ہفتہ, مئی 11, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6583

عمر گل کے بیان پر ثقلین مشتاق نے کیا ردعمل دیا؟

0

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم نے ہمارے بیٹنگ آرڈر کو ایک اور چیز دکھا دی کہ ہماری ٹیم میں سب میچ ونر ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم نے ہمارے بیٹنگ آرڈر کو ایک اور چیز دکھا دی کہ ہماری ٹیم میں سب میچ ونر ہیں۔

دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم پر کسی کو شک نہیں ہے، اس کی کلاس دنیا کے سامنے ہے، سب اس کی تعریف کرتے ہیں کہ وہ میچ ونر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کلاس بیٹر ہے، دو تین میچز میں ان کے نہ چلنے سے دیگر بیٹنگ لائن اپ میں نئی روح پھونک دی ہے۔

واضح رہے کہ شارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےافغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا تھا کہ بابر اعظم کا رنز نہ کرنا افغانستان ٹیم کے لیے اچھا ہوسکتا ہے۔

عمر گل نے کہا تھا کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، ان کے خلاف پلان تیار کیا ہوا ہے، دیکھتے ہیں کہ بولرز اس پر کیسے عمل کرتے ہیں۔

سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 2 ہزار سے زائد ریلیف کیمپس قائم

0

کراچی: صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 2 ہزار سے زائد ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، متاثرین میں اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب خیمے تقسیم کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں بارش اور سیلاب سے 20 اگست سے اب تک ہونے والی امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

فوکل پرسن فلڈ ریلیف کا کہنا ہے کہ صوبے کے متاثرہ اضلاع میں اب تک متاثرین کے لیے 2 ہزار 31 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، 5 لاکھ 91 ہزار 950 متاثرین کو ان ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔

فوکل پرسن کے مطابق شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں 577، سکھر ڈویژن میں 568، لاڑکانہ ڈویژن میں 481، حیدر آباد ڈویژن میں 296، میر پور خاص ڈویژن میں 68 اور کراچی ڈویژن میں 41 ریلیف کیمپ قائم کے گئے ہیں۔

متاثرین میں اب تک 1 لاکھ 40 ہزار 610 خیمے تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ 9 لاکھ 23 ہزار 255 مچھر دانیاں، 4 ہزار 293 فولڈنگ بستر اور 1350 چولہے بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

فوکل پرسن کے مطابق بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا سروے جاری ہے، بارش اور سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنا ترجیح ہے۔

اب تک بارشوں کے باعث 583 افراد جاں بحق جبکہ 11 ہزار 556 افراد زخمی ہوئے ہیں، صوبے بھر میں 45 ہزار 483 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

بارشوں کے باعث 16 لاکھ 81 ہزار 380 مکانات کو نقصان پہنچا، 44 لاکھ 26 ہزار 431 ایکڑ پر کاشت کی گئی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر بارشوں سے 235 تعلقہ اور 1051 یونین کونسلز متاثر ہوئی ہیں۔

’ آج ملک کے وزیراعظم کو عدالت میں آواز پڑے گی کہ ملزم حاضر ہو‘

0

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج ملک کے وزیراعظم کو عدالت میں آواز پڑے گی کہ ملزم حاضر ہو۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک دن میں عمران خان کے خلاف 12 پریس کانفرنسیں بیوقوف حکومت ہی کرسکتی ہے، حکومتی قرضے 50 ہزار ارب سے بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بجلی، پٹرول اور آٹے کی قیمت آسمان پر چلی گئی ہے لیکن ساری سیاسی اہل کو نا اہل اور نا اہل کو اہل بنانے کے لیے ہو رہی ہے، آج آج ملک کے وزیراعظم کو عدالت میں آواز پڑے گی کہ ملزم حاضر ہو۔

 

سابق وفاقی وزیر نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان بے شرم حکمرانوں کیلیے درس عبرت بنے گا وہ وہ عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے۔

شیخ رشید نے کہا حکومت کی یو ٹیوب پر بندش، ٹی وی چینلز پر سینسر اور پابندی، صحافیوں کی جبری برطرفی اور جلا وطنی، بیگناہ ورکروں پر جھوٹے مقدمے، عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ اور کارخانوں کی بندش، یہ سب بے شرم حکمرانوں کیلیے درس عبرت بنے گا۔

 

’امپورٹڈ حکومت ہمارے حقیقی آزادی کے پیغام کی حمایت دیکھ کر خوفزدہ ہے‘

0

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ہمارے حقیقی آزادی کے پیغام کی حمایت دیکھ کر خوفزدہ ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے یوٹیوب کی بندش کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں اتحادی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مین اسٹریم میڈیا بلکہ یو ٹیوب بھی بلاک کر کے تقریروں کا بلیک آؤٹ کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹل سنسر شپ نہ صرف پورے آئی ٹی سیکٹر کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہے۔

