ہفتہ, جون 21, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 13077

سعودی عرب : خواتین اب ہائی اسپیڈ جدید ٹرینیں چلائیں گی

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی عرب میں خواتین اب حرمین ایکسپریس ٹرین بھی چلاتی نظر آئیں گی، متعلقہ ادارے نے خواتین کی تربیت کیلئے کام کا آغاز کردیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سعودی ریلوے پولی ٹیکنیک نے اعلان کیا کہ حرمین ایکسپریس ٹرین لیڈرز پروگرام میں ٹریننگ کے لیے سعودی خواتین کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پروگرام کے تحت خواتین گریجویٹس ایسے مرد گریجویٹس کے ساتھ مل کر کام کریں گی جن کو گذشتہ پروگرام میں ٹریننگ دی گئی ہے۔

حرمین ایکسپریس سعودی عرب کی ہائی اسپیڈ ٹرین سروس ہے جو مکہ اور مدینہ کے درمیان چلے گی اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ سالانہ چھ کروڑ مسافر اس سے استفادہ کریں گے۔

Image used for illustrative purpose. Saudi people board at the new KAEC station of the Haramain speed train at King Abdullah Economic City, near Jeddah, Saudi Arabia Setpember 18, 2018.

خواتین کے لیے پروگرام میں رجسٹریشن رواں ماہ کی 13 تاریخ تک کھلی ہے اور ریلوے پولی ٹیکنیک کی ویب سائٹ کے ذریعے داخلہ لیا جا سکتا ہے۔

اس پروگرام کے لیے منتخب ہونے والوں کو ایک سال تک تربیت دی جائے گی اور بعد ازاں ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبہ چلانے والی کمپنی میں ملازمت کا حصول بھی ممکن ہوگا۔

سعودی ریلوے پولی ٹیکنیک کے جنرل مینیجر عبدالعزیز السوغیر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ تربیتی پروگرام کا آغاز فروری کے وسط میں جدہ میں ہوگا جس میں عملی تربیت کے لیے ریل پراجیکٹ کی ورک سائٹس پر بھی لے جایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حرمین سروس کی جانب سے کوالیفائیڈ ڈرائیورز کی طلب بڑھنے پر سعودی خواتین اس ضرورت کو پورا کرنے میں مددگار ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق زیر تربیت خواتین کو چار ہزار ریال ماہانہ دیے جائیں گے جبکہ ان کو سوشل انشورنس اسکیم میں بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ تربیتی پروگرام مکمل کرنے والی خواتین گریجویٹس کو ماہانہ آٹھ ہزار ریال دیے جائیں گے، عبدالعزیز السوغیر نے کہا کہ وطن کی بیٹیاں نوجوان قومی ٹیلنٹ کا اہم جزو ہیں اور وہ ریلوے کو مقامی افرادی قوت کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کی خدمات ریلوے کی کارکردگی اور معیار کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گی جن سے مملکت کے وژن 2030 کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

اومیکرون کا خوف: بھارت میں کرفیو نافذ

0

نئی دہلی: کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بھارت کے کئی علاقوں میں کرفیو لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک ہی دن میں 37 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب اور مرکز کے زیر انتظام دہلی کی ریاستوں نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے منگل کو قومی دارالحکومت میں ویک اینڈ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کرفیو کے دوران صرف ضروری نقل و حرکت کی اجازت ہوگی، تمام سرکاری دفاتر میں گھر سے کام کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ نجی دفاتر کو 50 فی صد حاضری پر کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

اس دوران پنجاب حکومت نے بھی ضروری سروسز کو چھوڑ کر رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک ریاست میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے، تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ج بکہ آن لائن کلاسز جاری رہیں گی۔

بھارت میں کرونا کا پھیلاؤ تیز، وزیراعلیٰ نئی دہلی بھی متاثر

مزید برآں، بارز، سینما ہالز، مالز، ریسٹونٹس اور اسپاز کو 50 فی صد حاضری کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی، اس کے ساتھ عملے کی مکمل ویکسینیشن بھی کی جائے گی۔

ریاست تلنگانہ میں 8 اور 16 جنوری کے درمیان ریاست بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے ہندو مکر سکرنتی تہوار کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، ممبئی میں بھی اسکول بند کر دیے گئے ہیں،۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں 3 دن میں 168 ڈاکٹرز میں کرونا کی تشخیص ہو چکی ہے، بھارت میں ممبئی سے گوا جانے والے کروز جہاز کے تمام مسافروں کو بھی واپس بھیج دیا گیا ہے، جس میں 2 ہزار مسافروں میں سے 66 میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

