جمعہ, دسمبر 27, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 19936

کراچی: قانون کی خلاف ورزی، چینی ڈرائیور نے چپ کا سہارا لے کر پولیس سے جان چھڑالی

0

کراچی: شہرِ قائد میں ایک چینی باشندے نے قانون کی خلاف ورزی کے بعد کسی بھی کارروائی سے بچنے کے لیے چپ کا سہارا لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک چینی شہری کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد پولیس کے سامنے معصوم صورت بنائے ہونٹوں پر تالا لگا کر بیٹھا نظر آتا ہے۔

ویڈیو کے مطابق ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کے بعد پولیس نے مذکورہ چینی کو روکا اور پوچھ گچھ کی تو چینی نے کوئی جواب نہیں دیا جس پر پولیس اہل کار زچ ہو گیا۔

پولیس اہل کار کے بار بار پوچھنے پر بھی چینی شہری نے جواب نہیں دیا اور خاموش رہا، پولیس اہل کار کا کہنا تھا کہ چینی باشندے کو اردو بھی آتی ہے اور انگریزی بھی، پھر بھی بات نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں:  چینی لڑکی کا قبولِ اسلام، پاکستانی نوجوان سے شادی کر لی

ویڈیو میں پولیس اہل کار کہتا نظر آ رہا ہے کہ چینی باشندہ مسلسل چپ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں اور کوئی جواب نہیں دیتے، انھیں قانون کی خلاف ورزی پر روکا گیا، انھوں نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں پہنی تھی۔

ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ گاڑی میں چینی شہری کے ساتھ ایک خاتون بھی موجود ہیں، خاتون نے بھی اس دوران منہ نہیں کھولا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس اہل کار نے چینی باشندے کو بغیر چالان کے چھوڑ دیا۔

ریسل مینیا 35: سیتھ رولنز نے بروک لیسنر کو شکست دے دی

0

نیوجرسی: ریسل مینیا 35 کے یونیورسل چیمپئن شپ میچ میں سیتھ رولنز نے بروک لیسنر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ریسل مینیا 35 کے اہم میچ میں بروک لیسنر اور سیتھ رولنز کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں سیتھ رولنز نے بروک لیسنر کو شکست دے کر پہلی بار یونیورسل چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

رومن رینز اور ڈین ایمبروز کے ساتھی کھلاڑی سیتھ رولنز نے بروک لیسنر کو اپنا آخری داؤ ’ہیل کک‘ مار کر شکست دی۔

نوہولڈ بار میچ میں ٹرپل ایچ اور بیٹسٹا بھی مدمقابل آئے، ٹرپل ایچ نے بیٹسٹا کو شکست دے کر اپنا کیریئر بچالیا۔

ایک لمحے پر ایسا لگا جیسے ٹرپل ایچ بیٹسٹا کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوجائیں گے لیکن ٹرپل ایچ بچ نکلے اور آخر میں رک فلیئر نے ہتھوڑا ٹرپل ایچ کو تھما کر ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

شکست کے بعد بیٹسٹا نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے میچ میں کوفی کنگسٹن نے ڈینئل برائن کو شکست دے کر پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈینئل برائن نے کوفی کنگسٹن کو اسمیک ڈاؤن میں شکست دی تھی لیکن ریسل مینیا میں وہ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔

کینسر کو شکست دے کر رنگ میں واپس آنے والے رومن رینز کا مقابلہ ڈریو میکن ٹائر سے ہوا، جس میں رومن رینز نے ڈریو میکن ٹائر کو شکست سے دوچار کیا۔

ڈبلیو ڈبلیو را میں میکن ٹائر رومن رینز پر متعدد بار حملے کرچکے تھے جس کے جواب دی شیلڈ نے میکن ٹائر کو رنگ کے باہر پچھاڑا تھا۔

ایک اور میچ میں اے جے اسٹائلز نے رینڈی اورٹن کو باآسانی شکست دے دی۔

اب کرکٹ میں رنز بنانے کے لیے دوڑنے کی ضرورت نہیں، حیران کن ویڈیو سامنے آگئی

0

اگر  آپ کرکٹ کے شائق ہیں، تو خوب جانتے ہوں گے کہ رنر بنانے کے لیے بلے باز کو دوڑنا پڑتا ہے.

