اتوار, مئی 19, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 7104

نہایت سادہ فیچرز کا حامل نیا اسمارٹ فون

0

دنیا بھر میں جہاں اسمارٹ فون میں جدید سے جدید فیچرز شامل کیے جارہے ہیں وہیں ایسے اسمارٹ فون کا اعلان بھی سامنے آیا ہے جو دیگر فونز کی نسبت بہت سادہ ہوگا۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نتھنگ فون ایک ابھرتا ہوا فون ہے جس کے بارے میں بہت ساری باتیں اور افواہیں زیر گردش ہیں، اس کمپنی کے سی ای او کاپ پائی نے کہا ہے کہ نتھنگ فون ایک سیدھا سادا سا اسمارٹ فون ہوگا۔

سی ای او کا کہنا ہے کہ فون کی ڈیزائنگ میں یہ خیال رکھا گیا ہے کہ اسمارٹ فون ہماری زندگی کو بہت زیادہ متاثر کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کے ڈسپلے کے پیچھے کچھ روشنیاں رکھی گئی ہیں، ایک خاص قسم کی روشنی آپ کے خاص قسم کے کانٹیکٹس کے روابط کو ظاہر کرے گی۔

نتھنگ فون کے ورژن ون میں 6.55 انچ کا اولیڈ ڈسپلے ہوگا جس کا رفریش ریٹ 120 ہرٹز ہوگا، لیکن سب سے اہم بات یہ کہ اس میں 1080 پکسل ریزولوشن رکھی گئی ہے جو اس کے ڈسپلے کو بہت ہی خوبصورت اور روشن بناتی ہے۔

اس میں اسنیپ ڈریگن چپ سیٹ ہے لیکن خیال یہ ہے کہ اس کے اندر اسنیپ ڈریگن کا 778 جی پلس 5 جی چپ سیٹ لگایا گیا ہے، اس کے کیمرے کے اندر 50 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرا ہے یعنی کہ دوہرا کیمرا ہے جو پرائمری کیمرا بھی ہے اور اس کی پشت پر بھی کیمرا ہے۔

اس میں وائڈ اینگل او آئی ایس لینس بھی لگایا گیا ہے جبکہ ایک دوسری جانب چھوٹا سیلفی کیمرا 16 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔

جہاں تک بیٹری اور چارجر کا سوال ہے، اس میں 15 والٹ کے وائر لیس چارجر کی سہولت اور سپورٹ دی گئی ہے اور 4500 ایم اے ایچ بیٹری متوقع ہے۔

نتھنگ فون کا انٹر فیس ممکنہ طور پر بہت سادہ ہوگا، اس کے اندر گلیف ایلیومینیشن کا منفرد انٹر فیس رکھا گیا ہے۔ توقعات ہیں کہ سنہ 2022 کے آخر میں یہ فون سامنے آئے گا اور 4 ہزار 50 یورو سے اس کی قیمت شروع کی جائے گی۔

ملک اللہ کے واسطے عمران خان کے حوالے کر دو، مانی

0

پاکستانی اداکار سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے ملک کی ابتر معاشی صورتِ حال کے باعث ملک سابق وزیر اعظم عمران خان کے حوالے کرنے کی اپیل کر دی۔

انسٹا گرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اداکار مانی ریسٹورنٹ میں بیٹھے ہیں اور جب وہ جیب سے بٹوا نکالتے ہیں تو اس میں پیسے نہیں ہوتے۔

مزید پڑھیں: مانی نے حکومت کو اہم مشورہ دے دیا

مانی کہتے ہیں: ’بٹوا تو بالکل خالی ہے اب تو واپس جانا پڑے گا‘۔ اس پر ویڈیو ریکارڈ کرنے والی خاتون ہنس کر کہتی ہیں: ’پیسے تو آخر کار ختم ہو ہی جاتے ہیں‘۔ مداحوں کا خیال ہے کہ ویڈیو بنانے والی خاتون ان کی اہلیہ حرا مانی ہیں۔

ویڈیو میں مانی کہتے ہیں: ’ہمارے ملک کی کرنسی بہت نیچے چلی گئی ہے، اللہ کے واسطے ملک عمران خان کے حوالے کر دیں وہ ڈالر کو 100 روپے تک لے آئے گا، اس کے علاوہ کوئی کچھ نہیں کر سکتا‘۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Divalaxy Lollywood (@divalaxy)

اسرائیلی فوج نے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا

0
Israeli police

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

الجزیرہ کے مطابق نابلس شہر میں رات گئے اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔

وزارت صحت نے اتوار کو جاری بیان میں بتایا کہ 25 سالہ محمد عزیزی سینے میں گولی لگنے سے شہید ہوا جب کہ 28 سالہ عبدالرحمن جمال سلیمان سر میں گولی لگنے سے شہید ہوا۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے آدھی رات کے بعد نابلس کے پرانے شہر میں ال یاسمینہ محلے پر دھاوا بولا اور ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا۔

