منگل, اپریل 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3798

اسمگل شدہ تیل کے بھیانک اثرات، اٹک ریفائنری بند ہونے کے قریب

0

پاکستان میں اسمگل شدہ تیل کی آمد کے بھیانک اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، اٹک ریفائنری نے مقامی تیل کی طلب میں کمی پر بڑا یونٹ بند کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسمگل شدہ ایرانی تیل کے بھیانک اثرات سامنے آنے لگے ہیں، ملک میں تیل صاف کرنے کے بڑے کارخانے اٹک ریفائنری کے بند ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ریفائنری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ تیل کی فراوانی کے باعث ریفائنری کے تیل کی طلب میں شدید کمی ہوئی ہے، جس کے بعد ریفائنری کی پیداوار کم کر کے 33 فی صد کر دی گئی ہے۔

اوگرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اسمگل شدہ تیل کی وجہ سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ریفائنری سے تیل کی خریداری میں کمی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں 32 ہزار 400 بیرل یومیہ تیل صاف کرنے والا یونٹ بند کر دیا گیا ہے۔

اوگرا اور پٹرولیم ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اٹک آئل ریفائنری صرف 33 فی صد صلاحیت پر چل رہی ہے، کمپنیوں کی جانب سے تیل نہ لینے پر ریفائنری مکمل بند کر دی جائے گی، صورت حال بہتر نہ ہونے پر ریفائنری اپ گریڈیشن معاہدے پر نظر ثانی کی جائے گی۔

ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

0

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا، اس موقع پر ایرانی صدر کو بچوں نے گلدستہ پیش کیا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مزار اقبالؒ پہنچنے پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

معزز مہمان ایرانی صدرسیدابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزار اقبال پر دعا کرائی۔ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، صیہونی قوتوں کیخلاف پاکستان کا مؤقف قابل دید ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا بھی مؤقف ہے فلسطینی جیت سے ہمکنار ہونگے، فلسطینیوں پر ظلم کرنیوالے اسرائیلی شکست سے دوچار ہوں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی جیسا احساس نہیں ہوا، پاک ایران رشتہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہوگا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری پاکستان اور ایران کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے پاکستان اور لاہور کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو نئی راہیں دکھائیں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ اہل پاکستان کو خصوصی طورپر سلام پیش کرتاہوں، ان شاء اللہ پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ہمیشہ جڑے رہیں گے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے، شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

سی ٹی اولاہور کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں مقامی تعطیل ہے، ایسے میں شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں سے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ روڈ پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی گئی ہے۔ شہری گریٹراقبال پارک، لاری اڈہ، لوئرمال پر بھی غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

موومنٹس مخصوص روڈ کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا، موومنٹس کے دوران شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں گے۔ لاہور رنگ روڈ، رنگ روڈ اتھارٹی کی جانب سے دوپہر 3 بجے تک بند رہے گا۔

ازبکستان، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین شراکت داری کا اہم معاہدہ

0

ازبکستان، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین شراکت داری کا اہم معاہدہ ہوا ہے، شراکت داری کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مالیاتی، مشاورتی اور کارپوریٹ فنانس سروسز فراہم کی جائیں گی، کے اے ایس بی لمیٹڈ اور انشر کیپٹل مارکیٹ کی توسیع اور غیر ملکی سرمایہ اکٹھا کرنے کے لیے کام کریں گی۔

ازبکستان سے کے ٹریڈ سیکیورٹیز اور انشر کیپٹل نے سعودی عرب، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سرحد پار سرمایہ کاری کی حمایت کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے، انشر کیپٹل ازبکستان کا سب سے بڑا انوسٹمنٹ بینک ہے۔

خادم علی شاہ بخاری سیکیورٹیز لمیٹڈ (KASB) پاکستان میں قائم ایک اسٹاک اور کموڈٹی بروکریج ہے، کے اے ایس بی لمیٹڈ پاکستان میں سعودی مارکیٹ کی فعال کوریج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس شراکت داری کے ذریعے دونوں فرمز سرمایہ کاروں کو مالیاتی مشاورتی اور کارپوریٹ فنانس سروسز فراہم کریں گی۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ میں افغانستان کی معیشت سے متعلق نئی معلومات منظرعام پر

کے اے ایس بی لمیٹڈ اور انشر کیپٹل مارکیٹ کی توسیع اور غیر ملکی سرمایہ اکٹھا کرنے کے لیے کام کریں گی، دونوں فرمز پاکستان، ازبکستان اور سعودی عرب میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کی مدد اور رہنمائی کے لیے سرگرم رہیں گی۔

