اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 22615

موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان

0
schools

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے موسمِ سرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن بدھ کے روز جاری کیا گیا جس کے مطابق تمام سرکاری اورپرائیوٹ تعلیمی ادارے 22 تا 31 دسمبر تک بند رہیں‌گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 10 روز بعد یکم جنوری سے اپنے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی کمیٹی نے فروری 2018 میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک چھٹیاں دی گئیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے میدانی علاقوں میں دس روز جبکہ پہاڑی علاقوں میں موجود اسکولز و کالجز میں 22 دسمبر تا 28 فروری تک چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں ہر سال موسمِ سرما میں 10 روز کی سرکاری چھٹیاں دی جاتی ہیں، ان تعطیلات کا مقصد طالب علموں کو سردیوں میں پیش آنے والی مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔

نیب کی راولپنڈی میں‌ بڑی کارروائی، خطیر رقم کی منی لانڈرنگ ناکام بنا دی

0

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو ، راولپنڈی نے خطیر رقم منی لانڈرنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی.

تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے آج اہم کارروائی کی ہے، جس میں‌ ای پی آئی کے عہدے دار کے گھرچھاپا مارا، جس میں‌تقریباً 2 کروڑ مالیت کی کرنسی برآمد ہوئی.

نیب ذرائع کے مطابق برآمد رقم میں 9 ہزار ڈالر، 10 ہزار پاؤنڈ اور دیگرغیرملکی کرنسی شامل ہیں.

نیب نے یہ اہم کارروائی بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں کرپشن  کی شکایت پر کی، جس میں‌ خطیر رقم برآمد ہوئی، ملزم کو فی الحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے، نیب ذرائع کی جانب سے ملزم کا نام بھی ظاہر  نہیں کیا گیا۔

بچوں کا حفاظتی بچاؤ کے ٹیکوں کا یہ پروگرام اقوام متحدہ کی معاونت سے چل رہا ہے، جس میں‌ گھپلوں‌ کی اطلاعات تھیں.


مزید پڑھیں: دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف پاک ترک باہمی تعاون کا عزم


نیب ذرائع کے مطابق پیسےمنی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائے جانے تھے،ای پی آئی کے عہدے دار کے گھرچھاپے میں برآمد ہونے والی رقم ایک فارماسیوٹیکل کمپنی سے کمیشن کے طور پر لی گئی تھی.

یاد رہے کہ گذشتہ دونوں‌ وزیر اعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کے خلاف قانون سازی کرتے ہوئے سخت اقدامات کا عندیہ دیا تھا.

امریکا نے شام سے اپنی افواج واپس بلانے پر غور شروع کردیا

0
us troops

واشگنٹن: امریکا نے شام سے اپنی افواج واپس بلانے پر حتمی غورکرنا شروع کردیا، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بہت جلد شام سے اپنی افواج واپس بلالی جائیں گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طویل عرصے سے امریکی افواج شام میں موجود ہیں، امریکی حکام کے مطابق افواج نے وہاں اپنے اہداف حاصل کرلیے ہیں اس لیے افواج کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ شام سے افواج واپس بلانے کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتاسکتے اور ابھی اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ شام سے افواج کو واپس بلانے سے قبل اتحادیوں سے مشورہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اپنے اتحادیوں کے ساتھ شام میں کام کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ نے شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا اعلان کردیا

ری پبلکن سینیٹر لِنڈسے گراہم نے شام سے امریکی افواج کو واپس بلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے امریکا اور دنیا کے دوسرے ممالک میں خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شام سے افواج کو واپس بلانے سے ایران، داعش اور بشارالاسد کی کامیابی تصور کیا جائے گا، اس طرح کے اقدامات سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے اپنی افواج واپس بلانے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ فوج نے شام میں داعش کو شکست دے کر اپنے اہداف حاصل کرلیے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شام میں امریکی افواج کا کام داعش کو شکست دینا تھا فوج نے یہ کام بخوبی سر انجام دیا ہے، فوجی جوان جلد اپنی سرزمین پر واپس پہنچ جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا غربت مٹاؤ پروگرام عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکزبن گیا

