ہفتہ, جون 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8087

ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروانے کا فیصلہ

0

کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی متعارف کرائی جائے گی۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال میں عوام کو سہولہات کی فراہمی کے لیے 25 بلین کی مالیت سے 500 نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جنھیں پیپلز بس سروس میں شامل کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا عوام کو سہولیات دینے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی، ابتدائی طور پر کراچی میں 200 الیکٹرک ٹیکسیاں چلائی جائیں گی، 50 پنک ٹیکسی خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی۔

انھوں نے کہا ’’خواتین کے لیے مخصوص پنک ٹیکسی خواتین ڈرائیورز چلائیں گی، الیکٹرک ٹیکسی سے عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔‘‘

وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ایس ایم ٹی اے کے تحت شروع ہونے والی الیکٹرک ٹیکسی سروس سے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کا موقع ملے گا، ماحول دوست ٹیکسی چلانے سے اربوں روپوں کے تیل کی بچت ہوگی، عوام اور حکومت دونوں کو فائدہ ہوگا، الیکٹرک ٹیکسی کے لیے چارجنگ اینڈ پارکنگ ڈیپو بھی بنائے جائیں گے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کو حیدرآباد میں ہٹڑی سے کھیسانہ موری تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ نئے روٹ کی آزمائشی سروس تین روز کے اندر شروع کی جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا نیا روٹ شروع ہونے سے عوام کو سستی اور آرامدہ سفری سہولیات ملیں گی، وزیر ٹرانسپورٹ نے کراچی شہر میں پیپلز بس سروس کی تمام بسوں کو روڈ پر لانے کے احکامات بھی جاری کیے، انھوں نے کہا بیک اپ میں کھڑی بسوں کو بھی عوام کی سہولیات کے لیے فوری طور پر فعال کیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ’’15 جون تک مزید 20 بسیں سندھ حکومت کو مل جائیں گی، کہیں بھی اوور لیپنگ نہیں ہونی چاہیے، پیپلز بس سروس کی تمام بسیں سڑکوں پر ہونی چاہئیں، محلہ محلہ پیپلز بس سروس کی سہولت مہیا کی جائے گی۔‘‘

انھوں نے اورنج لائن، گرین لائن اور ریڈ لائن بسوں کو آپس میں منسلک کرنے کے لیے فوری منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی، اور کہا آئندہ مالی سال میں 500 بسز خریدی جائیں گی، محکمہ ٹرانسپورٹ اس حوالے سے تجاویز تیار کرے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی جانب سے جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے اساتذہ اور طلبہ کی سہولت کے لیے پیپلز بس کی سروس دن میں دوبار چلانے کی تجویز دی گئی، جس پر وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ بسیں چلانے کے لیے منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان : عسکری قیادت کا شہداء کو خراج عقیدت پیش

0
یوم تکریم شہدائے

راولپنڈی : عسکری قیادت نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کو کم تر کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم تکریم شہدائے پاکستان پر پیغام جاری کیا گیا۔

جس میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر عسکری قیادت نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی، ریٹائرڈافسران اور سول سوسائٹی کی جانب سے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے پیغام میں کہا گیا کہ شہدا نے مادر وطن کی حفاظت میں اپنی جانوں کی عظیم قربانیاں دیں، شہدا نے قربانی دے کر ملکی سالمیت اورمادروطن کی حرمت کی حفاظت کی۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہا تھا کہ شہداکی لافانی قربانیاں آئندہ نسلوں اورہم وطنوں کیلئےمشعل راہ ہیں، دشمن کے پروپیگنڈے کے باوجودقوم شہداکی قربانیوں کو نہیں بھلاسکتی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہداکی مادروطن کے لئے قربانیاں لازوال ہیں، وطن کی سالمیت،خودمختاری اوروقارکےلئےشہدانےعظیم قربانیاں دیں، آج پوری قوم کیلئے شہدا کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ شہدا نے پاکستان کے نظریات کوبرقراررکھنےکیلئےجانیں نچھاورکیں، شہداپاکستان ہمارےہیرواورعظیم اثاثہ ہیں، شہداکی لازوال قربانیوں کو کم ترکرنےکی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ قوم فخر اور عزم کرتی ہے کہ ملک قابل فخرخاندانوں کا مقروض رہے گا، کچھ بھی ہو جائے، شہدا ہمارا فخر تھے، ہیں اور رہیں گے۔

