ہوم بلاگ صفحہ 10611

کویت نے 12 ممالک کو براہ راست پرواز کی اجازت دے دی

0
کویت

کویت سٹی : کویت حکام نے کرونا وبا پر کنٹرول کرنے والے ممالک کو براہ راست پرواز کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست کویت کی کابینہ نے یکم جولائی سے امریکا سمیت 12 ممالک کو براہ راست پرواز کی اجازت دینے کی منظوری دے دی۔

کویت کابینہ کی اجازت کے بعد یکم جولائی سے امریکا، جرمنی، یونان، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ اور اٹلی سمیت 12 ممالک کے مسافر براہ راست کویت آسکیں گے۔

خیال رہے کہ کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر شیخ باسل الصباح کی پیش کردہ قرارداد کے تحت شرائط پر پورا اترنے ‏والے غیرملکیوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ یکم اگست سے ممنوعہ ممالک سے واپس آنے والے ویکسینیٹڈ تارکینِ وطن پر ملک میں داخلے ‏سے قبل کسی تیسرے ملک میں دو ہفتے گزارنے کا قانون اب لاگو نہیں ہوگا۔

کویت میں غیرملکیوں کو داخلے کی اجازت، شرائط جانیے

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون ماضی کے فیصلوں کا حصہ ہے، تاہم اب تارکین وطن براہ راست ‏پروازوں سے ملک میں داخل ہو سکتے ہیں، تاہم ملک میں داخلے سے قبل تارکین وطن کو کویت ‏میں منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی بھی ایک لینی ہوگی۔

‏’حجاج اور معتمرین کا جداگانہ نظام جلد جاری ہوگا‘‏

0

سعودی نائب وزیرحج نے کہا ہے کہ عمرہ اور حج والوں کیلئےجلد جداگانہ نظام جاری کیا جائے ‏گا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی نائب وزیرح و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ حجاج اور ‏معتمرین کا جداگانہ نظام جلد جاری ہو گا سیکورٹی اور انتظامی ضوابط جاری کیے جائیں گے تاکہ ‏حجاج اور معتمرین کے درمیان مسئلہ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ حج درخواستوں کی جانچ مشینی نظام کے ذریعے ہوئی ہے اس میں کسی قسم ‏کی گڑبڑ نہیں ہوئی، حج میں تمام پابندیاں ریڈنشان ہیں اس میں خلاف ورزی ممکن نہیں۔ ‏

نائب وزیر کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کی مقرر کردہ تعداد میں کمی بیشی نہیں کی گئی ان کی ‏تعداد جتنی تھی اتنی ہی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کو 5 لاکھ سے زائد ‏درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں ‏سے 60 ہزار کا انتخاب کیا گیا ہے۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے خوش نصیب افراد کی درخواستیں قبول کی گئیں، انہیں وزارت ‏کی جانب سے کرونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ مزید کسی اجازت نامے ‏کے بغیر 48 گھنٹے میں دوسری خوراک لگوالی جائے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج کا انتخاب پہلے آؤ پہلے پاؤ کےاصول پر نہیں ہوگا بلکہ حج کا ‏‏انتخاب صحت، ضوابط اور مقررہ نظام کےمطابق ہوگا۔

خاتون صحافی جس نے 72 دن میں‌ دنیا کے گرد چکّر لگانے کا ریکارڈ بنایا

0

یہ 1880ء کی بات ہے جب امریکی شہر پٹسبرگ کے مشہور اور کثیرالاشاعت روزنامہ "پٹسبرگ ڈسپیچ” میں‌ ایک مضمون شایع ہوا جو عورت ذات سے متعلق مصنّف کے دقیانوسی خیالات اور روایتی سوچ کا عکّاس تھا۔

یہ مضمون الزبتھ کوکرن سیمین کی نظر سے بھی گزرا جو اس شہر میں‌ نووارد تھی۔ مضمون نگار کا کہنا تھاکہ کسی بھی معاشرے میں بہترین اور مثالی عورت وہی ہوتی ہے، جو شادی کے بعد بچّے پیدا کرے اور ان کی پرورش کرنے کے ساتھ ساتھ گھر داری میں بھی اچّھی ثابت ہو۔

الزبتھ کو یہ تحریر فضول خیالات اور احمقانہ تصوّرات کا مجموعہ لگی جس کے بعد اس نے اخبار کے مدیر کو فرضی نام سے ایک خط لکھا۔

