ہوم بلاگ صفحہ 7843

ڈپٹی اسپیکر کا قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج

0

اسلام آباد : ڈپٹی اسپیکر  قاسم سوری کا قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر کا قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے اقدام کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

ن لیگ کے مرتضیٰ جاوید نے پٹیشن دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کرنے کا 13اپریل کاسرکلر آئین سے متصادم ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو الیکشن کے لیے فوری اجلاس بلانے اور سیکریٹری پارلیمانی افیئرز،سیکریٹری اسمبلی کو 16اپریل کواجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے۔

دائر درخواست میں کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔

ن لیگی رہنما کی جانب سے درخواست میں ڈپٹی اسپیکر ، سیکریٹری پارلیمانی افیئرز، سیکریٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔

کراچی : ڈاکو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، شہریوں نے دھلائی کردی

0
ڈاکو

کراچی : شہر قائد میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کی جانب سے ڈاکوؤں کو سڑکوں پر ہی سزا دینے کا رجحان بڑھنے لگا ہے۔

گلستان جوہر میں شہریوں نے ڈاکو کو قابو کرکے اس کی ٹھیک ٹھاک دھلائی کردی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ٹو میں واردات کے دوران ایک ملزم پکڑا گیا، اےآر وائی نیوز نے موبائل ویڈیو حاصل کرلی۔

واقعے کے مطابق ملزم کو واردات کرتے دیکھ کر وہاں سے گزرنے والے ایک کار سوار نے ٹکر ماری کار سے ٹکرا کر گرتے ہی آس پاس موجود شہری بھی پہنچ گئے۔

مشتعل افراد نے ملزم کی خوب دھلائی کی، تھپڑ، لاتوں اور گھونسوں سے مار مار کر اسے ادھ موا کردیا، ملزم ہاتھ جوڑ کر سب سے معافیاں مانگتا رہا۔

بدترین تشدد کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا، ملزم کی شناخت سجاد اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے گھروں پر چھاپے، تحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کرلیا

0

اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما علی نواز اعوان نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کو ہراساں کرنے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ، چیف جسٹس اطہر من اللہ کچھ دیر بعد سماعت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔

پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ، فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے علی نواز اعوان کی جانب سے درخواست دائر کی۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد ، آئی جی پنجاب دڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی ایف آئی اے سائبر ونگ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے گھروں پر غیر قانونی چھاپے مارے جارہے ہیں، گھروں پر چھاپے مار کر کارکنان کی فیملیز کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔

علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کے خلاف مختلف مقدمات درج کیےگئے ، حکمران جماعت کی ایماپر کارکنان کے خلاف کاروائیاں شروع کی گئیں ، اظہار رائے کی آزادی بنیادی حق ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

درخواست میں استدعا کی گئی پارٹی کارکنوں کے غیر قانونی طور پر ہراساں کرنےسےروکا جائے، چادر،چار دیواری پامال کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، کارروائیوں کوعدالتی فیصلوں کے تناظر میں غیر قانونی قراردیا جائے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سوشل میڈیاایکٹیوسٹ کے گھروں پر چھاپوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔

اسلام آبادہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کچھ دیر بعد سماعت کریں گے۔

پاکستان میں ترسیلاتِ زر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

0

اسلام آباد : اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں ترسیلات زر بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، مارچ میں ترسیلات زر2.8 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مارچ کے دوران پاکستانی ورکرز کی ترسیلات زر کی مد میں دو اعشاریہ اٹھ ارب ڈالر موصول ہوئے، جو کسی بھی مہینے میں ترسیلات زرکی آمد کی بلند ترین سطح ہے۔

مرکزی بینک نے کہا کہ ترسیلات زر کی جون 2020 سے اب تک دو ارب ڈالر سے زائد رہنے کی رفتار برقرار ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مارچ میں ترسیلات زر ماہانہ 28.3 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران سعودی عرب سے 678ملین، یواےای سے 515 ملین ڈالر ، برطانیہ سے 401 ملین اور امریکا سے 300 ملین موصول ہوئے۔