گھر پر بارودی مواد اور گولیوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید ہوئے۔

Palestinian relatives of a man killed by Israel stand outside a Nablus hospital

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 12 دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسرا ٹیسٹ: سری لنکا نے پہلے دن کے اختتام پر 315 رنز بنالیے

0

گال: سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان ہر 315 رنز بنالیے۔

گال میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکا کی جانب سے اوشادا فرنینڈو اور کرونارتنے نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کیلئے 92 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر فرنینڈو 50 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

میزبان ٹیم کو کوسل مینڈس کی صورت میں دوسرا نقصان جلد ہی اٹھانا پڑا، وہ صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی تیسری وکٹ 120 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب کپتان کرونارتنے 40 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔

چوتھی وکٹ کیلئے انجیلو میتھیوز اور دنیش چندیمل کے درمیان 75 رنز کی شراکت قائم ہوئی، انجیلو میتھیوز 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان فارم بیٹر دنیش چندیمل ایک اینڈ سے رنزبناتے رہے اور نصف سنچری مکمل کی،وہ 80 رنز کی اننگز کھیل کر محمد نواز کا شکار بنے۔ 290 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈی سلوا 33 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

پہلے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنزبنالیے ہیں، نیروشن ڈکویلا 42 اور ڈونیتھ ویلا لیگے 6 رنزکے ساتھ کریزپرموجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2، یاسر شاہ، نعمان علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

محرم الحرام : علمائے کرام نے مشترکہ ضابطہ اخلاق جاری کردیا

0
محرم الحرام

اسلام آباد : محرم الحرام کے سلسلے میں امن و امن کے قیام اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علما کے اجلاس میں ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا۔

اس حوالے سے چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا طاہر اشرفی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہائے کہا کہ کوئی فرقہ دوسرے کے خلاف بات نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیزی سے سب کو اجتناب کرنا ہوگا، کسی کو کافر قرار دینا ریاست کا اختیار ہے ،
کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ دوسروں کوکافر قرار دے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی عبادات کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے، کوئی ریاست کے خلاف بات کرے تو کارروائی ریاست کی ذمہ داری ہے، جہاد کا جو پہلو ہے وہ بھی مکمل ریاست کو اختیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی اجازت ہونی چاہیے، سب کی ذمہ داری ہے کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور کہیں کوئی بھی واقعہ ہوتا ہے پولیس کو فوری طور پر اطلاع دیں۔

مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ توہین رسالت کے حوالے سے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں، ہم سب سیاست دانوں سے کہیں گے کہ مثیاق پاکستان کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچیس سال کے لئے خارجہ اور داخلہ اور معاشی پالیسی بنائی جائے، علمائے کرام ساتھ بیٹھے ہیں گزارش ہے کہ تمام سیاستدان بھی ساتھ بیٹھیں۔

ستاروں کا نیا نظام دریافت

0

سائنسدانوں نے کائنات میں تین ستاروں والے منفرد نظام کی کھوج لگائی ہے۔

رائل آسٹرونومیکل سوسائٹیز منتھلی نوٹسز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سائسندانوں نے کائنات میں تین ستارے والے نظام کا پتہ لگایا ہے۔

اس منفرد نظام میں دو ستارے آپس میں جڑے ہیں جب کہ ایک فاصلے پر ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے جو ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی کے ماہرین کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

سائسندانوں نے اس نظام کو ٹی آئی سی 470710327 کا نام دیتے ہوئے بتایا ہے کہ عمومی طور پر کائنات میں ستاروں کے جو نظام موجود ہوتے ہیں وہ اتنے بڑے نہیں ہوتے۔

محققین نے اس نظام کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ستاروں کی چمک عام ستاروں کی نسبت زیادہ ہے اور یہ کم فاصلے پر ہیں۔

سپریم کورٹ اور ریڈ زون کی سکیورٹی فول پروف بنانے کا فیصلہ

0

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی رولنگ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے پیشِ نظر سپریم کورٹ اور ریڈ زون کی سکیورٹی فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریڈ زون میں اینٹی رائٹس فورس بھی تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ اینٹی رائٹس فورس ڈنڈوں اور آنسو گیس گنز سے لیس ہوگی۔

حکومت نے سپریم کورٹ اور ریڈ زون کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کل سیاسی کارکنوں کو سپریم کورٹ تک رسائی نہ دی جائے، ریڈ زون میں داخلہ آفس کارڈ کی بنیاد پر ہی دیا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد ریڈ زون میں قیدی وین اور واٹر کینن گاڑی بھی رکھنے پر غور کیا گیا ہے۔