 

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ لوگ این آراو 2 کے ذریعے اپنی لوٹی دولت بچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، فاشسٹ حکومت پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہے، یہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور یہ ناقابل قبول ہے۔

واٹس ایپ پر نوجوان کو خودکشی کیلئے اُکسانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟ جانیے

0

واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات کے ذریعے ایک نوجوان کو خود کشی پر مجبور کرنے والے ملزم کو عدالت نے قید و جرمانے کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کی عدالت نے ایک نوجوان کو خودکشی کی نہج تک پہنچانے والے ادھیڑ عمر شخص کو 10 برس قید کی سزا سنائی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2016 میں ایک 60 سالہ شخص نے واٹس ایپ پر کم عمر لڑکے کو ڈرانے دھمکانے والے سینکڑوں پیغامات بھیجے تھے۔ اس وقت لڑکے کی عمر 17 برس تھی۔

منگل کو سپین کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس شخص نے لڑکے کے واٹس ایپ پر تین گھنٹے کے دورانیے میں 119 ڈرانے دھمکانے والے پیغامات بھیجے۔

عدالت کے مطابق اس نوجوان نے کئی بار اس شخص سے معافی مانگی اور خبردار بھی کیا کہ اگر اس قسم کے پیغامات بھجواتا رہا تو وہ خود کو مار ڈالے گا۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لڑکے کو پہنچنے والی اذیت سے مجرم بخوبی آگاہ تھا اور اسے یہ بھی علم تھا کہ وہ خودکشی کر سکتا ہے۔

مجرم نے اپنے پیغامات میں لڑکے پر الزامات عائد کیے تھے کہ اس نے کم عمری میں غیر مناسب ویب سائٹس دیکھیں اور دھمکیاں دی کہ وہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

مجرم نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں تمہارے والدین کو بھی تباہ کر دوں گا کیونکہ تم نے بالغوں کے لیے مخصوص ویب سائٹس دیکھیں۔

ان پیغامات کے بعد نوجوان نے اپنے گھر کی چھت سے کود کر خودکشی کر لی تھی جس سے فوری طور پر اس کی موت واقع ہوئی۔

عدالت کے مطابق لڑکے کی خودکشی کے واقعے کے بعد بھی مجرم اس کو واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات بھجواتا رہا۔

لڑکے کے والدین اور بھائی کو ’اخلاقی نقصان‘پہنچانے پر عدالت نے مجرم کو ایک لاکھ 71 ہزار ڈالر کا ہرجانہ بھی ادا کرنے کو کہا ہے۔

فضل الرحمٰن نے بھی ڈیموں کی تعمیر کیلیے آواز اٹھا دی

0

پی ڈی ایم اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سیلاب سے بچنے کے لیے ہمیں چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ڈی آئی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک الائنس اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جب بھی سیلاب آتا ہے تو ہمیں تباہ وبرباد کر دیتا ہے، ہمیں سیلاب سے بچنے کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، ہمیں چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے، چھوٹے ڈیم تعمیر ہوجاتے ہیں تو ہم سیلاب سے بچ سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ سیلاب سے سوات، بحرین، کاغان میں کئی کئی منزلہ عمارتیں گرگئیں، سیلاب داخل ہوا تو لوگ جتنا جلدی نکل سکتے تھے وہ نکلے، خطے کے لوگ مشکلات سے گزر رہے ہیں، پانی کا رخ ایک جگہ موڑتے ہیں تو آگے جاکر دوسرے لوگ متاثر ہوتے ہیں، آبادی کو بچانے کے لئے ہمیں بڑے روڈ کاٹنے پڑے ہیں، کوہستان کی صورتحال آج بھی قابل توجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوہستان اور دیر میں جو پانی آیا یہ صوبے کا بھی نقصان ہے، اس وقت جہاں جہاں ممکن ہے لوگ واپس گھروں کو جا رہے ہیں، جب تک کوئی گھروں میں نہیں جاسکتا تو کم از کم خیمہ، سایہ تو چاہیے، ہمیں یہاں کے لوگوں کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ جتنا انسان کے بس میں تھا وہ انہوں نے کیا، جتنی امداد پہنچ سکتی تھی پہنچائی گئی کہ مسئلہ انسانیت کا ہے، متاثرین تک پکا پکایا کھانا اور نقد رقوم بھی پہنچائی گئیں، فلاحی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی شاخوں نے جو کام کیا اس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یہ سب کچھ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔

انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی دادرسی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف، پاک فوج کا بھی شکریہ ادا کیا۔

مریم نواز بیرون ملک جانے کے لئے بے تاب : پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست

