اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10696

علی ظفر کی جانب سے ہتک عزت کیس: میشا شفیع کی عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی

0

لاہور : علی ظفر کی جانب سے ہتک عزت کیس میں گلوکاری میشا شفیع نے عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کروا دی اور کہا 16 دسمبر سے 20 دسمبر تک پاکستان میں ہیں اور عدالت میں پیش ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کی ، علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کو طلب کرنے کی درخواست پر جواب جمع کرادیا گیا۔

میشا شفیع کی جانب سےان کے وکیل نے جواب جمع کرایا ، جس میں کہا گیا کہ ایک پروفیشنل آرٹسٹ ہوں ، کام کی وجہ سے مختلف ممالک کا سفر کرنا ہوتا ہے، جس ملک جاتی ہوں اپنے ذریعہ معاش کے لیے ہی جاتی ہوں۔

گلوکارہ نے یقین دہانی کرواٸی کہ وہ 16 دسمبر سے 20 دسمبر تک پاکستان میں ہیں اور عدالت میں پیش ہوں گی ، ان چار دنوں میں علی ظفر کے وکلا جرح مکمل کر سکتے ہیں تاہم بیس دسمبر کے بعد واپس چلی جاٸیں گی۔

میشا شفیع نے جواب میں مزید کہا کہ پہلے ویڈیو لنک پر جرح کی درخواست دی، جس پر عدالت نے فیصل محفوظ کر رکھا ہے اب وہ ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی درخواست پر زور نہیں دینا چاہتیں۔

جواب میں کہا گیا کہ میشا شفیع کے خاوند کینیڈا میں بچوں کی دیکھ بھال کے لیے رکے ہوٸے ہیں وہ پیش نہیں ہو سکتے لہذا ان کے بیان پر جرح ویڈیو لنک کے ذریعے ہی کی جاٸے ۔

کیس کی مزید سماعت تین دسمبر کو ہو گی جس میں علی ظفر کے وکلا میشا شفیع کی والدہ اداکارہ صبا حمید پر جرح مکمل کریں گے۔

معروف گلوکارہ بارباڈوس کی قومی ہیرو قرار دے دی گئیں

0

شمالی امریکی کیریبیئن ملک بارباڈوس نے معروف پاپ گلوکارہ ریحانا کو سرکاری سطح پر قومی ہیرو قرار دے دیا جبکہ ملک کے نام کے ساتھ بھی جمہوری کا لفظ لگا دیا۔

بارباڈوس کی وزیر اعظم نے 29 اور 30 نومبر کی درمیانی شب کو ہونے والی تقریب میں گلوکارہ کو سرکاری اعزاز سے نوازا۔ ریحانا جزیرہ نما بارباڈوس کی 150 سالہ تاریخی کی دوسری خاتون بن گئیں جنہیں حکومت نے قومی ہیرو کا درجہ دیا ہے۔

اس سے قبل 1866 میں سارا این گل نامی مذہبی اسکالر خاتون کو قومی ہیرو قرار دیا گیا تھا، یہی نہیں بلکہ ریحانا زندہ افراد میں وہ دوسری شخصیت بن گئیں، جنہیں ملک و قوم کے سرکاری قومی ہیرو کا درجہ حاصل ہوگا۔

ان سے قبل 85 سالہ کرکٹر سر گار فیلڈ کو بھی قومی ہیرو کا درجہ حاصل ہے اور انہیں بھی کئی سال قبل مذکورہ اعزاز دیا گیا تھا۔

ریحانا کو قومی ہیرو قرار دیے جانے اور اس کا میڈل دینے کی تقریب میں وزیر اعظم میا امور موتلے نے انہیں ملک و قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے ایوارڈ اور سند پیش کی۔

بارباڈوس کی حکومت نے ستمبر 2018 میں ریحانا کو صحت و تعلیم سے متعلق سفیر بھی مقرر کیا تھا جبکہ انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

بارباڈوس کی حکومت نے ایک طرف ریحانا کو قومی ہیرو قرار دیا، وہیں حکومت نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کا نام بھی اعزازی ریاستی سربراہ کے خانے سے نکال دیا جبکہ ملک کے نام میں تبدیلی کرتے ہوئے ملک کا سرکاری نام جمہوریہ بارباڈوس رکھ دیا۔