اس نوجوان لڑکی نے مضمون کے مندرجات پر غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے عورت کے فرائض، اس کی گھریلو ذمہ داریوں‌ اور معاشرے میں‌ اس کی اہمیت اور کردار کے حوالے سے اپنے خیالات مدیر تک پہنچا دیے۔

Lonely Orphan Girl (تنہا یتیم لڑکی) کے قلمی نام سے خط پڑھ کر اخبار کے مدیر جارج میڈن بہت متاثر ہوئے۔ انھوں نے اخبار ہی کے ذریعے اس لڑکی کو پیغام دیا کہ وہ ان سے رابطہ کرے۔ یوں‌ ان کی ملاقات ہوئی جس میں‌ جارج میڈن نے اس کے خیالات اور طرزِ تحریر کو بھی سراہا اور اخبار کے لیے مزید مضامین لکھنے پر اصرار کیا۔ یوں‌ الزبتھ نے باقاعدہ مضمون نگاری شروع کی اور پھر عملی صحافت میں‌ قدم رکھ دیا۔

وہ اپنے قلمی نام نَیلی بِلے (Nellie Bly) سے پہچانی گئی۔ اس زمانے میں‌ خواتین قلمی نام سے لکھا کرتی تھیں‌ اور الزبتھ نے بھی مدیر کے مشورے سے قلمی نام اپنایا تھا۔

اس کا پہلا مضمون، ’’دی گرل پزل‘‘ (The Girl Puzzle) کے عنوان سے جارج میڈن تک پہنچا تو اس بار بھی وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ اس مضمون کی اشاعت کے ساتھ ہی جارج نے الزبتھ کو اخبار میں کُل وقتی ملازمت کی پیش کش کردی جو اس نے قبول کرلی۔

عملی صحافت سے منسلک ہونے کے بعد تحقیقاتی رپورٹر کی حیثیت سے اس نے بڑا نام کمایا۔ وہ خواتین اور فیشن سے متعلق صفحے کی ذمہ دار تھی اور مضمون نگاری کے ساتھ تحقیقاتی رپورٹنگ بھی کرنے لگی، لیکن اس کے لیے نَیلی بِلے نے جو راستہ اختیار کیا وہ سب سے جدا تھا۔ وہ اپنے مضامین اور خبر کے لیے بھیس بدل کر حقائق اور معلومات اکٹھا کرنے لگی جس نے اسے اپنے شعبے میں‌ منفرد اور نمایاں‌ کیا۔

نَیلی بِلے نے مزدور پیشہ اور کارخانوں کی ملازم عورتوں کے ابتر حالات کو موضوع بنایا۔ اس نے کارخانوں میں مختلف کام کرنے والی عورتوں‌ کے حالات پر تحقیقی اور جامع مضامین کا ایک سلسلہ تحریر کیا، جس پر سرمایہ دار اور کارخانوں کے مالکان اس کے خلاف ہو گئے اور ان کی شکایات پر اس کے قلم کو مخصوص موضوعات تک محدود اور پابند کردیا گیا، تب اس نے بطور غیر ملکی نامہ نگار کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس کے بعد وہ اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ کی تکمیل اور مہم جُوئی کی غرض سے دنیا کے گرد چکّر لگانے کے ارادے سے نکلی۔ اس نے 72 دن میں اپنا سفر مکمل کیا جو ایک ریکارڈ تھا۔ اسی کے ساتھ نَیلی بِلے نے پاگل کا بہروپ بھر کر ایک ذہنی بیماری کے ادارے سے متعلق معلومات بھی اکٹھی کیں اور یہ اس کی وجہِ شہرت بنا۔

نَیلی بِلے نے 1864ء میں امریکا میں آنکھ کھولی، وہ کم عمر تھی جب والد دنیا سے رخصت ہوگئے اور والدہ نے نئے شہر میں‌ سکونت اختیار کرلی جہاں اس نے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ وہ صحافی اور مصنّف ہی نہیں صنعت کار، موجد اور سماجی خدمت گار بھی تھی۔ 1922ء میں نَیلی بِلے کا انتقال ہوگیا تھا۔

