ہوم بلاگ صفحہ 8019

معمر شخص نے کرونا ویکسین کی 87 ڈوز لگوالیں، وجہ سامنے آ گئی

0

برلن: جرمنی میں ایک معمر شخص نے کرونا ویکسین کی 87 ڈوز لگوا لیں، جس پر انھیں گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں ایک 61 سالہ شخص نے مبینہ طور پر کووِڈ 19 ویکسین کی 87 ڈوز لگوا لیں، جمعہ کو مقامی اخبار نے رپورٹ میں کہا کہ مذکورہ شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔

یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جرمنی کرونا انفیکشن کی نئی لہر کا سامنا کرتے ہوئے دیگر مغربی یورپی ممالک کے مقابلے میں اپنی ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق معمر شخص نے مشرقی صوبوں سیکسنی اور سیکسنی انہالٹ میں بار بار کئی ویکسینیشن مراکز پر جا کر کرونا ویکسین لگوائی۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ کہ مذکورہ شخص نے چند مرتبہ تو ایک دن میں تین تین ٹیکے بھی لگوائے تھے، تاہم آخر کار شہر ڈریسڈن کے ایک ویکسینیشن مرکز کے ایک کارکن نے انھیں پہچان لیا کہ وہ پہلے بھی حفاظتی ٹیکے لگوا چکا تھا۔

اگلی بار جب وہ لیپزگ کے باہر، ایلنبرگ قصبے میں ایک ویکسینیشن سینٹر میں داخل ہوا تو عملے نے پولیس کو بلا لیا اور انھیں حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس شخص نے ایسا اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ ان افراد کو فروخت کرنے کے لیے کیا، جو ویکسین نہیں لگوانا چاہتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق، جب بھی وہ شخص ویکسینیشن مرکز میں داخل ہوتا تھا، تو اپنے ساتھ ویکسینیشن کی ایک نئی، خالی دستاویز لاتا تھا، ویکسین لگنے کے بعد وہ ویکسین کے بیچ نمبروں کے بارے میں معلومات والے صفحات کو نکال لیتا تھا اور انھیں ویکسین نہ لگوانے والوں کو فروخت کرتا تھا۔

عدلیہ کے فیصلے سے ملک کی قسمت لکھی جائےگی، بلاول بھٹو

0
ایم کیوایم

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلے سے ملک کی قسمت لکھی جائےگی، ہماری درخواست ہے عمران خان نے جو کام کیا اسے روکا جائے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو ہٹانے کا عدم اعتماد جمہوری اور آئینی طریقہ ہے، وزیراعظم نے آئین توڑ کر عدم اعتماد کا سلسلہ سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، انہوں نے اپنی انا کی وجہ سے آئین توڑا، صدر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر نے آئین توڑ کر عمران خان کی انا کو سنبھالا،وزیراعظم کو اندازہ نہیں کہ ہوا کیا ہے، انھوں نے کل خود بندوق اٹھا کر اپنی حکومت ختم کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود اگر استعفیٰ دیتے تو وہ آئینی ہوتا، عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوتی تو یہ جمہوری عمل  ہوتا، جب قومی اسمبلی میں آئین لاگو نہیں ہوسکتا تو پاکستان میں بھی نہیں ہوسکتا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ کیا عمران خان کی انا اہم ہے یا پاکستان کا آئین اور سپریم کورٹ اہم ہے، یہ فیصلہ اب ہونے جارہا ہے، عدلیہ سے ہماری درخواست ہے عمران خان نے جو کام کیا اسے روکا جائے، عدلیہ کےفیصلے سے ملک کی قسمت لکھی جائےگی، سیاسی جماعتیں اس بات پر خوش نہیں ہونگی کہ غیرآئینی کام کیا جائے، فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جائے جو اہم کیس کا فیصلہ سنائے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سب جمہوریت پسند لوگ ہیں،1973 کے آئین کی بنیاد بھی ہم نے رکھی، ہم نے عدم اعتماد کےذریعے3ماہ اس حکومت کا جینا حرام کیا، عمران خان اوراسکی حکومت ہماری سیاسی بندوق کی نوک پر تھی۔ سلیکٹڈ حکومت کو گھربھیجنے میں ہم کامیاب ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان جشن منا رہے ہیں کہ عمران خان کی حکومت ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دن جب انھیں سلیکٹڈ کہا تو جشن منا رہے تھے، آج ان کی حکومت ختم ہوئی ہے تو اس پر بھی جشن منارہےہیں۔