0

اسلام آباد : امریکی روزنامہ دی واشنگٹن پوسٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے غربت مٹاؤ پروگرام مرغیاں پالنے کے منصوبے کو قابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے غریب گھرانوں کو فائدہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا غربت مٹاؤ پروگرام عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکزبن گیا، بل گیٹس کے بعد عمران خان کے مرغیاں پالنے کے منصوبے کی عالمی میڈیا میں پذیرائی مل گئی۔

مرغیاں پالنے کے منصوبے پر واشنگٹن پوسٹ نے آرٹیکل شائع کردیا، واشنگٹن پوسٹ میں مرغیاں پالنے کے منصوبے کی تعریف کی گئی ہے۔

اخبار کے آرٹیکل میں بتایا گیا ہے کہ غریب اور ورکنگ کلاس نے عمران خان کے منصوبے پرخوشی کا اظہار کیا ہے، مرغیاں فراہم کرنے کا مقصد غریب گھرانوں کو آمدنی فراہم کرنا ہے اور غریب لوگ اس منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کے مضمون کے مطابق غریب اور ورکنگ کلاس کے بعد خوشحال خاندانوں نے بھی وزیراعظم کی جانب سے غریبوں کی حالت بہتر بنانے کے اقدام کو ترجیح دینا قابل تعریف اقدام قرار دیا ہے۔

مرغیاں فراہم کرنے کے منصوبے کا مقصد غریب خاندانوں کوآمدنی کا ذریعہ مہیا کرنا ہے، واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ بہت سے غریب گھرانے اس منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اس کے علاوہ شہری گھرانے بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتیس نومبر کو ایک تقریب میں غربت مٹاؤ پروگرام کا اعلان کیا تھا، اس پروگرام کے تحت خصوصاً دیہی خواتین کو بارہ سو روپے کی عوض پانچ مرغیاں اورایک مرغا فراہم کیا جائے گا۔

مذکورہ منصوبے سے دیہی خواتین مرغیوں سے حاصل ہونے والے انڈوں کی فروخت سے گھربیٹھے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں گی۔

ڈرون کے ذریعے ویکسین پہنچانے کا کامیاب تجربہ

0

واشنگٹن: اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے صحت یونی سیف نے ڈرون کے ذریعے ویکسین کی فراہمی کا کامیاب تجربہ کیا۔

یونی سیف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بحرالکاہل میں واقع جزیرے وانواتو کے ایک بچے کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ویکسین کی فراہمی بذریعہ ڈرون کی گئی۔

تجربے کے دوران ماہرین نے ڈرون میں ویکسین کا ڈبہ رکھا جس کے بعد اس نے دشوار گزار پہاڑی علاقے پر تقریبا چالیس کلومیٹر پرواز کی اور پندرہ سے بیس منٹ میں‌ دوا مقررہ ہدف تک پہنچائی۔

مزید پڑھیں: آتشزدگی میں پھنسے لوگوں کی مدد کرنے والا جدید ڈرون

ماہرین کے مطابق عام طور پر اس راستے سے دوا پہنچانے میں کئی گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے کیونکہ وانواتو کا سفر کشتی کے ذریعے یا پیدل طے کرنا پڑتا ہے۔

یونی سیف نے تجربے کے لیے وانواتو کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ یہاں کا راستہ بہت زیادہ دشوار گزار ہے جبکہ اس علاقے میں 80 فیصد بچے ایسے ہیں جو ادویات سے محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرونز کی مدد سے آسمان پر انٹیل کے لوگو کا شاندار مظاہرہ

یونی سیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فور کا کہنا تھا کہ ’ڈرون کی چھوٹی سی پرواز عالمی صحت کے لیے بڑا اقدام ہے، مستقبل میں ہم ادویات پہنچانے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کو استعمال کریں گے‘۔

مقامی خاتون ڈاکٹر مریم نیم فل کا کہنا تھا ’ادویات کو ایک درجۂ حرارت پر رکھنا بہت ضروری ہے، چونکہ دریاؤں اور پہاڑوں پر سفر کرنا بہت مشکل کام ہے اس لیے ویکسین کی ترسیل ماہرین کی نگرانی میں ہر ماہ میں ایک بار ہی ہونا ممکن ہے‘۔

