اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8192

نوزائیدہ بچوں کی صحت سے متعلق حکومت سندھ کا اہم اقدام

0
چلڈرن اسپتال کورنگی وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس کو مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر پانچ میں چلڈرن اسپتال کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتال کے مختلف وارڈز ، لیبارٹری اور او پی ڈی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال رضا نے کورنگی اسپتال کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورنگی کے لوگوں کو چلڈرن اسپتال کے قیام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ساتھ ہی سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کو بھی ایسی بہترین سہولت کے قیام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے یہ اسپتال ضلع کورنگی کے عوام کیلئے تحفہ ہے، سندھ حکومت نے کورنگی کیلئے بہترین روڈ انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ دے کر انکی خدمت کی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پریزنٹیشن سے پتہ چلا کہ حکومت کو نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے مزید کوششیں کرنا ہوں گی، ہمیں بتایا گیا کہ پاکستان میں ہر ایک ہزار پیدائشی بچوں میں 45.6 نوزائیدہ اموات ہوتی ہیں، مناسب سہولیات سے نوزائیدہ اموات میں سے 80 فیصد کو روکا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے تھری ٹائر سسٹم ( انورٹڈ پیرامڈ اسٹرکچر) تجویز کیا گیا ہے، تحصیل سطح پر ثانوی نگہداشت یونٹس شامل ہیں جن میں کینگرو مدر بھی شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے 86فیصد مریض صحتیاب ہو چکے،اسپتال میں تمام سروسز میں اوسط کامیابی کا تناسب 80 فیصد سے زیادہ ہے،اٹھائیس بستروں پر مشتمل پیڈیاٹرک انتہائی نگہداشت یونٹ صوبہ سندھ میں سب سے بڑی سہولت ہے،کورنگی چلڈرن ہسپتال پیڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ (پی آئی سی یو ) میں کامیابی کی شرح 90 فیصد ہے یہ شرح عام پیڈیاٹرک اور او پی ڈی کیسز میں سو فیصد کے قریب ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کورنگی چلڈرن اسپتال کے منصوبے کے تحت ہم پیڈیاٹرک سرجیکل یونٹ، لیبارٹریوں کو وسعت دینے اور موجودہ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں تاکہ اس پروجیکٹ کو صوبے بھر میں پھیلا جاسکے۔

کراچی میں ایک بار پھر گندم اور آٹے کے بحران خدشہ

0
گندم

کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر گندم اور آٹے کے بحران خدشہ پیدا ہوگیا، جس کی وجہ سندھ حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان گندم سے متعلق چپقلش بتائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گندم کی عدم دستیابی سے متعلق فلور مل مالکان نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں گندم کی عدم دستیابی اور شہر بھر کی فلور مل بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فلورمل مالکان نے محکمہ خوراک سندھ پر دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک نے فلور ملوں سے3ارب روپے لے کر بھی گندم فراہم نہیں کی۔

چیئرمین فلور ملز عامر عبداللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ خوراک نے50لاکھ گندم بوریاں دینے وعدہ کیاتھا جبکہ فلورمل کو تاحال صرف 2لاکھ بوریاں ملی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملوں کو5لاکھ 52ہزار گندم کی بوریوں کے چالان دیئے گئے ہیں، محکمہ خوراک سے گندم کی جلد فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں،مطالبات نہ مانے گئے تو2مئی کو لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے وسط میں چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن چوہدری عامر نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ محکمہ خوارک نے فلور ملز کی اندرون سندھ سے خریدی گئی گندم کو ضبط کرلیاہے جس کئے باعث کراچی شہر میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ٹرکوں پر لدی 500 ٹن سے زائد گندم ضبط کی گئی ہے یہ کراچی کی 70 سے زائد فلور ملز کو اندرون سندھ سے گندم فراہم کرنی تھی۔

علاوہ ازیں پنجاب کے شہر حافظ آباد میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے،کارروائی کے دوران47300 بوری گندم برآمد کرکے گودام کو سیل کردیا ہے۔