رواں مالی سال کے 9 ماہ ترسیلات زر میں گزشتہ برس کے مقابلے 7.1فیصداضافہ ہوا اور جولائی 2021 سے مارچ 2022 تک مجموعی طور پر 23ارب ڈالر موصول ہوئے۔

امریکا کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

0

واشنگٹن : امریکا نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے نو منتخب پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان پچھتر سال سے وسیع تر باہمی مفادات کا اہم پارٹنر رہا ہے۔

انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظرہیں، خوشحال، جمہوری پاکستان دونوں ملکوں کے مفاد کیلئے اہم ہے۔

یاد رہےشہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔

جین ساکی سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا جوبائیڈن شہباز شریف سے رابطہ کریں گے، جس پر جین ساکی نے جواب دیا کہ شہباز شریف کو بائیڈن کی کال کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین کی پاسداری کے عمل کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد میٹرو بس منصوبے میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم

0

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میٹرو بس منصوبے میں تاخیر پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کرنےکی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پشاورموڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس سروس منصوبے کا دورہ کیا اور 4 سال سے التوا کے شکار منصوبے کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کو اسلام آباد میٹرو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، وزیراعظم نے سوال کیا کہ اسلام آباد میٹرومنصوبہ طویل عرصے سے کیوں التوا کا شکار رہا؟ منصوبے پر التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد میٹرو کیلئے 15بسیں مہیاکی جارہی ہیں اور ہفتے کے روز سے بسیں چلائی جائیں گی۔ جس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موٹروے پر اسلام آباد میٹرو کا ایک اسٹیشن ہونا چاہیے۔

.وزیراعظم شہبازشریف نے میٹرو بس منصوبے کے التوا کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا 16بلین خرچ ہونےکےباوجودمنصوبہ التوا کا شکار ہونا قابل افسوس ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ میٹروبسوں میں سامان رکھنےکی سہولت بھی مہیاکی جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔

وزیراعظم نے سی ڈی اے کو 16 اپریل کو پشاور موڑ ائیرپورٹ میٹرو سروس چلانے اور بارہ کہو، روات سے پشاور موڑ تک میٹرو سروس کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ وزیراعظم 7بجے اسلام آبادمیٹرو بس سروس پرکام کاجائزہ لینے پہنچے، منصوبہ نوازشریف کےدورمیں2017 میں شروع ہوا تھا، منصوبے کو 2018 میں مکمل ہونا تھا لیکن5سال تاخیرہوئی اور منصوبے پرکام مکمل نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے منصوبےمیں تاخیرپرتحقیقات کاحکم دےدیا اور ذمہ داروں کا تعین کرنےکی ہدایت کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ رمضان میں میٹروسروس مفت چلانےکاحکم دیا ہے ، رمضان میں شہری مفت سفری سہولت حاصل کریں گے۔

‘عمران خان اب لوگوں کی ضد بن چکا’

0

پشاور: سابق رکن قومی اسمبلی پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہر صورت عمران خان کو واپس لائیں گے، کپتان اب لوگوں کی ضد بن چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں ‘امپورٹڈ_حکومت_نامنظور’ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل صرف کرسی کیلئےآتاہےآج پھر کرسی کی تلاش کررہاہے، ڈیزل سے پوچھتاہوں دین کےنام پر سیاست کرتےہو مگر آج وقت دکھا رہا ہے کہ جو عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہتے تھےاب خود امریکا کےغلام بن گئے ہیں۔

پرویزخٹک نے کہا کہ مارچ میں ہمارے سفیر کو امریکا میں بلاکر دھمکیاں دی گئیں، کہا گیا عمران خان کو ہٹادو گے تو پاکستان کو معاف کردیں گے، کہا گیا کہ عمران خان رہےگا تو پاکستان کےسنگین مسائل ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں: ’دو تہائی اکثریت عوام دیں، نیا پاکستان عمران خان بنائیں گے

