اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26212

آف شور کمپنی کیس، عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مل گئی

0

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے آف شور کمپنی کیس میں عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دیدی، آئندہ ہفتے چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان کے وکلاء نعیم بخاری اور انور منصور نے کہا حامد خان کی معذرت کے بعد گزشتہ روز ہی ان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جواب جمع کرانے کا وقت دیا جائے۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیدیا، آئندہ ہفتے چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔


مزید پڑھیں : عمران خان کی لیگل فرم نے آف شور کمپنی کے الزامات کو مسترد کردیا


سماعت کے بعد درخواست گزار لیگی رہنما حنیف عباسی سپریم کورٹ سے باہر آئے، میڈیا سے گفتگو میں حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جو بنی گالہ سے نیچے نہیں اترے وہ خونی انقلاب کیا لائیں گے، عمران خان کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر وفاق اورالیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے اثاثے چھپانے پرعمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی کے خلاف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ جہانگیر ترین کو غیر قانونی طریقے سے تجارت کے ذریعے پیسہ بنانے کے 8 سال پرانے کیس میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جس میں انہوں نے 7 کروڑ روپے واپس کر دیئے ہیں۔

عدلیہ کا احترام ہے پرپابندی صرف سندھ میں کیوں؟ مولا بخش چانڈیو

0

کراچی : سندھ کے مشیرِاطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا ہےکہ جب وفاق اورتینوں صوبوں میں مشیررکھے جاسکتے ہیں توسندھ میں پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔

سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کراچی میں میڈیا سے بات کر رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے اس پربھی فیصلہ کردیا جس کی درخواست ہی نہیں کی گئی تھی حالانکہ مشیر تمام صوبوں میں رکھے جاتے ہیں اور تینوں صوبوں کی کابینہ کا حصہ ہیں لیکن اعتراض سندھ پر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ہر فیصلے پر من و عن عمل کریں گے، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عدالت میں پیش ہوتی آئی ہے اور دو وزرائے اعظم نے بھی معزز عدالت میں پیش ہونے میں کوئی ہتک محسوس نہیں کی تھی یہ ہمارے ادارے ہیں اور ہمارے لیے قابلِ احترام بھی ہیں اور ہمیں عزیز بھی ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں فرید دایو ایڈوکیٹ کی پٹیشن پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ میں مرتضیٰ وہاب کی بہ طور مشیرِ قانون تعیناتی غیر قانونی ہے،آئین کی رو سے مشیر وزیراعلیٰ سندھ کو تجاویز دے سکتے ہیں ان کے پاس انتظامی اختیارات نہیں ہوتے اور نہ ہی مشیر متعلقہ وزارت چلا سکتے ہیں۔

یاد رہے سندھ ہائی کورٹ میں فرید دایو ایڈوکیٹ نے مشیرِ قانون مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کے خلاف پٹیشن دائر کر رکھی تھی جس میں مرتضی وہاب کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

جذبات کی ترجمانی کرتی سیاہی

0

سیاہی یا اندھیرا روشنی کی نوید سناتی ہے۔ ہر اندھیری رات اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ سحر ضرور ہوگی اور اجالا ضرور پھیلے گا۔

اندھیرے اور اجالے یا سیاہ اور سفید کے امتزاج میں بھی ایک منفرد حسن ہے جو اہل نظر کو ہی دکھائی دے سکتا ہے۔

کچھ اسی خیال کو پیش کرتی کراچی کی ان دو نوجوان فوٹوگرافرز سے ملیے جو سیاہ تصاویر کھینچ کر ان میں سفیدی کی آمیزش کر کے ان تصاویر کو آرٹ کا شاہکار بنا دیتی ہیں۔

صلہ سہگل اور نور خان کچھ عرصہ قبل کراچی میں اپنی تصاویر کی نمائش بھی کرچکی ہیں جہاں حاضرین نے ان کے فن اور اس کی وسعت کو بے حد سراہا۔

3

صلہ سہگل اپنے بارے میں بتاتی ہیں کہ انہیں فوٹو گرافی کا جنون ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ فوٹو گرافی ایک ایسا ہنر ہے جس میں آپ بالکل سادہ سی شے کو اس زاویے سے پیش کر سکتے ہیں کہ وہ کوئی ماورائی شے معلوم ہونے لگتی ہے۔

8

7

انہیں سیاہ اور سفید یعنی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کھینچنا پسند ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ دو رنگ اپنے اندر بے پناہ وسعت معنی رکھتے ہیں اور ان ہی دو رنگوں کے ذریعہ جذبات کو بہترین انداز میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

9

6

وہ کہتی ہیں جس طرح ایک تصویر ہزار الفاظ سے بہتر ہوتی ہے، تو یہ تصویر کسی کو بھی نئے زاویوں سے سوچنے پر مجبور کرسکتی ہے۔

