اتوار, مئی 26, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10699

کرونا سے 4 لاکھ اموات کے بھارتی حکومت کے اعداد و شمارغلط اور گمرہ کن قرار

0

نئی دہلی : مودی سرکار نے کرونا وائرس کے اعداد و شمار جاری کرنے میں بھی مسلسل گمراہ کن جھوٹ کا سہارا لیا، جھوٹ بولنے میں وزیراعظم نریندر مودی پیش پیش رہے۔

پلوامہ ہو یا رافیل، اقلیتیں ہوں یا پڑوسی ممالک میں جاسوسی کی کارروائیاں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہمیشہ اپنی عوام کو گمراہ کیا حتیٰ کہ کرونا کے گمراہ کن اعداد و شمار جاری کرنے میں بھی مودی پیش پیش رہے۔

امریکی سینٹر آف گلوبل اسٹڈی رپورٹ میں مودی حکومت کا ایک اور جھوٹ بےنقاب کردیا، رپورٹ میں کرونا وائرس سے 4 لاکھ 15 ہزار اموات کے بھارتی حکومت کے اعداد و شمار کو غلط اور گمراہ کن قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے اموات 34 لاکھ سے 47 لاکھ کے درمیان ہیں اور کرونا وائرس سے ہونے والی یہ ہلاکتیں بھارتی تاریخ کا سب سے بڑا انسانی المیہ ہے۔

امریکی سینٹرآف گلوبل اسٹڈی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وبا کے اوائل سے رواں برس جون تک کے اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے اور بھارت کی مختلف ریاستوں کے اصل اعداد و شمار حاصل کرکے رپورٹ تیار کی گئی۔

واضح رہے کہ پہلے بھی عالمی ادارے مودی حکومت کو غلط اعداد و شمار دینے پر بے نقاب کرچکے ہیں، جھوٹ کے سہارے چلنے والی مودی سرکاری کی کارکردگی عوام کےلیے سوالیہ نشان ہے۔

سابق سفیر کی بیٹی کے قتل کیس میں اہم پیشرفت

0

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں سابق سفیر کی بیٹی کے قتل سے متعلق ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ گرفتاری کے وقت ملزم نشے میں نہیں تھا جب ملزم کو گرفتار کیا وہ ہوش و حواس میں تھا، ملزم نے انتہائی غلط اقدام کیا ہے۔

ساؤتھ کوریا میں پاکستان کے سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے بہیمانہ قتل سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی ہے، اسلام آباد کے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطاالحرحمٰن نے نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نور مقدم قتل کیس ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، اس کیس پر آئی جی صاحب نے اسپیشل ٹیم بھی لگائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم ہماری تحویل میں ہے جس کا ریمانڈ بھی جاری ہے، لڑکی کے قتل کے ملزم ظاہر کو موقع واردات سے گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ نور مقدم دو دنوں سے گھر پر نہیں تھی، متاثرہ فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عطاالرحمٰن نے کہا کہ ملزم کو جب پولیس نے گرفتار کیا اس وقت وہ نشے میں نہیں تھا، ملزم گرفتار کے وقت بلکل ہوش و حواس میں تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ نور مقدم کے قتل کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی اور واقعے کے دوران کوئی عینی شاہد موجود نہیں تھا،، فارنزک ٹیم نے تمام شواہد موقع سے اکھٹے کرلیے ہیں۔

نور مقدم قتل کیس میں اہم انکشافات

عطاء الرحمٰن نے کہا کہ ملزم کے گھر سے پستول برآمد ہوا جس میں گولی پھنسی ہوئی تھی، ملزم سے پسٹل برآمد ہوا ہے، تفتیش میں فائرنگ سامنے نہیں آئی، گولی پھسنے کی وجہ سے پسٹل نہیں چلا، گرفتار ملزم پر ماضی میں کسی کیس کی تفصیل ہمارے پاس نہیں ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ملزم بحالی سینٹر میں رہا یا نہیں ہمیں اس سے کوئی واسطہ نہیں، ملزم کے ساتھ گھر کےملازموں سے بھی تفتیش کررہے ہیں۔