تائیوان میں 6.3 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس

0
پاکستان زلزلہ

تائیوان کے مشرقی علاقے میں 6.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تائیوان کی مشرقی کاؤنٹی ہوالین میں زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں، زلزلہ 5.5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

شدید زلزلے سے دارالحکومت تائی پے کی عمارتیں لرز گئیں، تاہم فوری کسی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جاپان کے جنوبی علاقے شیکو میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

امریکی ریاست نیو جرسی اور نیو یارک میں بھی زلزلہ

جاپانی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق شیکوکو جزیرے کے مغربی ساحل پر 6.4 شدت کا زلزلہ آیاتھا۔ زلزلے کا مرکز بنگو چینل میں تھا۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ میں افغانستان کی معیشت سے متعلق نئی معلومات منظرعام پر

0

ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ میں افغانستان کی تباہ حال معیشت سے متعلق نئی معلومات منظرعام پر آ گئی ہیں، گزشتہ برس افغانستان کی مجموعی پیداوار میں 26 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی، افغانستان میں منشیات کی پیداوار پر پابندی کے باعث کسانوں کی آمدنی میں 1.3 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ کی مطابق افغانستان کی پاکستان کو برآمدات میں بھی 15 فی صد کمی آئی، افغانستان کی معیشت انتہائی غیر مستحکم اور غیر یقینی حالات سے دوچار ہے، پرائیویٹ سیکٹر میں ساختی خامیاں اور بین الاقوامی امداد میں کمی افغانستان کی اقتصادی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

چیمبر آف انڈسٹریز اینڈ مائنز کے نائب سخی احمد پیمان کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ طالبان کے قبضے کے بعد بین الاقوامی سطح پر افغانستان کو تسلیم نہ کیے جانے، فنڈز کی بندش اور اندرونی عدم استحکام کے باعث افغان معیشت گراوٹ کا شکار ہے۔

طالبان کے زیر اقتدار آتے ہی مرکزی بینک کے اثاثے منجمد ہونے کی وجہ سے افغانستان نے بین الاقوامی بینکنگ سسٹم اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تک رسائی کھو دی تھی، ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی معیشت 2025 تک ایک تاریک تصویر پیش کر رہی ہے۔

جب کرونا وبا بھارتیوں کو نگل رہی تھی، مودی کیا کر رہا تھا؟ نیویارک ٹائمز کی سنسنی خیز رپورٹ

تجزیہ نگار کے مطابق افغانستان کی تباہ حال معیشت کی بڑی وجہ طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی پشت پناہی ہے، افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آتے ہی خطے میں دہشت گردی میں سنگین حد تک اضافہ ہوا ہے، طالبان رجیم عوام کی بہتری کی بجائے ISIS-K اور ٹی ٹی پی جیسی تنظیموں کی پشت پناہی اور خطے میں دہشت گردی پھیلانے میں ملکی وسائل کا استعمال کر رہی ہے۔

آئی ایم ایف رواں ماہ کے آخر میں قرض کی قسط جاری کرسکتا ہے، وزیر خزانہ

0

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف رواں ماہ کے آخر تک قرض کی قسط جاری کر سکتا ہے۔

  لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ (ایل آئی آئی بی ایس) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف رواں ماہ کے آخر تک قرض کی قسط جاری کر سکتا ہے جس سے جون تک زرمبادلہ کے ذخائر 9 سے 10 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف قرض کے لیے آخری راستہ ہوتا ہے اور جب آئی ایم ایف قرض پروگرام میں ہوں توکوئی پلان بی نہیں ہوتا۔ آئی ایم ایف سے طویل مدتی پروگرام ملک کیلیے ضروری ہے تاہم آئی ایم ایف کے اگلے پروگرام کے حجم کے بارے میں حتمی طور پر بات کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ترقی کی شرح کم رہنے کا تاثر درست نہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام میں زراعت اور لائیو اسٹاک معاشی ترقی بڑھا سکتے ہیں جب کہ آئی ٹی کی ایکسپورٹ بھی آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے بڑھ سکتی ہیں

