پیر, جون 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10698

کابل کے سوا تمام بڑے افغان شہروں پر طالبان کا قبضہ ہوگیا

0

کابل : افغان کا ایک اور صوبائی دارالحکومت جلال آباد پر افغان طالبان نے اپنا قبضہ قائم کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کئی برس سے خانہ جنگی کا شکار افغانستان میں غیر ملکی افواج کا انخلا ہوتے ہی افغان طالبان نے دوبارہ افغانستان پر اپنی حکومت قائم کرنے کےلیے متعدد اضلاع، شہروں و صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے شروع کردیئے۔

خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے ایک اور صوبائی دارالحکومت کو اپنے قبضے میں لے لیا، صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد پر بھی طالبان نے اپنا کنٹرول قائم کرلیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طالبان جلال آباد شہر میں بغیر کسی لڑائی کے داخل ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے وفاقی دارالحکومت کابل کے سوا تمام بڑے افغان شہروں پر طالبان کا قبضہ ہوگیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان نے اشرف غنی کے آبائی صوبے لوگر کے دارالحکومت پل علم پر بھی قبضہ کرلیا تھا۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ کابل طالبان کی پہنچ سے صرف چند کلو میٹر دور رہ گیا ہے، طالبان نے اب تک افغانستان کے 34 میں سے 21 صوبائی دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے: شاہ محمود قریشی

0

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متاثر ہو کر سعودی عرب میں بھی گرین سعودی عربیہ مہم شروع کی جارہی ہے، مہم کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کی بات کی جارہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے شجر کاری کی جارہی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلائمٹ چینج سے مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، وزیر اعظم نے عوام کو ماحولیات سے متعلق آگاہ کیا، شجر کاری مہم میں عوام کی دلچسپی نظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، عوام کے بغیر شجر کاری مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان سے متاثر ہو کر سعودی عرب میں بھی گرین سعودی عربیہ مہم شروع کی جارہی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں شجر کاری مہم اکتوبر میں شروع ہوگی، مہم کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

جو بائیڈن کی افغان طالبان کو وارننگ

0

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے افغان طالبان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان افغانستان میں موجود امریکیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے باز رہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے افغان طالبان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان امریکیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے باز رہیں، افغانستان میں ایسے کسی بھی اقدام کا جواب فوجی طاقت سے دیا جائے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میری انتظامیہ نے قطر میں طالبان حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔

جو بائیڈن نے افغانستان سے انخلا میں معاونت کے لیے مزید امریکی افواج بھیجنے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ انخلا میں معاونت کے لیے افغانستان میں 5 ہزار فوجی تعینات کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ طالبان اب تک افغانستان کے 20 صوبائی دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق 70 فیصد افغانستان پر طالبان قابض ہوچکے ہیں، افغان صدر اشرف غنی کا آبائی صوبہ لوگر کا دارالحکومت پل علم بھی طالبان کے قبضے میں چلا گیا۔

جن صوبوں پر طالبان نے قبضہ کیا ہے ان میں نمروز، جوزجان، سریل، تخار، قندوز، سمنگان، فراہ، بغلان، بدخشاں، غزنی، ہرات، بادغیس، قندھار، ہلمند، غور، اروزگان، زاہل، لوگر، پکتیکا اور کنڑ شامل ہیں۔

کرونا وائرس: ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد ہوگئی

0

اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.8 فیصد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 67 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 24 ہزار 406 ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 711 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 94 ہزار 699 ہوگئی۔

ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 83 ہزار 754 ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 54 ہزار 204 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 67 لاکھ 94 ہزار 167 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.8 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 729 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔

ویکسی نیشن کی صورتحال

ملک میں اب تک 3 کروڑ 39 لاکھ 8 ہزار 397 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 1 کروڑ 19 لاکھ 56 ہزار 552 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

جمیکا ٹیسٹ، دوسری اننگز میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار

0

جمیکا: پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی 4 وکٹیں 91 رنز پر گر گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے دوسرے سیشن میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی، پاکستان کی 4 وکٹیں 91 رنز پر گر گئیں، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 55 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

بابر اعظم 18 اور محمد رضوان 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اوپنر عمران بٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، اظہر علی 23 رنز پر کیمار روچ کا نشانہ بنے، فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور جیدن سیلز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور 251 رنز میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 253 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں پاکستان کےخلاف36 رنز کی برتری حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سےکپتان کریگ برتھ ویٹ 97 اور جیسن ہولڈر 58 رنز بناکر نمایاں رہے، روسٹن چیز اور بلیک ووڈ نے بالترتیب 21 اور22 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے4 اور محمد عباس نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