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکاتو کوئی لے دےکریگا،لگتا ہےانہوں نے پاکستان کا سودا کرلیا، کیا امریکا ان کامامالگتا ہےجو انہیں حکومت میں لائےگا۔

پرویزخٹک نے کہا کہ بھکاریوں کا طعنہ دینے والوں سے پوچھتاہوں ملک کوبھکاری کس نےبنایا؟، ان لوگوں نےپاکستان کوبھکاری بنادیا اورخود ارب پتی بن گئے۔

سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ امریکی ایجنٹوں سن لو، اب یہ لڑائی عمران خان کی نہیں پاکستان کی ہے، عمران خان اب لوگوں کی ضدبن چکا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ ہر صورت عمران خان کو واپس لائیں گے، عوام الیکشن کی تیاری کرلو۔

نصف صدی سے پہلے کا کانپور کہاں سے لا کے دیں؟

0

لکھنؤ اور کانپور اردو کے گڑھ تھے۔ بے شمار اردو اخبار نکلتے تھے۔

خیر، آپ تو مان کے نہیں دیتے۔ مگر صاحب ہماری زبان سند تھی۔ اب یہ حال ہے کہ مجھے تو سارے شہر میں ایک بھی اردو سائن بورڈ نظر نہیں آیا۔ لکھنؤ میں بھی نہیں۔ میں نے یہ بات جس سے کہی وہ آہ بھر کے یا منھ پھیر کے خاموش ہو گیا۔ شامتِ اعمال، یہی بات ایک محفل میں دہرا دی تو ایک صاحب بپھر گئے۔ غالباً ظہیر نام ہے۔ میونسپلٹی کے ممبر ہیں۔ وکالت کرتے ہیں۔ نجانے کب سے بھرے بیٹھے تھے۔

کہنے لگے، "للہ، ہندوستانی مسلمانوں پر رحم کیجیے۔ ہمیں اپنے حال پر چھوڑ دیجیے۔ پاکستان سے جو بھی آتا ہے، ہوائی جہاز سے اترتے ہی اپنا فارن ایکسچینج اچھالتا، یہی رونا روتا آتا ہے۔ جسے دیکھو، آنکھوں میں آنسو بھرے شہر آشوب پڑھتا چلا آ رہا ہے۔ ارے صاحب، ہم نصف صدی سے پہلے کا کانپور کہاں سے لا کے دیں؟ بس جو کوئی بھی آتا ہے، پہلے تو ہر چیز کا موازنہ پچاس برس پہلے کے ہندوستان سے کرتا ہے۔ جب یہ کر چکتا ہے تو آج کے ہندوستان کا موازنہ آج کے پاکستان سے کرتا ہے۔ دونوں مقابلوں میں چابک دوسرے گھوڑے کے مارتا ہے، جتواتا ہے اپنے ہی گھوڑے کو۔” وہ بولتے رہے، میں مہمان تھا، کیا کہتا، وگرنہ وہی (سندھی) مثل ہوتی کہ گئی تھی سینگوں کے لیے، کان بھی کٹوا آئی۔

