اتوار, مئی 25, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26185

تحریک انصاف کل یوم تشکر منائے گی

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف  نے کل اسلام آباد پیریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا ِ عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہمارا مقصد پورا کردیا۔

 تحریکِ انصاف کے سربراہ نے بنی گالہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جس نے جمعرات سے وزیراعظم نواز شریف کی تلاشی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے فریقین سے تحریری جواب طلب کرلیا

انہوں نے وہاں جمع عوام کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20سال کی جدوجہد میں جومیرے ساتھ چلے میں ان سب کا شکرگزارہوں اور خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ اوران کے ساتھ موجود کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں جمہوریت کے لیے شیلنگ کو برداشت کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے پانامہ لیکس کا انکشاف ہوا ہے اس کے خلاف ہر پلیٹ فارم سے جدوجہد کی لیکن کہیں بھی انصاف نہیں ملا لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر اب پہلی بار طاقتور کی تلاشی لی جارہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے ہم نے جمہوریت کے لیے جدو جہد کی تھی اب ہم کرپشن کے خلاف نکلے ہیں ،ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ کہ ہم اسلام آباد آئیں اور اسلام آباد لاک ڈاؤن کریں جب 10لاکھ عوام آئے تو لاک ڈاؤن ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی تاریخ میں کبھی طاقتور نے اپنی تلاشی نہیں دی ‘ پولیس والے بھی کمزور موٹر سائیکل والےکو روک کر پیسے لیتے ہیں۔ ہم نے دو آپشنز دیے یا نوازشریف استعفی دے یا تلاشی دے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے 2 نومبر کو پناما کرپشن کے خلاف دھرنے کا اعلان کررکھا تھا جس کے سبب وفاقی حکومت نے اسلام آباد آنے والے تمام تر راستے کنٹینر لگا کرسیل کردیے تھے اوراسلام آباد آنے والے کارکنان کی پکڑدھکڑ اور انہیں روکنے کے لیے شدید شیلنگ بھی کی گئی تھی۔

  شیلنگ کے سبب خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویزخٹک جو کہ 500 گاڑیوں کا قافلہ لے کر اسلام آباد آرہے تھے صوابی کے مقام پررکنے پرمجبور ہوگئے تھے۔

پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق دائردرخواستوں پرچیف جسٹس آف پاکستان انورظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کررہا تھا، سپریم کورٹ کے بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ،جسٹس امیرہانی مسلم،جسٹس عظمت سعیداورجسٹس اعجازالحسن شامل ہیں۔

 سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات اور وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواستوں پر سماعت میں وزیراعظم اوران کے اہلخانہ کو2 دن میں جواب داخل کرانے کا حکم دیا اور فریقین سے ٹی اوآرز اور کمیشن کی تجویز تحریری طور پر طلب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی

میر پور آزاد کشمیر :سماہنی سیکٹر پر بھارتی فورسز کی گولہ باری

0

میرپورآزادکشمیر: ضلع بھمبر میں سماہنی سیکٹر پر بھارت کی فوج کی جانب سے شدید ترین گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔

میرپورآزاد کشمیر ضلع بھمبر میں سماہنی سیکٹر پر آج بھارت کی فوج کی جانب سے بنڈالہ کے علاقہ میں شدید ترین گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بنڈالہ کی سول آبادی پر بھارتی گولہ باری سے پیشتر رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔

پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی سے بھارتی توپوں کے منہ بند ہوگے۔

دوسری جانب دن گیارہ بجے سے یونین کونسل کھمباہ کے علاقہ ڈنہ میں بھی بھارتی گولہ باری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، لائن آف کنٹرول پر آباد لوگ اپنے گھروں میں محصور نظام زندگی مفلوج تاحال کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔


مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ، 4 شہری شہید، 6 زخمی


یاد رہے گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف مقامات پربلا اشتعال فائرنگ کی جس میں 4 شہری شہید اور 6 افراد زخمی ہوگئے، جواب میں پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں، پاک فوج نے کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ تین روز قبل ہارٹ اسپرنگ، جند روڈ اور نکیال سیکٹر پر کی جانے والی بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور سات افراد زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت نے رواں سال 90 سے زائد مرتبہ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، میجر شہید

