ہوم بلاگ صفحہ 10610

دل دھڑکنے کا سبب کووڈ بھی ہوسکتا ہے

0

کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد بعض مریضوں کو طویل عرصے تک اس کی علامات کا سامنا ہوسکتا ہے جسے لانگ کووڈ کہا جاتا ہے، اب حال ہی میں اس کی ایک اور علامت سامنے آئی ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں امریکا میں ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ لانگ کووڈ کے مریضوں کو دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی جیسی علامت کا بھی طویل المعیاد بنیادوں پر سامنا ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں 875 بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی جانب سے نظام تنفس کی بیماری کی علامات کو رپورٹ کیا گیا تھا۔ ان میں سے 234 میں بعد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور محققین نے ویئر ایبل ڈیوائسز کی مدد سے ان کی بیماری کا مشاہدہ کیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کچھ مریضوں کی دھڑکن کی رفتار اور نیند کے رجحان کو معمول پر آنے میں 4 ماہ سے زیادہ کا عرصہ لگا۔

ویئر ایبل ڈیوائسز سے ان کے روزانہ قدموں سے توانائی کی سطح کی جانچ پڑتال سے دریافت ہوا کہ بیماری کی علامات کے آغاز کے بعد کم از کم 30 دن لگے جب ان کی جسمانی توانائی کی سطح معمول پر آسکی۔

مجموعی طور پر کووڈ 19 کے شکار افراد میں دھڑکن کی رفتار کو معمول پر آنے میں اوسطاً 79 دن اور توانائی کی سطح بحال ہونے میں 32 دن لگے۔ دھڑکن کی بے ترتیبی کا مسئلہ ان افراد میں زیادہ عام تھا جن کو کووڈ کے دوران کھانسی، جسمانی درد اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا۔

ماہرین نے کہا کہ تنائج سے معلوم ہوتا ہے کہ دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھنے کی وجہ جاننا یہ تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے کہ کس کو کووڈ سے منسلک ورم یا مدافعتی نظام تھم جانے کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنسر ڈیٹا اس وائرس سے لوگوں کے جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کو جاننے کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیشتر افراد دل کی کسی قسم کی علامات کو نوٹس نہیں کرتے تاہم دھڑکن کی رفتار کا غیر اطمینان دہ احساس کچھ افراد کو ہوتا ہے۔

کچھ افراد کو لگتا ہے کہ محض ٹوائلٹ تک جانے سے ہی ان کا دل تیزی سے بھاگنے لگا ہے۔

ماہرین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ بیشتر افراد چند ہفتوں میں کووڈ کو شکست دے دیتے ہیں اور کسی قسم کے اثرات کا سامنا نہیں ہوتا، مگر جب دھڑکن کی رفتار بڑھتی ہے تو بیشتر افراد کو عدم اطمینان کا احساس ہوتا ہے، مگر اس سے ہٹ کر فی الحال کسی قسم کے سنگین نتائج سامنے نہیں آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی مریض کو ان علامات کا سامنا 3 ماہ سے زیادہ ہوتا ہے یا جسمانی سرگرمیاں محدود ہوتی ہیں تو پھر خدشہ ہوسکتا ہے کہ ان کو کسی بڑے مسئلے کا سامنا ہے۔

بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا رجحان

0

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جولائی میں کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 8فیصد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کورونا سے متعلق قائم آپریشن سیل کا کہنا ہے کہ جولائی میں کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 8فیصد ہوگئی، جولائی کے پہلے10روز میں685 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ 24گھنٹے میں کورونامثبت کیسز کی شرح9.43فیصد رہی، صوبے میں7اضلاع سےکورونا وائرس کے98کیسز سامنے آئے، بلوچستان میں کوروناوائرس کیسز کی مجموعی تعداد 27961ہوگئی۔