کپل شرما نے کامیڈی کس سے سیکھی؟ علی ظفر نے انکشاف کر دیا

0
کپل شرما نے کامیڈی کس سے سیکھی؟ علی ظفر نے انکشاف کر دیا

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین کپل شرما سے متعلق اہم انکشاف کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علی ظفر نے نجی نیوز چینل کے عید شو میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کپل شرما نے نسیم وکی سے کامیڈی سیکھی۔ نسیم وکی پاکستان کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین، ڈرامہ نگار اور ڈائریکٹر ہیں۔

علی ظفر نے شو میں کہا کہ جب ’کپل شرما شو’ میں شرکت کیلیے گیا تو شو سے قبل کپل شرما نے بتایا تھا کہ میں نے نسیم وکی سے کامیڈی سیکھی۔ گلوکار نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

نسیم وکی ’کپل شرما شو‘ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران گفتگو میں کہا تھا کہ کپل نے پہلی ملاقات میں مجھے کہا تھا کہ میں آپ کا درشن کرنے آیا ہوں، وہ میرا چھوٹا بھائی ہے۔

پوڈکاسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اداکاروں اور ڈائریکٹرز کی تعداد بہت زیادہ نہیں، ہمارے یہاں اتنی فلمیں ہی بنتی کہ ان کی تشہیر کیلیے فنکار شو میں آئیں۔

نگراں حکومت ہٹانے کیلیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا عدالت سے رجوع کرنیکا فیصلہ

0

لاہور: پنجاب نگراں حکومت ہٹانے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت اپنی 90 روزہ آئینی مدت مکمل کرچکی ہے، آئینی مدت کے خاتمے کے بعد نگراں حکومت کی قانونی حیثیت ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے پنجاب میں متبادل انتظامات کرنے کے لیے رجوع کیا جائے گا۔

سبطین خان نے کہا کہ 22 اپریل کو پنجاب نگراں حکومت کی تین ماہ کے لیے دی گئی آئینی مدت ختم ہوچکی ہے۔

اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھاکہ پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن ہونے کی صورت میں اسمبلی بحال کرنے کی پٹیشن دائر نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن الیکشن کچھ ماہ بعد کرانے کا فیصلہ آیا تو پٹیشن دائر کی جائے گی، الیکشن کچھ ماہ بعد ہوں تو نگران حکومت رہنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے، عوام کی منتخب کردہ ہی حکومت کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھاکہ پٹیشن میری اور اسپیکر کے پی کے مشتاق غنی کی جانب سے تیارکی گئی ہے۔

سعودی عرب : فوجی اخراجات کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں ملک بن گیا

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی عرب کے فوجی اخراجات پچھتر ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے، سعودی عرب میں دفاعی اخرجات میں ایک سال کے دوران سولہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سویڈن میں قائم اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی دوہزار بائیس میں عالمی فوجی اخراجات سے متعلق رپورٹ کے مطابق سعودی عرب فوجی اخراجات میں اضافے کے حوالے سے دنیا میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

یہ اعداد و شمار اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہیں، تب وہ عالمی سطح پرفوجی اخراجات میں آٹھویں نمبر پر تھا۔7۰4 فی صد اضافے کے ساتھ سعودی عرب نے یوکرین کے علاوہ کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں دفاع پر اپنی جی ڈی پی کا زیادہ خرچ کیا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر دفاع پر سب سے زیادہ خرچ کرنے والے تین ممالک امریکا، چین اور روس ہیں۔

پورے مشرق اوسط کے خطے نے 2022 میں دفاع پر 184 ارب ڈالر خرچ کیے۔اس کے مقابلے میں اسرائیل کے دفاعی اخراجات 4.2 فی صد کم ہوکر 23.4 ارب ڈالر رہ گئے ہیں کیونکہ اس نے اپنے بجٹ کو متوازن رکھنے کے لیے کٹوتیاں کی ہیں۔

مجموعی طور پر عالمی فوجی اخراجات میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 22کھرب 20 ارب (2.2 ٹریلین) ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق شہری دفاع اور موجودہ فوجی سرگرمیوں پراخراجات بشمول سابق فوجیوں کی مراعات اور فوائد، ڈی موبلائزیشن، ہتھیاروں کی تلفی اورغیر فوجی سرگرمیوں میں فوج کی شمولیت وغیرہ کے اخراجات کو اس رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

