ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19937

پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: سعد رفیق اور سلمان رفیق کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

0

لاہور: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے سخت سیکیورٹی میں خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا۔

نیب نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف خواجہ برادران کی درخواست کا جواب جمع کروایا۔ خواجہ برادران کے وکلا نے کہا کہ کمپنی کے متعلق کیس کی سماعت نیب عدالت نہیں کر سکتی، ایسے معاملات کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) دیکھ سکتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ نیب کو کمپنی یا منصوبے کے متعلق تفتیش کا کوئی اختیار نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے خلاف کیس نہیں بنتا۔ نیب آج تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکا۔ عدالت مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں چار روزہ توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔

پیشی کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے احتساب میں سیاسی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا بیانیہ ہم جیسوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

یاد رہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں، نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

نیب کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق خواجہ سلمان اور ندیم ضیا کے بیٹوں کے نام پر 2 ارب 96 کروڑ کی رقم جاری ہوئی، سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 8 سال کے دوران 46 کروڑ 60 لاکھ منتقل ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 500 سے زائد ٹرانزیکشنز 2010 سے 2018 کے درمیان ہوئیں، سعد رفیق کے ڈی ایچ اے بینک اکاؤنٹس میں 13 کروڑ 30 لاکھ منتقل ہوئے جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ 50 لاکھ منتقل ہوئے۔

تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعد رفیق کے مزید 3 اکاؤنٹس میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سعدان ایسوسی ایٹ کے بینک اکاؤنٹس میں 15 کروڑ منتقل ہوئے۔ ایسوسی ایٹ کے 2 اکاؤنٹس میں 2012 سے 2018 تک رقم منتقل ہوئی۔

کویت میں‌ پاجامے پر پابندی کی تجویز ٹاپ ٹرینڈ‌ بن گئی

0
pyjama

کویت سٹی : خلیجی ریاست کویت میں جہاں اس وقت کئی اہم مسائل موجود ہیں وہاں سوشل میڈیا پر ایسے موضوع پر گرما گرم بحث جاری ہے جو بہ ظاہرانتہائی معمولی سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ بیشتر صارفین نے اس موضوع کا خوب مذاق اڑایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کویت میں سوشل میڈیا کا تازہ اور گرما گرم موضوع پاجامہ ہے۔ کویتی مجلس امہ یعنی پارلیمنٹ میں ایک نئے آئینی بل کی تجویز پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پبلک مقامات پر پاجامہ زیب تن کرنا اخلاقی اقدار کے منافی ہے۔

اگر کوئی شخص نائیٹ ڈریس( رات کو سونے کے لیے) استعمال کرنے والا لباس پبلک مقامات پرپہنتا ہے تو اسے ایک ہزار دینار جرمانہ کیا جانا چاہیےیہ تجویز تضحیک اور طنز کا نشانہ بننے کے ساتھ ‘جرمانہ، پاجامہ، ایک ہزار دینار ہیش ٹیگ صف اول میں ٹرینڈ کرتا رہا ہے۔

کویت کے ایک قانون ساز کی طرف سے یہ پارلیمنٹ میں تجویز پیش کی گئی کہ عوامی مزاج ، رویوں اور قومی اقدار کے تحفظ کے لیے پبلک مقامات پر پاجامہ پہننے پر پابندی لگائی جائے اور اس کی خلاف ورزی کرنےوالے کو ایک ہزار کویتی دینار یعنی 3300 امریکی ڈالر کے مساوی رقم کا جرمانہ کیا جائے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ یہ تجویز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

کویت کے مقامی اخبارکے مطابق رکن پارلیمنٹ ماجد المطیری نے اپنی تجویز میں عوامی مقامات پر 11 طرز عمل کے منفی رویوں کی نشاندہی کی جب کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا کی سفارش کی گئی۔

نفرت کی سیاست پر نیتن یاھو اوراس کے بیٹے کا فیس بک اکاﺅنٹ بند

0
Facebook

تل ابیب : نیتن یاھو نے اسرائیل کے عرب باشندوں کے کنیسٹ انتخابات میں متوقع کامیابی پر نفرت انگیز تنقید کی تھی جس کے بعد فیس بُک انتظامیہ نے ان کا اکاؤنٹ بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فلسطینیوں، عربوں اور مسلمانوں سے نفرت اسرائیلی لیڈر شپ کا سب سے زیادہ بکنے والا منجن ہے جس پر سوشل میڈیا کو بھی بعض اوقات صہیونی لیڈروں کا بائیکاٹ کرنا پڑتا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے بیٹے کا نفرت آمیز مواد پوسٹ کرنے پر فیس بک نے اکاﺅنٹ عارضی طور بلاک کردیا، اس طرح نیتن یاھو کا صاحبزادہ فیس بک کے ذریعے نجی پیغام رسانی سے محروم ہوگیا۔

