اتوار, مئی 19, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 12259

ننھی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی اور حدیقہ کیانی کی آواز میں‌ نیا گانا ریلیز

0

کراچی: اپنی منفرد آواز سے دنیا بھر میں مقام حاصل کرنے والی ننھی پاکستانی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کا نیا گانا ریلیز ہوگیا جس میں انہوں نے حدیقہ کیانی جیسی سینئر گلوکارہ اور معروف قوال فرید ایاز کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگایا۔

نوجوان موسیقار اور گلوکار اذان سمیع خان نے اس کی موسیقی کو ترتیب دیا جس میں ہادیہ ہاشمی، حدیقہ کیانی، گلوکار علی طارق اور فرید ایاز  اور ابو محمد نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔

اس گانے کو ’تو ہے میرا‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے بول ایس کے خالش نے لکھے ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hadia Hashmi (@hadia_hashmi_official)

واضح رہے کہ اذان سمیع خان اس سے قبل پرے ہٹ لو سمیت دیگر بلاک باسٹر پاکستانی فلموں کی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے تیس دسمبر 2020 کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 9 سالہ ننھی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی تھی۔

تصویر شیئر ہونے کے بعد مداح خوش ہوئے تھے کیونکہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ منفر آواز کی مالک دونوں گلوکارائیں ایک ساتھ کسی پروجیکٹ پر کام کررہی ہیں۔

برطانیہ سے آزادی، اسکاٹ لینڈ کا بڑا قدم

0

لندن: اسکاٹ لینڈ نے برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، اسکاٹش نیشنل پارٹی نے دوسرے ریفرنڈم کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے لیے ایس این پی نے یک طرفہ طور پر دوسرا ریفرنڈم کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسکاٹش نیشنل پارٹی نے ہفتے کے روز دوسرے ریفرنڈم کے لیے قانون سازی کرنے کی کوشش کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا، حالاں کہ برطانیہ کی حکومت بدستور اس طرح کے ووٹ کی منظوری سے انکار کر رہی ہے۔

منصوبے کے مطابق مئی میں اسکاٹ لینڈ میں ہونے والے انتخابات میں اگر اسکاٹش نیشنل پارٹی جیتی تو قانونی ریفرنڈم کرایا جائے گا۔

اسکاٹش نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ آج گیارہ نکاتی روڈ میپ پیش کیا جائے گا جب کہ برطانوی حکومت کی جانب سے ریفرنڈم روکنے کی کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔

ایس این پی کے رہنما کیتھ براؤن کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس ریفرنڈم کے لیے حکمت عملی پر عمل پیرا ہوگی۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایس این پی لیڈرز پر ریفرنڈم کا راستہ اختیار کرنے کے لیے پلان بی پر عمل کے لیے دباؤ ہے، جب کہ برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ ایک اور آزادی ووٹ کی منظوری نہیں دیں گے اور رواں ماہ ایک انٹرویو میں کہا کہ ویسٹ منسٹر کو 2050 تک اس کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی، آصف زرداری

0

کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور سے ٹیلیفونک گفتگو کی، سابق صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہوچکا ہے، ملک شدید خطرات میں ہے، حکمران بڑا بلںڈر کرسکتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا ہے، حکومت سے نجات کے لیے پی ڈی ایم تمام آپشنز استعمال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، نہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ کوئی مدد کرسکے، حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کردئیے۔

مزید پڑھیں: ان ہاؤس تبدیلی، اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل طلب

سابق صدر نے کہا کہ میں نے پہلے بتادیا تھا حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گرچکے ہیں بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی ناکام، نااہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر اہم اجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوگی۔

ٹیم کمبی نیشن کیا ہو؟ انضمام نے بتا دیا

0
WC 19

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے آغاز میں اب صرف دو روز باقی ہے۔ تیرہ سال سے زائد عرصہ بعد دونوں ٹیمیں پاکستان کی سرزمین پر کسی ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان کی قیادت مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم اور جنوبی افریقہ کی کپتانی وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں۔

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز چھبیس جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ اس موقع پر پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے بعد کسی ٹاپ رینک ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا پوری قوم کے لیے ایک خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی مکمل واپسی پاکستان میں کرکٹ کی مزید ترقی اور فروغ کا سبب بنے گی۔

آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم سے جڑی اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ 2007 میں انہیں نیا قومی ریکارڈ بنانے کے لیے مزید 18 رنز درکار تھے مگر وہ صرف تین رنز کی کمی سے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہے، شاید قسمت کو یہی منظور تھا کہ جاوید میانداد کا نام اس ریکارڈ لسٹ میں ان سے اوپر رہے کیونکہ جاوید میانداد ان کے ہیرو تھے، انہوں نے جاوید میانداد سے بہت کرکٹ سیکھی۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے منگل سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی اکثریت نے ابھی تک اپنے ہوم گراؤنڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا سہی مزہ نہیں چکھا، موجودہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہی متحدہ عرب امارات سے کیا. انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی اسٹار سے سپر اسٹار تب ہی بنتا ہے کہ جب وہ اپنے گراؤنڈ میں کھیلتا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیریز اسکواڈ میں شامل نئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین موقع ہے، ان کھلاڑیوں نے کراچی میں کھیلے گئے حالیہ ڈومیسٹک ایونٹس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انضمام الحق نے کہا کہ ایک نئے کھلاڑی کے لیے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے آغاز کا اس سے اچھا موقع اور کیا ہوسکتا ہے کہ اسے انہی کنڈیشنز پر ڈیبیو کا موقع مل جائے کہ جہاں نمایاں کارکردگی کی بدولت ہی اسے قومی اسکواڈ میں منتخب کیا گیا ہو۔

انضمام الحق نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، وہاں کی کنڈیشنز میں چائے کے وقفے کے بعد گیند ریورس سوئنگ ہونا شروع ہوجاتا ہے، پاکستان کی ٹیم کو 5 بیٹسمین اور 5 باؤلر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان 5 باؤلر میں 2 فاسٹ باؤلر، 2 اسپنر اور ایک الراؤنڈر شامل ہونا چاہیے، یہی کمبی نیشن ان کنڈیشنز پر سازگار بھی رہتا ہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ بابراعظم نے محدود طرز کی کرکٹ میں ثابت کرکے دکھایا ہے کہ ان پر کپتانی کا کوئی اضافی دباؤ نہیں ہے، وہ بیٹنگ اور کپتانی دونوں ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں تاہم انجری کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا دباؤ ان کے ذہن میں ضرور ہوگا لیکن وہ بڑے منجھے ہوئے اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں کہ جو دباؤ سے نکلنے کا ہنر جانتے ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ 9 نئے کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں شمولیت کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم قابل اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، پاکستان کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ کے لیے کسی صورت آسان نہیں ہوں گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا گوکہ نیوزی لینڈ میں نتائج پاکستان کے حق میں نہیں رہے مگر ان کنڈیشنز میں پاکستان کی وہ کارکردگی بری نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ بطور کرکٹر اور بیٹسمین ان کے خیال میں ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے مشکل کنڈیشنز نیوزی لینڈ میں ہی ہوتی ہیں، لہٰذا قومی کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی ہوم کنڈیشنز پر ابھی سری لنکا کو شکست دی ہے مگر یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں بہت فرق ہے۔

کراچی میں 6 لاکھ ٹن گندم کی ترسیل

0
گندم اسکینڈل

کراچی: این ایل سی کی درآمدی گندم کی بڑے پیمانے پر نقل و حمل جاری ہے اور پورٹ قاسم اور کراچی بندرگاہ سے 6لاکھ ٹن سے زائد گندم کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے۔

ترجمان این ایل سی کے مطابق ملک بھرمیں این ایل سی مال برداری کا آپریشن سرانجام دے رہا ہے اور گندم پیداوار میں کمی کے پیش نظرحکومت نے گندم درآمد کرنا شروع کی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ این ایل سی نے ستمبر2020کےوسط میں مال برداری کےکام کا آغاز کیا، گندم کی ترسیل کا کام چوبیس گھنٹے جاری ہے اہم غذائی اجناس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ این ایل سی نے بندرگاہوں پر لنگرانداز بحری جہازسےگندم منتقلی کا عمل مکمل کیا، گوداموں تک یومیہ 10سے 15ہزار ٹن گندم پہنچائی جا رہی ہے، ترسیلی جامع نظام، جدید ٹریکنگ کی مدد سے ہر گاڑی کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے جب کہ گندم ترسیل میں خراب موسم کےباعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ این ایل سی کو مجموعی طور پر 10لاکھ 50ہزار ٹن گندم ترسیل کی ذمہ داری ملی، ہدف کو فروری کے آخری ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا، ساڑھے 3لاکھ ٹن گندم محکمہ خوراک سندھ کے گوداموں میں منتقل کی گئی تھی۔