نسیم شاہ کا والدہ کے انتقال کے بعد ایک سال تک دوائیاں کھانے کا انکشاف

0
نسیم شاہ

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد ذہنی تناؤ کا شکار رہا اور سال بھر دوائیاں کھاتا رہا۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ’میں آج بھی والدہ کی یاد پر بات نہیں کرپاتا، ان کے انتقال کے باوجود آج بھی تنہائی میں ان سے باتیں کرتا ہوں۔‘

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میں والدہ کے انتقال کے بعد ایک سال تک ذہنی تناؤ کی گولیاں کھاتا رہا، اس وقت میں ذہنی طور پر اتنا کمزور ہوگیا تھا کہ گھڑی ہاتھ میں پہنی ہوتی تھی اور میں ڈھونڈتا رہتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’والدہ کے بہت قریب تھا وہ واحد تھیں جن سے میں اپنی زندگی کی ہر بات شیئر کرسکتا تھا۔‘

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ’والدہ کے انتقال کے بعد جذباتی ہوکر ایسی باتیں کرنے لگا تھا کہ میرے کوچز اور منیجر بھی سمجھاتے تھے کہ ایسی باتوں سے اللہ ناراض ہوجاتے ہیں۔‘

فاسٹ بولر نے جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ ’مجھ سے آج بھی والدہ کی یاد کے باعث گاؤں نہیں جایا جاتا، میں وہاں جاؤں تو دروازے دیکھ کر والدہ کا عید ملنا ان کا آنا جانا پھر سے یاد آنے لگتا ہے مجھے ذہنی تناؤ ہونے لگتا ہے لیکن میں انھیں تصور میں لاکر ان سے باتیں کرتا ہوں‘۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اپنے پہلے دورہ آسٹریلیا پر موجود تھے جب ان کی والدہ انتقال کرگئی تھیں۔

ٹاسک نامکمل: مردم شماری کی حتمی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع

0
مردم شماری ڈیجیٹل مردم شماری

اسلام آباد: حکومت نے مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت بروقت مردم شماری مکمل کرنےمیں ایک بارپھر ناکام ہوئی جس کے باعث پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کردی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں جاری ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کر دی گئی ہے اور آخری تاریخ 15مئی مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مردم شماری کو اپریل کے آغاز میں ختم ہونا تھا تاہم پہلی بار اس میں 10 اپریل، دوسری بار 15 اور تیسری بار 20 اپریل جبکہ چوتھی بار25 اپریل تک توسیع کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت بروقت مردم شماری مکمل کرنے میں مسلسل ناکام، تاریخ میں چوتھی بار توسیع

ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں ساتویں اورپہلی بارڈیجیٹل مردم شماری جاری ہے جس پر بعض سیاسی جماعتوں اورمیڈیا کی جانب سےاعتراض کیاگیاتھا اس پر ہم نےساتھیوں کو بات چیت کی دعوت دی اور معلومات شیئرکیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ محسوس کیا گیا ہےکہ دوردرازعلاقوں میں تمام لوگوں کو شمارنہیں کیا گیا اب کچھ علاقوں میں سپارکو کی مدد سےگھروں کی نشاندہی کی جارہی ہے جس کے باعث مردم شماری کی تاریخ میں15روزمزید توسیع کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ہر فرد کی گنتی کی جانی چاہیے، ہر صورت فالٹ لائنزکو دورکریں گے،مردم شماری کا مطلب صرف نمبرزپیدا کرنانہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل شماری کےباعث ڈیٹا کا فوری جائزہ لیاجاسکتاہے، لوگوں سے بھی گزارش ہےکہ مردم شماری میں بھرپورحصہ لیں ۔