بجلی کڑکنے سے وِنڈ ٹربائن میں آتشزدگی کا خوفناک منظر، ویڈیو وائرل

0

مون سون کا موسم لوگوں کیلئے کافی خوفناک بھی ثابت ہوسکتا ہے، سیلاب اور بادل پھٹنے کے علاوہ گرج چمک کے دوران بجلی گرنے پر بھی خوفناک تباہی مچ سکتی ہے۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں گزشتہ روز آسمانی بجلی کڑکنے سے جہاں انوکھے نظارے دیکھنے کو ملے وہیں کئی مقامات کو نقصان بھی پہنچا۔

مقامی لوگوں کو اس وقت شدید خوف و ہراس کا سامنا کرنا پڑا جب ایک وِنڈ ٹربائن بھی اس بجلی کی زد میں آگئی اور اس کے پنکھے میں زور دار آگ بھڑک اٹھی۔

ہوا میں گھومتے ہوئے جلتے ٹربائن کے بلیڈ کی چونکا دینے والی ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہیں جو بجلی گرنے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آگئی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شمالی ٹیکساس کے علاقے کروول کے قریب ایک بہت بڑی ٹربائن میں آگ لگنے کے بعد ہوا میں دھوئیں کے سرمئی حلقے اٹھ رہے ہیں۔

لگ بھگ ایک ملین پونڈ کی290فٹ اونچی اس ونڈ ٹربائن میں لگی آگ اور سیاہ دھواں دور دور تک دیکھا گیا اور لوگ خوفزدہ دکھائی دئیے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے فائربریگیڈ ڈپارٹمنٹ کے رضاکاروں کو دوپہر کے کھانے کے دوران جائے وقوعہ پر بلایا اور فیس بک پر اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

فائر چیف نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس قسم کی آگ کو سنبھالنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں ہیں، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ جائے وقوعہ پر بڑے سیاہ دھوئیں کی وجہ کیا ہوسکتی ہے؟

فائر چیف نے اندازاً بتایا کہ گیئر باکس میں 800 گیلن تیل اور زمینی سطح کے ٹرانسفارمر میں تقریباً 1,300گیلن معدنی تیل موجود ہوتا ہے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ سکتی تھی۔

فائر فائٹرز نے کہا کہ انہوں نے ونڈ ٹربائن میں لگی آگ کو خود بجھنے دیا، ہم نے ونڈ فارم کمپنی کے ساتھ تربیت حاصل کی ہے، اور اس صورتحال کے دوران ونڈ ٹربائن کے پاس جانا کسی طرح بھی محفوظ نہیں ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فورڈ سٹی ونڈ میں آگ لگنے والے واقعے میں صرف ایک ٹربائن متاثر ہوئی تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: حکومتی اتحاد کا پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

0

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر فل کورٹ بنانے پر حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم جماعتوں نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز لاہور کے بیوروچیف کے مطابق حکومت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے پر پٹیشن دائر کی جائے گی۔

حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم قائدین کل صبح مشترکہ پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے۔ حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم قائدین وکلا کے ہمراہ مشترکہ طور پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

پٹیشن میں فل کورٹ بنانے اور سپریم کورٹ بار سمیت متعلقہ درخواستوں کی ساتھ سماعت کی استدعا کی جائےگی۔

مسلم لیگ (ن) ، پی پی پی ، جے یو آئی (ف) قیادت سپریم کورٹ جائے گی جب کہ ایم کیوایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت دیگر اتحادی بھی درخواست گزار ہوں گے۔

دعا زہرا کو کراچی منتقل کر دیا گیا

0

عدالتی حکم پر دعا زہرا کو لاہور سے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت نے دعا زہرا کو کراچی بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ دعا زہرا کو چائلڈپروٹیکشن بیورو میں رکھا گیا ہے۔

دعا زہرا کو یکم اگست کو متعلقہ ٹرائل کورٹ میں پیش کیاجائےگا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کو فل پروف سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات میں رکھا گیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد کی عدالت نے دعا زہرا کو کراچی بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ مدعی مقدمہ مہدی کاظمی کے وکلا احمد شیر اور فہد صدیقی عدالت میں پیش ہوئے اور عمر کے تعین کے لیے تیسرے میڈیکل ٹیسٹ کی درخواست پرمدعی کے وکیل نے اعتراض کیا۔

وکیل احمد شیر جٹ کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کا ڈویژن بنچ اس پر فیصلہ دے چکا ہے لہٰذا یہ اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔

ندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دعا کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ کیس کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے اور دعا زہرا کیس کا مرکزی کردار ہے اس کی کراچی میں موجودگی ضروری ہے۔

عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا تھا کہ بظاہر دعا زہرا اپنے شوہرکے ساتھ بھی ناخوش ہے اور ساتھ رہنا نہیں چاہتی جبکہ وہ والدین سے بھی خوفزدہ ہے اس لیے اس کا شیلٹر ہوم میں رہنا مناسب ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ دعا زہرا کےاغوا سے متعلق ٹرائل کورٹ ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