روس نے بھارت کو سنگین دھمکی دے دی

0

روس نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے روس کیخلاف ایف اے ٹی ایف کے اقدام کی مخالفت نہ کی تو وہ تیل اور ہتھیار کی ڈیل منسوخ کر دے گا۔

روس جس کو یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑنے کے بعد کئی بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے بھی رواں سال فروری میں روس کی رکنیت منسوخ کر دی تھی اور اب وہ روس کو بلیک لسٹ یا گرے لسٹ میں شامل کرنے پر اصرار کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس صورتحال میں روس خود کو اقتصادی تنہائی سے بچانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ اس کی ایف اے ٹی ایف میں حمایت کرے ساتھ ہی متنبہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے روس کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہونے سے نہ بچایا تو وہ اس کے ساتھ دفاعی اور توانائی شعبوں میں ہونے والے معاہدوں کو منسوخ کر دے گا۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق روس پس پردہ صرف بھارت ہی نہین بلکہ گلوبل ساؤتھ کے دیگر کئی ممالک پر بھی دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ اسے ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے شامل ہونے سے بچائیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں روس کی ایک سرکاری ایجنسی نے ہندوستانی ہم منصب کو خبردار کیا تھا کہ اگر ایف اے ٹی ایف نے روس کو بلیک لسٹ یا گرے لسٹ میں شامل کیا تو اس کے توانائی، دفاع اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں بہت سنگین نتائج ہوں گے۔ روسی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا تھا کہ یہ ایک بہت سنگین اور حساس مسئلہ ہے، یہ روس کی جانب سے غیر متوقع اور منفی نتائج کے بارے میں ایک طرح کی وارننگ ہے۔

واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف ایک ایسی بین الاقوامی تنظیم ہے جو بین الاقوامی سطح پر مالیاتی جرائم کی روک تھام کرتی ہے۔ اس تنظیم کی بلیک یا گرے فہرست میں شامل ہونے والے ملک کی نگرانی میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ نیز اسے دی جانے والی مالی امداد پر بھی پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔

عدالت کا پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری کو رہا کرنے کا حکم

0

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی جب کہ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل تیمور ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سماعت کے بعد سینیٹر اعجاز چوہدری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کو کالعدم قرار دے دیا اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

امریکی نژاد معروف سوئس گلوکارہ ٹینا ٹرنر چل بسیں

0

زیورخ: امریکی نژاد معروف سوئس گلوکارہ ٹینا ٹرنر 83 برس کے عمر میں چل بسیں۔

امریکی نژاد گلوکارہ ٹینا ٹرنر بدھ کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ کے قریبی علاقے میں اپنے گھر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔

لیجنڈ گلوکارہ ٹینا ٹرنر کا شمار ٹاپ ریکارڈنگ آرٹسٹس میں ہوتا تھا، ٹرنر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1950 کی دہائی میں راک ’این‘ رول کے ابتدائی برسوں کے دوران کیا اور زبردست شہرت حاصل کی۔

ٹینا ٹرنر کو گریمی ایوارڈ کے لیے 25 بار نامزد کیا گیا، اور 8 بار گریمی ایوارڈ جیتا، 3 بار لائف ٹائم گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا، فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر ستاروں کی آمد کے موقع پر گلوکارہ کے مشہور گانے چلائے گئے۔

اداکارہ، ڈانسر اور راک اینڈ رول کی ملکہ ٹینا ٹرنر امریکا میں پیدا ہونے والی سب سے پسندیدہ خواتین راک گلوکاروں میں سے ایک تھیں، انھوں نے 2009 کے بعد سے میوزک کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

