اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26976

فیض اللہ کی رہائی کیلئے رحمان ملک کا افغان حکومت سے رابطہ

0

اسلام آباد: اے آر وائی نیوز کے صحافی فیض اللہ کے معاملے پرموجودہ حکومت تو کچھ نہ کرسکی، لیکن سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے افغان وزیر داخلہ سے رابطہ کرلیا، فیض اللہ کی بے گناہی کی ضمانت دیدی۔

اے آر وائی کے صحافی فیض اللہ کی سزا کے معاملے پر سابق وزیر داخلہ رحمان نے افغان وزیر داخلہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اور فیض اللہ کی رہائی کے بارے میں بات چیت کی،رحمان ملک نے بتایا کہ وہ فیض اللہ کوذاتی طور پرجانتے ہیں، فیض اللہ صحافی ہیں، جس طرح کی ضمانت درکار ہوگی دی جائے گی۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ افغان وزیر داخلہ نے فیض اللہ کی رہائی کایقین دلایا ہے، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے موجودہ وزیر داخلہ ایسے کون سے اہم امور میں مصروف ہیں کہ انھوں نےپاکستانی صحافی کی افغانستان میں سزا کا نوٹس نہیں لیا،اور یہ کام سابق حکومت کے وزیر داخلہ کو کرنا پڑا۔

ملک میں پولیو کے تین نئے کیس سامنے آگئے

0

پشاور: ملک میں ایک روز میں پولیو کے تین نئے کیس سامنے آ گئے، تینوں پولیو کیسز کا تعلق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سے ہے،رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد اکیانوے ہو گئی۔

حکومت کی جانب سے پولیو کو ختم کرنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود پولیو کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آج ایک روز میں پولیو کے تین نئے کیسز سامنے آگئے، تینوں کیسز کا تعلق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ سے ہے، باڑہ کے گاؤں اکا خیل کی پانچ سالہ سنبل میں پولیو کا وائرس پایا گیا، پولیو کا شکار ایک سالہ ثمرن کا تعلق باڑہ کے گاؤں شاہ ڈالے سے ہے، کنڈے میران خیل کا ڈیڑھ سالہ ابراہیم پولیو وائرس کا شکارہوگیا، دو ہزار تیرہ میں پولیو کے ترانوے کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال کے سات ماہ میں اکیانوے کیس سامنے آچکے ہیں، رواں سال فاٹا سے پولیو کے انہتر کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے آٹھ کیسز کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن: وزیراعلی پنجاب،راناثنااللہ ودیگرکی کالزکا ریکارڈپیش

0

لاہور: سانحہ ماڈل ٹاون جوڈیشل کمیشن میں وزیراعلی پنجاب سمیت اہم شخصیات کی ٹیلی فونک گفتگو کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا، آئی ایس آئی اور آئی بی نےبھی رپورٹ جمع کروادی۔

سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات جاری ہیں،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جوڈیشل ٹریبونل میں جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب ، رانا ثنااللہ ،ڈاکٹر توقیر شاہ ، آئی جی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب سمیت اعلی حکام کی سانحہ کے روز ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ پیش کیا گیا، تاہم مکمل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت کی استدعا کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے ٹریبونل نے سماعت سولہ جولائی تک ملتوی کر دی۔

دوسری طرف سانحہ ماڈل ٹاون کے روز گاڑیاں ٹوڑنے والے گلو بٹ کو چھہ روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعدعدالت میں پیش کیا گیا، تاہم پولیس نے گلو بٹ سے مزید تفتیش کے لیے عدالت سے ریمانڈ میں پانچ روز کی مزید توسیع کی درخواست پیش کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے گلو بٹ کے ریمانڈ میں توسیع دیدی۔