شوہر کا بیوی پر بدترین تشدد، ناک کاٹ دی

0
باغ سے پھول توڑنے پر خاتون کی ناک کاٹ دی گئی

پنجاب کے شہر پاکپتن میں نشئی شوہر نے تیز دھار آلے سے بیوی کی ناک کاٹ کر اسے شدید زخمی کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شوہر نے نشے کیلیے بیوی سے رقم کا مطالبہ کیا اور انکار کر اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ناک کاٹ دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا، واقعہ نواحی علاقہ پرانا تھانہ میں پیش آیا، پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی ملزم فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہری نے شادی سے انکار پر خاتون کی ناک کاٹ دی

گزشتہ ماہ رحیم یار خان میں دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جہاں 10 افراد نے ایک نوجوان کو اغوا کر کے اس کی ناک کاٹ دی تھی۔

لیاقت پور کے رہائشی وریام نے پانچ ماہ قبل جتوئی برادری کی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔ بعد ازاں 10 افراد نے اسے اغوا کر کے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ناک کاٹ دی جس سے وہ لہو لہان ہوگیا تھا۔

متاثرہ نوجوان کے بھائی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

پنجاب میں اس طرح کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ لاہور میں گارڈین جج اسد عمران راں کی عدالت میں روبینہ نامی خاتون کی جانب سے بچے کا خرچہ نہ دینے پر خاوند شوکت کے خلاف دعوے کی سماعت ہوئی تھی۔

احاطہ عدالت میں سالے نے بہنوئی سے بچہ کا خرچ دینے کا تقاضہ کیا جس پر دونوں میں تکرار اور ہاتھا پائی شروع ہوگئی تھی۔

اسی دوران طیش میں آکر شوکت نامی شخص نے اپنے سالے آصف پر چاقو کا وار کیا جس سے اس کی ناک کٹ گٸی اور آصف شدید لہو لہان ہو گیا تھا۔

عدالتی عملے نے فوری طور پر ملزم شوکت کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کیا جبکہ زخمی کو ابتداٸی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

زرعی پالیسیوں سے تنگ کسانوں کی مودی سرکار کو دھمکی

0
کسان

نئی دہلی : بھارتی کسان مودی سرکار کی پالیسیوں سے تنگ آگئے۔ کسانوں نے مودی سرکار کو دھمکی دے دی۔ ان کاکہنا ہے کہ مطالبات نہ تسلیم کیے گئے تو غیر معینہ مدت تک دھرنا دے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کسانوں کی مودی حکومت کے متنازع زرعی قوانین کے خلاف تحریک جاری ہے، اس حوالے سے ملک بھر کی کسان برادری سراپا احتجاج ہے۔

مہاراشٹرا میں سیکنڑوں کسان اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے، سرخ جھندے اٹھائے مشتعل شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ واضح رہے کہ بھارتی کسانوں کا اکوال سے لونی تک تین روزہ احتجاجی مارچ جاری ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سال 2019 میں کسانوں اور زمینداروں کے حقوق کی تنظیم آل انڈیا کسان سبھا نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر مہاراشٹرا سے ممبئی تک کامیاب لانگ مارچ کیا تھا۔

اس دوران ہزاروں کسان مظاہرین ناسک سے ممبئی کی جانب روانہ ہوئے، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر قرضوں میں کمی، پانی کی فراہمی اور فصل کی اچھی قیمتیں دینے کے مطالبات درج تھے۔

کسانوں نے مہاراشٹرا کی حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا تاہم حکام نے اُن کے مطالبات ماننے سے صاف انکار کردیا جس کے بعد مظاہرین نے ممبئی کی طرف پیدل مارچ شروع کردیا۔

اختر مینگل کا ملکی بقا کیلیے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار

0
اختر مینگل کا ملکی بقا کیلیے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ملکی بقا اور بلوچستان کی ترقی کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے سردار اختر مینگل نے ملاقات کی اور اس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور سیلاب کے دوران صوبے کے علاقوں کا دورہ کیا۔

اختر مینگل نے کہا کہ شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ بلوچوں کا درد بانٹا جو آج سے پہلے کبھی نہ ہوا، انہوں نے معاشی مشکلات اور قدرتی آفات کے باوجود معیشت کو مستحکم کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے، باصلاحیت بلوچ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچ نوجوان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گوادر کے لوگوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلیے کوشاں ہوں۔