0

پشاور: جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک میجر جاں بحق جبکہ 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں سرچ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی زد میں آکر میجر عمران جاں بحق ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں 6 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں ایک لیفٹننٹ بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

واضح رہے کہ سنہ 2014 میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔ آپریشن میں بیشتر علاقے کو اب کلیئر کیا جا چکا ہے تاہم سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہیں۔

حکومت ناسیاسی حل کی طرف آتی ہے نا پارلیمانی حل کی طرف،حامد خان

0

اسلام آباد: تحریک انصاف کے وکیل اور رہنما حامد خان کا کہنا ہے کہ حکومت نا تو سیاسی حل کی طرف آتی ہےاور ناہی پارلیمانی حل کی طرف آنا چاہتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پانامالیکس کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور وکیل حامد خان اور نعیم الحق کا کہناتھا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نوازشریف اور ان کے اہل خانہ کو دو دن کے اندر عدالت میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ٹی او آرز اور کمیشن پر فریقین سے تجویز اور تحریری جواب مانگ لیا ہے۔عدالت کا کہناہے کہ اگرٹی او آرز پرحکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق نہیں ہوا تو ہم خود ٹی او آرز بنائیں گے۔

تحریک انصاف کے وکیل حامد خان کا کہناتھاکہ وزیراعظم نے5اپریل کو کہاتھا کہ وہ خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے قوم کے سات مہینے ضائع کیے۔

انہوں نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت ناتو سیاسی حل کی طرف آنا چاہتی ہے اور نہ پارلیمانی حل کی طرف آتی ہے۔

واضح رہے کہ بعدازاں تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہناتھا کہ دھرنے کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور کل ہم دھرنا دیں گے کسی عدالت نے ہمیں دھرنا دینے سے نہیں روکا۔

ربر کی گولیاں‘ رہنماؤں کی گرفتاری شرمناک ہے: عمران خان

0

بنی گالہ/اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے پولیس کی جانب سے شیلنگ ‘ ربر کی گولیوں کے استعمال کو شرمناک قرار دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اپنے تازہ ترین ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’پولیس نے ہماری لاہور کی قیادت پر آنسو گیس اور ربر کے کی گولیا ں استعمال کی جو کہ ایک شرمناک عمل ہے‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ عندلیب عباس ‘ ولید اقبال ‘ حماد اظہر اور دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ قابلِ مذمت ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کو پولیس نے حراست میں لیا تھا اور کچھ دیر بعد ان کو رہا کردیا گیا۔

تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان کو گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے بھی 50 کے لگ بھگ کارکنان پولیس کی حراست میں ہیں۔

پولیس نے برہان انٹرچینج کو بھی کنٹنیر لگا کر بند کیا ہوا ہے اور خیبرپختونخواہ سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں آنے والے قافلے پر شدید شیلنگ کی گئی ہے جس کے بعد عمران خان نے قافلے کو عارضی طور پرپیچھے ہٹنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے پنامہ لیکس سے متعلق آج ہونے والی سماعت میں فریقین کو جمعرات تک جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔

پانامہ لیکس کیس ، سپریم کورٹ کا فریقین سے تحریری جواب طلب

0
FIA PANAMA CASE

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات اور وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواستوں پر سماعت میں وزیراعظم اوران کے اہلخانہ کو2 دن میں جواب داخل کرانے کا حکم دیا اور فریقین سے ٹی اوآرز اور کمیشن کی تجویز تحریری طور پر طلب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق دائردرخواستوں پرچیف جسٹس آف پاکستان انورظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کررہا ہے، سپریم کورٹ کے بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ،جسٹس امیرہانی مسلم،جسٹس عظمت سعیداورجسٹس اعجازالحسن شامل ہیں۔

سلمان اسلم بٹ حکومت کی نمائندگی کررہے ہیں جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، پی ٹی آئی کی جانب سے شیریں مزاری اور شاہ محمود قریشی اور سعد رفیق بھی عدالت پہنچ گئے ہیں۔

وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو وزیراعظم نواز شریف کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے عدالت کو بتایا وزیراعظم جوڈیشل کمیشن کے قیام پر متفق ہیں لیکن کمیشن کو جہانگیر ترین اور عمران خان کی بہن کا کیس بھی بھیجا جائے، اگر الزامات ثابت ہو گئے تو وزیراعظم قانونی نتائج کو تسلیم کریں گے۔