امریکا میں مچھلیوں کی بارش ہونے لگی

0

امریکی ریاست ٹیکسس میں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہونے لگی جس نے شہریوں کو حیران کردیا، لوگوں نے اسے سال 2021 کا آخری وار قرار دیا۔

امریکی ریاست ٹیکسس میں اس وقت مقامی افراد حیران و پریشان رہ گئے جب بارش کے ساتھ آسمان سے مچھلیاں بھی برسنے لگیں۔

بے شمار مقامی افراد نے سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر پوسٹ کیں جن میں بے حس و حرکت مچھلیاں دکھائی دے رہی ہیں۔

یہ ایک غیر معمولی واقعہ ضرور ہے لیکن ایسا ہوتا ہے۔

دراصل جب سمندر کا پانی بخارات بن کر ہوا میں اڑتا ہے، اس وقت اگر تیز ہوا چل رہی ہو یا طوفانی صورتحال ہو تو کئی چھوٹے سمندری جاندار جیسے مینڈک، کیکڑے یا چھوٹی مچھلیاں بھی اوپر اٹھ جاتی ہیں جو بعد میں بارش کے ساتھ زمین پر برستی ہیں۔

ایک شخص نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ بارش کے ساتھ کچھ گرنے کی آواز پر وہ سمجھا کہ اولے گر رہے ہیں لیکن جب اس نے باہر جا کر دیکھا تو آسمان سے مچھلیاں گر رہی تھیں۔

غوطہ خوروں نے وہیل مچھلی کی جان کیسے بچائی؟ ویڈیو وائرل

0

انسانوں سے ہمدردی اور محبت کی کئی مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں لیکن اس دنیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جنہیں دیگر مخلوقات سے بھی دلی لگاؤ ہوتا ہے۔

اسی ضمن میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں غوطہ خوروں کو وہیل مچھلی کی جان بچاتے ہوئے دیکھا گیا، کیمرے کی آنکھ میں قید مناظر دیکھ کر صارفین ورطہ حیرت کا شکار ہوگئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق وہیل مچھلی سمندری میں مضبوط رسی سے جکڑی ہوئی تھی جس کے باعث اس کی کھال پر بھی شدید زخم آئے، اس رسی کے سبب اسے دشواریوں اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا تاہم رحم دل ماہرین نے آبی مخلوق کی جان بچا لی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ سال 2019 کا ہے کہ جب غوطہ خوروں کی ایک ٹیم سیاحوں کو تیراکی سکھا رہی تھی کہ اس دوران انہیں موت سے جنگ لڑتی مچھلی دکھائی دی۔

ٹیم کے ماہرین نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا، غوطہ خوروں نے تیز دھار آلے کی مدد سے وہیل کے جسم پر لپٹی رسی کو کاٹا جس سے وہیل کو راحت ملی۔

بعد ازاں وہیل اپنے راستے ہوچلی، ویڈیو میں وہیل کے زخم بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

آج رات سے 7جنوری تک سندھ میں بارشیں، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

0

کراچی : پی ڈی ایم سندھ نے 4 جنوری کی رات سے 7 جنوری کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئے سال کے پہلے ہفتے میں صوبہ سندھ کے چند اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے 4 جنوری کی رات سے 7 جنوری کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 4 جنوری سے 7 جنوری کے دوران ضلع سکھر،شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، کراچی، جامشورو ، میرپورخاص، دادو، بدین، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جیکب آباد، شکار پور، تھر پارکر، قمبر شہد اد کوٹ اور عمر کوٹ میں تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے سندھ نے ممکنہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ضروری اقدام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے شروع ہونے والی بارش سے سردی میں اضافہ ہو گا اور درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق موسمِ سرما کا طاقت ور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہوا ہے، اس مغربی ہواؤں کے سسٹم نے جنوبی بلوچستان میں اچھی بارش برسائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت کراچی میں آج شام یا رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران تیز سرد ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

مریم نواز کی آڈیو، پی ایف یوجے کا ن لیگ کا بائیکاٹ کرنے اور عدالت جانے کا اعلان

0

اسلام آباد : سیکریٹری جنرل پی ایف یوجے راناعظیم نے مریم نواز اور پرویزرشید کی مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد ن لیگ کیخلاف عدالت جانے اور بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل رانا عظیم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور پرویزرشید کی مبینہ آڈیو کی مذمت کرتا ہوں ، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے صحافت کی آواز دبانے کی کوشش کی۔

صدرپی ایف یوجے کا کہنا تھا کہ یہ ثابت کرتاتھانوازشریف کا دور آمریت سے بھی سیاہ دور تھا، نواز شریف کیلئے عدالت جانیوالے سینئر تجزیہ کاروں اور اینکرز پر افسوس ہے۔

