن لادن کی ہلاکت ساتھ ہی مشن مکمل ہوگیا تھا، افغانستان دنیا میں اب دہشت گردی کا مرکز نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ایک اور نسل کو افغانستان نہیں بھیجوں گا، 11 ستمبر تک تمام امریکی فوجی واپس آ جائیں گے، تاہم امریکا امن عمل کی حمایت اور افغان فورسز کی مدد جاری رکھے گا۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ طالبان کا مکمل افغانستان پر کنٹرول مشکل ہے، ہمارا کام ختم ہو گیا، اب افغان عوام کا حق ہے وہ جسے منتخب کریں، اُن پر اپنی مرضی کی حکومت مسلط نہیں کر سکتے۔

ایران کے ریلوے سسٹم پر سائبر حملہ

0

تہران: ایران کے ریلوے نظام پر سائبر حملے سے پورے ملک کے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے ریلوے سسٹم پر جمعے کو سائبر حملے کیے گئے، ہیکرز نے پورے ملک کے ریلوے اسٹیشنز کے ڈسپلے بورڈز پر ٹرینوں کی آمد میں مبینہ تاخیر اور منسوخی کے حوالے سے جعلی پیغامات پوسٹ کیے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی کے حوالے سے امریکی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ ہیکرز نے مضحکہ خیز طور سے ٹرینوں کی آمد میں تاخیر یا منسوخی کے پیغامات کے ساتھ ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کا فون نمبر بھی درج کیا، اور اس نمبر پر مسافروں سے معلومات طلب کرنے کا کہا گیا۔

اس ہیکر حملے سے ریلوے اسٹیشنز پر زبردست انتشار پیدا ہو گیا، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، دوسری طرف حکام نے یہ بھی کہا تھا کہ ملک بھر میں ٹرینوں کا الیکٹرانک ٹریکنگ سسٹم ختم ہو گیا ہے، تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا تھا کہ کیا یہ بھی سائبر حملے کا حصہ ہے۔

بعد ازاں مقامی نیم سرکاری میڈیا نے یہ نیوز رپورٹ ہٹا دی، اور سرکاری ریلوے کمپنی کے ترجمان صادق سكری کے حوالے سے کہا گیا کہ جو خلل آیا تھا، وہ ٹرین سروس کے لیے کسی قسم کی پریشانی کا باعث نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 2019 میں بھی ریلوے کمپنی کے کمپیوٹر سرورز میں خرابی کے سبب ٹرین سروسز میں تاخیر کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے، جب کہ اسی سال دسمبر میں ایران کی وزارت مواصلات نے کہا تھا کہ ملک نے ’الیکٹرانک انفراسٹرکچر‘ پر ایک بڑے پیمانے پر سائبر حملے کو ناکام بنا دیا ہے، تاہم اس حملے کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی تھی۔

کویت میں ہزاروں تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

0

کویت سٹی: کویت میں تارکین وطن کے 14 ہزار 600 ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردئیے گئے۔

کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس ان کے پیشوں کی تبدیلی کی وجہ سے منسوخ کیے گئے ہیں کیونکہ وہ قانونی طور پر ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کے حقدار نہیں تھے۔

ٹریفک سیکٹر کے لیے وزارت داخلہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری میجر جنرل جمال السائغ نے ٹریفک افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نرمی نہ برتیں اور یہ یقینی بنائیں کہ لائسنس ہولڈر لائسنس دینے اور واپس لینے کے قواعد پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر لائسنس یافتہ شخص کسی ایک شرط کو پورا نہیں کرتا ہے جن کی بنیاد پر لائسنس دیا گیا تھا تو اس کا لائسنس فوری منسوخ کیا جائے۔

جمال السائغ نے بتایا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے غیرملکی طلبا کو انسانی بنیادوں پر لائسنس دیا جاتا ہے لیکن وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنا لائسنس واپس نہیں دیتے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹریفک کی جانب سے ان کے ڈرائیونگ لائسنس کو بلاک کردیا جاتا ہے، ایسے لائسنس کا حامل جو بھی شخص پکڑا جائے گا تو اسے ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر ملک بدر کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کویت میں ایک کروڑ 5 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر ہیں جن میں 6 لاکھ 70 ہزار کویتی شہری، 8 لاکھ 50 ہزار غیرملکی، 30 ہزار بدون اور 25 ہزار خلیجی شہری ہیں۔

بھارت میں کرونا مریضوں کے زیورات لوٹنے والا جوڑا گرفتار

0

نئی دہلی : بھارتی شہریوں نے کرونا مریضوں اور لاشوں سے سونے چاندی کے زیورات چوری کرنا شروع کردئیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باعث بھارتی شہری ان دنوں شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے حالات میں ایک جوڑے نے کرونا مریضوں اور لاشوں سے زیورات چرانا شروع کردئیے۔

کرونا سے ہلاک افراد اور مریضوں سے زیورات چرانے کا واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے گچی باولی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس ( ٹمس ) میں پیش آیا، جہاں مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے راجو اور اس کی اہلیہ نے مریضوں کی قیمتی اشیاء سرقہ کرلیں۔

یہ واقع اس وقت رونما ہوا جب کرونا سے صحت یاب ہونے والے ایک مریض سے اسپتال انتظامیہ نے اپنا قیمتی سامان چوری ہونے کی شکایت کی اور بتایا کہ ان کی دیکھ کر راجو اور اس کی اہلیہ لتا سری کررہی تھے۔

مریض کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ راجو اور لتاسری نے مریضوں اور لاشوں سے 16 تولے سونا اور 80 تولے چاندی کے زیور سرقہ کیے تھے جس کی مالیت تقریباً 22 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مسروقہ سامان برآمد کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