محسن داوڑ اورعلی وزیر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

0

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی ایم کے دو ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی گئی ہے، دوسری جانب اراکین قومی اسمبلی نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔

محسن داوڑ اور علی وزیر نے موقف اختیار کیا ہے کہ جس مقدمے کو بنیاد بنا کر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے اس مقدمے میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر ایف آئی آر میں نام ہونے کو بنیاد بنا کر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے تو پھر دیگر ارکان اسمبلی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا جائے کیونکہ ان کے خلاف بھی مقدمات درج ہیں۔

مزید پڑھیں: ایف آئی اے نےمحسن داوڑ اور علی وزیر کو بیرون ملک جانے سے روک دیا

محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل میں شامل کیے جانے کے بارے میں وزارت داخلہ کے خصوصی سیکریٹری ڈاکٹر عامر نے انسانی حقوق سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا۔

وزارت داخلہ کے خصوصی سیکریٹری نے قائمہ کمیٹی کو یہ نہیں بتایا کہ کابینہ کے کون سے اجلاس میں ان دونوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ جب ریاست کے اداروں کو چیلنج کیا جائے گا تو حکومت کوئی بھی اقدام اُٹھانے سے دریغ نہیں کرے گی۔

لاہور: شہبازشریف کا طبی معائنہ فوری طور پر کرایا جائے، میڈیکل بورڈ کی سفارش

0
شہباز شریف

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ان کے مزید طبی معائنے فوری طور پر کرائے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جو ان دنوں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں نیب لاہور کی تحویل میں ہیں کے فوری طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ جاری ہے۔

رپورٹ میں میڈیکل بورڈ کی جانب سے قومی احتساب بیورو کو شہباز شریف کا مزید طبی معائنہ کرانے کی تجاویز دی گئی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریض کا مزید طبی معائنہ کرانے کیلئے5تجاویز پر فوری عمل کیا جائے، مزید طبی معائنے کی روشنی میں ان کے علاج کے لیے حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔

میڈیکل بورڈ نے تجویز دی ہے کہ نیورو اینڈو کرائن ٹیومر کی تشخیص کیلئے اوکٹریٹائیڈ اسکین کرایا جائے، آنت میں مرض کے دوبارہ تشخیص کیلئے اینڈو سکوپی کرائی جائے۔

اس کے علاوہ سرطان کی علامت بننے والے کرومو گرینن اے اور بی کا تجزیہ دہرایا جائے اور مزید تشخیص کیلئے خون، پیشاب ودیگر ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں، شہباز شریف کو کھلی اور ہوا دار جگہ پر رکھا جائے، رپورٹ میں گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے مہروں کے جائزے کے لیے ایم آر آئی تجویز کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ماضی میں سرطان کے مرض کو شکست دے چکے ہیں لیکن 22 نومبر کو نیب کی حراست میں شہباز شریف کے طبی معائنے کیے گئے، ٹیسٹ رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

توند یا اضافی وزن عارضہ قلب کی سب سے بڑی وجہ قرار

0

جسم کا اضافی وزن اور توند ویسے تو کئی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے مگر حال ہی میں ماہرین نے خبردار کیا کہ موٹاپے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے کے خدشات بہت زیادہ حد تک بڑھ جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں ہونے والی ورلڈ کانگریس کارڈیالوجی اور کارڈیو اسکل ہیلتھ میں عالمی ادارے نے سروے رپورٹ جاری کی جس میں عارضہ قلب کی وجوہات اور اعداد و شمار بیان کیے گئے۔

ماہرین نے گزشتہ برس سامنے آنے والے کیسز کی روشنی میں یہ رپورٹ مرتب کی جس میں یورپ کے 16 ممالک کے مریضوں کا ڈیٹا شامل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: فضائی آلودگی سے کس بلڈ گروپ کے لوگوں‌ کو ہارٹ اٹیک ہوسکتا ہے؟

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یورپ دنیا کا وہ خطہ ہے جہاں دل کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق یورپ کے مختلف ممالک میں رہنے والے افراد میں بیماری پھیلنے کی وجہ اُن کا طرز زندگی ہے کیونکہ وہ دن کا بڑا حصہ بیٹھ کر گزارتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کے جسم میں چربی بڑھ گئی۔