مسلسل پیزا کھانے والے افراد ہوجائیں ہوشیار

0

برگر، پیزا، چپس وغیرہ ایسے کھانے ہیں جنہیں لوگ بڑے شوق سے کھاتے ہیں، ان سے پرہیز کرنا چونکہ ایک مشکل کام ہے، اگر آپ روزانہ یا ایک، دو دن چھوڑ کر بہت زیادہ پیزا کھا رہے ہیں تو یاد رکھیں کہ اس کے آپ کے جسم پر بہت بُرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ کو معلوم ہو کہ اس مزیدار چیز کی زیادتی سے آپ کو جسمانی طور پر کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے؟

ضروری غذائیت کی کمی

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ پیزا کے بعد بھی بھوک کیوں لگتی ؟ اصل میں پیزا میں ریشہ (فائبر) زیادہ نہیں ہوتا،ریشہ آپ کے پیٹ کو بھرنے کا احساس دلانے کے لیے بہت ضروری ہے اور وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ لیکن ایک، دو پیزا سلائس سے آپ کو اتنا فائبر نہیں مل سکتا، جس سے آپ کو بھوک مٹنے کا احساس ہو۔ کچھ ہی دیر میں آپ کو پھر بھوک لگے گی۔ یہی وجہ ہے کہ کم فائبر رکھنے والی خوراک کا مستقل استعمال وزن میں اضافہ کرتا ہے۔

قبض
پیزا کے ہر سلائس کے ساتھ روٹی اور پنیر کا بہت زیادہ پیٹ میں جانا آپ کے لیے سنگین مشکلات کھڑی ہر سکتا ہے، فائبر نہ ہونے کی وجہ سے آپ کے ہاضمے کے نظام کا کام بڑھ جاتا ہے اور آپ کو سخت قبض ہو سکتا ہے، قبض تو ویسے ہی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، بلکہ اسے ‘ام الامراض’ کہتے ہیں۔ اگر آپ روزانہ کی بنیاد پر پیزا کھا رہے ہیں اور ڈٹ کر کھا رہے ہیں تو جلد ہی دائمی قبض کا شکار ہو سکتے ہیں۔

دل کے امراض کا خطرہ
پیزا میں سوڈیم مواد زیادہ ہوتا ہے اور اس میں مصنوعی طریقے سے محفوظ کیا گیا پروسیڈ گوشت استعمال ہوتا ہے، اس لیے بہت زیادہ پیزا کھانے سے آپ کو دل کے امراض کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، تحقیق کے مطابق بہت زیادہ پروسیسڈ گوشت کے استعمال سے دل کے امراض کے علاقے موٹاپا اور سرطان یعنی کینسر بھی ہو سکتا ہے۔

ذیابیطس کا خطرہ

کیا آپ جانتے ہیں کہ پنیر کی وجہ سے پیزا کے صرف ایک سلائس کا گلیسمک انڈیکس کتنا ہوتا ہے؟ کیونکہ یہ سادہ نشاستے سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں کافی ریشہ اور لحمیات (protein) نہیں ہوتے، اس لیے یہ خون میں شوگر کی مقدار کو یکدم بڑھا دیتا ہے کبھی کبھار ایسا ہو تو مسئلہ نہیں لیکن بار بار ایسا ہونے سے ذیابیطس (diabetes) کا خطرہ لاحق ہو جاتا ہے اور یہ مرض دل کی بیماریوں، اندھے پن، عصبیاتی امراض اور گردوں کے مسائل کا سبب بنتا ہے۔

وزن میں اضافہ

تحقیق کے مطابق جن چیزوں کا گلیسمک انڈیکس زیادہ ہو، ان کو کھانے کے باوجود آپ کو بھوک کا احساس رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آپ انہیں زیادہ کھاتے ہیں اور یوں ان سے وزن بڑھ جاتا ہے، موٹاپے کی صورت میں کئی نئی بیماریوں کا دروازہ بھی کھل جاتا ہے۔

کے پی ایل: مظفر آباد ٹائیگرز، راولا کوٹ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی

0

کشمیر پریمیئر لیگ میں مظفر آباد ٹائیگرز نے راولا کوٹ ہاکس کو 7 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد ٹائیگرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹ پر 164 رنز بنائے جبکہ راولاکوٹ کی ٹیم آخری اوور میں 157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کوالیفائر میچ میں مظفر آباد ٹائیگرز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹ پر 164 رنز بنائے، انور علی 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔

عمران رندھاوا اور دانش عزیز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں راولا کوٹ کی وکٹیں ہدف کے تعاقب میں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، حسین کی 52 رنز اننگز بھی راولا کوٹ کو شکست سے نہ بچاسکی۔

آخری اوور میں دانش عزیز نے جارحانہ انداز اپنایا اور سہیل تنویر کے 19ویں اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگاکر ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے تاہم سہیل تنویر نے مسلسل 2 گیندوں پر وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا جبکہ راولا کوٹ کے آخری بیٹسمین رن آؤٹ ہوئے۔

مظفرآباد ٹائیگرز نے 7 رنز سے میچ جیت کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں کیسے آئے؟ جانئے ان کی زبانی

0

ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ندیم ارشد نے یہ سفر کیسے طے کیا؟ کن کی زیر سرپرستی وہ عالمی ٹورنامنٹ میں پہنچے،جانئے ان ہی ہی زبانی۔

اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام”باونسر”کے میزبان شعیب جٹ نے یوم آزادی ارشد ندیم کے ساتھ منائی ، خصوصی گفتگو میں ارشد ندیم نے واقعات سے پردہ اٹھایا۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول ایک سو دو پندرہ کے ٹیچر ظفر صاحب کی کوششوں کے نتیجے میں مجھے پہلی بار جیولین تھرو میں ضلعی سطح پر نمائندگی کا موقع ملا، بعد ازاں دو ہزار بارہ سے پندرہ تک میرے کوچ رشید صاحب جن کا تعلق بھی میاں چنوں سے ہیں، انہوں نے میری بہت سپورٹ کی، دو ہزار پندرہ میں واپڈا جوائن کی، تو فیاض الحسن بخاری صاحب سے ملاقات ہوئی۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ دو ہزار پندرہ اسے اب تک جس شخصیت نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا، وہ ہیں جنرل اکرم ساہی صاحب جو کہ ہمارے ایتھلیٹ فیڈریشن ایشیا کے صدر ہیں، ان کا میں بہت شکر گزار ہوں کیونکہ انہوں نے مجھے اپنے بیٹوں سے بھی بڑھ کر عزت دی ، میں ان کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے۔

ارشد ندیم نے اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام "باوٓنسر” کے میزبان شعیب جٹ سے خصوصی گفتگو میں اپنے پسماندہ علاقے میں ٹریننگ کا احوال بتایا کہ علاقے میں کوئی مخصوص ٹریننگ نہیں کرتا تھا، واپڈ جوائن کرنے کے بعد ٹریننگ میں کچھ بہتری آئی۔ ارشد ندیم نے دوران گفتگو پریکٹس کرنے والا ڈنڈہ بھی دکھایا اور کہا کہ بچپن میں وہ دن میں دس سے پندرہ دفعہ جیولین تھرو پھینکنے کی مشق کرتے تھے۔

جیولین تھرو میں پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے لانے والے ارشد ندیم نے پروفیشنل زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی اور بتایا کہ وہ واپڈا میں گریڈ اٹھارہ کے افسر ہیں۔

میزبان شعیب جٹ نے ٹوکیو اولمپکس کے درمیان ندیم ارشد کی جانب سے سوشل میڈیا استعمال کرنے سے متعلق سوال کیا تو ایتھلیٹ نے بتایا کہ پاکستانی دستے کے حکام ویڈیو بناکر شیئر کرتے تھے، میں تو اتنا پڑھا لکھا بھی نہیں ہوں کہ سوشل میڈیا پر فوکس کروں، ایونٹ میں میرا فوکس وہ تھا جو قوم کو نظر آیا، اللہ تعالیٰ نے بہت عزت دی۔

ارشد ندیم کا مزید کہنا تھا کہ جیولین تھرو میں یہی مقصد بناکر گیا تھا کہ پاکستان کا نام روشن کرو، 90 تک اسکور کروں، مگر ایسا نہ ہوسکا، کوئی بات نہیں جو اللہ کو منظور ہو، وہی ہوتا ہے۔

 

کراچی: مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ ، 9 افراد جاں بحق

0

کراچی: کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ کیا گیا ہے، حملے میں دو بچوں سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ایس پی بلدیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ کیا گیا ہے، حملے میں نو افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے اور خواتین شامل ہیں۔