اس وقت نیتن یاھو کا عرب برادری کے خلاف نفرت پرمبنی ایک بیان فیس بک کو ناگوار گذرا جس پر ان کا اکاﺅنٹ بلاک کردیا گیا، نیتن یاھو نے اسرائیل کے عرب باشندوں کے کنیسٹ کے انتخابات میں متوقع کامیابی پر تنقید کرتے ہوئے ان کے خلاف نفرت پر اکسانے کی کوشش کی تھی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق فیس بک پر اپنے پیروکاروں کو بھیجے گئے ایک نجی پیغام میں نیتن یاھو نے خاص طور پر عرب شہریوں اور رکن پارلیمنٹ ایمن عودہ کے خلاف نفرت پراکسانے کی مذموم کوشش کی۔

انہوں نے لکھا کہ آئندہ ہفتے اگر عربوں اور بائیں بازو کے لیڈروں، یئرلبید ، لائبرمین اور ایمن عودہ’ پر مشتمل حکومت قائم ہوتی ہے تو وہ بہت کمزور حکومت ہوگی۔

اس حکومت میں عرب باشندے جو ہمیں صفحہ ہستی سے مٹانے کے درپے ہیں حکومت کا حصہ بن کر ایران کے لیے جوہری بم بنانے کی راہ ہموار کریں گے، اس طرح عرب اور ایران مل کرہمیں تباہ کردیں گے۔

شرح سود بڑھنے سے پاکستان کی مالیاتی مشکلات میں اضافہ ہوا ، موڈیز

0

اسلام آباد : عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کا کہنا ہے روپیہ ضرورت کے مطابق اپنی قدر کا خود تعین کرے گا، شرح سود بڑھنے سے مالیاتی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز نے پاکستان کی معیشت پر تجزیہ جاری کیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ روپیہ ضرورت کے مطابق اپنی قدر کا خود تعین کرے گا اور درآمدات میں کمی سے زرمبادلہ کے ذخائربڑھیں گے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر قرضوں کی ادائیگیوں کے حساب سے کم ہیں، غیرملکی ادائیگیوں سےجاری کھاتوں کے خسارے میں اضافے کا خدشہ ہے۔

معیشی تجزیہ میں کہا گیا آئی ایم ایف کے6 ارب ڈالر سے ادائیگیوں کو سہارا ملا، دیگرذرائع سے ملنے والے قرض سے بھی مدد ملی، شرح سود بڑھنے سے مالیاتی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

عالمی ریٹنگ ادارے نے مزید کہا کہ دو سال میں شرح سود ساڑے 7فیصدبڑھی، قلیل مدتی بانڈز کا شرح سود مسلسل بڑھ رہا ہے، شرح سود بڑھنے سے مقامی قرضوں میں اضافہ ہوا۔

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ بیرونی دباؤ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر پر اثر ڈالے گا، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگز بی 3 معتدل قوت کی مظہر ہے۔

موڈیز کا کہنا تھا کہ مالیاتی اور سیاسی صورتحال معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے، فی کس آمدن اور عالمی اعتبار سے مسابقتی ماحول کافی کم ہے تاہم کم ٹیکس بیس، بیرونی قرض اور سودکی ادائیگی مالی تنگی کا باعث بن رہی ہے۔

نجی اسکول فیسوں میں اضافہ کیس : سپریم کورٹ نے بڑا حکم جاری کردیا

0
Supreme Court

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کا فیسوں میں اضافہ کالعدم قرار دے دیا، حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اسکول جنوری دو ہزار سترہ  والی فیسیں وصول کریں اور لی گئی اضافی فیس آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کریں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے اسکول فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کا تفیصلی فیصلہ جاری کردیا ، تفیصلی فیصلہ 69صفحات پر مشتمل ہے، اسکول فیسوں پر تفیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا۔

فیصلے میں عدالت نے نجی اسکولوں کی فیس میں 2017 کے بعد ہوئے اضافے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نجی اسکولوں کو2017والی فیس وصول کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ نجی اسکول2017والی فیس وصول کے کرنے کے مجاز ہوں گے، والدین سے وصول اضافی فیس آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کی جائے۔

فیصلہ میں کہا گیا نجی اسکولز نے2017 سے خلاف قانون فیس میں بہت زیادہ اضافہ کیا، نجی اسکولوں کی فیس وہی ہوگی جو جنوری 2017 میں تھی، فیسوں میں کی گئی 20 فیصد کمی والدین سے ریکور نہیں کی جائے گی۔