دوسری فوٹو گرافر نور خان معروف فرانسیسی فوٹو گرافر مارک ربود کا جملہ سناتی ہیں، ’تصویر کھینچنا زندگی کے ایک ایک سیکنڈ کے سوویں حصہ کا بھی لطف دوبالا کردیتا ہے‘۔

1

4

2

نور کہتی ہیں کہ سیاہ اور سفید رنگ میں جو معنویت اور گہرائی نظر آتی ہے جو کسی اور رنگ میں نہیں ملتی۔

سولہ سالہ صلہ سہگل اور 15 سالہ نور خان اپنے جنون کو کامیابی کے آسمان تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ اسی سیاہی اور سفیدی سے زندگی کے رنگوں کو بہترین انداز میں پیش کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

سعودی عرب کا پاکستانی تاجروں کو 2 سال کا ملٹی پل ویزا دینے کا اعلان

0

اسلام آباد: سعودی عرب نے ایف پی سی سی آئی کی سفارش پر پاکستانی تاجروں کیلئے ملٹی پل ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان میں سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی کی ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستانی تاجروں کو 2 سال کا ملٹی پل ویزا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے صدر نے سعودی سفیر کو پاکستانی تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، ملاقات میں جڑواں شہروں کی تاجر برادریوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت ہر شعبہ میں تعلقات کو فروغ ملے، پاکستانی تاجروں کے ویزا اور دیگر مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

عبداللہ مرزوق الزہرانی نے کہا کہ سعودی معیشت کا انحصار تیل پر ہے ، ہم دیگر شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کر اسکو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے پاس بھی سنہری موقع ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی سرمایہ کار سعودی عرب میں زراعت، مشروبات، خوراک، فوڈ پراسسنگ، آئل، گیس، شمسی توانائی، پانی سے متعلقہ شعبوں، ، تعلیم، تربیت، انسانی وسائل کی ترقی ۔ انفراسٹرکچر، ریلوے، میٹرو، ٹرانسپورٹ، ماحولیات، آئی سی ٹی، کنزیومر و لگژزی اشیاء ،کان کنی، سیکورٹی سروسز اور ہیلتھ کئیر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔


مزید پڑھیں : سعودی عرب: 4 برس کے دوران 7662 پاکستانی گرفتار،فہرست تیار


سعودی سفیر نے کہا کہ کاروبار شروع کرنے والے پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور تمام سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ 2003 سے 2013 کے دوران سعودی عرب میں معاشی خوشھالی دیکھنے میں آئی، فی گھرانہ آمدنی میں 75فیصد تک اضافہ ہوا، 17 لاکھ ملازمتیں پید اہوئیں، جی ڈی پی دو گنا ہوگیا جبکہ زر مبادلہ کے ذخائر بھی جی ڈی پی کے 100 فیصد تک پہنچ گئے تھے۔

عبدالرؤف عالم نے کہا کہ سعودی ریال دنیا کی سب سے زیادہ مستحکم کرنسیوں میں سے ایک ہے اور گزشتہ تین دہائیوں کے دوران اس کی قدر میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نہیں آئی ، اس وجہ سے پاکستانی تاجروں کسی بھی خوف کے بغیر وہاں سرمایہ کاری کرسکتے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

0

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 16 مختلف امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے بھارتی اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کی۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں اور جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 نومبر کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سمیت کابینہ کی کمیٹی برائے اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالدیپ کو افرادی قوت کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں سمیت ملائیشیا کے ساتھ انسداد بدعنوانی کے معاہدے، بیلا روس کے ساتھ جرائم کی روک تھام کے معاہدے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ مشترکہ کمیشن کے قیام کی معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں قازقستان کے ساتھ فوجی تعاون اور جنوبی افریقہ کے ساتھ دفاعی اور صنعتی تعاون کے معاہدے سمیت کویت کے ساتھ دفاع کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں بڑھانے کی بھی منظوری دی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جنرل راشد محمود کی خدمات کو سراہا جبکہ ان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

پاکستان ویمنز ٹیم سے کھیلنے سے انکار، بھارت 6 پوائنٹس سے محروم

0

انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ پاکستان ویمنز ٹیم سے کھیلنے پر انکار کے بعد آئی سی سی نے بھارت کو 6 پوائنٹس سے محروم کردیا۔

بھارت کی چالاکیاں، بہانے اور تاخیری حربے کسی کام نہ آئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ آئی سی سی نے فیصلہ پاکستان ویمنز ٹیم کے حق میں دے دیا۔

ویمنز چیمپئن شپ میں بھارت کی جانب سے کھیلنے سے انکار کے بعد آئی سی سی نے 6 پوائنٹس پاکستان کو دے دیے۔

آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تعلقات کی حساسیت کا علم ہے لیکن بھارت نے پاکستان سے نہ کھیلنے کی کوئی قابل قبول وجہ نہیں بتائی اور نہ ہی انہوں نے نیوٹرل مقام پر کھیلنے کی کوئی تجویز پیش کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان یکم اگست سے 31 اکتوبر کے دوران 3 میچز ہونے تھے، تاہم بھارت نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا تھا، جس پر پی سی بی کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ان میچز کے پوائنٹس پاکستان کو دیے جانے چاہئیں۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب ورلڈ کپ راؤنڈ میں مدمقابل ہوں گی۔

پیمرا کو ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی کی مشروط اجازت

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پیمرا کو ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی کی مشروط اجازت دے دی۔ اعلیٰ عدالت کے مختصر حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیلامی ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا کی ڈی ٹی ایچ لائسنس سے متعلق اپیل کی سماعت 3 رکنی بنچ نے کی۔

پیمرا کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل میں کہا کہ ہائیکورٹ نے نوٹس دیے بغیر آخری دن حکم امتناعی جاری کردیا۔ بڈنگ کا عمل ابھی ابتدائی عمل ہے۔ اس سے کامیاب بڈر کو کوئی اختیار حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیلامی کے لیے بین الاقوامی کمپنیاں آئی ہوئی ہیں۔ نیلامی کی منسوخی سے مالی نقصان کے ساتھ ملکی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عدالت کا فیصلہ آنے تک کسی کو لائسنس جاری نہیں کیے جائیں گے۔

سپریم کورٹ نے فریقین کو سننے کے بعد ڈی ٹی ایچ نیلامی کی مشروط اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کے خلاف ایک اور کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے جس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے تفصیلی فیصلہ آنے تک ڈی ٹی ایچ کی 23 نومبر کو ہونے والی نیلامی روکنے کے لیے حکم امتناع جاری کیا تھا جس کو پیمرا نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد کیبل آپریٹرز نے بھی اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں کیبل نشریات بحال کردی گئی تھیں۔

وائٹ ہاؤس میں مہمان پتھر کے ہوگئے

0

واشنگٹن: انٹرنیٹ پر وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں تمام مہمان مجسمے بنے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ بظاہر دیکھنے میں یوں لگا رہا ہے کہ کسی نے جادو کی چھڑی گھما کر ان سب کو ساکت کردیا ہو۔

یہ تقریب دراصل میڈل آف فریڈم دیے جانے کی ہے۔ یہ امریکا کا سب سے بڑا سویلین اعزاز ہے اور یہ ہر سال اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔

رواں برس یہ میڈل بل گیٹس، ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس، مسلمان باسکٹ بال کھلاڑی کریم عبدالجبار، اداکار رابرٹ ڈی نیرو، ٹام ہینکس اور ایتھلیٹ مائیکل جارڈن سمیت 21 افراد کو دیا گیا۔

obama-1

obama-2

obama-3

تقریب میں ہالی ووڈ کی مقبول اداکارہ اور میزبان ایلن ڈی نے سب کو ساکت ہوجانے کا چیلنج دیا جس کے بعد سب پتھر کے ہوگئے۔

واضح رہے کہ یہ امریکی صدر بارک اوباما کی وائٹ ہاؤس میں آخری تقریب تھی۔

ملک کے مختلف شہروں میں 3 روزہ پولیو مہم کا آغاز

0

اسلام آباد : ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، مہم میں پچھتر لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا ئے جائیں گے، مہم کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، پچیس نومبر تک جاری انسداد پولیو مہم کیلئے پندرہ ہزار دو سو بارہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔

پنجاب کے آٹھ حساس اضلاع میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم شروع کردی گئی، جس میں پانچ سال سے کم عمر انسٹھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے، ملتان میں دو ہزار اڑسٹھ ٹیمیں آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے ویکسین پلائیں گی۔

سکھرمیں انسدادِ پولیو مہم کے دوران نو سو گیارہ ٹیمیں دو لاکھ بانوے ہزار آٹھ سو سینتیس بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

بلوچستان کے بارہ اضلاع میں پانچ ہزار ایک سو اڑتالیس موبائل ٹیموں، چار سو بیس فکسڈ سائٹس اور چار سو بیاسی ٹرانزٹ پوائنٹس کے ذریعے سولہ لاکھ بچوں کو ویکسین پلائے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں بھی آج سے تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے، پولیو مہم کے دوران 56 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے دوران 19 ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 22ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔

انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرز، ایف سی اور لیویز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال پاکستان بھر میں پولیو کے 18کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے بلوچستان سے صرف ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ سندھ کے ضلع بدین میں ایک بچی پولیو سے متاثر ہوئی۔