لڑکپن تک اہلِ خانہ اور حلقۂ احباب اسے "پنکی” کی عرفیت سے پکارتے رہے۔ گلابی رنگ اسے شروع ہی سے بہت پسند تھا، وہ زیادہ تر اسی رنگ کے ملبوسات زیبِ تن کرتی تھی، مگر سیماب صفت اور پُرجوش الزبتھ نے نوجوانی میں اپنی اس عرفیت کو ترک کردیا۔ اب وہ ایک سنجیدہ، متین اور نفیس خاتون کے طور پر اپنا تعارف کروانا چاہتی تھی۔ وہ سمجھتی تھی کہ یہ عرفیت اس کی شخصیت کو دھندلا رہی ہے۔ اس نے اپنا "سَر نیم” بھی تبدیل کرلیا۔

بعد کے برسوں میں قسمت اس پر مہربان ہوئی اور اس نے واقعی ایک باصلاحیت اور قابل لڑکی کے طور پر خود کو منوایا جس کا کام نہایت سنجیدہ اور اہم نوعیت کا تھا، وہ عورتوں کے حقوق اور ان سے ناانصافیوں‌ کے خلاف اپنے قلم کے ذریعے آواز بلند کررہی تھی۔ اس نے سچّ لکھا اور حقائق و معلومات تک رسائی کے لیے اپنی زندگی بھی خطرے میں‌ ڈالی۔ نَیلی بِلے امریکا میں تحقیقاتی صحافت کے اوّلین ناموں‌ میں سے ایک ہے۔

وژن 2030: سعودی حکومت کا حجاج کرام کو بڑی سہولت دینے کا اعلان

0
حج اسکیم

ریاض : سعودی حکام نے وژن 2030 کے تحت حجاج کرام کی سہولت کےلیے ‘حج اسمارٹ کارڈ’ متعارف کروا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حج کی ادائیگی کے آنے والے عازمین کی آسانی کےلیے حج اسمارٹ کارڈ کی سروس متعارف کرائی گئی ہے جو نقل و حرکت اور مناسک حج کی ادائیگی میں حجاج کرام کی مدد کرے گی۔

سعودی حکومت نے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت اس اسمارٹ کارڈ کو متعارف کرایا ہے، کارڈ عازمین حج کی مدد کیسے کرے گا؟

اس متعلق حج وعمرہ کی قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا کہ اسمارٹ کارڈ میں ایک” بار کوڈ ”شامل ہے جو حاجی کے تمام اعداد و شمار اور معلومات کو جاننے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کے ذاتی اعداد و شمار، رہائش اور صحت سے متعلق معلومات شامل ہیں۔

العمری کا کہنا تھا کہ رواں برس عازمین کی سہولت کےلیے حج کی ادائیگی کے دوران بڑی حد تک جدید آلات اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے رواں برس 50 ہزار اسمارٹ کارڈ بطور تجربہ جاری کیے جائیں گے۔

کویت میں سفاک شخص نے ماں اور پولیس اہلکار کو قتل کر دیا

0
بہن قتل

کویت میں سفاک شامی شہری نے ماں کو قتل کرنے کے بعد پولیس اہلکار کو چھریوں کے وار کر ‏کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

کویتی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار کے لرزہ خیز قتل کی واردات میں ملوث ملزم سیکورٹی فورسز ‏سے فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کا ٹکٹ دینے پر ملزم نے پولیس اہلکار پر حملے کر دیا ‏اور اس وقت تک وار کرتا رہا ہے جب تک اسے اہلکار کی موت کا یقین نہیں ہو گیا۔

کویت: شامی شہری نے اپنی ماں اور ایک کویتی پولیس اہلکار کو چھریوں کے وار کر کے شہید کر دیا

حملہ آور کے پے در پے وار سے پولیس اہلکار عبدالعزیز الرشیدی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جس ‏کے بعد ملزم پولیس اہلکار کا ہتھیار لے کر موقع واردادت سے فرار ہو گیا۔

تفتیشی پولیس نے ملزم کی شناخت کے بعد اس کی کھوج لگائی اور فارم ہاؤس میں چھپے ملزم کو ‏گھیر لیا اور اسے ہتھیار ڈالنے کا کہا جس پر اس نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے ملزم زخمی ہوا ‏اور بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ملزم کی تصویر سے پتہ چلا کہ اسی شخص نے پہلے القصور ‏کے علاقے میں اپنی والدہ کو قتل کیا پھر مھبولا چلا گیا جہاں پولیس اہلکار کو شہید کرنے کے بعد ‏روپوش ہو گیا۔

جاں بحق پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں اسپیکر قومی اسمبلی، اعلیٰ حکومتی و انتظامی عہدیدار، ‏پولیس افسران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