0
مریم نواز پی پی 80

لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کیلئے درخواست دائر کر دی، جس میں عدالت سے پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں پاسپورٹ واپسی کیلئےدرخواست دائر کر دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 4سال سے پاسپورٹ عدالتی تحویل میں ہے، ابھی تک نیب چوہدری شوگر مل کا چالان پیش نہ کر سکا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت نے میرٹ پر ضمانت منظور کی، لمبےعرصے کیلئےکسی کو بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

مریم نواز نے درخواست میں استدعا کی عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔

یاد رہے مسلم لیگ (ن) نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کیلئے 4 بینچوں نے سماعت سے انکار کردیا تھا ، جس کے بعد مریم نواز نے عمرے کیلئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست واپس لے لی تھی۔

واضح رہے مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے موقع پر عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر کیا تھا۔

توہین عدالت کیس :عمران خان کا جج زیبا چوہدری سے متعلق اپنے الفاظ پر اظہارِ افسوس

0

اسلام آباد : تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس کے جواب میں جج زیبا چوہدری سے متعلق اپنے الفاظ پر افسوس کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین‌ عمران خان نے توہین عدالت کیس میں نیا جواب اسلام آبادہائی کورٹ میں جمع کرادیا۔

عمران خان نے توہین عدالت کیس کے جواب میں جج زیبا چوہدری سے متعلق اپنے الفاظ پر افسوس کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا عدلیہ کےخلاف توہین آمیزبیان کاسوچ بھی نہیں سکتا، لفظ شرمناک توہین کےلیےاستعمال نہیں کیا۔

جواب میں کہا گیا کہ جج زیباچوہدری کےجذبات مجروح کرنامقصدنہیں تھا، جج زیباچوہدری کےجذبات مجروح ہوئے اس پر گہرا افسوس ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ غیرارادی طورپرمنہ سےنکلےالفاظ پرگہراافسوس ہے، عدالت کویقین دہانی کراتاہوں کہ آئندہ ایسےمعاملات میں انتہائی احتیاط سےکام لوں گا۔

جواب میں کہنا تھا کہ کبھی ایسا بیان دیا نا مستقبل میں دوں گا جو کسی عدالتی زیر التوا مقدمے پر اثر انداز ہو ، میں عدلیہ مخالف بدنیتی پرمبنی مہم چلانے ،عدالتی کارروائی یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ طلال چوہدی کیس الگ نوعیت کا تھا ،طلال چوہدری نےبیان پرکبھی کوئی افسوس ظاہرنہیں کیا تھا،عدالت نےمجھے ضمنی جواب کی مہلت دی اس پر بھی تنقید ہوئی،سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی تاک میں رہنے والوں نے شدید تنقید کی۔

عمران خان کے جواب کی کاپی ایڈووکیٹ جنرل آفس کو بھی مل گئی ہے۔

یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 7دن میں دوبارہ تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

کراچی : شہری کو لوٹنے آنے والے ڈاکوؤں کو لینے کے دینے پڑگئے، ویڈیو دیکھیں

0

کراچی : بفرزون میں علاقہ مکینوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی، تینوں ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر بدحواسی میں پیدل بھاگنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی تواتر سے وارداتوں کے بعد شہری اپنی مدد آپ کے تحت جرائم پیشہ عناصرسے مقابلہ کرنے لگے۔

کراچی کے علاقے بفرزون میں علاقہ مکینوں نے ڈکیتی کی واردات ناکا م بنادی۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اپنے دفتر کیلئے جانے کیلئے گھر سے نکلا اور موٹر سائیکل پر بیٹھا کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آدھمکے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دو ملزمان اترے اور نوجوان کی تلاشی لینا شروع کردی جبکہ گلی کی دوسری جانب سے اچانک گولی چلنے کی آواز آئی اور شہری اپنے ہاتھ میں ریپیٹر گن لیکر ملزمان کے پیچھے دوڑا۔

جس کے بعد تینوں ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر بدحواسی میں پیدل بھاگنے لگے، دو ملزمان فرار ہوگئے جبکہ ایک ملزم علاقہ مکینوں کے ہتھے چڑھ گیا۔

علاقہ مکینوں نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، پٹنے والا ملزم ایک مرتبہ پھر گلی سے بھاگنے لگا تاہم علاقہ مکینوں نے واقعے سے متعلق پولیس کو آگاہ کردیا۔

حکمران عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے، شیخ رشید

0

 سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان بے شرم حکمرانوں کیلیے درس عبرت بنے گا وہ عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بار پھر موجودہ اتحادی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حکومت کی یو ٹیوب پر بندش، ٹی وی چینلز پر سینسر اور پابندی، صحافیوں کی جبری برطرفی اور جلا وطنی، بیگناہ ورکروں پر جھوٹے مقدمے، عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ اور کارخانوں کی بندش۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب بے شرم حکمرانوں کیلیے درس عبرت بنے گا اور وہ عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے۔