جمعہ, جون 27, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8081

مویشی منڈی میں ڈکیتی کی وارداتیں؟ حقیقت سامنے آگئی

0
کراچی مویشی منڈی

کراچی: پولیس نے مویشی منڈی ناردرن بائی پاس کے راستے غیرمحفوظ ہونےکی تردید کر دی۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق کیٹل منڈی میں اب تک لوٹ مار کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، 250 سے زائد مزید اضافی اہلکاروں کی درخواست بھی دی گئی ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ فیصل بشیر کا کہنا ہے کہ منڈی میں شہریوں کی شکایات کیلئےعارضی کنٹرول روم بھی بنایا جائے گا۔

اےایس آئی محمدعلی پیرزادہ نے کہا کہ منڈی کے راستوں پر پولیس صبح 8 سے رات 8بجے تک تعینات ہیں نائٹ شفٹ والے ہمیں اسی جگہ رپلیس کرتے ہیں روزانہ آمدورفت والےافرادکی سرچنگ کاعمل جاری ہے الحمدللہ اب تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

واضح رہے کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ منڈی جانے والے راستوں میں لوٹ مار کی جارہی ہے اور شہریوں کو ان کے قیمتی سامان، موبائل، اور نقدی سے محروم کیا جارہا تھا۔ رہزنی اور ڈکیتی کی خبروں پر پولیس کی جانب سے تردید کی گئی ہے۔

شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا حملہ، 3 جوان اور 1 شہری شہید

0
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان علاقے دتہ خیل میں دہشتگروں نے بارود سے بھری گاڑی سے حملہ کر کے فوج کے 3 جوانوں اور ایک سویلین کو شہید کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دتہ خیل میں دہشتگروں کے حملے میں نائیک سید اللہ شاہ، سپاہی جواد، کانسٹیبل حکیم جان اور ایک سویلین شہید ہوا، خودکش بمبار بڑے عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اہلکاروں کی بروقت کوشش سے بڑے سانحے کو روک لیا گیا، سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ گاڑی کو روکا تھا۔

فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کیا۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

قبل ازیں سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ آپریشن کوٹ اعظم میں میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

6 ہلاک دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کر لی گئیں، اہل علاقہ نے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے فوج کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

بھارت میں بدنام زمانہ گینگسٹر قتل، ویڈیو سامنے آگئی

0
جرنیل سنگھ

بھارتی پنجاب کے بدنام زمانہ گینگسٹر جرنیل سنگھ کو نامعلوم افراد دن دیہاڑے گولیاں مارکر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گینگسٹر جرنیل سنگھ کا تعلق بدنام زمانہ گوپی گھمشام پوریا گینگ سے تھا جو ان دنوں ضمانت پر تھا، اسے ایک نامعلوم افراد نے امرتسر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دن دہاڑے قتل کی واردات کی کچھ سی سی ٹی وی ویڈڈیو بھی سامنے آئی ہیں جن میں نقاب پوش افراد کو گولیاں چلاتے دیکھا گیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جرنیل سنگھ کو گینگ وار کی دشمنی میں قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ نامعلوم مسلح شخص کی جانب سے جرنیل سنگھ کو 20 سے 25 گولیاں ماری گئیں جس کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

ایس ایس پی امرتسر رورل ستیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ جرنیل سنگھ کو ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

کتے کا ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل پر سفر، دلچسپ ویڈیو وائرل

0

بھارت میں کتے نے ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل پر سفر کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

موٹر سائیکل سوار ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان سے بچنے کے لیے ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل چلاتے ہیں لیکن کیا کبھی آپ نے کسی جانور کو موٹرسائیکل پر ہیلمٹ پہنے سفر کرتے دیکھا ہے۔

یہ دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے ایک شخص نے موٹر سائیکل چلاتے وقت خود تو ہیلمٹ پہنا ہی ساتھ ہی اپنے ساتھ موجود کتے کو بھی ہیلمٹ پہنا دیا۔

ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کے شمال مغربی علاقے کا ایک شخص اپنے پالتو کتے کے ساتھ موٹر سائیکل پر نکلا۔

قواعد کے مطابق ایک اصول ہے کہ گاڑی پر سفر کرنے والوں کو ہیلمٹ ضرور پہننا چاہیے لیکن جانوروں کے لیے کوئی اصول نہیں ہے لیکن اپنے پالتو کتے سے محبت کی وجہ سے موٹرسائیکل سوار نے اسے بھی ہیلمٹ پہنا دیا۔

