ہوم بلاگ صفحہ 9463

الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے سے متعلق وضاحت آگئی

0

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر وضاحت دیتے  ہوئے کہا ہے کہ کوئی پارٹی ملکی سالمیت کیلئے مضر ہو تو وفاقی حکومت اعلان کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سیاسی جماعت پر پابندی آرٹیکل 17ٹو، الیکشن ایکٹ 212 کے تحت ہے، کوئی پارٹی ملکی سالمیت کیلئے مضر ہو تو وفاقی حکومت اعلان کرے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی جماعت پر پابندی کے لیے 15 دن کے اندر ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجنا ہوتا ہے۔اگر سپریم کورٹ ریفرنس کے حق میں فیصلہ دے تو متعلقہ سیاسی جماعت فوری طور پر تحلیل تصور ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن متعلقہ سیاسی جماعت کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی یا لوکل گورنمنٹ بننے کے لئے نااہل قرار دے گا۔

کویت : ڈرائیورز ہوشیار، گاڑی کسی بھی وقت ضبط ہوسکتی ہے

0

کویت سٹی : کویتی حکومت کے تحت مملکت کے تمام گورنریٹس میں ٹریفک مہم چلائی جارہی ہے جس میں اب تک درجنوں گاڑیوں کو ضبط کرکے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ (جی ٹی ڈی) کی جانب سے ملک کے تمام گورنریٹس میں گاڑیوں کی حفاظت اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک مہمات کا آغاز کیا گیا ہے۔

رپورٹ لے مطابق مہمات بیک وقت ٹیکنیکل ٹیسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی نگرانی میں چلائی جارہی ہیں۔ مہم کے دوران جی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے 1,940 ٹریفک حوالہ جات جاری کیے اور ایک نابالغ لڑکے کو گرفتار کرکے پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جوکہ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر پکڑا گیا۔

کویت میں ٹریفک مہمات کے دوران درجنوں گاڑیاں ضبط

جی ٹی ڈی میں ٹیکنیکل ٹیسٹنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل مشعال السویحی نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد گاڑیوں کو والہ جات جاری کرنا اور ضبط کرنا نہیں ہے بلکہ ٹریفک حادثات کو روکنے کے لیے گاڑی چلانے والوں کے ذہنوں میں گاڑیوں کی حفاظت اور پائیداری کی شرائط پر عمل کرنے کی ضرورت کو بٹھانا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ تکنیکی معائنہ کرنے والے انجینئرز نے حفاظتی مہموں کے دوران بڑی تعداد میں گاڑیوں کو ضبط کیا جو ان کے انشورنس دستاویزات کی تجدید کے بغیر گاڑی چلا رہے تھے۔

جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے طویل عرصے سے اپنی گاڑیوں کی تکنیکی جانچ نہیں کرائی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ایسی تمام گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے اور انہیں محفوظ قرار دینے کے بعد ہی سڑکوں پر چلنے کی اجازت دی جائے گی۔

پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے اچھی خبر آگئی

0

اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد پاکستان سے بھی عمرہ زائرین اور فلائٹس کا سلسلہ شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکر گزار ہوں ، پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال ہے پاکستان کاسعودی عرب سے تعلق ایمان کا تعلق ہے۔

علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نےہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ، سعودی بزنس کمیونٹی نے کانفرنس میں شرکت اوروزیراعظم کوسنا ، پاکستان سعودی عرب پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بہت جلد پاکستان سے بھی عمرہ زائرین اور فلائٹس کا سلسلہ شروع ہوگا۔

کالعدم تنظیم کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توڑ پھوڑ انتشار اور جو خون بہا نقصان بھی ملک کو ہوا، حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے گزارش ہے راستے کھول دیے جائیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا پولیس والے جو شہید ہوئے کیا وہ عاشق رسولﷺ نہیں تھے، شہید پولیس اہلکاروں کی مغفرت کیلئے دعا گو ہوں، تشدد کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتا ،مذاکرات کی طرف جانا چاہیے ، پرتشدد تحریکوں کا انجام دنیا نے دیکھا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں توہین رسالت کا معاملہ اٹھایا ۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے کمزور نہیں مگر آپس کا ٹکراؤٹھیک نہیں ، شہید پولیس اہلکاروں کی مغفرت کیلئے دعا گو ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ، مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کریں، امریکا نے 20 سال جنگ لڑنے کے بعد مذاکرات ہی کیے، تمام راستے کھول دینے چاہییں اس سےعوام کو تکلیف ہورہی ہے۔

مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی

0

ریاض: سعودی محکمہ موسمیات نے مملکت کے مختلف شہروں میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج سے مختلف شہروں اور ریجنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

سعودی شہر مکہ، الباحہ، عسیر اور جازان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔

جبکہ ریاض اور قصیم ریجنز میں تیز ہواوں کے ساتھ گردو غبار بھی چھایا رہے گا جس سے حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے، ڈرائیور حضرات احتیاط برتیں۔

اسی طرح مدینہ ریجن میں بھی تیز ہوا چلنے کا امکان ہے جبکہ ریجن میں مطلع آبرآلود رہے گا۔