ملکہ برطانیہ بارباڈوس کی اعزازی سربراہ تھیں جو گزشتہ 70 سال سے وہاں کے آئین میں بارباڈوس کے سربراہ کے طور پر شامل تھیں۔

بارباڈوس ماضی میں سلطنت برطانیہ کے قبضے میں رہ چکا ہے اور اسے بھی دیگر ممالک کی طرح برطانیہ نے 1966 میں آزادی دی تھی۔

ٹوئٹر کے نئے سی ای او تنقید کی زد میں آگئے

0

ٹوئٹر کے نئے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) پہلے ہی روز متنازعہ ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے سی ای او پراگ اگروال کو اپنی ایک پرانی ٹوئٹ پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پراگ اگروال نے 2010 میں ایک ٹوئٹ کی جب وہ ٹوئٹر کے ملازم بھی نہیں تھے۔

اپنے پرانے ٹوئٹ میں انہوں نے امریکا میں نسل پرستی اور اسلامو فوبیا کا مذاق اڑانے والے ایک مزاح نگار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ’’ اگر وہ مسلمانوں اور انتہا پسندوں کے درمیان فرق نہیں کریں گے تو پھر میں سفید فام لوگوں اور نسل پرستوں میں فرق کیوں کروں‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر کا نیا سی ای او کون ہے؟

اس ٹوئٹ کو بنیاد بناکر امریکی ریاست کولوراڈو کے چوتھے کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کرنے والے کین بک نے سوال اٹھایا ہے کہ صارفین ٹوئٹر کے نئے سی ای او پر کس طرح اعتماد کریں کے وہ سب کے ساتھ یکساں برتاؤ کریں گے؟۔

اس کے علاوہ امریکی سینیٹر مارشا بلیک برن نے بھی پراگ اگروال کی پرانی ٹوئٹ کو بنیاد بنا کر کہا کہ یہ ہیں ٹوئٹر کے نئے سی ای او جو فیصلہ کرنے جا رہے ہیں کہ ٹوئٹر پر کس قسم کی تقریر کی اجازت ہے؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی اپنے عہدے سے دستبردار ہوئے تھے جس کے بعد بھارتی نژاد امریکی پراگ اگروال کو کمپنی کا نیا سی ای او منتخب کیا گیا ہے۔

شریف خاندان کے خلاف کیسز کی پیروی کرنے والے نیب پراسیکیوٹر رضوان احمد مستعفی

0

اسلام آباد: ایون فیلڈ اور جعلی اکاونٹس کیسز میں نیب پراسیکیوٹر رضوان احمد نے استعفی دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ اور جعلی اکاونٹس کیسز میں نیب پراسیکیوٹر رضوان احمد عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، رضوان احمد اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کے اہم مقدمات کی پیروی کررہے تھے، جب کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر بنی نیب ٹیم کے رکن بھی تھے۔

رضوان احمد ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر بھی نیب کی نمائندگی کررہے تھے، اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیسز میں بھی پیش ہورہے تھے، انہوں نے مجموعی طور پر 270 مقدمات میں نیب کی نمائندگی کی، تاہم اب اسپیشل پراسیکیوٹر نیب بیرسٹر رضوان احمد نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ 6 جولائی 2018 کو شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

کشتی کے چاروں اطراف خطرناک مچھلیاں، آگے کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

0

کینیڈا کے کھلے سمندر میں صورتحال اس وقت بہت گھمبیر ہوگئی جب ایک جانور خطرناک وہیل مچھلیوں سےاپنی جان بچانے کیلئے کشتی میں کود کر آگئی۔

یہ منظر دیکھ کر کشتی میں سوار افراد حیرت زدہ رہ گئے، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین اپنے مختلف خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

کینیڈا کے مغربی سوبے برٹش کولمبیا کے سمندر میں پیش آنے والے اس واقعے سیل (سمندری جانور) قاتل وہیل مچھلی کے جبڑوں سے بچنے کے لیے کشتی پر چھلانگ لگا کر انجن کے بیچ میں آکر بیٹھ گئی۔

برٹش کولمبیا میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹور گائیڈ کرک فریزر نے مہمانوں کے ساتھ اپنی کشتی کو  ایک ایسے مقام پر روکا جہاں اسےتوقع تھی کہ اس دن وہیل مچھلیاں دیکھنے کے لیے یہ اچھا مقام ہوگا تاہم وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ کوئی سیل اچانک ان کی کشتی میں بھی آسکتی ہے۔