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف ہم سے کچھ نہیں کرا رہا، معیشت ٹھیک کرنا آئی ایم ایف سے زیادہ ہماری ضرورت ہے۔ ہم معیشت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور سب سے پہلے ٹیکس کا معیشت میں حصہ بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیر خزانہ  نے کہا کہ ملکی معیشت میں ٹیکس کا حصہ 9 فیصد ہے جو خطے میں سب سے کم ہے۔ ٹیکس ٹو جی ڈی  کو بڑھانا ہے۔ 1.7 بلین کے کیسز ٹریبونلز اور کورٹس میں ہیں، ٹیکس سے متعلق مقدمے جلد نمٹانے ہوں گے۔ ٹیکس کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس سے ملنے سے قبل ٹیکس ٹریبونل کے ذریعے مقدمات ختم کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اتوانائی کے نقصانات کم کرنے کیلیے بھی سنجیدہ کوشش کرنا ہوگی۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ضروری ہیں۔ تیسرا بڑا مسئلہ سرکاری اداروں کا نقصان کم کرنا ہے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کی فروخت کیلئے عمل تیز کیا ہوا ہے۔ پی آئی اے کی نجکاری میں کئی مراحل طے کر چکے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ کی سروسز کی نجکاری پر بھی بات ہوئی ہے، جب کہ نقصان میں چلنے والے اداروں کی بھی نجکاری ہو گی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر کام کر رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری آنا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہو رہی ہے۔ مہنگائی کم ہونے سے اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی ریٹ میں کمی کرسکتا ہے۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے نقصان سے بچنا ہوگا جب کہ پاکستان میں بچوں کی عدم غذائیت کی شکایت کو بھی دور کرنا ہوگا۔

جب کرونا وبا بھارتیوں کو نگل رہی تھی، مودی کیا کر رہا تھا؟ نیویارک ٹائمز کی سنسنی خیز رپورٹ

0

مودی کے جھوٹ کا مندر نیویارک ٹائمز نے بے نقاب کر دیا، 18 اپریل 2024 کو شائع ہونے والے نیو یارک ٹائمز کے آرٹیکل میں مودی کے جھوٹوں کا پلندہ کھول کر رکھ دیا گیا ہے۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تاریخی بابری مسجد کے لیے پہچانے جانے والے شہر ایودھیا کو مودی کے شاؤنسٹ ہندو شہر میں تبدیل کر دیا گیا ہے، 2020 میں کرونا وائرس سے جب ہر روز ہزاروں کی تعداد میں بھارتی شہری ہلاک ہو رہے تھے تب مودی ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی شروعات کر رہا تھا۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کے ہندوتوا نظریے نے بھارتی شہریوں کے دل میں ہر غیر ملکی چیز اور انسان کے لیے نفرت اور بے اعتباری کے بیچ بو دیے ہیں، ایودھیا کے ہوٹلوں میں صرف ویجیٹیرین کھانا دستیاب تھا اور سڑکوں پر گائے کھلی گھوم رہی تھیں، یہ دونوں باتیں مسلمانوں کے خلاف تعصب اور ہندو انتہا پسندی کی واضح مثالیں ہیں۔

رام مندر کے باہر دکانوں پر نفرت انگیز ہندو مردانگی کو ظاہر کرتی رام اور ہنومان کی مورتیاں بیچی جا رہی تھیں جس میں رام کو 6 پیک اور مسلز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، اپنی دس سالہ حکومت کے دوران مودی نے جمہوریت کا دعویٰ کیا ہے لیکن ایودھیا میں جمہوریت کے برعکس ہر شہری چاہے ہندو ہو یا مسلم کو ہندوتوا پالیسی پر چلنے کے لیے مجبور کیا جاتا ہے۔

مودی کا ہندوستان شدید عدم مساوات، بیروزگاری، صحت عامہ کی ابتر صورت حال اور موسمیاتی تبدیلی کی بڑھتی ہوئی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، مودی دنیا کے متنوع ترین ملک انڈیا کو کلسٹروفوبک اور انتہا پسند ہندوستان میں تبدیل کر کے ان بحرانوں کو حل نہیں کر سکتا، بھارت کو درپیش مسائل اور اپنی ناقص کارکردگی سے مودی سرکار خود بھی واقف ہے اور اسی لیے انتخابات کے پیش نظر خوف زدہ نظر آتی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کریک ڈاوٴن، الیکٹورل رولز اور ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ اور اپوزیشن کے مالی وسائل منجمد کرنا کسی خود اعتماد گروپ کی نشانی نہیں ہے۔