واٹس ایپ میں اچانک بڑی تبدیلی سے صارفین پریشان

0

دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اچانک بڑی تبدیلی کر دی ہے، جس سے کچھ صارفین پریشانی محسوس کرنے لگے ہیں۔

ویب بیٹا انفو کی ویب سائٹ نے اس حوالے سے خبر دی ہے کہ واٹس ایپ بیٹا کا اینڈرائیڈ ورژن 2.21.13.17 استعمال کرنے والے صارفین اب بزنس کلاس اکاؤنٹس پر آن لائن یا لاسٹ سین کا اسٹیٹس نہیں دیکھ سکیں گے۔

اس تبدیلی کے حوالے سے صارفین کے ذہنوں میں کچھ شبہات پائے جا رہے ہیں، ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ایپلیکیشن میں یہ تبدیلی دو دن قبل کی گئی ہے، لوگوں نے اسے پہلے ایپ کی غلطی سمجھا تھا تاہم اب تصدیق ہو گئی ہے کہ ایپ میں واقعی تبدیلی کی گئی ہے۔

جو تبدیلی کی گئی ہے اس کے مطابق اگر آپ کسی بزنس اکاؤنٹ سے چیٹنگ کر رہے ہیں تو اس وقت آپ کو آن لائن کی بجائے بزنس اکاؤنٹ لکھا نظر آئے گا۔

واضح رہے کہ نئی پرائیویسی پالیسی سامنے آنے کے بعد یہ افواہیں زیرگردش تھیں کہ واٹس ایپ نے اپنے صارفین سے تمام قسم کے ڈیٹا کی منتقلی کی اجازت مانگ لی ہے جس کے بعد کمپنی اپنی مرضی سے یہ تفصیلات فیس بک سمیت کسی بھی تھرڈ پارٹی کو فروخت کر سکتی ہے۔

تاہم اب ایک بار پھر واٹس ایپ نے صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اُن کی چیٹ کی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ صارفین کا ڈیٹا ٹیکنالوجی لیئرز (تہوں) کی صورت میں محفوظ ہوتا ہے۔

بچوں کے ہاتھوں بچے کا سفاکانہ قتل

0

لاہور: زندہ دلان لاہور میں دو بچوں کے ہاتھوں ایک اور بچے کے سفاکانہ قتل نے دل دہلا دیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں 8 اور 10 سال کے دو بچوں نے سفاکانہ تشدد کر کے 8 سال کے مبین کی جان لے لی۔

لاہور پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ 8 سالہ مبین کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں سے ایک 8 سالہ علی شیر ہے، اور دوسرا 10 سالہ زید، پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ان بچوں نے تلخ کلامی پر مبین کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔

یہ واقعہ 16 اپریل کو پیش آیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کم عمر ملزمان نے معمولی تلخ کلامی پر مبین کو اغوا کیا، اور پھر لے جا کر اینٹیں مار مار کر اسے قتل کیا، اس کے بعد لاش کھیتوں میں دبا دی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا ہے، بچوں نے بتایا کہ ان کی اپنے دوست مبین کے ساتھ معمولی تلخ کلامی ہو گئی تھی، اس پر انھوں نے اسے اغوا کیا اور اینٹیں مار مار کر بے جان کر دیا۔

یہ اندھے قتل کا کیس تھا، تاہم ایس ڈی پی او کاہنہ سرکل شیعب میمن کی سربراہی میں ایس ایچ او نشتر کالونی عبد الواحد اور ان کی ٹیم نے ملزمان کی رسائی حاصل کی، اور کیس حل کر لیا۔

بچے کی گم شدگی کے بعد والد نے پولیس کو بتایا تھا کہ ان کا بیٹا مبین گھر سے نماز پڑھنے نکلا لیکن پھر نہ لوٹا۔

ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کیلئے ٹینڈر کی منظوری

0

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کیلئے ٹینڈر کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ‏اجلاس ہوا جس میں کپاس کی قیمت کےتعین کیلئے فوڈسیکیورٹی کو 15 روز میں رپورٹ پیش کرنے ‏کی ہدایت کی گئی جب کہ پٹرولیم، فنانس ،پی ایس او کو شپنگ کارپوریشن کے واجبات کی ‏ادائیگی کی ہدایت کی گئی۔ پاور، فنانس ڈویژن کو نیٹ ہائیڈل پر افٹ کی ادائیگی کیلئے 2 ہفتے ‏میں حل کرنے کا کہا گیا۔