کھلے سمندر میں زندہ رہنا کوئی مذاق کی بات نہیں ہے اور اکثر غیر متوقع رکاوٹیں ہی شکار کی مدد کر سکتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ اس وقت ہوا جب ایک سیل نے ایک کشتی کو دیکھا اور پناہ لینے کے لیے اس پر چھلانگ لگا دی۔

کشتی میں موجود لوگوں نے دیکھا کہ تقریباً 6 دیو ہیکل وہیل مچھلیاں اس کا تعاقب کرتے ہوئے کشتی کے چاروں طرف گھومنے لگیں یہ منظر ان کیلئے موت کے منظر سے کم نہیں تھا کیونکہ وہیلز ان پر بھی حملہ آور ہوسکتی تھیں۔

جان بچانے کیلئے کشتی میں چھلانگ لگانے والی سیل خوفزدہ اور دہشت زدہ تھی اور ان مچھلیوں کا نوالہ بننےکے خوف سے اس کا سانس بھی پھولا ہوا تھا۔

ٹور گائیڈ کرک فریزر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ میری زندگی میں پہلا موقع تھا جب میں نے قاتل وہیلز کو دیکھا, میں نے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا، مجھے نہیں لگتا کہ کسی اور نے کبھی ایسا کچھ دیکھا ہو۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً پونے گھنٹے جاری اس صورتحال بعد یہ تمام وہیلز واپس چلی گئیں اور سیل کو بھی ہم نے واپس سمندر میں ڈال دیا۔

اومی کرون وائرس: مسافروں کیلئے سخت پابندیوں کا اعلان

0

ہرارے: افریقی ملک زمبابوے نے کورونا وائرس کی نئی قسم ‘اومی کرون’ کے پیش نظر مسافروں کے لیے پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زمبابوے میں رات 9 سے صبح 6 بجےتک کرفیو ہوگا، حکومت نے تمام آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ لازمی قرار دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زمبابوے آنے والوں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

جنوبی افریقا سے نمودار ہونے والی کورونا وائرس کی نئی قسم دنیا بھر میں پھیل رہی ہے، افریقی ممالک کے بعد اومی کرون اب سعودی عرب بھی پہنچ چکا ہے۔

کورونا ویرینٹ ‘اومی کرون’ سعودی عرب بھی پہنچ گیا

ادھر نائیجیریا میں بھی اومی کرون ویرئنٹ کا پہلا کیس سامنے آگیا۔

خیال رہے کہ چینی کمپنی کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین سائنو ویک کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کے لیے اس ویکسین کو جلد اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔

کورونا کی نئی اور خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک نے پیشگی انتظامات شروع کردیے ہیں۔

دنیا بھر میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد افراد ایڈز کا شکار

0

دنیا بھر میں آج ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ اور آگاہی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد افراد ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہیں جن میں سے 36 فیصد افراد کو اپنے مرض کا علم ہی نہیں۔

اس بیماری کا عالمی دن منانے کا مقصد اس انتہائی مہلک مرض کے بارے میں آگاہی دینا اور ایڈز سے بچاؤ سے متعلق حفاظتی احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے، ایڈز کا عالمی دن دنیا میں پہلی مرتبہ 1987 میں منایا گیا۔

ایڈز کا مرض ایک وائرس ایچ آئی وی کے ذریعے پھیلتا ہے جو انسانی مدافعتی نظام کو تباہ کر دیتا ہے۔ ایسی حالت میں کوئی بھی بیماری انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے تو مہلک صورت اختیار کر لیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق صرف احتیاط ہی کے ذریعے اس بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق ایچ آئی وی کا شکار ہونے کے چند دن بعد 85 فیصد افراد کو انفیکشن کی علامات ظاہر ہوتی ہیں جن کا بروقت علاج مرض کو جان لیوا ہونے سے بچا سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ایڈز یو این ایڈز کا کہنا ہے کہ سنہ 1981 سے اس مرض کے سامنے آنے کے بعد اب تک اس مرض سے 8 کروڑ کے لگ بھگ افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 3 کروڑ سے زائد افراد اس مرض کے باعث موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