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں  کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ٹی او آرز کے معاملے پر نظرثانی کرے ، فریقین کے مابین معاملات بہتر ہو جائیں گے،   سیاست ضرور کریں مگر تحمل کے ساتھ۔ ، اگر فریقین کا  ٹی اوآرز پر اتفاق نہ ہوا تو ہم خود ٹی اوآرز بنائیں گے۔

کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پانامالیکس کی تحقیقات کے لئےکمیشن بنانے کی تجویز دی تھی ، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے لیے آج ہی ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کرے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کیا تمام فریق کمیشن پر متفق ہوں گے؟ عدالت کمیشن بنائے تو اس کے فیصلے کو تسلیم کریں گے؟ چیف جسٹس نے ایک بجے تک تحریری رائے طلب کی تھی ، عدالتی ہدایت کے بعد عمران خان اور نواز شریف کے وکلاء مشاورت کے لئے روانہ ہوگئے۔

عدالت نے کہا کہ آف شور کمپنیوں کا اصل مالک کون ہے، ہم وزیر اعظم سے پوچھیں گے، بتایا جائے پیسےکہاں سے منتقل ہوئے، سپریم کورٹ نے تحقیقات کے لئے تین آپشن رکھ دئیے، پہلا آپشن عدالت خود بینکوں کے کھاتوں کاجائزہ لے، دوسرا آپشن ہے تحقیقاتی اداروں کو حکم دیں، تیسرا آپشن درخواست گزار دستاویزات اور ثبوت خود پیش کریں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت تحقیقاتی ادارہ نہیں تحقیقات کاحکم دے سکتی ہے۔

پاناما لیکس پرکمیشن کی عدالتی تجویزپر سیاسی ردِعمل

پاناماتحقیقات کی عدالتی تجویزپرسیاسی قیادت کا ردعمل سامنے آیا، وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ اقتدار میں ہوتے ہوئے سرنڈر کر رہےہیں ، مار دھاڑکی سیاست کو حصول اقتدار کی کوشش کہہ دیا۔

سعدرفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف عدالتی تجویز پرخوش ہیں،عمران خان کارکنوں پر رحم کریں۔

سراج الحق نے ن لیگ کی سیاست کو ڈبل شاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف قائداعظم کا احتساب چاہتے ہیں، پانامالیکس سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔

پانامہ لیکس کی تحقیقات پر کیس کی سماعت  شروع

سماعت کے آغاز میں  طارق اسد کی پٹیشن اٹھائی گئی، جسٹس امیر ہانی کا کہنا ہے کہ یہ بینچ خصوصا اسی کیس کیلئے بنایا گیا ہے، بینج تسلی سے سماعت کرے گا، ہیجانی کیفیت پیدا نہیں کی جائے۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا تمام فریقین نے جواب جمع کرا دیا ہے؟ تمام فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا پوقع دیا جائے گا ، میڈیانے 2ہفتے سے اس کیس کے حوالے سے سنسنی پیدا کررکھی ہے، سماعت سے متعلق میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

چیف جسٹس آف پاکستان انورظہیر جمالی نے کہا کہ دوہفتوں کیلئے سماعت ملتوی کی گئی تھی تاریخ آنے پرتاثردیاگیاکہ تاریخ تبدیل کردی گئی ہے، اس قسم کی باتوں پرمیڈیااورسیاسی جماعتیں زمہ داری کامظاہرہ کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آمدن سے زیادہ  اثاثہ جات ہوں تو نیب تحقیقات کرسکتا ہے، نیب نے ابھی تحقیقات کیوں شروع نہیں کریں، کس بات کا انتظار کررہی ہے۔

جسٹس عظمت سعید کا کہنا ہے کہ اب تک تمام فرقین کی جانب سے جواب نہیں آیا ، دوہفتے پہلے نوٹس دیا گیا تھا، جواب دینے میں تاخیری حربے کیوں استعمال کیے جارہے ہیں، نیب کیسے کہتا ہے کہ اسکا دائرہ اختیارنہیں، نیب کیوں چاہتا ہے کہ لوگ اسے ثبوت جمع کرکے دیں، نیب خود تحقیقات کیوں نہیں کرتا۔