عدالت نے حکم دیا کہ نجی اسکول قانون کے مطابق اپنی فیسوں کا دوبارہ تعین کریں، اسکول فیس کی ری کیلکولیشن کی نگرانی متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی، متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظورشدہ فیس ہی والدین سے لی جاسکےگی۔

والدین سے لی گئی اضافی فیس آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کی جائے، ریگولیٹرز اسکولوں کی جانب سےوصول کی جانیوالی فیس کی نگرانی کریں اور اسکول فیس پر شکایات کے ازالے کیلئے سیل قائم کیا جائے۔

دوسری جانب تحریری فیصلے میں جسٹس فیصل عرب کااختلافی نوٹ بھی موجود ہے ، جسٹس فیصل عرب کا اختلافی نوٹ 8صفحات پر مشتمل ہے ، جس میں ان کا کہنا ہے کہ سالانہ فیسوں میں 5فیصد اضافے کی حد مقرر کرنامناسب نہیں، فیسوں میں سالانہ8فیصد اضافہ زمینی حقائق سےمطابقت رکھتاہے، اتھارٹی کو بتائے بغیر8فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔

،جسٹس فیصل عرب نے اختلافی نوٹ میں کہا سندھ حکومت قانون میں زمینی حقائق سامنے رکھ کر2ماہ میں ترمیم کرے، 30 سالوں میں ملک کے اندر نجی تعلیمی ادارے بڑی تعداد میں کھلے، ان اداروں میں اکثر والدین نے بچوں کو داخلہ کرایا

نجی اداروں میں داخلےکاسبب سرکاری اسکولز کی ناقص کارکردگی کی وجہ تھی ، اکثر سرکاری اسکول کی عمارتیں خراب ہیں۔

خیال رہے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے اسکول فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی۔

ایران میں گرفتار آسٹریلوی، برطانوی بلاگروں کی رہائی کا مطالبہ

0
Australian British bloggers

تہران/سڈنی : آسٹریلوی وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران گرفتار کیے گئے تین شہریوں سے بین الاقوامی اقدار کے مطابق انسانی سلوک کرے۔

تفصیلات کےمطابق ایران میں حال ہی میں گرفتار کیے گئے جوڑے کے خاندانوں نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے،آسٹریلوی ،برطانوی شہری ٹریول بلاگر جولی کنگ اور ان کے آسٹریلوی بوائے فرینڈ مارک فیرکین کو دس ہفتے قبل ایران میں غیر قانونی طور پر ڈرون اڑانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہناتھا کہ ملک میں ڈرون اڑانے کے لیے ان کے پاس کوئی لائسنس نہیں تھا۔

عرب ٹی وی کے مطابق فیرکین اورجولی کنگ کے خاندانوں نے ایک بیان میں ان کی رہائی کی اپیل کی اور کہا کہ وہ ان کی ایران میں گرفتاری پر فی الوقت مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ان دونوں کی ایران میں گرفتاری کی بدھ کو تصدیق کی گئی ہے۔

آسٹریلیا نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ گرفتار کیے گئے اس کے تین شہریوں سے بین الاقوامی اقدار کے مطابق انسانی سلوک کرے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ میریس پین نے کہا کہ انھوں نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے کئی مرتبہ اس معاملے پر بات کی ہے اور گذشتہ ہفتے بھی ان سے بات ہوئی تھی۔

نشئی شوہرکا بیوی پر بدترین تشدد، جان سے مارنے کی کوشش ناکام

0
خواتین پر تشدد

بدین: نشے کی لت کا شکار شوہر نے بیوی پر بدترین تشدد کرکے اسے جان سے مارنے کی کوشش کی تاہم محلہ داروں نے عین وقت پر مداخلت کرکے لڑکی کی زندگی بچالی۔

تفصیلات کے مطابق بدین شہر کے وسط سے گزرنے والی نہر کے کنارے پر واقع کچی آبادی مسان محلہ کے رہائشی اشوک عرف اشو میگواڑ نے نشہ کی حالت میں اپنی بیوی گوڈی پر لاتوں مکوں سے تشدد کرتے ہوئے گلے میں ڈپٹہ ڈال کر مارنے کی کوشش کی ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تشدد کا شکار گوڈی میگواڑ کی چیخ پکار اور مدد کی اپیل پر محلہ داروں نے فوری طور پر گھر میں داخل ہو کر تشدد کا شکار عورت کو شوہر کی نرغے سے بچایا اور واقع کی اطلاع پولیس کو دی۔