جنوری 2024 میں ہندوستان میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کے افتتاح کا جشن منایا گیا جب کہ اس تاریخی مقام پر رام مندر یا خود رام کے وجود کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے، پورے ملک میں تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں کی چھٹی، میڈیا چینلز پر لائیو کوریج اور آتش بازی، ان سب کے بیچ رام مندر سے زیادہ مودی کو سپاٹ لائٹ دی گئی، افتتاحی تقریب کی تاریخ بھی نہایت احتیاط سے رکھی گئی تاکہ 26 جنوری رپبلک ڈے کی اہمیت کو کم کیا جا سکے، 14 اگست کو انتہاپسند ہندووٴں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ کی پرانی عمارت کے ڈیزائن کو بھی گزشتہ برس تبدیل کر دیا گیا جس میں ہندو، بدھ، مسلم اور عیسائی کے مابین ہم آہنگی کا حوالہ دیا جاتا تھا، نئی عمارت میں کنول کے پھول کا ڈیزائن تشکیل دیا گیا ہے جو ہندوتوا بھارت اور بی جے پی کی نمائندگی کرتا ہے، ہندوستان میں مسلمانوں کے نام والی تمام شاہراہوں کے نام تبدیل کر کے ہندو نام رکھ دیے گئے ہیں، بالی ووڈ، ٹیلی ویژن اور پرنٹ میڈیا بھی ہندوتوا پالیسی پر چلتے ہوئے محض ہندو مذہب پر مبنی مواد بنا رہا ہے، جو صحافی اور ادارے ہندوتوا پالیسی پر کام کرنے کو تیار نہیں انھیں قانونی اداروں کی جانب سے دھمکیوں اور پولیس کے چھاپوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شعبہ تعلیم میں، سرکاری اداروں کو مودی سرکار کے جاہل کارکنان چلاتے ہیں، اور اسکول کی نصابی کتابوں سے لے کر سائنسی تحقیقی مقالوں تک، ہندوستان کے ہندو قوم پرست ورژن کو آگے بڑھایا جاتا ہے، 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی، نئے قوانین برائے بھارتی شہریت، مسلمانوں کی حق رائے دہی سے محرومی اور رام مندر کی تعمیر سے مودی نے مکمل طور پر انڈیا کو محض ایک ہندو ریاست میں تبدیل کر دیا ہے، مودی کے چمک دار رام مندر کے پیچھے انتہا پسند اور پر تشدد ہندوؤں کی کاروائیاں اور غریب اقلیتوں پر ظلم و جبر کی داستان لاکھ کوششوں کے باوجود بھی چھپائی نہیں جا سکتی۔

سینیٹ سے منظوری ملتے ہی یوکرین کو امداد فراہم کردیں گے، امریکی صدر

0

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ سینیٹ سے منظوری ملتے ہی یوکرین کو نئی امریکی سیکیورٹی امداد فراہم کردیں گے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے، یوکرین کی مدد کرنے پر یوکرینی صدر زیلنسکی نے امریکی صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کیا۔

یوکرینی صدر نے بائیڈن کو خارکیف میں ٹی وی ٹاور پر روسی میزائل حملے سے بھی بتایا۔

ٹرمپ پر 2016 کے صدارتی الیکشن میں فراڈ کا الزام

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امریکی صدر کو روسی میزائلوں، ڈرون اور بم حملوں سے ہونے والی فضائی دہشت گردی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

حکومت بالکل ناکام ہو چکی، عوام مر رہے ہیں، شیخ رشید

0
شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت بالکل ناکام ہو چکی، عوام مررہے ہیں، پس چکے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقدمات کی بھرمار ہے، درجنوں مقدمات درج ہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، ہمیں ہر روز عدالتوں میں پیش ہونا پڑتا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایسے ایسے مقدمات بنائے گئے کہ دنیا ان پر ہنسے گی، ایک شخص پاکستان میں موجودہی نہیں تھا اس پر بھی مقدمہ بنایا گیا کہ وہ ملوث ہے۔

پی ٹی آئی دورِحکومت کی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے خارج

انہوں نے کہا کہ کوئی دن خالی نہیں ہے، ایک ماہ میں 7 پیشیاں ہوتی ہیں، میرے وکیل کو روز کسی نہ کسی کیس میں عدالت پیش ہونا پڑتا ہے،حکومت کو سارے کیسز واپس لینے ہوں گے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

0

لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گزشتہ رات سے لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گلبرگ، کینٹ، جوہرٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، گارڈن ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں دوپہر کے بعد سورج نکل سکتاہے، شام کو دوبارہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، نوکنڈی اور دالبندین میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایرانی صدر کی لاہور آمد، ٹریفک ایڈوائزری جاری

سبی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ، نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