کرونا وائرس: نئے کیسز کی یومیہ تعداد ایک بار پھر ہزار سے تجاوز

کوئٹہ میں کیسز 8اعشاریہ 3فیصدشرح سے رپورٹ ہوئے۔

آپریشن سیل کے مطابق تربت میں 36فیصدشرح سے11کیسزرپورٹ ہوئے، 24گھنٹے میں 25اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا۔ دوسری جانب ملک میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد ایک بار پھر 1 ہزار سے تجاوز کر گئی، ملک میں اب تک 37 لاکھ افراد ویکسی نیشن کروا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 27 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 582 ہوگئی۔

"افغانستان میں سلجھاہوا طالبان جنم پاچکا "

0
فوج

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغانستان میں سلجھاہوا طالبان جنم پاچکاہے ،اب وہ طالبان نہیں ہیں جو بندوق سے بات کرتےتھے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے امریکی اور نیٹو افواج کےانخلا کے بعد افغانستان کی موجودہ صورت حال پر بتایا کہ افغانستان خودمختارملک ہے اس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوگی، ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاک فوج کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہے، موجودہ حکومت اور پاک افواج افغانستان میں امن کی راہ ہموار کرینگے، افغان امن کے لئے پہلےبھی دنیاکےساتھ تھے،اب بھی ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سلجھاہوا طالبان جنم پاچکاہے،طالبان بدل گئےہیں، اب وہ طالبان نہیں ہیں جو بندوق سے بات کرتےتھے۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان اپنی کوئی بیس نہیں دےگا، بھارت نےآج تک دہشتگردی کوپاکستان کیخلاف منظم کیاہے۔

شیخ رشید نے آزاد کشمیر الیکشن میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت بننے جارہی ہے، عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں لڑےگا، اپوزیشن کو تکلیف یہ ہےکہ ہر ڈبے سے بلے کے نشان والے ووٹ زیادہ نکلنے ہیں، جس دن یہاں ہارنےوالی پارٹی نےہار تسلیم کرلی تو جمہوریت قائم ہوجائیگی۔

چیئرمین بلاول بھٹو کو ایک بار پھر "دل کا جانی قرار دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بلاول دل کاجانی ہے،کشمیرمیں اس کاجانابھی ضروری ہے، مگر مریم نواز جوزبان استعمال کررہی ہیں وہ غیرذمہ دارانہ ہے، مریم نواز کو اپنے لب و لہجےپرغورکرناچاہیے۔

سعودی حکومت کا بڑا اعلان

0

ریاض: سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ جولائی کے لیے پٹرول کے نرخ نہیں بڑھائیں گے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں توانائی اور پانی کی مصنوعات کی قیمتوں کی نگران انتظامی کمیٹی نے بتایا ہے کہ جولائی کے لیے پٹرول کی پرانی قیمتیں بحال رہیں گی۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی کے احکامات پرعمل کرتے ہوئے سعودی عرب میں پٹرول کے جون والے نرخوں کو بحال رکھا گیا ہے تاکہ صارفین مستفید ہوں۔

انتظامیہ کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ جون میں پٹرول 91 کے فی لٹر نرخ 2.18 ریال جبکہ 95 پٹرول کے نرخ 2.33 ریال تھے یہی نرخ 10 جولائی سے بھی لاگو ہوں گے ایسا ایوان شاہی کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

ایوان شاہی کی ہدایت کے مطابق سعودی عرب میں پٹرول کے نرخوں میں ہونے والے ماہانہ اضافہ کو حکومت برداشت کرے گی تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر معاشی بوجھ نہ پڑے۔

خیال رہے کہ جولائی میں پٹرول کے نرخوں میں ہونے والا اضافہ حکومت کی جانب سے ادا کیا جائے گا۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکا روانہ

0

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکا کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کو پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو ایک ہفتے کے دورے پر امریکا چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو دورۂ امریکا میں واشنگٹن اور نیویارک جائیں گے، وہ ایک کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ پی پی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو امریکا میں عہدیداروں، کارکنان کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ 4 جولائی کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی نجی دورے پر امریکا روانہ ہوئے جبکہ اس سے قبل صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیجوہو بھی امریکا روانہ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو پاکستان کا مقدمہ لڑنے امریکا جارہے ہیں، نبیل گبول کا دعویٰ