ان کے ایک بے حد مشہور گانے ’What’s Love Got to Do with It‘ میں انھوں نے محبت کو دوسرے درجے کا جذبہ کہا تھا، یہ گانا 1984 میں ریلیز ہوا تھا، اس میں انھوں نے کٹے ہوئے جین جیکٹ، منی اسکرٹ اور سٹیلیٹو سینڈل پہنے ہوئے تھے اور وہ نیویارک کی سڑکوں پر اپنے چمک دار سہنری بالوں کے ساتھ گھوم رہی تھیں، ان کا یہ اسٹائل بہت مشہور ہو گیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، ریڈیو پاکستان کا دورہ کریں گے

0
وزیراعظم شہباز

پشاور : وزیراعظم محمد شہباز شریف آج ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کریں گے ، جہاں انھیں ریڈیوپاکستان کی عمارت کو نقصان اوربحالی کےکاموں پر بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، دورہ پشاور کے دوران شہبازشریف ریڈیو پاکستان کا دورہ کریں گے ،جہاں انھیں ریڈیو پاکستان کی عمارت کونقصان اوربحالی کے کاموں پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم گورنر ہاؤس بھی جائیں گے ، جہاں ان کوامن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی جبکہ خیبر پختونخوا کی سیاسی قیادت بھی وزیرِ اعظم سے ملاقات کرے گی۔

گذشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے عظمت شہدا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نو مئی کو ملک میں ریڈ لائن کراس کی گئی،ذمہ داروں کو معافی نہیں ملے گی اور گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو شرپسندی کی تربیت دی، اکسانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، کوئی کوتاہی کروں گا،نہ برداشت کروں گا۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ شہدا کی تکریم پر آنچ نہیں آنے دیں گے ،پاکستان کی بقا شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہے،شہدا نے اپنے بچوں کو یتیم چھوڑ دیا لیکن ہمارےبچوں کو یتیم ہونےسے بچالیا۔

یاد رہے کہ 10 مئی کے روز سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، اس دوران فوجی املاک، شہدا یادگاروں سمیت کئی عوامی سرکاری عمارات کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔

شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا اور پانچ منزلہ عمارت کو بھی نذر آتش کردیا تھا، ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن کا کہنا تھا کہ سینکڑوں کی تعداد میں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بول دیا، شرپسند ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھس کر نیوز روم اور مختلف سیکشنز میں تباہی مچا دی تھی۔

یوم تکریمِ شہدائے پاکستان پر وزیر اعظم، صدر مملکت کا اہم پیغام

0

اسلام آباد: یوم تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت عارف علوی نے اہم پیغام جاری کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم یوم تکریم شہدا پاکستان بھر پور طریقے سے منارہی ہے، قوم اپنے ہیروز، غازیوں اور شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کریگی، قوم  انکے خاندانوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ 9 مئی کے احتجاج  پُرتشدد واقعات میں تبدیل ہوئے، یہ منصوبہ بندی کے تحت کرائے گئے، جنہوں نے انکو ڈیزائن کیا وہ بہت خطرناک ہیں، ان شرمناک واقعات کو باقاعدہ  تشکیل دیا گیا، پوری قوم نے حیران اور غمزہ ہے۔

جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلےکبھی نہیں کیا گیا تھا، شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنا کران کی بے حرمتی کی گئی، ریاست کی نشانیوں پر شرپسندوں نے پاکستان کے نظریہ اور تشخص پر حملہ کیا۔

وزیر اعظم  شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کے دشمنوں کو جشن منانے کی وجوہات فراہم کیں،  آج ہم اپنے شہدا کی عزت و تکریم کو برقرار رکھنے کے اپنے عہد کو دہراتے ہیں، پاکستان کے وجود کا اہم جُز اسکے عوام اور شہدا کے درمیان روحانی عہد ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں، افسران نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پوری قوم اپنے شہدا کی مقروض رہےگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہدا کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں، پوری قوم کو اپنے بہادر شہدا پر فخر ہے، سرحدوں کے دفاع کے علاوہ فورسز نے دہشتگردی کی لعنت کو بھی کامیابی سے شکست دی۔