پراسیکیوٹر نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کا معاملہ ہے جونیب کے دائرہ اختیار میں نہیں، اتنے بڑے معاملے کی تحقیقات کوئی ایک ادارہ اکیلانہیں کرسکتا۔

جسٹس آصف سعید کا کہنا تھا کہ نیب کے دلائل سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ اس ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے لئے کوئی ادارہ نہیں، جس ادارے نے کچھ نہیں کیا اس کے بارے میں بھی حکم جاری کریں گے ،عدالت سے باہرہرایک زبان پر کرپشن کے خلاف تحقیقات کامطالبہ ہے، کوئی ادارہ اس سلسلے میں کچھ نہیں کرنا چاہتا، چئیرمین نیب کے اختیارات کا معاملہ عدالت دیکھے گی۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ عدالت کا اختیارسماعت چیلنج کرنا چاہتے ہیں، تو اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چیلنج کرنا چاہتے لیکن گزشتہ سماعت پریہ تاثر تھا کہ عدالت پہلے اختیارسماعت طے کرے گی اس لیے جواب نہیں کرایا۔

جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ رقم ملک سے باہرجائے تو یہ نیب کامعاملہ بنتا ہے، کیاآپ نے آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے کیسز واپس لے لیے جو دائرہ اختیارکی بات کررہے ہیں۔

عمران خان کے وکیل حامد خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ موزیک نامی قانونی فرم پانامہ میں قائم ہے ، جہاں سے معلومات لیک ہوئی،  آئی سی آئی جے نے سیاستدانوں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لیک کیں، خفیہ دستاویزات کی لیکیج اور اس کی صداقت سے کسی کو انکار نہیں۔

حامد خان نے کہا کہ مریم ، حسن اور حسین کی آف شور کمپنیوں کی تصدیق آئی سی آئے جے نے کی، کیا قانونی فرم نے دستاویزات کو کنفرم کیا، نیسکون اور نیلسن دو کمپنیوں کی ملکیت مریم صفدر کی ہے جن پر ایڈریس سرور پیلس جدہ کا ہے۔

ہمیں سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج عدالت نے پیغام دیا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر کوئی فیصلہ ہو ، ہمیں سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہیں، عدالت کمیشن قائم کرے جو بھی راستی اختیار کرے ہمیں احترام ہے، کمیشن سے سب ڈارائی کلین ہوکر نکلیں گے ، الزامات ہمارے پاس بھی ہے ہم بھی لگائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ 6ماہ پہلے ہی معاملے پر عدالت کو خط لکھا تھا، دو گھنٹے میں ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کریں گے، کمیشن میں جائیں گے تو انکی بھی آف شور کمپنیاں نکلیں گی۔

جس طرح 28 تاریخ کو کمیٹی چوک پہنچا تھا 2 تاریخ کو بھی بنی گالہ پہنچوں گا،شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشرف ڈکٹیر تھا لیکن ان لوگوں سے بہتر تھا ، جس طرح 28 تاریخ کو کمیٹی چوک پہنچا تھا 2 تاریخ کو بھی بنی گالہ پہنچوں گا ،سپریم کوٹ آنے والے راستے بند ہے لفٹ لے کر پہنچا ہوں۔

عام شہریوں کے بنیادی حقوق پامال کئے جارہے ہیں، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  عام شہریوں کے بنیادی حقوق پامال کئے جارہے ہیں، کل وفاق اور پنجاب حکومت نے آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی۔ چیف جسٹس کے سامنے پانامہ لیکس جیسا اہم کیس موجود ہے ، سپریم  کورٹ تک آنے میں کافی وقت لگا جگہ جگہ ناکے اور بھاری پولیس تعینات ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کے پر جو بمباری کی گئی اسکی شدید مذمت کرتے ہیں،سراج الحق

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے وزیراعلی پرویزخٹک کے قافلےپر انتظامیہ کی کارروائی کو بمباری قراردیتے ہوئے مذمت کی اور کہا کہ منتخب وزیراعلیٰ کے ساتھ ایسا رویہ فیڈریشن کیخلاف ہے، مسئلے کا حل خودحکومت کے پاس ہے، حکومت ٹی او آرز اور کمیشن بنانے پر راضی ہوجائے۔،