ایس پی بلدیہ نے بتایا کہ گاڑی میں بیس سے پچیس افراد سوار تھے،خواتین اوربچوں کی تعداد زیادہ تھی، متاثرہ خاندان لانڈھی شیرپاؤ کالونی کا رہائشی ہے جو کہ شادی کی تقریب سےواپس آرہےتھے کہ بلدیہ مواچھ موڑپر موٹر سائیکل سوار نےکریکر پھینکا، واقعے کے بعد منی ٹرک کےڈرائیورکوحراست میں لےلیاہے۔

 اس سے قبل ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے واقعے سے متعلق بتایا کہ گاڑی میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا تھا۔

دھماکے کے بعد جائے حادثے پر پہنچنے والی ٹیموں کا کہنا تھا کہ منی گاڑی میں گیس سلنڈر موجود نہیں ہے،بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے حادثے پر موجود ہے اور مختلف پہلو سے تحقیقات جاری ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکےسےمتعلق تعین کےبعدحتمی رپورٹ دےگا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مواچھ گوٹھ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ سندھ سےتفصیلات طلب کرلیں ہیں، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کی بھرپور مدد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہیں۔

وزیرداخلہ کا واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے بلدیہ ٹاؤن کراچی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کےلواحقین کےساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے،وزیرداخلہ نے کریکر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ، ڈی جی رینجرز سےواقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرک واقعےکی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائے، وفاقی ادارےسندھ حکومت کومکمل تعاون فراہم کریں گے۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب

دوسری جانب انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب نےکریکرحملےکی تصدیق کردی ہے، عمر خطاب نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرک میں ہینڈ گرینیڈ پھینکاگیاجو ہوا میں ہی پھٹ گیا، ٹرک پر دائیں جانب سےحملہ کیاگیا، حملہ آورممکنہ طورپرموٹرسائیکل پرسوارتھے۔

کورونا وبا کے دوران پیدا ہونے والوں بچوں سے متعلق حیران کن تحقیق

0

واشنگٹن: امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران پیدا ہونے والوں بچوں میں ذہانت کی شرح وبا سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں سے 22 فیصد کم ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کی براؤن یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق کورونا وبا کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کی ذہانت کی شرح کورونا وبا سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں سے 22 فیصد کم ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا میں والدین نے چہرے پر ماسک کا زیادہ استعمال کیا جس کی وجہ سے بچوں کی نشونما پر بھی اثر پڑا، کیونکہ اس وجہ سے بچے چہرے کے تاثرات اور اشاروں کو نہیں سمجھ سکے۔

یہ تحقیق رہوڈ آئی لینڈ کے 672 بچوں پر کی گئی جس میں 2019 سے پہلے پیدا ہونے والے 308 بچے، جنوری 2019 اور مارچ 2020 کے دوران پیدا ہونے والے 176 بچے اور جولائی 2020 کے بعد پیدا ہونے والے 188 بچوں کو شامل کیا گیا تھا۔ تحقیق میں شامل تمام بچے مکمل مدت میں پیدا ہوئے تھے۔

سائنسدانوں نے بڑے کی ذہانت جانچنے کے روایتی طریقے کے بجائے بچوں کے ابتدائی ایام میں سیکھنے کی صلاحیتوں کو بنیاد بنا کر نتائج اخذ کیے۔

سائنسدانوں نے ان بچوں کا زبانی، غیر زبانی اور جلدی سیکھنے والی مہارتوں پر ان کی نشونما کا جائزہ لیا۔ تحقیق میں کہا گیا کہ مارچ 2020 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں میں چیزوں کو سمجھنے اور زبانی اور جسمانی سرگرمیوں کی صلاحیتیں کم ہیں بہ نسبت ان بچوں کے جو کورونا سے پہلے پیدا ہوئے تھے۔

اس تحقیق میں شامل مصنفین کے سربراہ ڈاکٹر شین دیونی کا کہنا ہے ذہانت کی شرح میں کمی بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غیر یقینی ہے کہ ذہانت کی شرح میں کمی بچوں کو مستقبل میں بھی متاثر کرے گی یا نہیں، کیونکہ بچوں کے دماغ نوجوانوں کے مقابلے میں زیادہ جلدی تبدیل ہوسکتے ہیں اور امکان ہے کہ مستقبل میں یہ ٹھیک ہوجائیں گے۔