خیبرپختونخواہ پولیس کو مطلوب چار ہزار افغان مہاجرین کی فہرست تیار

0

پشاور: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبرپختونخواہ پولیس کو مطلوب چار ہزار افغان مہاجرین کی فہرست تیار کر لی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مطلوب افغان مہاجرین میں ایک ہزار سے زائد مہاجرین دہشت گردی کی کارروائیوں میں مطوب ہیں، تین ہزار سے زائد قتل اقدام قتل، رہزنی سمیت دیگر جرائم میں مطلوب ہیں جبکہ چار ہزار مطلوب افراد میں سینکڑوں افغان مہاجرین کو پہلے ہی بلیک لسٹ قرار دے دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام مہاجرین پر قبائلی علاقوں سے پاکستان کے داخلے پر پابندی عائد ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مطلوب افغان مہاجرین صوبے میں کارروائی کے بعد قبائلی علاقے کے راستے افغانستان فرار ہوجاتے ہیں، مطلوب افغان مہاجرین کی گرفتاری کے لیے حکمت علمی تیار کر لی گئی ہے، دوسری جانب آج صبح پشاور کے علاقے سربند پشتہ خرہ کے نواحی علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بائیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان سےاسلحہ اور منشیات برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

محکمہ صحت کو تقسیم کرنے پراعتماد میں نہیں لیا گیا، ڈاکٹر صغیر

0

کراچی: محکمہ صحت کو دو حصوں میں تقسیم کرنے پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے سخت تحفظات کا اظہار کر دیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر ہونے کے باوجود محکمہ صحت کو تقسیم کرنے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، انہوں نے سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر ہیں، اس کے باوجود ان سے اس معاملے میں کوئی مشاورت تک نہیں کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم این جی اوز کے حوالے کیے جانے پر انہیں شدید اعتراض ہے، ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ اگر ان سے رائے لی جاتی تو ہیلتھ کیئر سسٹم کے بارے میں ضرور رائے دیتے۔

کراچی کو پانی دینے والی باہتر انچ کی پائپ لائین پھر پھٹ گئی

0

کراچی: کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی باہتر انچ کی پائپ لائین پھر پھٹ گئی ، وزیر بلدیات نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے رپورٹ مانگ لی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ اپنی نااہلی دوسروں پر ڈالتا ہے۔

دھابیجی پر پانی کی پائپ لائن پھر دھماکے سےپھٹ گئی، کراچی کو ڈیڑھ سو ملین پانی کی فراہمی رکی گئی، جس کی بحالی میں تین سے چار دن لگیں گے ، پانی کی عدم دستیابی کے باعث لانڈھی، کورنگی، نارتھ کراچی، سیکٹر الیون سی ٹو، نارتھ ناظم آباد ، لیاقت آباد اور دیگر علاقے متاثر ہورہے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ شرجیل میمن نےایم ڈی واٹر بورڈ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ، جس پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے وزیر بلدیات کو بتایا کہ کے الیکٹرک یقین دھانیوں کے باوجود واٹر بورڈ کی تنصیبات پر لوڈ شیڈنگ کررہی ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ کی رپور ٹ مسترد کرتے ہوئے کے الیکٹر ک نے بھی بیان داغ دیا، کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ، واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، واٹر بورڈ سے وزیر بلدیات کو حقائق کے منافی بریفنگ دی جارہی ہے، ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ انتیس ارب کا نادہندہ واٹر بورڈ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں اپنی ناکامی کو کے الیکٹرک سے نہ جوڑے۔،

فیض اللہ کی رہائی کیلئے الطاف حسین کا افغان صدر کو خط

0

لندن: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے افغان صدر حامد کرزئی سے اپیل کی ہے کہ فیض اللہ کو دی جانےو الی سزا پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کیا جائے۔

افغان صدر حامد کزئی کے نام خط میں الطاف حسین نےلکھا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیض اللہ خان ایک صحافی ہیں اوراپنے فرائض کی ادائیگی کے سلسلے میں قبائلی علاقے میں گئے تھے اورغلطی سے افغان سرحدعبورکرگئے تھے،انہوں نے افغان صدرحامدکرزئی سے اپیل کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیادپر فیض اللہ خان کو دی جانے والی سزاپرنظرثانی کی جائے اوران کی سزاکوختم کرکے ان کی فوری بحفاظت پاکستان واپسی کویقینی بنایاجائے، دریں اثناء اپنے بیان میں الطاف حسین نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ فیض اللہ خان کی سزاکے خاتمے اور ان کی پاکستان واپسی کیلئے سفارتی سطح پرہرممکن کوششیں کی جائیں، انہوں نے فیض اللہ خان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہارکیا۔