کیپٹن باسط علی شہید کے گھر آرمی چیف جنرل باجوہ کی اہلیہ کے ہمراہ آمد

0

اسلام آباد : عید الاضحیٰ کے دوسرے روز آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اہلیہ کے ہمراہ ہری پور کے قریب کیپٹن باسط شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان بّری افواج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اہلیہ کے ہمراہ عید کے دوسرے روز وطن عزیز پر جان قربان کرنے والے کیپٹن باسط علی کے گھر آمد ہوئی، آرمی چیف نے شہید کیپٹن کے بلندی درجات کےلیے فاتحہ خوانی۔

آرمی چیف نے کیپٹن باسط کے اہل خانہ سے بات چیف بھی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع کےلیے جان سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں ہوسکتی، پوری قوم کو وطن کےلیے قربانیاں دینے والے قومی ہیروز پر فخر ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

خیال رہے کہ 14 جولائی کو کیپٹن باسط علی نے شمالی وزیرستان میں ملک دشمنان دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

شہید عبدالباسط ریٹائرڈ سکول ٹیچر بشارت خان تنولی کے بیٹے ہیں، نماز جنازہ آبائی گاوں میں ادا کرنے کے بعد آپ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا تھا۔

شہریوں نے گلی محلوں میں قربانی پر پابندیوں کی دھجیاں اڑا دی

0

کراچی : شہریوں نے گلی محلوں میں قربانی پر عائد حکومتی پابندیوں کی دھجیاں اڑا دیں، آلائشوں کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات تاحال نہ اٹھائی جا سکیں، آلائشوں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات سے تعفن اٹھنے لگا۔

سندھ حکومت کی جانب سے شہر کو گندگی اور جراثیم کے پھیلاؤ سے بچانے کےلیے گھروں کے باہر جانور کی قربانی پر پابندی عائد کررکھی تھی لیکن شہر قائد کی عوام نے حکومتی پابندیوں پر چھری چلا دی۔

میدانوں اور رہائشی علاقوں سے دور کسی نے قربانی کا اہتمام نہیں کیا، شہریوں نے انفرادی طور پر گھروں کے باہر قربانی کی جس کی وجہ سے مجمع اکھٹا ہوا جس پر پابندی عائد تھی۔

جگہ جگہ جاور ذبح ہونے کی وجہ سے شہر بھر میں آلائشوں کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 اور 8، جناح کالج ناظم آباد، عید گاہ گراؤنڈ میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر، گلستان جوہر، غریب آباد اور سخی حسن پر آلائشوں کا انبار لگ گیا۔

مختلف پارکوں کے باہر گندگی کے پہاڑ بن گئے، شہریوں کی جانب سے آلائشیں پھینکے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

کویت: گھریلو ملازمین کے اہم سہولت کا اعلان

0

کویت سٹی: کویت کے شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے امیونٹی ایپلی کیشن میں نئی اپڈیٹ کا اضافہ کردیا گیا جس سے گھریلو ملازمین کو سہولت ہوگی۔

کویتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت میں انفارمیشن سسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینئر احمد الغریب نے امیونٹی ایپلی کیشن کے بارے میں ایک اہم اپڈیٹ کا اعلان کیا ہے جس میں کوئی بھی فرد اپنے علاوہ اپنے 6 ساتھیوں کے بھی ویکسی نیشن ڈیٹا اور کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کو محفوظ کرسکتا ہے۔

انجینیئر الغریب کا کہنا ہے کہ یہ اپڈیٹ شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے عمل میں آئی ہے جس سے کنبے کا سربراہ اپنے ساتھ 6 خاندان کے افراد کا ویکسی نیشن ریکارڈ ایک ہی ایپلی کیشن میں شامل کرسکتا ہے۔

حکام کے مطابق چونکہ اب 12 سال سے بڑی عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہوچکا ہے، اس کے علاوہ گھریلو ملازمین کی ویکسی نیشن بھی مکمل ہوچکی ہے اور اکثریت کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں لہٰذا کنبے کے سربراہ کو ان کا اضافی ڈیٹا محفوظ کرنے کا اختیار فراہم کرنے سے یہ سہولت ہوگی کہ سفر سے قبل یہ ڈیٹا دکھایا جاسکے۔