ذیابیطس مزید57 بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے

0
شوگر

ذیابیطس تاحیات ساتھ رہنے والی ایسی طبی حالت ہے جو ہر سال لاکھوں افراد کو ہلاک کرتی ہے اور یہ کسی کو بھی لاحق ہوسکتی ہے۔

یہ بیماری اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جسم اپنے اندر موجود شکر (گلوکوز) کو حل کر کے خون میں شامل نہیں کر پاتا اس کی پیچیدگی کی وجہ سے دل کے دورے، فالج، نابینا پن، گردے ناکارہ ہونے اور پاؤں اور ٹانگیں کٹنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

ایک طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار افراد میں دیگر57 بیماریوں بشمول کینسر، گردوں کے امراض اور دماغی و اعصابی امراض کا خطرہ بھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

دنیا بھر میں کروڑوں افراد ذیابیطس سے متاثر ہیں جس کو زیادہ جسمانی وزن یا جسمانی سرگرمیوں سے دوری سے منسلک کیا جاتا ہے یا خاندان میں ذیابیطس ٹائپ 2 کی تاریخ بھی ایک عنصر ہے۔

ذیابیطس کے نتیجے میں مختلف پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے گہرائی میں جاکر جانچ پڑتال کی۔

ذیابیطس سے متاثر یا اس سے محفوظ درمیانی عمر کے افراد پر ہونے والی اس سب سے بڑی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس عارضے کے نتیجے میں دیگر 57 طویل المعیاد بیماریوں سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

اوسطاً ذیابیطس کے مریضوں کو عمر کے ساتھ لاحق ہونے والے طبی مسائل کا سامنا صحت مند افراد کے مقابلے میں 5 سال قبل ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نتائج بہت زیادہ چونکا دینے والے ہیں اور اس بات کی اشد ضرورت پر روشنی ڈالتے ہیں کہ لوگوں کو ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار ہونے سے بچایا جائے۔

اس تحقیق میں یوکے بائیو بینک کے 30 لاکھ افراد کے ڈیٹا اور ڈاکٹروں کے ریکارڈز میں ان 116 امراض کی جانچ پڑتال کی گئی جو درمیانی عمر کے افراد میں عام نظر آتے ہیں۔

نتائج میں دریافت کیا گیا کہ ذیابیطس کے مریضوں ان 116 میں سے 57 بیماریوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جیسے کینسر کا خطرہ 9 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اسی طرح ذیابیطس ٹائپ ٹو کے مریضوں میں گردوں کے آخری اسٹیج کے ماراض کا خطرہ 5.2 گنا، جگر کے کینسر کا خطرہ 4.4 گنا اور مسلز کے حجم میں کمی کا خطرہ 3.2 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

خون کی گردش کے مسائل کی بات ہو تو ذیابیطس ٹائپ ٹو کے مریضوں میں ان31 میں سے23 کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کو تمام 11 ہیلتھ کیٹیگریز میں ناقص صحت کے خطرے سے منسلک کیا گیا، یسے دماغی و اعصابی مسائل کا خطرہ 2.6 گنا، بینائی کے مسائل کا خطرہ 2.3 گنا، نظام ہاضمہ کے مسائل کا خطرہ 1.9گنا اور ذہنی صحت کے امراض کا خطرہ 1.8 گنا زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد پر توجہ مرکوز کی گئی تھی اور ماہرین نے دریافت کیا گیا کہ 50سال کی عمر سے قبل ذیابیطس ٹائپ 2 کی تشخیص سے لوگوں کو زیادہ خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

محققین نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ درمیانی عمر میں ذیابیطس کی روک تھام یا اس کے پھیلنے کے عمل کو سست کرنا جان لیوا امراض سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ ڈائیبیٹس یوکے پروفیشنل کانفرنس میں پیش کیے گئے۔

ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، انڈیکس 1000 پوائنٹس گرگیا

0

کراچی : ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج شدید مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 1000 پوائنٹس گرگیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نیشنل اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک ہزار 97 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم بعد ازاں 100 انڈیکس میں تقریبا 250 پوائنٹس کی ریکوری ہوئی۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 45 ہزار پوائنٹس کی حد سے نیچے گرگیا اور 44 ہزار221 پوائنٹس پر ٹریڈنگ کررہا ہے۔