یو این ایڈز کے مطابق اس موذی مرض کے علاج کی سہولیات میسر ہونے کے بعد سنہ 2005 سے اب تک اس مرض سے ہونے والی اموات کی شرح میں 45 فیصد کمی آچکی ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس مرض کا علاج آہستہ آہستہ قابل رسائی ہوتا جارہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کے مریضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

یو این ایڈز پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اس مرض کا شکار افراد کی تعداد تقریباً 2 لاکھ ہے، ان میں سے 16 سو کے قریب ایک سے 14 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایڈز کا علاج بروقت تشخیص اور احتیاط کے ساتھ ساتھ مثبت رویہ اپنائے بغیر ممکن نہیں، یہی وجہ ہے کہ عام آدمی کو اس مرض کے بارے میں شعور حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

کورونا ویرینٹ ‘اومی کرون’ سعودی عرب بھی پہنچ گیا

0

ریاض: کورونا وائرس کی سب سے خطرناک سمجھی جانے والی قسم ‘اومی کرون’ اب سعودی عرب بھی پہنچ گئی، مملکت میں نئے ویرینٹ کا یہ پہلا کیس ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، اومی کرون وائرس شمالی افریقہ سے آئے مسافر میں پایا گیا، انتظامیہ نے متاثرہ شخص اور سے رابطے میں رہنے والے افراد کو قرنطینہ کردیا۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس کے کیس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

اومی کرون کا کیس ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب سعودی حکام نے سفری پابندیاں ختم کردی ہیں اور مسافروں کو براہ راست مملکت آنے دیا جارہا ہے۔

خیال رہے کورونا قسم جیسے نئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت کا لائحہ عمل کیا ہوگا اور کیا پھر سے سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔

مملکت میں کورونا کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد نئی حکمت عملی سامنے آئے گی۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: پاکستانی کھلاڑی چھا گئے

0

دبئی: چٹاکانگ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ پرفارمنس نے آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ کو تبدیل کردیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ میچز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی گئیں ہے، بنگلا دیش کے خلاف چٹاکانگ ٹیسٹ میں قومی کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس کے باعث آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ میں 7 وکٹیں لینے کے عوض شاہین شاہ آفریدی کو ٹاپ ٹین بولرز میں شامل کرلیا گیا ہے، یہ سال دوہزار اکیس میں پہلا موقع ہے جب ٹیسٹ کی ٹاپ رینکنگ میں کسی پاکستان بولرز نے جگہ بنائی۔

شاہین شاہ آفریدی شاندار کارکردگی کے باعث 5ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ فاسٹ بولر حسن علی کی بھی 5 درجے بہتری ہوئی ہے جس کے بعد وہ 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی 8ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ چٹاگانگ ٹیسٹ کے ہیرو عابد علی کیرئیربیسٹ20ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ویمن کرکٹ ٹیم قرنطینہ میں چلی گئی

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت ہونے والی ٹیسٹ میچز سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔

 

‘تیاری کر لیں، ہوسکتا ہے ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن کرنا پڑے’

0
پنجاب اسموگ

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کی صورتحال کو تشویش ناک قرار دے دیا ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تیاری کر لیں، ہوسکتا ہے اسموگ پر قابو پانے کیلئے لاہور میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔

تفصلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے سموگ کے تدراک کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ تیاری کر لیں، ہو سکتا ہے کہ ائر کوالٹی کی بہتری کے لیے لاہور میں ایک ہفتہ کے لیے لاک ڈاؤن کرنا پڑے ۔

عدالت نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے اجلاس کرکے ماحولیات ایمرجینسی کی تجویز پر غور کریں، اسموگ کے تدارک کیلئے غیر ملکی ماہرین کی بھی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔

ڈائریکٹر پی ایم ڈی اے نے بتایا کہ پیر کی تعطیل سے ائیر کوالٹی انڈکس میں بہتری آئی ہے اور چھ سو چار سو انڈیکس پر آگئی ۔

مٸیر لاہور کا کہنا تھا کہ لوہے کے کارخانوں میں ٹاٸر جلاٸے جا رہے ہیں جو بھٹوں سے زیادہ خطرناک ہیں ، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ٹائر جلنے کی فوری شکایت واٹر کمیشن کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی کو رپورٹ کرنے کے بنائی گئی ایپلیکشن کی تشہیر کی ہدایت کی اور اسموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کے بارے میں تمام محکموں سے رپورٹ طلب کرلی۔