مریم نواز کے حوالے سے راناعظیم نے کہا کہ پاور فل خاتون کے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا مگر اختیارات وزیراعظم سے لے کر وزیراطلاعات تک کے تھے۔

راناعظیم نے کہا کہ ن لیگ کا صرف بائیکاٹ نہیں بلکہ احتساب بھی کریں گے ، ن لیگ کیخلاف پہلے بھی عدالت گیا اب بھی جاؤں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز رشید کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، پرویزرشید کسی ایک صحافی نہیں بلکہ سب پر حملہ کررہےہیں، صحافیوں کوپرویزرشید کی میڈیا سے گفتگو کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔

کورونا وبا کب ختم ہوگی؟ روسی سائنسدان نے بڑا دعویٰ کردیا

0
کورونا

ماسکو : کورونا وائرس کی وجہ سے اب دنیا بھر میں اربوں لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں میں محصور ہیں، معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کروڑوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں مگر کیا یہ وبا کبھی ختم ہوگی اور اگر ہوگی تو اس میں کتنا عرصہ لگ سکتا ہے؟۫

اس حوالے سے ایک روسی سائنسدان  نے ایک خوشی کی نوید سنائی ہے کہ جس سے وباء سے متاثرہ ممالک میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ان کا دعویٰ ہے کہ یہ وائرس جلد ہی اس دنیا کی جان چھوڑ دے گا۔

روس کے وبائی امراض کے ماہر اور سابق چیف سینیٹری ڈاکٹر گینیڈی اونیشینکو نے بتایا ہے کہ تمام احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن مہم کی پابندی کے پیش نظر رواں سال مئی تک کورونا وائرس کی وبا ختم ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ماہ مئی آنے میں کافی وقت ہے اگر ہم اب وہی کرتے ہیں جس کی ضرورت ہے تو اس وقت تک اس وبا کی رفتار انتہائی کم ہو جائے یا کم از کم قابو میں آجائے گی۔

روسی ماہرصحت کے مطابق اب ڈرنے گھبراہٹ یا گھروں سے بیٹھ کر کام کرانے کی کوئی وجہ نہیں ہے کیونکہ ویکسین پہلے ہی تیار ہوچکی ہے اور ضروری ہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے خلاف ٹیکہ لگانے پر توجہ دی جائے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کی تشویش ناک صورت حال

0

ریاض: سعودی عرب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 ہزار 585 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق مملکت کی وزارت صحت نے اپنے اعدادوشمار میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار پانچ سو پچاسی نئے مریض سامنے آئے اور دو افراد کی موت ہوئی۔

وزارت صحت نے کہا کہ نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مملکت میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 62 ہزار 437 ہوگئی ہے۔

New COVID-19 cases in Saudi Arabia rise past 2000-mark

سعودی عرب میں اب تک 8 ہزار 883 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 375 مریضوں نے وبا کو شکست بھی دی جس کے بعد کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 43 ہزار 129 ہوگئی ہے۔

مملکت میں کورونا کے فعال کیسز میں سے 96 مریضوں کی حالت تشویش ناک ریکارڈ کی گئی۔

فارن فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پبلک نہ کرنے کی استدعا

0

اسلام آباد: تحریک انصاف نے مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پبلک نہ کرنے کی استدعا کردی اور کہا وکیل ہماری وضاحت تک رپورٹ کوخفیہ رکھاجائے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار اکبر ایس بابر ، پی ٹی آئی کے اسد عمر ، عامر کیانی ، پی ٹی آئی وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے لیے قائم اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی ، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ اسکرروٹنی کمیٹی کی رپورٹ آ گئی ہے، جس پر اکبر ایس بابر کے وکیل نے استدعا کی کہ جب اسکروٹنی کمیٹی کے بعد ریکارڈ الیکشن کمیشن کے پاس آئے گا تو ہمیں فراہم کی جائے۔

پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے مؤقف اپنایا یہ رپورٹ صرف فریقین کے لیے ہے ، رپورٹ فریقین کو دے دی جائے اور اس رپورٹ کو اس وقت تک پبلک نہ کیا جائے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے واضح کیا یہ تو ان کیمرا نہیں ہے، جس پر شاہ خاور کا کہنا تھا کہ ہم وضاحت جمع کرا دیں گے ، اس کے بعد بے شک الیکشن کمیشن اس رپورٹ کو اوپن کر دے لیکن اس وقت تک خفیہ رکھا جائے۔

شاہ خاور نے دلائل میں کہا کہ دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہو جانے دیں ، وہ رپورٹس بھی حتمی مراحل میں ہے ، اس کے بعد سب کو اکھٹے دیکھیں۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سب رپورٹس کو کیسے اکھٹا کر سکتے ہیں، رپورٹ کی کاپیاں تمام فریقین کو فراہم کریں۔