اس ویڈیو پر صارفین الگ الگ ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے اپنی رائے بتاتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی سے پیار کرتے ہیں اور ان کا خیال رکھتے ہیں تو وہ اپنے ساتھی کو بائیک پرسواری کے دوران ہیلمیٹ پہناتے ہیں۔

دوسرے صارف نے لکھا کہ ’کتے سے لوگوں کو سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔‘

اسد عمر کو دو دن تک گرفتار نہ کیا جائے، عدالت کا حکم

0

اسلام آباد : اسد عمر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے رہائی ملنے کے بعد2دن تک اسد عمر کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اسد عمر کو فوری طور پر رہا کرنے کا تحریری فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جاری کیا، اسد عمر کے خلاف درج دو ایف آئی آرز میں 2دن تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

آج اسد عمرکی جانب سےدفعہ144کی خلاف ورزی نہ کرنے کا بیان حلفی دیا گیا تھا، اسد عمر کا بیان حلفی ملنے کے بعد عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

اسد عمر کی جانب سے دائر2درخواست پر عدالت نے الگ الگ فیصلے جاری کیے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسد عمر کو مجسٹریٹ کی جانب سے جاری تمام احکامات پرعمل کرنا ہوگا۔

تحریری فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر لازمی عمل درآمد کرنا ہوگا، بیان حلفی کی خلاف ورزی کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں 10مئی کو مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اسد عمر کی گرفتاری کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار ریتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا۔

میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کی تاریخ کا اعلان

0

الیکشن کمیشن نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

ترجمان کے مطابق سندھ میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کونسل کا انتخاب 15جون کو ہو گا۔ امیدوار 9 سے10جون تک کاغذات جمع کراسکیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 11جون کو ریٹرننگ افسران کاغذات کی جانچ پڑتال کریں گے جب کہ 14جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائےگی اور 16جون کو آر اونتائج کا اعلان کریں گے جس کے بعد 19جون کو کامیاب امیدوارحلف لیں گے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سندھ کی کونسلز کی مخصوص نشستوں پر کاغذات جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔ ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت رات 12بجے تک بڑھا دیا گیا ہے سیا سی جماعتیں بھی امیدواروں کی ترجیحی فہرست رات 12 بجے تک جمع کراسکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد امیدوار چاہے تو 24 مئی تک کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو سکتا ہے اس سلسلے میں آزاد امیدوار کو ایک حلف نامہ بھی جمع کرانا ہو گا۔ آزادامیدوار کو واضح کرنا ہو گا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں ہے اور اسے واضح کرنا ہو گا کہ رضاکارانہ سیاسی جماعت میں شامل ہو رہا ہے۔ آزادامیدوار کو تصدیق شدہ حلف نامہ آراو کے پاس جمع کرانا ہو گا۔

کار کے بونٹ پر بیٹھ کر سفر کرنا دلہن کو مہنگا پڑ گیا

0
کار کے بونٹ پر بیٹھ کر سفر کرنا دلہن کو مہنگا پڑ گیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں کار کے بونٹ پر بیٹھ کر سفر کرنے پر نئی نویلی دلہن بڑی مشکل میں پھنس گئی۔

کچھ روز قبل دلہن نے کار کے بونٹ پر بیٹھ کر سفر کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وہ حفاظتی اقدامات اٹھائے بغیر بونٹ پر بیٹھی ہیں اور اس دوران کوئی بھی ناخوشگوار حادثہ پیش آ سکتا ہے۔

دلہن کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس قدر تیزی سے وائرل ہوئی کہ ٹریفک پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ لڑکی کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔

الہ پور علاقے کی ورنیکا نامی لڑکی نے اس سے قبل بغیر ہیلمٹ اسکوٹر بھی چلائی تھی۔

ورنیکا کو بونٹ پر بیٹھنے کے جرم میں 15 ہزار روپے جبکہ بغیر ہیلمٹ کے اسکوٹر چلانے پر 1500 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔

چند روز قبل ریاست بہار میں پولیس اہلکار نے خاتون کی جانب سے شادی کیلیے انکار کیے جانے پر طیش میں آکر شادی کے روز دلہن کو گولی مار دی تھی۔