صدر مملکت نے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے اپنی افواج کی بہادری، قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کے عفریت پر تن تنہا قابو پایا، شہدا کے خاندانوں کے جذبہ حب الوطنی پر فخر محسوس کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، عہدکریں کہ ہم اپنے بہادر شہداکو کبھی نہیں بھولیں گے۔

امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں سندھی ثقافت کی قرارداد منظور

0

ٹیکساس:امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں سندھی ثقافت کی قرارداد منظور کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں سندھی ثقافت کی قرارداد منظور کی گئی ، پاکستانی نژاد رکن ٹیکساس اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے ایوان میں قرارداد پیش کی۔

اس موقع پر ہیوسٹن میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چوہدری سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔

ڈاکٹرسلیمان لالانی نے ریاستی وزرا سمیت عہدے داران اور ارکان اسمبلی کو اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ دن منانے کا مقصد ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب

0

جنرل ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدا پر یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب ہوئی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج یوم تکریم شہدا منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب ہوئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اس موقع پر شہدا کے بلند درجات اور ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے دعا کرائی گئی جب کہ شہدائے پاکستان کو سلامی بھی پیش کی گئی۔

سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، آئی جی آئی جی اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس، شہدا کے اہلخانہ اور اسکول کے طلبہ وطالبات نے بھی یادگار شہدا پر پھول رکھے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسکول کے بچوں اور شہدا کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کے بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھا اور ان سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

جنرل عاصم  منیر نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے۔ پاک فوج شہدا کے تمام بچوں کی وارث ہے اور ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

 علاوہ ازیں نیول ہیڈ کوارٹر میں بھی یادگار شہدا پر یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔ انہوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

ایئر ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدا پر یوم تکریم شہدا پاکستان کی تقریب ہوئی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یوم تکریم شہدا کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور درجات کی بلندی کیلیے دعا کی۔

محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور انکے بلند حوصلے کو سراہا۔

اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں یوم تکریم شہدا کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں، ریلیاں نکالی گئیں جس میں شرکا نے پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ایم کیو ایم لندن کورنگی سیکٹر کا مفرور سابقہ یونٹ انچارج گرفتار

0

کراچی: سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے خفیہ اطلاع پر ایم کیو ایم لندن کورنگی سیکٹر کے مفرور سابقہ یونٹ انچارج وصی خان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کے ایک سابقہ یونٹ انچارج وصی خان عرف کاشف کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم 2019 سے 2014 ک یونٹ 74 کا انچارج رہا۔

ملزم وصی خان عرف کاشف نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے، اس نے بتایا کہ اسے تمام ہدایات سیکٹر انچارج رئیس مما کی طرف سے ملتی تھی، اور وہ قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا۔

انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم وصی خان نے بتایا کہ اس نے 2010 میں سی ٹی ڈی اہلکار دانش کو فائرنگ کر کے زخمی کیا، 2012 میں جلیبی چوک پر فائرنگ کر کے ایم کیو ایم حقیقی کے 2 لڑکوں کو قتل کیا۔

2013 کورنگی سی ایریا میں اے ایس آئی حاجی ندیم کو قتل کیا، 2013 لانڈھی یونٹ 80 کے ساتھ ایم کیو ایم حقیقی کے کئی کارکنوں کو قتل کیا، 2013 کربلا گراؤنڈ لانڈھی میں 2 لڑکوں کو قتل کیا۔

2013 میں پولیس اہلکار ندیم قادری کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے پولیس اہل کار ندیم زخمی اور بھتیجا ہلاک ہوا، 2014 میں ابراہیم حیدری میں موبائل پر فائرنگ کر کے 2 اہل کاروں کو شہید کیا۔

چوہدری صفدر کے مطابق ملزم اس سے قبل ہینڈ گرنیڈ اور قتل کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے، گرفتار ملزم سے ایم کیو ایم لندن سیٹ اپ کے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