یاد رہے کہ 20اکتوبرکو ان درخواستوں پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے وزیراعظم نوازشریف،ان کی بیٹی مریم نواز،داماد ریٹائرڈ کیپٹن صفدر،حسین اور حسن نواز سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے اور سماعت ملتوی کردی تھی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے پاناما لیکس کے حوالے سے درخواستیں دائر کی تھیں۔

داعش ہتھیار ڈال دے یا مرنے کےلیے تیار رہے،عراقی وزیراعظم

0

بغداد : عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ داعش کے پاس اور کوئی راستہ نہیں یا وہ ہتھیار ڈال دے یا مرنے کے لیے تیار رہے۔

تفصیلات کے مطابق عراقی وزیراعظم نے سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں کہا ہے کہ دولت اسلامیہ کے پاس اور کوئی راستہ نہیں انہیں ہتھیار ڈالنے ہوں گےیامرنا ہوگا۔

وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ ’ہم داعش کے گرد گھیرا تنگ کر دیں گے اور انشاءاللہ سانپ کا سر بھی کاٹ دیں گے۔ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

داعش کے خلاف عراقی فوج کی موصل میں پش قدمی تیزی سے جاری ہے اور عراقی فوج کی جانب سےموصل کے قریبی دیہاتوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:عراقی شہر موصل میں آپریشن،داعش کے 800سےزائد دہشتگرد ہلاک

خیال رہے کہ دو روز قبل عراق کے شہر موصل میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف آپریشن میں داعش کے800سے زائد دہشت گرد مارے گئے تھے۔

موصل عراق میں داعش کا آخری گڑھ ہے اور اس کےدہشت گردوں نے سنہ 2014 میں شہر پر قبضہ کیا تھا۔موصل ہی میں دولت اسلامیہ کے رہنما ابو بکرالبغدادی نے عراق اور شام میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں خلافت کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عراق میں داعش نےبچوں سمیت 284افرادکوقتل کردیا

اس سے قبل داعش نے گزشتہ ہفتے عراقی افواج کے حملوں سے بچنے کے لیے ڈھال کے طور پر اغوا کیے گئے 284 بچوں اور نوجوان لڑکوں کو قتل کردیاتھا۔

داعش نے ان افراد کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفنانے کے لیے موصل کے کالعدم ایگری کلچر کالج میں بلڈوزرز کا استعمال کیاتھا۔

مزید پڑھیں:عراقی فوج کا داعش کے خلاف موصل میں آپریشن

یاد رہےکہ گزشتہ ہفتے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کاکہنا تھا کہ اب داعش کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کاوقت آگیا ہےاور ہم عوام کو داعش کے ظلم اور دہشت گردی سے نجات دلا کر رہےگیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے موصل میں لڑائی کے حوالے سے کہا تھا کہ اس سے شہریوں پر بہت بڑے پیمانے پر اثر پڑے گا اور ایک اندازے کے مطابق موصل اور اس کے گردو نواح میں رہنے والے 12 لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی کی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری

0

نیویارک : عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے پاکستان کی ریٹنگز میں بہتری کردی، پاکستان کی ریٹنگز بی مائنس سے بی کر دی گئی ہے۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کا لانگ ٹرم آؤٹ لک مستحکم ہے، ریٹنگز ایجنسی کے مطابق بہتر پالیسوں کے باعث پاکستان کی ترقی اور معیشت میں بہتری آئی ہے۔

ایس اینڈ پی کے مطابق جمہوری حکومت کی پالیسیز اور اصلاحات کے باعث آئندہ پانچ سال میں ملکی معاشی شرح نمو ساڑھے پانچ فیصد ہوجانے کی توقع ہے۔

ایس اینڈ پی کا کہنا ہے کہ ملکی معاشی شرح نمو میں بہتر کی وجہ سستا خام تیل اور پاک چین اقتصادی راہداری ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہے۔

ایس اینڈ پی کے مطابق پاکستانی معیشت میں آنے والی بہتری سے بجٹ اور کرنٹ اکاونٹ خسارے کی فنانسنگ کے لئے گنجائش پیدا ہوئی ہے۔

مجھے سپریم کورٹ اور اپنی عوام پراعتماد ہے،شیخ رشید

0

اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہناہےکہ پاناما لیکس پر مجھے سپریم کورٹ پر اعتماد ہے اور میں عدالت سے استدعا کروں گا کہ روزانہ کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت ہو۔

تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سےدرخواست کروں گا کہ کیس کوروزانہ کی بنیاد پر لگایا جائے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے بجائے سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے فیصلہ کا احترام کریں گے۔

خیال رہے کہ اب سےکچھ دیر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالہ پہنچے تھے اور وہاں عمران خان سے طویل مشاورت ہوئی اور انہوں نے پانامالیکس پر اپنے فیصلے سے بھی تحریک انصاف کے سربراہ کو آگاہ کیا۔

اس سے قبل بنی گالہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ سپریم کورٹ نے1 بجے تک کا وقت دیا ہے کہ آپ فیصلہ کرلیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں کہ اس عدالت کا فیصلہ یاجوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تسلیم کریں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہناتھا کہ پانامالیکس میں جوڈیشل کمیشن کی تجویز مسترد کرتے ہیں اور کیس میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

شیخ رشید کا کہناتھا کہ کل کا دھرنا ہرصورت ہوگا اور جو کل دھرنے کے لیے نہیں نکلے گا وہ نوازشریف کے ساتھ ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخ رشید کو ٹیلیفون کرکے مشاورت کے لیے بنی گالہ بلایا تھا۔

یاد رہے آج صبح سپریم کورٹ میں پانامالیکس کیس میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو28 اکتوبر کو ہر حال میں لال حویلی آنا چاہیے تھا۔

سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ تمام راستے بند تھے لیکن لفٹ لے کر سپریم کورٹ پہنچاہوں۔

مزید پڑھیں:نوازشریف کو ملک کی نہیں کرپشن سے بنائے ہوئے پیسے کی فکر ہے،عمران خان

واضح رہے کہ آج صبح پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناتھا کہ نوازشریف پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک ہے اسے ملک کی نہیں اپنے پیسے کی فکر ہے۔

شیخ رشید کے حوالے سے عمران خان سے پوچھا گیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہناتھا کہ آپ کو باہر نکلنا چاہیے تو اس پر انہوں نے کہا تھا کہ کپتان اپنی حکمت عملی کے تحت چلتا ہے اور میری حکمت عملی 2 نومبر کی ہے۔

چائے والا کے بعد رکشہ والا بھی میدان میں

0

چائے والا کے بعد ایک خوبرو رکشا ڈرائیور نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے‘ صارفین کی بڑی تعداد رکشہ والے کی تصاویر شیئر کررہی ہے۔

جی ہاں ! ابھی چائے والے کے چرچے ختم نہیں ہوئے تھے کہ مبینہ طور پر راولپنڈی میں رکشہ چلانے والے خوبرو نوجوان کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر گردش شروع کردی ہے۔

post-2

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا حسن لامحدود ہے اور یہاں کی مٹی میں ایک سے ایک حسین شاہکار جنم لیتے رہے ہیں‘ ان کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ چائے والے کو بھی ایسے ہی مواقع فراہم کیے جائیں جیسے کہ اس سے قبل راتوں رات اسٹار بن جانے والے ارشد خان کو کیے گئے تھے۔

post-1

کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ رکشہ والا‘ دیکھنے میں چائے والے ارشدخان سے زیادہ خوبرو ہے اب اس بارے میں صحیح فیصلہ تو عوام خود ہی کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ملک میں جاری سیاسی گرما گرمی کے ماحول میں رکشہ والا اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے گا۔

چائے والا راتوں رات سوشل میڈیا کا سپراسٹاربن گیا

یاد رہے کہ نیلی آنکھیں اورگورا مکھڑے والا اسلام آباد کا چائے والا ارشد خان راتوں رات سوشل میڈیا کا سپر اسٹار بن گیا تھا ۔ اس چائے والے کی تصویر جونہی سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی گھنٹوں میں ہی وائرل ہوگئی تھی۔

نہ صرف پاکستان میں بلکہ بھارت کی لڑکیا ں بھی ارشد خان کے حسن کی دیوانی ہوگئی تھیں اور اسے کئی فلمی اداکاروں سے زیادہ خوبرو قرارد یا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا نے بھی ارشد خان کو کوریج دی تھی۔


سوشل میڈیا پررکشہ والا کے چرچے