وکیل اکبر ایس بابر نے شکوہ کیا کہ جو ڈیٹا اور اکاؤنٹس الیکشن کمیشن نے خود حاصل کیے، وہ بھی ہمیں نہیں بتائے گئے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ کمیشن آرڈر پاس کرنے کی پوزیشن میں نہیں کہ وہ کہے کہ فریقین رپورٹ کو پبلک کریں یا نہیں۔

وکیل اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ہر کیس میں سب چیزیں پبلک ہوتی ہیں، جس کے جواب میں وکیل تحریک انصاف نے کہا کہ الیکشن کمیشن آرڈر کر دے کہ فریقین اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک نہ کرے۔

جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے واضح کیا اوپن کورٹ میں ہم کیسے پابندی لگا سکتے ہیں کہ رپورٹ کو پبلک نہ کیا جائے، اتفاق ہے،رپورٹ پبلک کرنےکی ممانعت کی پوزیشن میں نہیں ، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت پندرہ روز کے لئے ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ: کراچی میں مدینہ مسجد کو مسمار کرنے سے روکنے کی استدعا مسترد

0
چیف جسٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی میں مدینہ مسجد کو مسمار کرنے سے روکنے کی استدعا مسترد کر دی، چیف جسٹس نے کہا کہ ہم اپنا حکم واپس نہیں لے سکتے۔

تفصیلات کے مطابق آج سپریم کورٹ میں کراچی میں تجاوزات گرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اٹارنی جنرل نے طارق روڈ پر قائم مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے حکم پر نظر ثانی کی استدعا کی۔

اٹارنی جنرل نے کہا عدالت سے درخواست ہے اپنے 28 نومبر کے حکم پر نظر ثانی کرے، عدالتی حکم کی وجہ سے مذہبی تناؤ جنم لے رہا ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا سندھ حکومت چاہے تو مسجد کے لیے متبادل زمین دے دے، اٹارنی جنرل نے کہا مسجد گرانے کے حکم سے بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں، چیف جسٹس پاکستان نے کہا اٹارنی جنرل یہ پارک تو ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، جسٹس قاضی امین نے کہا زمینوں کے قبضے میں مذہب کا استعمال ہو رہا ہے۔

جسٹس قاضی امین نے کہا حکومت کے نمائندے چاہتے ہیں آسمان گر جائے لیکن حکومت نہ گرے، عبادت گاہ اور اقامت گاہ میں فرق ہوتا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا جانتا ہوں ریاست، صوبائی حکومت کا فرض ہے کہ مسجد کے لیے زمین دے، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ اپنا حکم واپس لے لے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم صرف اتنا کر سکتے ہیں جب تک نئی جگہ نہ ملے مسجد نہ گرانے کا حکم دیں، لیکن اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس کیس میں سندھ حکومت پارٹی نہیں ہے، پہلے سندھ حکومت سے مدینہ مسجد پر تفصیلی رپورٹ لے لیں، چیف جسٹس نے کہا یہ تو بہت گڑ بڑ ہو گئی، ہم اپنا آرڈر واپس نہیں لے سکتے، اس طرح کیا ہم اپنے سارے آرڈر واپس لے لیں؟

اٹارنی جنرل نے کہا سندھ حکومت کی رپورٹ آنے تک مسجد مسمار کرنے کا حکم روک دیں، تاہم چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا پارک سے تجاوزات گرانے کا حکم واپس نہیں ہو گا، ہم نے اپنے فیصلے واپس لینے شروع کیے تو کارروائی کا کیا فائدہ؟

جسٹس قاضی امین نے کہا کہ تجاوزات پر مسجد کی تعمیر غیر مذہبی اقدام ہے، اسلام اس اقدام کی اجازت نہیں دیتا، مسجد بنانی ہے تو اپنی جیب سے بنائیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کے سامنے تمام حقائق نہیں رکھے گئے، یہ معاملہ کمرشلائزیشن کا نہیں اس لیے معاملے کو دوبارہ دیکھا جائے، جسٹس قاضی امین نے کہا استفسار کیا کہ کیا غیر قانونی تعمیر شدہ مسجد میں نماز پڑھنی چاہیے؟ اٹارنی جنرل نے کہا یہ معاملہ کمرشلائزیشن کا نہیں اس لیے سندھ حکومت کا مؤقف سنا جائے۔

ٹرسٹی مدینہ مسجد نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے پر تعمیرات کی اجازت ملی۔

سپریم کورٹ نے سندھ حکومت سے 3 ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی، اور کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