اسی دوڑ میں‌ اگر کوئی  کھلاڑی لڑکھڑا یا گر جاتا ہے، تو کھڑا ہو کر پھر دوڑنے لگتا ہے، بلے باز گرتے پڑتے رن مکمل کرتے ہیں. البتہ ایک ایسی انوکھی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس نے کرکٹ شائقین کو مسکرانے پر مجبور کر دیا.

ویڈیو میں‌ دیکھا جاسکتا ہے کہ چند بچے کرکٹ کھیل رہے ہیں، جب بیٹسمین شارٹ کھیل کا بھاگتا ہے، تو دوسرے اینڈ کا کھلاڑی بھاگتے ہوئے کریز میں آجاتا ہے.

دل چسپ بات یہ ہے کہ اس دوسرے بیٹسمین کے پاس درخت کی شاخ ہے، جو خاصی لمبی ہے، وہ اس شاخ‌ کو کام میں‌ لاتے ہوئے وہیں‌ کھڑے کھڑے ایک سے دوسری، دوسری سے پہلے کریز میں‌ بلا رکھتا رہتا ہے.

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کا کیپ پہننا ویرات کوہلی کو مہنگا پڑ گیا

ادھر دوسرے بچہ دوڑ دوڑ کر رنز بناتا رہتا ہے، مگر یہ صاحب شاخ کو کام میں لاتے ہوئے مزے سے ایک ہی جگہ کھڑے رہتے ہیں.

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور اس کا خوب چرچا ہورہا ہے.

کرتار پور راہداری : پاک بھارت تکنیکی ماہرین کا اجلاس 16 اپریل کو ہوگا

0

اسلام آباد : پاکستان نے کرتار پور راہداری پر مذاکرات کیلئے بھارت کی تجویز منظور کرلی، پاک بھارت تکنیکی ماہرین کا اجلاس16 اپریل کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کرتار پور راہداری سے متعلق مذاکرات پر کسی نہ کسی بہانے سے جان چھڑانے والی مودی سرکار کو گھٹنے ٹیکنا پڑگئے، پاکستان کی جانب سے کشادہ دلی کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے مطالبے کو منظور کرلیا گیا۔

پاکستان نے کرتار پور راہداری کی تعمیر سے متعلق مذاکرات کیلئے بھارت کی تجویز منظورکرلی، پاک بھارت تکنیکی ماہرین کا اجلاس16اپریل کو ہوگا، اس بات کی تصدیق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھی کی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ باباگرونانک کے550ویں یوم پیدائش سے قبل رتار پور راہداری کی تعمیر مکمل ہو جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تعمیری رابطوں کے جذبہ کے تحت بھارتی تجویز پر اتفاق کیا ہے، ہم بھارت کی جانب سے بھی مثبت رویہ کی توقع رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: کرتار پور راہداری مذاکرات، پاکستانی وفد شرکت کرے گا، بھارت نے مقام تبدیل کردیا

واضح رہے کہ بھارت نے راہداری پر مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے شرط عائد کی تھی کہ پہلے ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلایا جائے، جس کے بعد بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ہیپاٹائیٹس ’سی‘ کی مریضہ کی 2 بچوں سمیت وومن جیل کراچی سے ضمانت پر رہائی

0

کراچی: قتل کے مقدمے میں نامزد ہیپاٹائیٹس ’سی‘ کی مریضہ اسما سخاوت کو 2 بچوں سمیت وومن جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 15 ماہ سے وومن جیل کراچی میں اپنے دو بچوں 5 سالہ محمد عمیر اور 3 سالہ حفصہ کے ساتھ قید اسما سخاوت کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا، اسما ہیپاٹائٹس سی کی مریضہ ہیں۔

اسما سخاوت تھانہ منگھوپیر کی حدود میں 31 دسمبر 2017 کو فاروق نامی شخص کے قتل کے مقدمے میں نامزد ہیں۔

قتل کا مقدمہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ مقدمے کا اصل ملزم سخاوت خان و قوعہ کے بعد سے تا حال مفرور ہے۔

خاتون کو پولیس نے وجہ قتل قرار دے کر ایف آئی آر میں نامزد کیا تھا جس کے بعد دو بچوں سمیت اسے جیل بھیج دیا گیا، جہاں وہ ہیپاٹائیٹس ’سی‘ میں مبتلا رہیں اور انھیں خون کی الٹیاں شروع ہوگئیں۔

رہائی کے بعد اسما سخاوت نے کہا کہ فاروق نامی شخص کے قتل سے اس کا کوئی تعلق نہیں، مقتول فاروق اس کے شوہر کا دوست تھا جو اس پر بری نظر رکھتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا سزائے موت کے دو قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