عالمی ادارہ صحت نے”مدینہ منورہ” کو دنیا کا صحت مند شہر قرار دے دیا

0

مدینہ منورہ: سعودی عرب کے دوسرے مقدس ترین شہر مدینہ منورہ کو عالمی ادارہ صحت نے بڑے اعزاز سے نوازا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے مدینہ منورہ کو انسانی صحت کے لیے دنیا کے شفاف اور بہترین شہروں کی صف میں شامل کر لیا ہے، شہر نبیﷺ کے حصے میں یہ اعزاز عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رینکنگ میں آیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے مدینہ منورہ کے دورے اور تفصیلی جائزے کے بعد یہ اعلان کیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے اہلکاروں کے مطابق مقدس شہر صحت افزاء مقام کے وہ تمام عالمی معیارات پر پورا اترتا ہے جو دنیا میں ایسی درجہ بندی کے لیے مقرر کیے گئے ہیں، بیس لاکھ کی آبادی والے شہروں میں مدینہ پہلا شہر ہے جسے عالمی ادارے نے اپنے صحت افزاء شہروں کے پروگرام میں شامل کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے صحت افزاء شہروں کے تعین کرنے والی کمیٹی میں بائیس حکومتی، کمیونٹی اور رضاکار تنظیموں کے نمائندے شامل ہوتے ہیں جو عالمی ادارے کی ایکریڈیشن تیار کرنے میں معاونت کرتے ہیں۔

معروف صدا کار، باکمال اداکار غزالہ رفیق کی برسی

0

غزالہ رفیق پاکستان کی معروف فن کارہ تھیں جو 24 جنوری 1977ء کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئیں‌۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔ غزالہ رفیق خداداد صلاحیتوں‌ کی مالک تھیں جنھوں نے گلوکاری اور صدا کاری کے علاوہ اداکارہ کی حیثیت سے بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔

غزالہ رفیق کا اصل نام بلقیس انصاری تھا۔ وہ 1939ء میں قنبر علی خان میں پیدا ہوئی تھیں۔ انھیں گھر میں علمی و ادبی ماحول میسر آیا جس کے باعث وہ ابتدا ہی سے لکھنے لکھانے اور گلوکاری کی طرف مائل ہوگئیں۔ 1957ء میں انھوں نے اپنے زمانے کے نام ور براڈ کاسٹر زیڈ اے بخاری کی فرمائش پر ریڈیو پاکستان کے کراچی سینٹر کے لیے گانے ریکارڈ کروائے تھے۔ ریڈیو پاکستان سے انھوں نے کئی اردو پروگراموں کی کمپیئرنگ بھی کی جن میں صبح دم دروازہ خاور کھلا، سامعین میں بہت مقبول ہوا۔ اسی دوران کئی ڈراموں میں صداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔

غزالہ رفیق نے امرائو بندوخاں اور ماسٹر محمد ابراہیم سے موسیقی کی تربیت حاصل کی تھی۔ انھوں‌ نے ایک سندھی فلم میں بھی کام کیا جب کہ کراچی ٹیلی وژن کے لیے ہدایت کار عبدالکریم بلوچ کے پہلے سندھی سیریل زینت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ متعدد اردو ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ان کے یادگار ڈراموں میں گڑیا گھر، پت جھڑ کے بعد، میں کون ہوں اے ہم نفسو، آخری موم بتی اور مرزا غالب سرفہرست ہیں۔ غزالہ رفیق نے سندھی ڈراموں عمر ماروی، سسی پنوں، نوری جام تماچی میں بھی اداکاری کی۔

انسٹاگرام، واٹس ایپ، فیس بک اور دیگر صارفین کے لیے بڑی خبر

0

سوشل میڈیا صارفین کے لیے اب ایسا پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا ہے جہاں سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس کی میسجنگ سروس ایک جگہ ہوگی۔

ایک ایسی یونیورسل ایپ تیار کی گئی ہے جو آئی میسج اور دیگر میسجنگ ایپلی کیشنز کو ایک جگہ اکٹھا کرے گی، اور ایک پلیٹ فارم پر رہتے ہوئے تمام میسجنگ سروس کا فائدہ اٹھایا جاسکے گا، پیبل نامی کمپنی کے بانی ایرک مگسوکوی نے یہ ایپ تیار کی ہے جس کا نام بیپر رکھا گیا ہے۔