مشرف کے ساتھ کسی میٹنگ میں شریک نہیں ہوا، فضل الرحمان

0

اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ انہیں یاد نہیں کہ وہ کبھی جنرل پرویز مشرف کے حوالے سے کسی میٹنگ میں شریک ہوئے ہوں۔

خیرالمدارس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں لیکن ہمیں چاہیئے کہ حکومت کو صحیح مشورے دیں انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات تشویشناک ہیں ایسی صورتحال میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو اور جمہوریت چلتی رہے، ان کا کہنا تھا کہ جب تک امریکہ کے اتحادی کہلائیں گے اس وقت تک امریکہ مخالف ذہن کو منتشر نہیں کیا جاسکتا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کیساتھ مزاکرات کا معاملہ ڈرامہ تھا اور مذاکرات اور ڈرامے میں بڑا فرق ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن کے بعد دہشت گردوں نے جگہ چھوڑی تھی اور دہشت گردی ختم نہیں ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مارچ سے کوئی آسمان نہیں ٹوٹ جائے گا مظاہرے عوام کا حق ہیں تاریخ میں جتنے بڑے مارچ ہم نے کیے ہیں کوئی نہیں کرسکتا، بہرحال پی ٹی آئی کو مارچ کرنے دیا جائے، لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ یوم آزادی کے دن اس طرح کے مظاہرے نہیں کرنے چاہیں ، انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر امت مسلمہ کو ایک ہونا چاہئے ، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک اسٹیبلشمنٹ آئین کے تابع نہیں ہوتی اس وقت تک ملک میں ڈیل کی سیاست ختم نہیں ہوسکتی۔

انقلاب کی تاریخ دے کر بدلنا نہیں چاہتا، طاہرالقادری

0

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو چالیس کے بعد کے آرٹیکلز نظر آتے ہیں اس سے پہلے کے آرٹیکلز کیوں نظر نہیں آتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے چئیرمین ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ غریبوں کو روٹی کپڑا اور مکان نہ دینے والی جمہوریت کو ڈی ریل ہو جانا چاہیے، انقلاب کے بعد قومی اسمبلی میں مزدوروں ،کسانوں اور صحافیوں کو نمائندگی دیں گے، وہ مزدور کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو یہ نظر آتا ہے کہ حکومت کیسے بنے گی کیسے ٹوٹے گی یہ آئین کا حصہ نظر آتا ہے ،ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وہ انقلاب کی تاریخ دے کر بدلنا نہیں چاہتے، جمہوریت اس وقت ڈی ریل ہوتی ہے جب غریبوں کو ان کے بنیادی حقوق نہ ملیں۔

عوام 30ستمبر تک 1، 2، 5، 10، 25 اور 50 پیسے کے اعشاری سکے تبدیل کرا لیں، اسٹیٹ بینک

0

کراچی : اسٹیٹ بینک نے عوام کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل مائیکروفنانس بینکوں کی شاخوں سے 30 ستمبرء تک 1، 2، 5، 10، 25 اور 50 پیسے کے اعشاری سکے تبدیل کرا لیں۔

عوام کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے کمرشل اورمائیکرو فنانس بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعشاری سکوں کے تبادلے سے متعلق پوسٹرزاپنی شاخوں میں نمایاں مقامات پر لگائیں، وفاقی حکومت پہلے ہی مطلع کر چکی ہے کہ یکم اکتوبر سے 1، 2، 5، 10، 25 اور 50 پیسے کے سکوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی، تاہم 30 ستمبر 2014ء تک ان سکوں کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے۔