پولیس اہلکار بیوٹی پارلر میں داخل ہوا جہاں خاتون اپوروا کماری دلہن کا میک اپ کروا رہی تھی اور شادی کے بندھن میں بندھنے والی تھی۔

ملزم نے جب خاتون کو دلہن بنتے دیکھا تو وہ غصے میں آگیا اسے دو گولیاں ماریں۔ ایک گولی اس کے بائیں کندھے پر لگی جبکہ دوسری گولی چھو کر گزر گئی۔

خاتون کو گولی مارنے کے بعد ملزم نے خودکشی کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا نہ کر سکا کیونکہ گھبراہٹ کی وجہ سے اس کے ہاتھ سے پستول چھوٹ گئی تھی۔

فوادچوہدری نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

0

سابق وفاقی وزیر فوادچوہدری نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

نو مئی کے پرُتشدد واقعات، جلاؤ گھیراؤ اور حساس تنصیبات پر حملوں کے بعد ایک جانب شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے حملوں کی مذمت کرکے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

شیریں مزاری اور عامر کیانی کے بعد فوادچوہدری نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام کے ذریعے پی ٹی آئی اور عمران خان سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

ٹوئٹ میں فوادچوہدری نے لکھا کہ وہ سیاست سےبریک لے رہے ہیں۔ فوادچوہدری پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ہیں اور وہ پارٹی کے نائب صدر کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات پر افسوس ہے اور یہ واقعات قابل مذمت ہیں، میں کبھی بھی اپنی افواج کے بارے میں غلط بات نہیں سن سکتی۔

گزشتہ روز صائمہ ندیم غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے503 سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جارہی تھیں،صائمہ ندیم کو پرواز ٹیک آف ہونے تک آگے نہ جانے دیا گیا،صائمہ ندیم کو پرواز روانگی کے بعد پولیس اپنے ساتھ لے گئی تھی۔

دو روز مسلسل اضافے کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ

0

مسلسل دو روز تک اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت میں آج معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے مطابق ڈالر صرف دو پیسے سستا ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مسلسل بڑھنے والی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت کو بریک لگ گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز ملکی تبادلہ منڈیوں میں دو پیسے سستا ہو کر ڈالر 287 روپے 13پیسے کی سطح پر بند ہوا ہے۔

فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکوں نے درآمد کنندگان کو ڈالر287.63روپے میں فروخت کیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر308روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے ابتدائی تین دنوں میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 31 پیسے کا اضافہ ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت فروخت 308 روپے ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلےمیں امریکی ڈالر کی قیمت 287روپے 15پیسے سے کم ہو کر 287 روپے 13 پیسے ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں 0.01 فیصد گراوٹ دیکھی گئی، خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک ڈالر کی قیمت 287 روپے 15 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک نے اپنے ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ ماہ جنوری سے مارچ2023کے دوران5 بینکوں پر22 کروڑ 40 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ5متعلقہ بینکوں نے قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔

خیرپور میں طالب علم گرمی کے باعث زندگی کا امتحان ہار گیا

0
خیرپور طالب علم

سندھ کے شہر خیرپور کے کالج میں طالب علم گرمی کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیرپور کے تھیڑی بوائز ڈگری کالج میں انٹر کے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ اور گرمی کے باعث نوجوان طالب علم دم توڑ گیا۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان طالب علم کو خیرپور سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی، طالب علم کی شناخت مہتاب میرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی جانے پر طالب علم کا دم گھٹنے لگا اور اس کی حالت غیرہوگئی تھی وہ زمین پر گر گیا تھا۔

خیال رہے کہ وزیر برائے تعلیمی بورڈ اسماعیل نے سندھ میں گرمی کی شدت بڑھنے سے طلبہ کو امتحان دینے میں مشکلات کے پیش نظر امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا بھی کہا تھا تاہم مختلف علاقوں میں تاحال لوڈ شیڈنگ کا سلسہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق موسم گرما میں ہر سال کی طرح امسال بھی دو ماہ کی تعطیلات ہوں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا آغاز یکم جون 2023ء سے اور اختتام 31 جولائی 2023ء کو ہوگا۔ یکم اگست سے تمام اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