برسوں پہلے مختلف سافٹ ویئرز ہوا کرتے تھے جہاں سے اس طرح کی سہولتیں ملتی تھیں۔ ماضی میں صارفین کو مختلف انسٹنٹ میسجنگ نیٹ ورکس جیسے یاہو اور ایم ایس این کو بیک وقت استعمال کرنے کی سہولت دی گئی تھی۔ تاہم اب دوبارہ یہ تصور عام ہورہا ہے اور لوگوں کو ایک پلیٹ فارم ملے گا۔

بیپر ایپلی کیشن میں صارفین پندرہ مختلف میسجنگ سروسز بشمول واٹس ایپ، سگنل، ٹیلیگرام، انسٹاگرام، ٹوئٹر ڈائریکٹ میسجز، میسنجر، اسکائپ، ہینگ آوٹ اور دیگر سے منسلک ہوسکتے ہیں۔

کمپنی کے بانی ایرک مگسوکوی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے سب سے مشکل آئی میسج کو اس پلیٹ فارم پر لانا تھا تاکہ اسے اینڈرائیڈ اور ونڈروز پلیٹ فارمز کے لیے فراہم کرسکیں، کیوں کہ آئی میسج کا کوئی اے پی آئی نہیں ہے، یہ نئی ایپ میٹرکس پر مبنی ہے، جو اوپن سورس انکرپٹڈ میسجنگ پروٹوکول ہے۔

وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنادی

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کے کسانوں کے لئے خصوصی پیکج جلد تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ملک عامر ڈوگر، اورنگزیب خان کھچی اور نور محمد خان بھابھا شامل تھے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ اور کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج پر تفصیلی گفتگو کی، اس موقع پر اورنگزیب کھچی نے وزیر اعظم کو وہاڑی میں کیڈٹ کالج کے قیام کی تجویز دی۔

ملاقات میں اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا، یہاں تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کا اولین مقصد نظرانداز اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی جنوبی پنجاب کے کسانوں کےلیےخصوصی پیکیج کی تجاویز تیار کر رہی ہے، کسانوں کے لیےخصوصی پیکج کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔

موسیقار لوک گلوکار استاد جمن کا یومِ وفات

0

محمد جمن پاکستان کے نام وَر لوک فن کار تھے جن کا آج یومِ وفات ہے۔ 24 جنوری 1990ء کو کراچی میں‌ انتقال کرجانے والے اس لوک گلوکار اور موسیقار کا تعلق بلوچستان سے تھا۔

محمد جمن 10 اکتوبر 1935ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد زمین دار تھے، مگر شعر و موسیقی سے شغف رکھتے تھے۔ محمد جمن کے نانا بھی مقامی ساز طنبورہ بجانے پر دسترس رکھتے تھے۔ یوں محمد جمن کو ایسا ماحول ملا تھا جس میں فطری طور پر ان کی طبیعت موسیقی پر مائل ہوئی اور بعد میں انھوں نے گلوکاری کے فن میں‌ نام و مقام بنایا۔

ابتدائی زمانے میں‌ محمد جمن نے طنبورہ بجایا اور ساتھ ہی گلوکاری بھی کرنے لگے۔ ان کی آواز اور انداز ان کی وجہِ شہرت بنا اور اس میدان میں ان کے کمال اور فن میں مہارت نے انھیں‌ استاد جمن کہلوایا۔

قیامِ پاکستان کے بعد انھیں ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہونے کا موقع ملا اور یوں ان کی پہچان کا سفر بھی شروع ہوا۔ محمد جمن پہلے کراچی اور پھر حیدرآباد اسٹیشن سے اپنی آواز کا جادو جگانے لگے۔

ریڈیو پاکستان، حیدرآباد سے وابستگی کے دوران انھیں‌ موسیقی ترتیب دینے کا بھی موقع ملا۔ محمد جمن کے شاگردوں میں روبینہ قریشی، زیب النسا، زرینہ بلوچ اور محمد یوسف کے نام سرفہرست ہیں۔

محمد جمن کے گائے ہوئے کئی لوک گیت اور صوفیانہ کلام آج بھی نہایت ذوق و شوق سے سنے جاتے ہیں۔ ان کی آواز میں‌ صوفیانہ کلام سننے والوں پر خاص رقّت اور جذب و وجد کی کیفیت طاری ہوجاتی ہے۔

حکومت پاکستان نے 1980ء میں انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔ محمد جمن کراچی میں آسودۂ خاک ہیں۔