اسما سخاوت کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر کا مقتول کے ساتھ کئی بار جھگڑا ہوا، قتل کے واقعے کا علم نہیں تاہم وقوعے کے بعد سے شوہر غائب ہے، پولیس نے مجھے اور دو بچوں کو گرفتار کر لیا۔

اسما نے بتایا کہ جیل میں قیدی عورتوں کا رویہ اس کے اور بچوں کے ساتھ ہم دردانہ تھا، جیل سپرنٹنڈنٹ شیبا شاہ اور ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ حمیرا کھوسو نے علاج پر خصوصی توجہ دی۔

خیال رہے کہ اسما سخاوت کی رہائی سائبان انٹرنیشنل ویلیفیئر آرگنائزیشن کی جدوجہد کے نتیجے میں عمل میں آئی، تنظیم کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات تعاون کریں تو بڑے پیمانے پر رمضان سے قبل بے گناہ قیدیوں کی گردنیں چھڑائی جا سکتی ہیں۔

فلوریڈا میں سائنس دانوں نے 17 فٹ لمبا اژدھا پکڑ لیا

0

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں سائنس دانوں نے ریکارڈ سترہ فٹ لمبا اژدھا پکڑ لیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں سائنس دانوں نے سترہ فٹ لمبا اژدھا پکڑ لیا، برمی نسل کے اس اژدھے کا شمار دنیا کے لمبے ترین سانپوں میں ہوتا ہے جس کا وزن ایک سو چالیس پاؤنڈ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عموماً انہیں اس نسل کے چھ سے دس فٹ لمبے سانپوں سے واسطہ رہتا ہے لیکن یہ اژدھا حیرت انگیز طور پر لمبا ہے۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتے وائلڈ لائف ترجمان نے اژدھے 73 انڈے بھی برآمد کیے تھے۔

مزید پڑھیں: گھر کے باتھ روم سے اژدھا برآمد

وائلڈ لائف ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی برمی نسل کے ایک اژدھے کو پکڑا تھا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ اگر کہیں اس طرح کے اژدھے نظر آئیں تو فوری اطلاع کی جائے۔

واضح رہے کہ دو سال قبل جنوری میں بھی امریکی ریاست ورجینیا کے ایک گھر سے 5 فٹ لمبا اژدھا بحفاظت نکال لیا گیا تھا، اژدھا گھر کے باتھ روم میں آرام کرتا ہوا پایا گیا تھا۔

اینیمیل ویلفیئر کے کارکن کا کہنا تھا کہ اژدھے کی یہ نسل نہایت خطرناک اور 13 فٹ تک لمبی ہوسکتی ہے، یہ گھر والوں کی خوش قسمتی تھی کہ ان کے گھر میں ایک ننھے اینا کونڈا نے پناہ لی اور کسی کو نقصان پہنچانے سے قبل ہی اسے وہاں سے ہٹا دیا گیا۔

بھارتی فوج کا کیپ پہننا ویرات کوہلی کو مہنگا پڑ گیا

0

دہلی: بھارتی فوج کا کیپ پہننا بھارتی کپتان کو مہنگا پڑ گیا، شکست کا آسیب ویرات کوہلی کے پیچھے پڑ گیا.

تفصیلات کے مطابق کھیل کو سیاست کی نذر کرنے والے بھارتی کپتان کو بھارتی آرمی کا کیپ پہننے کا خمیازہ شکستوں‌کی صورت بھگتنا پڑ رہا ہے.

اس بچگانہ عمل کے بعد جہاں‌ انڈیا کو انٹرنیشنل کرکٹ میں سبکی اٹھانے پڑی، وہیں لیگ کرکٹ میں بھی رسوائی نے کوہلی کا پیچھا نہیں چھوڑا.

خیال رہے کہ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں مودی کی روش اختیار کرتے ہوئے بھارتی فوج کا کیپ پہن کا میچ کھیلا، جس کا یہ بودا جواز دیا گیا کہ یہ عمل پلوامہ حملے میں مارے جانے والے فوجیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے کیا گیا ہے.

البتہ اس عمل کے بعد آسٹریلیا سے بھارت کو تینوں میچوں میں‌ شکست ہوئی،بعد ازاں آئی پی ایل میں بھی کوہلی مشکلات کا شکار نظر آئے. ویرات کوہلی کو بطورکپتان مسلسل نویں شکست کا سامنا کرنا پڑا.