تحقیق میں شامل افراد کو میڈیکل ہسٹری کے ساتھ انٹرویو کے لیے بلایا گیا اور ماہرین نے اُن سے مختلف سوالات کیے۔

ڈاکٹرز نے مریضوں سے تمباکو نوشی، کھانے پینے کی عادت، جسمانی مشقت، بلڈ پریشر اور شوگر سے متعلق سوالات کیے۔

ماہرین کے مطابق بیشتر مریضوں کو وزن کی وجہ سے بلڈپریشر کی بیماری تھی جس کی وجہ سے وہ ذیابیطس کے مرض میں بھی مبتلا ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹرابیری کا روزانہ استعمال ہارٹ اٹیک کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے

رپورٹ کے مطابق ڈھائی ہزار سے زائد مریضوں نے اپنے کوائف جمع کروائے جن میں سے 64 فیصد افراد کو موٹاپے کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ شوگر اور بلڈپریشر کے امراض میں بھی مبتلا ہوگئے جبکہ نارمل وزن والوں میں سے 37 فیصد کو مذکورہ امراض لاحق تھے۔

تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے 18 فیصد جبکہ جسمانی مشقت اور چہل قدمی نہ کرنے والے 36 فیصد افراد عارضہ قلب میں مبتلا ہوئے۔

سروے رپورٹ کی روشنی میں ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ دل کی بیماریاں پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ اضافی وزن یا موٹاپہ ہے۔

فرانسیسی صدر میکرون کی مقبولیت کم ترین سطح پر پہنچ گئی

0

پیرس: فرانس میں جاری احتجاج کے باعث فرانسیسی صدر کی مقبولیت کا گراف تیزی سے نیچے کی جانب گرا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سروے رپورٹ میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی مقبولیت مئی 2017 میں ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی نچلی ترین سطح 27 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

اوڈوکسا انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کرائے جانے والے سروے میں بتایا گیا ہے کہ ’یلو ویسٹ تحریک‘ کا احتجاج شروع ہونے کے ایک ماہ بعد سے اب تک فرانسیسی صدر کی مقبولیت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

حالیہ سروے میں شرکت کرنے والے 73 فیصد فرانسیسی شہریوں نے میکرون کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: فرانس کی ’یلو ویسٹ تحریک‘ جرمنی پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرے شروع

سروے میں 33 فیصد شہریوں نے میکرون کو صدارت کے منصب کے لیے اہلیت کا حامل جانا جبکہ اس کے مقابل تقریباً 68 فیصد افراد مخالف رائے رکھتے ہیں۔

یلو ویسٹ تحریک سے نمٹنے کے حوالے سے رائے دیتے ہوئے 47 فیصد فرانسیسیوں کا خیال ہے کہ میکرون اپنے دور صدارت کے دوران ہمدرد ثابت ہوئے جبکہ 53 فیصد نے مخالف آراء کا اظہار کیا۔

مذکورہ سروے 13 اور 14 دسمبر کو انٹرنیٹ کے ذریعے کیا گیا، اس دوران 18 برس سے زیادہ عمر کے 990 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

بچوں کی موت ہوٹل کا کھانا کھانے سے ہی ہوئی، فرانزک رپورٹ میں تصدیق

0

کراچی : ڈیفنس میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے حوالے سے ریسٹورنٹ کے کھانوں کی فرانزک رپورٹ میں تصدیق ہوگئی ہے کہ دونوں بچوں کی موت ہوٹل کا کھانا کھانے سے ہی ہوئی۔

ایریزونا گرل ریسٹورنٹ کا کھانا زہریلا تھا کھانے میں خطرناک بیکٹیریاز تھے، جس کے باعث دونوں بچوں محمد اوراحمد کے گردے فیل ہوئے، فرانزک رپورٹ میں بچوں کی موت کا سبب معلوم ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کے دو منیجرز عامر اختر اور عرفان علیم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

مذکورہ مقدمہ میں قتل بالسبب اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس نے عدالت سے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے، اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ مالکان ضمانت پر ہیں جلد ان تک بھی پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن کی زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں دو بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