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مراد علی شاہ بھی بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر مختلف سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ امریکا میں مختلف عالمی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے بتایا تھا کہ بلاول بھٹو کسی کی منت سماجت کرنے امریکا نہیں جارہے، انہیں امریکی سینیٹرز نے امریکا کے دورے کی دعوت دی، وہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے ہی جارہے ہیں۔

تین جولائی کو وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعویٰ کیا تھا کہ بلاول بھٹو ڈیل کرنے امریکا جارہے ہیں، وہ اپنی سی وی لے کر ’میں ہوں نا‘ کی شوٹنگ پر جارہے ہیں۔

کرونا وائرس: نئے کیسز کی یومیہ تعداد ایک بار پھر ہزار سے تجاوز

0

اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد ایک بار پھر 1 ہزار سے تجاوز کر گئی، ملک میں اب تک 37 لاکھ افراد ویکسی نیشن کروا چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 27 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 582 ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس 1 ہزار 980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 73 ہزار 284 ہوچکی ہے۔

ملک میں کرونا وائرس سے کے فعال کیسز کی تعداد 37 ہزار 499 ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 203 ہوچکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 48 ہزار 382 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 50 لاکھ 56 ہزار 787 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 4.09 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 2 ہزار 119 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔

ویکسی نیشن کی صورتحال

ملک میں اب تک 1 کروڑ 53 لاکھ 20 ہزار 363 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 37 لاکھ 46 ہزار 989 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

کوپا امریکا کپ میں تاریخ رقم، ارجنٹینا نیا چیمپئن بن گیا

0

ریوڈی جنیریو: ارجنٹینا نے اٹھائیس سالوں میں اپنا پہلا بڑا اعزاز حاصل کیا اور کوپا امریکا کپ کا نیا چمپئین بن گیا-

تفصیلات کے مطابق کوپا امریکا کپ کا فائنل روایت حریف برازیل اور ارجنٹائن کے مابین میچ کھیلا گیا، میچ سے قبل اسٹیڈیم کے باہرآتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

فائنل میچ کے آغاز سے ہی دو ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کی گول پوسٹ متعدد حملے گئے، کھیل کے 22 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے ڈی ماریا نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی جوکہ فائنل میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

دفاعی چیمپئن نے میچ برابر کرنے کے لئے جارحانہ کھیل اپنایا مگر ارجنٹینا کی دفاعی حکمت عملی کے باعث وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔اسی کے ساتھ ہی ارجنٹائن 1993 کے بعد کوپا امریکا کپ جیتنے میں کامیاب ہوا،ارجنٹائن نے مسلسل 27 میچوں میں ناقابل شکست برازیل کو فائنل میں شکست دی۔

ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹنیز گولڈن گلوز کے حق دار قرار پائے، ایمی مارٹنیز گولڈن گلوز جیتنے والے ارجنٹائن کے پہلے گول کیپر بن گئے۔

فائنل میچ کے اختتام پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، برازیل کے شائقین شکست کے بعد انتہائی افسردہ نظر آئے اور کئی تو زاروقطار رونے لگے، اٹھائیس سال میں کوپا کپ کا ٹائٹل حاصل کرنے کی خوشی میں ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے کپتان میسی کو ہوا میں اچھال کر جشن منایا۔

فٹبال کے شوقین سعودی شہری نے مکان کی چھت فٹبال گراؤنڈ میں تبدیل کردی

0

ریاض : فٹبال کے دلدادہ سعودی شہری نے اپنے گھر کی چھت کو فٹبال گراؤنڈ میں تبدیل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے علاقے جازان میں مقیم شہری نے فیفا پہاڑ پر واقع اپنے گھر کی چھت کو فٹبال گراؤنڈ بنادیا جہاں وہ جازان کے نوجوانوں کا فٹبال میچ کرواتا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گھر اتنی بلندی پر واقع ہے کہ بادل چھت سے بغل گیر نظر آتے ہیں، ایسے خوبصورت ماحول میں وہ فٹبال کے مقابلے منعقد کرواتا ہے۔