اطلاع ملنے پر بدین سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئےے موقع پر پہنچ کر تشدد میں ملوث اشوک میگواڑ کو نشہ کی حالت میں گرفتار کر کے تھانے میں لاک اپ کر دیا ۔

محلہ داروں کے مطابق گرفتار اشوک میگواڑ اس سے قبل بھی اپنی سابقہ بیوی سونی کو اکثر بدترین تشدد کا شکار بناتا تھا جس نے تشدد سے تنگ آکر خودکشی کر لی تھی۔

پولیس کے مطابق تشدد میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ملزم پر مقدمہ درج کرانے کے لئے لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال ابھی تک کوئی تھانہ پر نہیں پہنچا دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے بھائی اور دیگر رشتے دار ملزم کی بیوی دبا ؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ مقدمہ درج کرانے کے بجائے راضی نامہ کرلے۔

یاد رہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 20 فیصد سے زائد خواتین پاکستان میں گھریلو تشدد کا شکار ہیں جبکہ ہر سال لگ بھر پانچ ہزار خواتین گھریلو تشدد کے سبب جان کی بازی ہار جاتی ہیں، گھریلو تشدد سے تنگ آکر خودکشی کرنے والی خواتین کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

قوانین موجود ہونے کے باوجود ان پر عمل در آمد نہیں ہوپا تا ہے جس کا بنیادی سبب متاثرہ فریق کی جانب سے شکایت کا درج نہ کرانا، اور پولیس کے نظام کی خامیاں ہیں ، دورانِ تفتیش خواتین کو مختلف طریقوں سے پریشان کرکے پیسے اینٹھنے اور اور کیس کو ختم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

وزیر اعظم 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ تیسرا دورہ سعودی عرب ہے۔ وہ اس سے قبل وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 2 بار سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور شیخ عبد اللہ بن زاید بن سلطان النہیان کی بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔

ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آؤٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے اور نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر بھی زور دیا تھا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی تھی۔

وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا جبکہ خطے میں امن کے ماحول اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی گونج

0

واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نےصدرٹرمپ کے مواخذے سےمتعلق تحقیقات تیز کرنے کی منظوری دے دی، تحقیقات کی روشنی میں قانون ساز فیصلہ کرسکیں گے کہ صدرٹرمپ کے مواخذے کی سفارش کی جائے یا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی گونج سنائی دی ، ڈیموکریٹک رکن جیرالڈ نیڈلر کی سربراہی میں ایوان نمائندگان کی اکتالیس رکنی عدالتی کمیٹی نے صدر ٹرمپ کےخلاف تحقیقات تیز کرنے کی منظوری دے دی۔

کمیٹی نے سترہ کے مقابلے میں چوبیس ووٹوں سے قرارداد کی منظوری دی۔

عدالتی کمیٹی نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے سے متعلق ایک نیا طریقہ کار طے کیا ہے، یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب قانون ساز اسمبلی میں کارروائی کے چالیس سے کم دن رہ گئے ہیں۔

جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ میں کمیٹی کے چیئرمین کو معلومات کے تجزیے، مواخذے اور گواہوں سے متعلق طریقہ کار طے کرنے کیلئے اجلاس بلانے کا اختیار دیا گیا، صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم سے پیش کردہ معلومات کا تحریری جواب بھی طلب کیا جائے گا۔

خیال رہے ایوان نمائندگان کے ایک سو پینتیس ڈیموکریٹ ارکان صدرٹرمپ کے مواخذے کے حامی ہیں، مواخذے کو کامیاب بنانےکے لیے دوسو اٹھارہ ووٹوں کی ضرورت ہے۔

پاکستانی قرضوں کا حجم کم کیے جانے کی ضرورت ہے: آئی ایم ایف

0

واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جیری رائس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خسارے کم کرنے کی شدید ضرورت ہے، پاکستان میں قرضوں کا حجم کم کیے جانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جیری رائس نے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کو خسارے کم کرنے کی شدید ضرورت ہے، پاکستان کو خسارہ کم کرنے کے لیے آمدن بڑھانا ہوگی۔

جیری رائس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس آمدن بڑھے گی تو سماجی شعبے پر خرچ ہوگی، ٹیکس آمدن بڑھے گی تو ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز ملیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد چند دنوں میں پاکستان آئے گا، پاکستان میں قرضوں کا حجم کم کیے جانے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل آئی ایم ایف نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور رواں مالی سال برآمدات 26 ارب 80 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر تک رہے گی اور آئندہ مالی سال براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 3 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال ترسیلات زر 22 ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گی جبکہ آئندہ مالی سال ترسیلات زر 24 ارب ڈالر تک متوقع ہے۔