لیکن ایک حقیقت کا اعتراف نہ کرنا بد دیانتی ہو گی۔ ہندوستانی مسلمان کتنا ہی نادار اور پریشان روزگار کیوں نہ ہو، وہ مخلص، با وقار، غیور اور پُر اعتماد ہے۔ نشور واحدی سے لمبی لمبی ملاقاتیں رہیں۔ سراپا محبت، سراپا خلوص، سراپا نقاہت۔ ان کے ہاں شاعروں اور ادیبوں کا جماؤ رہتا ہے۔ دانشور بھی آتے ہیں۔ مگر دانشور ہیں، دانا نہیں۔ سب یک زبان ہو کر کہتے ہیں کہ اردو بہت سخت جان ہے۔ دانشوروں کو اردو کا مستقبل غیر تاریک دکھلائی پڑتا ہے۔ بڑے بڑے مشاعرے ہوتے ہیں۔ سنا ہے ایک مشاعرے میں تو تیس ہزار سے زیادہ سامعیں تھے۔ صاحب مجھے آپ کی رائے سے اتفاق نہیں کہ جو شعر بیک وقت پانچ ہزار آدمیوں کی سمجھ میں آ جائے وہ شعر نہیں ہو سکتا۔ کچھ اور شے ہے۔ بے شمار سالانہ سمپوزیم اور کانفرنسیں ہوتی ہیں۔ سنا ہے کئی اردو ادیبوں کو پدم شری اور پدم بھوشن کے خطاب مل چکے ہیں۔ میں نے کئیوں سے پدم اور بھوشن کے معنی پوچھے تو جواب میں انہوں نے وہ رقم بتائی جو خطاب کے ساتھ ملتی ہے۔ آج بھی فلمی گیتوں، ذو معنی ڈائیلاگ، قوالی اور آپس کی مار پیٹ کی زبان اردو ہے۔ سنسکرت الفاظ پر بہت زور ہے۔ مگر آپ عام آدمی کو سنسکرت میں گالی نہیں دے سکتے۔ اس کے لیے مخاطب کا پنڈت اور ودوان ہونا ضروری ہے۔ صاحب، بقول شخصے، گالی، گنتی، سرگوشی اور گندا لطیفہ تو اپنی مادری زبان میں ہی مزہ دیتا ہے۔ تو میں یہ کہہ رہا تھا کہ اردو والے کافی پُر امید ہیں۔ ثقیل ہندی الفاظ بولتے وقت اندرا گاندھی کی زبان لڑکھڑاتی ہے تو اردو والوں کی کچھ آس بندھتی ہے۔

(مشتاق احمد یوسفی کے قلم سے)

’دو تہائی اکثریت عوام دیں، نیا پاکستان عمران خان بنائیں گے‘

0

پشاور: پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دو تہائی اکثریت عوام دیں اور نیا پاکستان عمران خان بنائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتا ہے الیکشن کے لیے تیار ہوں اور مخالفین دم دبا کر چھپتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفاد پرست ٹولہ بک گیا لیکن پاکستان کی قوم نہیں مانے گی، مراسلہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا،مخالفین کہتے ہیں جعلی ہے، چیف جسٹس کمیشن بنا دیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔

اس سے قبل سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 29 تاریخ تک کا وقت دیتا ہوں عمران خان کو امن کے راستے سے واپس لائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے صدام اور قذافی کیساتھ کیا کیا دنیا کو پتہ ہے لیکن آج قوم عمران خان کےپیچھےنکل آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ صدرکیخلاف بھی تحریک لائیں گے ہم صدرکیخلاف ہونے والی تحریک کوناکام کریں گے ہم عمران خان کوامن کےراستےمیں واپس لائیں گے عمران خان کیلئےایک مہینے بعد جیلوں کوبھردیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بوٹ پالش والے، پلیٹ لیٹس اوپر نیچے والےواپس آگئے ہیں ہم عمران خان کو واپس لائیں گے قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے، 16تاریخ کو کراچی میں ہونے والے جلسے میں ایم کیوایم کیساتھ ہیلو ہائے کروں گا۔

یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارتخانے کا انتباہ

0

ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے مقیم پاکستانیوں کے لیے انتباہ جاری کردیا گیا۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ امارات میں موجود پاکستانی احتجاجی جلسوں سے گریز کریں۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں پاکستانیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں، یہاں احتجاجی جلوس غیر قانونی ہیں لہٰذا اماراتی قوانین کا احترام کریں۔

پاکستانی سفارتخانے کا مزید کہنا تھا کہ اماراتی قانون کی خلاف ورزی سخت قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانیوں کی جانب سے اپوزیشن کے خلاف ترکی میں احتجاج کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس نے ان طلبا کو گرفتار کرلیا تھا۔