سعودی شہری یحییٰ حسن المثیبنی کا کہنا تھا کہ العبسیۃ محل کے نوجوانوں اور بزرگوں کے سامنے جب یہ بات رکھی کہ سطح سمندر سے دو ہزار میٹر کی بلندی پر دلفریب مناظر کے ساتھ فٹبال کا مقابلہ کیسا رہے گا تو لوگوں نے ان کی تجویز کو بہت پسند کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہری نے اپنی چھت پر فٹبال فیلڈ کے ساتھ ساتھ ٹینس اور والی بال کے گراؤنڈ بھی قائم کررکھے ہیں جب کہ بعد از مغرب بزرگوں کا مقابلہ ہوتا ہے۔

کراچی:‌ سہراب گوٹھ منڈی میں‌ اب تک کتنے جانور آچکے؟

0

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر قائم ہونے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں پاکستان بھر سے چار لاکھ جانور پہنچ گئے ہیں۔ 

اے آر وائی نیوز کے مطابق عید قرباں قریب آتے ہی پاکستان بھر میں لگنے والی مویشی منڈیوں میں رونقیں عروج پر پہنچ گئیں ہیں، خریدار اپنی استطاعت کے مطابق جانور خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

سہراب گوٹھ میں قائم ہونے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں دس جولائی 2021 تک چار لاکھ سے قریب جانور حدود میں داخل ہوئے، جن میں گائے، بیل، بکرے، اونٹ دنبوں سمیت دیگر شامل ہیں۔

منڈی ترجمان یار رضا چاولہ کے مطابق سپرہائی ہائی وے سہراب گوٹھ کی مویشی منڈی میں ہر رنگ ونسل کا جانور موجود ہے، عید الاضحیٰ تک ساڑھے 6 لاکھ سے زائد مویشیوں کی آمد متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

یہ بھی پڑھیں: کراچی: بیل کی ٹکر سے لڑکا جاں بحق، ویڈیو منظرعام پر آگئی

اسے بھی پڑھیں: عید قرباں : جانوروں‌ کی خریداری، قربانی اور نماز کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری

انہوں نے کہا کہ ’منڈی انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں اور جانوروں کو پانی، بجلی سمیت چارے کی تمام سہولیات بلا تعطل فراہم کی جارہی ہیں‘۔

مون سون کی متوقع بارشوں کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ ’ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے ڈنکی پمپس منڈی میں موجود ہیں جبکہ ریسکیو ٹیم کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے،  بارشوں کے پیش نظر بجلی کے پولز کو پلاسٹک کے پائپ چڑھاکر کور کردیا گیا ہے۔

منڈی میں جگہ جگہ شہریوں اور بیوپاریوں کے لیے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں کہ وہ بجلی کے کھمبوں سے دور رہے جبکہ مرکزی کیمپ سے بھی ہر تھوڑی دیر بعد اعلانات کیے جارہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق مویشی منڈی آنے والے تمام افراد کو کرونا ایس اوپیز پر سختی سےعمل درآمد کی ہدایات  کی گئی ہے، ماسک کے بغیر کسی بھی شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہے جبکہ شہریوں کے ویکسین سرٹیفیکٹ بھی دیکھے جارہے ہیں۔

’اچھی پارٹنر شپ لگتی تو میچ جیت سکتے تھے‘

0

لندن: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف اچھی پارٹنر شپ لگتی تو میچ جیت سکتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیک ٹو بیک وکٹیں گرنے سے مشکل کا شکار ہوئے، کوشش کریں گے اگلے میچ میں غلطیاں نہ دہرائیں اور کامیابی حاصل کریں۔

بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے خامیوں پر جلد قابو پائیں، آخری ون ڈے جیت کر اہم پوائنٹس لینے کی کوشش کریں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے حسن علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر نے اچھی بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں: دوسرا ون ڈے: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز جیت لی

واضح رہے کہ انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 52 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

قومی ٹیم 248 رنز کے تعاقب میں 41 اوورز میں 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سعود شکیل کے 56 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

انگلش آل راؤنڈر کرس گریگوری کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے میچ 13 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