گذشتہ ہفتے آخری کاروباری روز جمعے کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی تھی ، دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 65 پوائنٹس کی کمی ہوئی، جس کے بعد انڈیکس 44 ہزار 863 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل منگل کے روز انڈیکس 505 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 44 ہزار 438 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عاصم اظہر بھی وزیر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے

0

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے بے شمار فنکار وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک تمناؤں اور ان کے لیے حمایت کا اظہار کر رہے ہیں، گلوکار عاصم اظہر بھی ان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے بھی عمران خان کے حق میں بیان دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عاصم نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے دل کا ایموجی شیئر کرتے ہوئے انہی کے الفاظ تحریر کیے، دوستی سب سے، پر غلامی کسی کی نہیں کریں گے۔

اپنی پوسٹ میں عاصم اظہر نے دل والا ایموجی اور پاکستان کے پرچم کا بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ عمران خان کے لیے فنکاروں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے، گذشتہ روز اداکار فیصل قریشی نے بھی ان کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا۔

شہباز شریف کا نگراں وزیراعظم کیلئے مشاورت کا حصہ بننے سے انکار

0

اسلام آباد : متحدہ اپوزیشن کے رہنما شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کیلئے مشاورت کا حصہ بننےسے انکار کردیا اور کہا آئین و قانون کے مطابق سزا ملنے تک عمران خان کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے رہنما شہباز شریف نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آئین شکنی کی ہے، آرٹیکل 5کے زمرے میں تحریک آرہی تھی تو 24مارچ کو کیوں منظورکی گئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے کل ڈپٹی اسپیکر کو اپنا آلہ کار بنایا اور سویلین مارشل لا نافذ کیا ، کل جب ہاؤس میں بیٹھےتو تلاوت کے بعد فلور فواد چوہدری کودیاگیا، کل آئین شکنی کی گئی آئین کوتوڑاگیا۔

رہنما متحدہ اپوزیشن نے کہا نگراں وزیراعظم کے لئے مشاورت کا حصہ نہیں بنوں گا ، صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں ، ہماری نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کیا فیصلہ دیتی ہے، آئین و قانون کے مطابق سزا ملنے تک عمران خان کو چین سےنہیں بیٹھنے دیں گے۔

دھمکی آمیز خط کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ امریکا سے کوئی بھاشن آیا تو 8 سے لیکر24مارچ تک اعتراض کیوں نہیں اٹھایا، عدالت نے کل کہا کوئی ماورائے آئین اقدام نہ کیاجائے جبکہ عمران نیازی ، صدرپاکستان ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر ماورائے آئین اقدام اٹھا چکے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس خط کےبارےمیں بتایا جا رہا ہے، اس کے بارے میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، یہ جومیرےپاس کاغذات ہیں یہ مکمل مستند ہیں ، پاکستان کےسفیر اسدخان نے 16 مارچ کو ٹوئٹ جاری کی، پاکستانی سفیر نے 16مارچ کی ٹوئٹ میں بتایا دعوت میں ڈونلڈ لو کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس خط کا ذکر 7مارچ کا ہے، جس میں کہا گیا کہ دھمکی دی گئی۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کوایسی بات ہوئی تو 16 مارچ کو دعوت دینااورشکریہ بنتا نہیں تھا، 7مارچ سے لیکر 24مارچ تک آرٹیکل 5 کی بات کیوں نہیں کی گئی ،پوچھنا چاہتا ہوں 7مارچ سے کل تک ان کے منہ پر تالے کیوں لگےتھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے آرٹیکل5پر جو قراردادمسترد کی وہ غیرآئینی ہے ، صدر اور عمران نیازی نے سازشی ذہن کیساتھ آئین توڑا، اسمبلی کو تحلیل کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 2 کے بارےمیں کہا جاتا ہے ہاؤس کارروائی پر کوئی نوٹس نہیں لے سکتا، یہ بات درست ہے ہاؤس کارروائی کو مکمل پروٹیکشن حاصل ہے، ہم پاکستان کے گلی محلوں میں احتجاج کریں گے۔

سری لنکن کابینہ کے 26 ارکان مستعفی

0

کولمبو: سری لنکن کابینہ کے 26 ارکان مستعفی ہو گئے ہیں، ملک میں معاشی بحران سیاسی بحران میں بھی داخل ہو گیا، صدر نے ملک میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں معاشی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، کابینہ کے 26 ارکان نے استعفیٰ دے دیا، صدر راجا پکسے کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی زور پکڑ گیا ہے۔