ای سی سی نے یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 اشیا پر سبسڈی کی مدت میں15دن کیلئےتوسیع کی منظوری ‏دی۔ ایوی ایشن ڈویژن کیلئے10 ملین تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، این ایس ایس پی کیلئے73.87ملین ‏تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ اور پاکستان اکیڈمی رورل ڈویلپمنٹ کیلئے20.70لین تکنیکی سپلیمنٹری ‏گرانٹ منظور کی گئی۔

اجلاس میں افسران کیلئے ڈسپیریٹی رڈکشن الائونس کی مد میں ایک ارب روپے کی گرانٹ، بین ‏الصوبائی کوآرڈی نیشن کیلئے16.70 ملین کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ اور ایف سی بلوچستان ‏کیلئےایک ارب ایک کروڑکی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ایف بی آر کو ادائیگیوں کیلئے45.66کروڑ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ اور خارجہ امور کیلئے2 ارب ‏روپےکی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظوری دی گئی۔

اٹلی میں کرونا وائرس کو شکست دیدی، پابندیوں کے مکمل خاتمے کا اعلان

0

روم : اطالوی حکام نے کرونا پابندیوں کے مکمل خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو ہجوم والی جہگوں پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا یورپی ملک اٹلی تھا، جہاں گزشتہ کئی ماہ سے کرونا لاک ڈاؤن جاری ہے۔

کرونا وائرس پر قابو پانے کے بعد حکومتِ اٹلی نے تمام علاقوں کو وائٹ زون قرار دیتے ہوئے کئی مہینوں سے جاری پابندیوں کے مکمل خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب شہریوں کو باہر نکلتے ہوئے ماسک پہننا ضروری نہیں ہے لیکن ہجوم والی جہگوں پر سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان اطالوی وزیر صحت رابرٹ اسپرنزا نے کیا، انہوں نے کہا کہ پیر (آج) سے پورا اٹلی وائٹ زون ہوگا جہاں کسی کا ماسک پہننا لازمی نہیں ہوگا، لیکن احتیاط اور حکمت سے کام کرنے کی اب بھی ضرورت ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں ویکسی نیشن مہم دسمبر 2020 کے آخر میں شروع کی گئی تھی اور اس سال ستمبر کے آخر تک 80 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ اب تک اٹلی میں 1 کروڑ 78 لاکھ افراد کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

سندھ اسمبلی اجلاس میں چارپائی کیسے پہنچی؟

0

کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اجلاس میں چارپائی پہنچنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا تو وہ اچانک چارپائی اور بستر لے آئے، جس نے اسمبلی کی کارروائی کو مذاق بنا دیا، اور جگ ہنسائی کا سبب بنا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا احتجاج جاری تھا، کہ کچھ اراکین ایوان میں چارپائی اور بستر لے آئے، تاہم اسپیکر کی ہدایت پر سیکیورٹی عملے نے چارپائی کو باہر نکالا۔

اسپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی حرکت اسمبلی کی بے حرمتی ہے، ملوث ارکان کے خلاف کارروائی ہوگی، تاہم اس دوران اپوزیشن ارکان ایوان میں شور شرابا اور نعرے بازی کرتے رہے۔

بعد ازاں، اسپیکر نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو واقعے کی تحقیقات کر کے انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، سندھ اسمبلی کی سیکیورٹی بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق نے بتایا کہ وہ اجلاس کے دوران چارپائی لائے جانے کی انکوائری کر رہے ہیں، اسمبلی اسٹاف نے چارپائی اندر لے جانے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی تھی، لیکن پی ٹی آئی اراکین زبردستی چارپائی اندر لے آئے۔

واضح رہے کہ آج سندھ اسمبلی اجلاس میں زبردست قسم کا شور شرابا ہوتا رہا، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا آج متفقہ قرارداد پیش نہیں کرنے دی گئی، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا، فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ نہ وقت پر آڈٹ رپورٹ دی جاتی ہے نہ فنانشل رپورٹ، سندھ میں جمہوریت کا قتل نئی بات نہیں، یہ لوگ احتساب پر یقین نہیں رکھتے۔

جب کہ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کا جنازہ نکالا، اس کی بات کریں، چینی اور گندم کی قیمتوں کا جنازہ نکالا، اس پر بات کریں، پورے ملک میں غریبوں کا جنازہ نکال دیا، یہ لوگ یہاں بیٹھے ہیں کچھ احساس کریں۔