اس واقعے کے بعد کوہلی کی ٹیم اب تک ایک میچ بھی نہ جیت سکی، اسٹار بلے باز کی کوہلی کی اپنی کارکردگی بھی مایوس کن رہی. پچھلےآٹھ میچزمیں صرف ایک نصف سنچری بنا پائے.

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کل نیب میں طلب، نوٹس رہائش گاہ پر موصول

0

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو قومی ادارہ احتساب (نیب) نے نو اپریل کو طلب کرلیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ پر دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں کل بروز منگل مورخہ نو اپریل کو طلب کرلیا۔ نیب نے انہیں دیے گئے سوالات کے جواب کے لیے طلب کیا ہے۔

نیب کی تحقیقاتی ٹیم آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق شہباز شریف سے تحقیقات کرے گی۔ نیب نے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ96ایچ ماڈل ٹاؤن پر دیا جہاں شہبازشریف کےملازمین نے نوٹس وصول کیا۔

اس سے قبل نیب نے20نومبر2018 اور3دسمبر کو شہباز شریف کو سوالات دیے تھے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپنے والد میاں شریف کی جانب سے حصے میں ملنے والی جائیداد کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف سے غیرملکی بینک اکاؤنٹس اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تحفہ میں ملی گاڑیوں کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی  ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ شہباز شریف کی دو بیگمات کے اثاثوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی تھیں، نصرت شہباز 69 لاکھ 56 ہزار پانچ سو شیئرز کی مالک اور تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں چار کنال کے پلاٹ اور ایک ایکڑ بیش قیمت زمین کا انکشاف ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق 96 ایچ ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ اور مری کا گھر نصرت شہباز کے نام ہیں، جن کی مالیت 18 کروڑ 65 لاکھ 81 ہزار 384 روپے ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے تہمینہ درانی کو ڈیفینس سمیت 8 قیمتی پراپرٹیز تحفے میں دے رکھی ہیں، تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں چار کنال کا پلاٹ اور ایک ایکڑ بیش قیمت زمین بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 56 لاکھ 35 ہزار 970 جبکہ تہمینہ دروانی 57 لاکھ 65 ہزار کی مالک ہیں، نصرت شہباز کے پاس قصور اور فیروز والا میں 810 کنال کی زرعی زمین بھی ہے، جس کی مالیت صرف 26 لاکھ ظاہر کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن نے حکومت کے خلاف عید کے بعد سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے دیا

0

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کا سلسلہ عید کے بعد شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کا سلسلہ عید کے بعد جون میں شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حکومت نے ملک بالخصوص معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، عید کے بعد ممکن ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اپوزیشن سڑکوں پر آجائے۔

پیپلزپارٹی سے اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ غیررسمی طور پر اپوزیشن متحد ہے اور جلد اکٹھے بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کل اہم ملاقات کریں گے

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان کو لگتا ہے کہ اپوزیشن کی قیادت کو جیل بھیجنے سے ان کی آواز کو دبایا جاسکتا ہے تو وہ غلط سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جمعیت علماء (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان کل جاتی امرا میں ملاقات ہوگی۔

توقع کی جارہی ہے کہ اس ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کا آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ملاقات میں نیب کیسز، اپوزیشن جماعتوں کے خلاف حکومتی رویے سمیت سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

حکومت کا زائد قیمتیں وصول کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کا اسٹاک قبضے میں لینے کا حکم

0

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مقررہ قیمتوں سے زائد قیمت وصول کر نے والی ادویات کا اسٹاک قبضے میں لینے کا حکم جاری کر دیا.

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی، خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ڈریپ کے سربراہ اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک کمپنی کے ویئر ہائس پر چھاپہ مارا اور ادویات کی قیمتوں کا جائزہ لیا،  زاید قیمت وصول کرنے والی کمپینوں کا اسٹاک قبضے میں لینے کا حکم جاری کردیا۔

وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ پورے ملک میں غیر قانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت عوام کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرے گی، عامر محمود کیانی

عامر کیانی نے کا کہنا کہ ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی، خلاف ورزی کرنے والوں کے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، مہم کی میں خود نگرانی کروں گا.

انھوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی اضافے میں ملوث کمپنیوں کا اسٹاک قبضے میں لیا جا رہا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