ملک میں دہائیوں سے جاری بد ترین معاشی بحران کے خلاف احتجاج کے بعد کابینہ وزرا نے اجتماعی طور پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم راجا پکسے خاندان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے بہت سے ناراض مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بے معنی ہے۔

سری لنکن حکومت نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی

دو روز قبل سری لنکا میں صدر کی رہائش گاہ کے باہر ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، ملک میں کھانے پینے کی اشیا، عام اشیائے ضرورت، ادویات اور ایندھن کی قلت کے باعث عوامی غصہ ایک نئی بلندی پر پہنچ چکا ہے، بجلی بھی آدھے دن تک غائب رہتی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا 1948 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔

کولمبو میں اپوزیشن کے ارکان نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، جس پر سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ کی گئی، آرمی کو کسی بھی شخص کو گرفتارکرنے اور قید کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔

‘پاکستان سے اچھی اور خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے’

0

آسٹریلین کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کا ٹور ہر لحاظ سے بہترین رہا اور پاکستان سے اچھی اور خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔

دورہ پاکستان کیلیے آنے والی آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد پاکستان آکر بہت خوشی ہے، پاکستان کا ٹور ہر لحاظ سے بہترین رہا۔

آسٹریلین کوچ نے ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شائقین نے جس طرح خوش آمدید کہا اسے یاد رکھیں گے اور پاکستان سے اچھی اور خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جائیں گے۔

اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو ان کی اپنی کنڈیشنز میں شکست دینا آسان نہیں تھا، پاکستان کےخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کی بے حد خوشی ہے تاہم ون ڈے سیریز میں پاکستان نے شاندار کرکٹ کھیلی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 24 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا، تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز آسٹریلیا نے ایک صفر سے جیتی تاہم تین ون ڈے میچوں کی سیریز پاکستان نے دو ایک سے اپنے نام کی اور بیس سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی

آسٹریلیا کے طویل دورے کا اختتام کل دورے کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم کے دو اہم کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے

0

لاہور : آسٹریلوی ٹیم کے دو کھلاڑیوں آشٹن اگر اور جوش انگلس کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج صبح آشٹن اگر اور جوش انگلس کے کووِڈ 19 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کے نتائج منفی آ گئے ہیں، تاہم ان کرکٹرز کے دوپہر میں دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ اگر دوپہر کے ٹیسٹ بھی منفی آ گئے تو آشٹن اگر اور جوش انگلس ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کر سکیں گے، ترجمان نے کہا کہ فٹ ہونے کی صورت میں کل ٹی ٹوینٹی میچ کے لیے بھی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس اور اسپنر ایشٹن اگر کا کرونا پازیٹیو آیا تھا، جس کے بعد وہ پوری سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔

پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دو دن قبل پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر 20 سال بعد اس سے کوئی سیریز جیتی، بابر اعظم کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان اور شہباز شریف سے نگران وزیر اعظم کے نام مانگ لیے

0

اسلام آباد : صدر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان اور شہباز شریف سے نگران وزیر اعظم کے نام مانگ لیے ، ناموں پر 7دن میں اتفاق نہ ہواتوالیکشن کمیشن نئے وزیر اعظم کا نام صدر کو دے گا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم عمران خان اور شہبازشریف کوخط لکھ دیا۔

خط میں کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت اسمبلیاں تحلیل ہو چکیں، آرٹیکل 224 اے کےتحت نگران وزیراعظم تک عمران خان عہدےپر برقرار رہیں گے۔

صدر مملکت کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ نگران وزیراعظم کاتقرروزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہونا ہے، 3 دن میں دونوں اطراف سے دو ارکان پر مشتمل کمیٹی کے لیے نام بھیجے جائیں۔

خط میں صدر نے وزیر اعظم اور شہباز شریف سے نگران وزیر اعظم کے نام مانگ لیے ، آئین کے تحت وزیر اعظم اور لیڈر آف اپوزیشن دو دو نام دیں گے۔

خط میں کہا گیا کہ ناموں پر 7دن میں اتفاق نہ ہواتوالیکشن کمیشن نئے وزیر اعظم کا نام صدر کو دے گا جو حتمی ہوگا۔