انجینئر نے وضاحت کی کہ اضافی اقدامات کے لیے پہلے امیونٹی کی ایپلی کیشن میں لاگ ان کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جہاں فرد کو ویکسی نیشن کی حیثیت والے صفحے کے آخر میں ویکسی نیشن پیج باکس نظر آئیں گے جس میں ویکسی نیشن کی حیثیت، کووڈ 19 ٹیسٹ رپورٹ، ہدایات اور ترتیبات شامل ہوتے ہیں۔

کراچی: آلائشوں اور جانوروں کی باقیات کا ڈھیر، شہر تعفن زدہ ہوگیا

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید قرباں کے بعد حسب معمول آلائشوں اور گندگی کا ڈھیر لگ گیا، صوبائی وزیر اور مقامی انتظامیہ غائب ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات تاحال نہ اٹھائی جا سکیں، آلائشوں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات سے تعفن اٹھنے لگا۔

کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 اور 8، جناح کالج ناظم آباد، عید گاہ گراؤنڈ میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر، گلستان جوہر، غریب آباد اور سخی حسن پر آلائشوں کا انبار لگ گیا۔

مختلف پارکوں کے باہر گندگی کے پہاڑ بن گئے، شہریوں کی جانب سے آلائشیں پھینکے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز منظر نامے سے غائب ہیں، شہر کی صورتحال کے حوالے سے کوئی وزیر بھی دورے پر نہیں نکلا، رہائشی علاقوں میں قربانی کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے بھی نہیں ہوسکا۔

شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں محض آلائشوں کے کلیکشن پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں سے جانوروں کی باقیات لینڈ فل سائٹ پہنچانے کا کام سست روی کا شکار ہے۔

پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

0

پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں سے مختلف حادثات میں صوبے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21 گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شبقدر مٹہ رستم خیل کے متاثرین میں ضلعی انتظامیہ نے امدادی سامان تقسیم کیا۔

فیصل آباد میں گزشتہ 40 گھنٹے سے بجلی بند

0

لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں گزشتہ 20 سے 40 گھنٹے سے بجلی بند رہی جس پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے فیسکو کے متعدد افسران کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 20 سے 40 گھنٹے کی بجلی بندش پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے نوٹس لے لیا۔

وزیر توانائی حماد اظہر نے چیف ایگزیکٹو فیسکو ارشد منیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے ایس ڈی او مدینہ ٹاؤن فرخ پرویز، ایکسین آپریشن عبد اللہ پور امجد اور ایس ای فرسٹ مبشر حسین کو معطل کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ عید پر فیسکو افسران کی کارکردگی مایوس کن رہی، سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی معطلی کی ہدایات کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیسکو بورڈ آف گورنرز کو بھی انکوائری کی ہدایات کی ہیں۔

کراچی: انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے جس میں 1 لاکھ سے زائد طلبا شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ 26 جولائی سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق 1 لاکھ 12 ہزار 6 سو طلبا امتحان میں شریک ہوں گے جن کے لیے 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، 66 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

صبح کی شفٹ میں سائنس جبکہ شام میں آرٹس اینڈ کامرس گروپ کا امتحان لیا جائے گا، سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات
ہوں گے جس میں تقریباً 55 ہزار 443 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

کامرس ریگولر، کامرس پرائیوٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیوٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے 57 ہزار 157 امیدوار شرکت کریں گے۔

114 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 96 امتحانی مراکز شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔

انٹر بورڈ کے مطابق سالانہ امتحانات برائے 2021 میں پرچے 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر سوالات کے جوابات اور 20 فیصد تفصیلی سوالات کے جوابات پر مشتمل ہوں گے۔

گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

0

چلاس: شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے، دوسری جانب گلگت استور روڈ کو لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کھول دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کھولنے کا کام صبح سے جاری ہے، شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ٹیمیں روڈ بحالی کا کام کر رہی ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق مزید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوئی تو شاہراہ جلد کھول دی جائے گی، سڑک کو جلد کھلوانے کے لیے مزید مشینری بجھوائی جارہی ہے۔ بین الاضلاعی شاہراہوں کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند استور ویلی سڑک کھول دی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ تعمیرات عامہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سڑک کھول کر آمد و رفت بحال کردی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گلگت استور روڈ 15 مقامات پر لینڈ سلائیڈئنگ کے باعث بند تھا، شاہراہ پر ہر قسم کا ٹریفک بحال کردیا۔