سعودی محکمہ شہری دفاع نے ہدایت کی ہے کہ موسم کی خرابی کے سبب مذکورہ علاقوں میں شاہراہوں پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں۔

جبکہ پہاڑی علاقوں میں تفریح کے لیے جانے والے نشیبی مقامات پر پڑاو سے گریز کریں اور ندی نالوں کے علاوہ برساتی پانی کی گزرگاہوں سے دور رہیں۔

کترینہ کیف نے شادی کی خبروں کی تردید کردی

0

گزشتہ کچھ روز سے بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا تھا کہ معروف اداکارہ کترینہ کیف 2 ماہ میں شادی کرلیں گی تاہم اب کترینہ نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

کترینہ کیف نے اپنی شادی کی خبروں پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو کس نے کہا کہ وہ شادی کر رہی ہیں؟

بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ کترینہ کیف ساتھی اداکار وکی کوشل سے شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ انہوں نے شادی کے ملبوسات کی تیاری کے احکامات تک دے دیے ہیں۔

شوبز ویب سائٹ بالی وڈ لائف سے بات کرتے ہوئے کترینہ کیف نے واضح کیا کہ وہ دسمبر 2021 میں شادی نہیں کرنے جا رہیں اور انہیں نہیں معلوم کہ ان سے متعلق مذکورہ خبریں کس نے اور کیوں پھیلائیں؟

اداکارہ نے اپنی شادی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے یہی سوال کر رہی ہیں کہ ان کی شادی کی خبریں کون پھیلاتا ہے؟

اگرچہ انہوں نے دسمبر میں شادی کی خبروں سے انکار کیا، تاہم انہوں نے واضح طور پر وکی کوشل سے تعلقات یا مستقبل میں ان سے شادی پر کوئی بات نہیں کی۔

وکی کوشل اور کترینہ کیف کے درمیان تعلقات کی خبریں گزشتہ دو سال سے جاری ہیں اور انہیں بعض تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا بھی گیا ہے۔

بھارتی میڈیا میں بھی ان کے تعلقات کے حوالے سے خبریں شائع ہوتی رہی ہیں، تاہم دونوں نے کبھی واضح طور پر ایک دوسرے سے محبت کا اظہار نہیں کیا۔

دوسرا کے مؤجد اور بابر اعظم کا کریز پر آمنا سامنا، پھر کیا ہوا؟ (ویڈیو)

0

دوسرا کے مؤجد ثقلین مشتاق کی گیند کھیلنا کبھی بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے لیے آسان نہیں رہا، ان دنوں وہ قومی ٹیم کے کوچ ہیں، پریکٹس کے لیے بابر اعظم نے ان کا کریز پر آمنا سامنا کیا۔

دراصل قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے اگلے یعنی تیسرے میچ کے لیے تیاریوں میں لگی ہوئی ہے، آف اسپن کو کھیلنے کے سلسلے میں کوچ ثقلین مشتاق نے بہ ذات خود بابر اعظم کو بولنگ کرائی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اگلا اہم میچ افغانستان کے ساتھ ہے، اس میچ سے قبل قومی ٹیم افغان اسپن اٹیک کے خلاف کمر کس رہی ہے، جس کے لیے پاکستان کے سابق ٹیسٹ آف اسپنر دوسرا کے مؤجد ثقلین مشتاق نے خود بولنگ کروا کر بابر اعظم کو پریکٹس کروائی۔

نیٹ پریکٹس کی یہ ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماضی میں جادوگر بولر کہلائے جانے والے ثقلین کی گیندوں پر کپتان کس طرح شارٹ مار رہے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پاکستان کا افغانستان سے مقابلہ ہوگا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا، اگر یہ میچ بھی پاکستان جیت لیتا ہے تو سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہو جائے گی، پاکستان نے اب تک 2 میچز کھیلے ہیں اور دونوں جیتے ہیں۔

اردو کے قادرُِ الکلام شاعر صبا اکبر آبادی کی برسی

0

آج اردو کے قادرُالکلام شاعر صبا اکبر آبادی کا یومِ وفات ہے۔ وہ 1991ء میں اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ انھوں نے ایک ناول بھی لکھا جب کہ فارسی ادب سے تراجم بھی ان کا ادبی کارنامہ ہیں۔

تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان کے شہر کراچی میں سکونت اختیار کرنے والے صبا اکبر آبادی نے ایک برس تک محترمہ فاطمہ جناح کے پرائیوٹ سیکریٹری کی حیثیت سے بھی کام کیا۔

صبا اکبر آبادی نے 1920ء میں اپنا شعری سفر شروع کیا تھا اور اپنے عربی فارسی کے استاد اخضر اکبرآبادی کے شاگرد رہے۔ 1930ء میں محکمہ تعلیم میں بطور کلرک ملازم ہوئے۔ بعدازاں متعدد تجارتی اور کاروباری اداروں سے منسلک رہے اور پاکستان میں جناح کالج اور دوسرے تعلیمی اداروں سے منسلک رہے۔ انھوں نے غزل، رباعی، نظم، مرثیہ جیسی اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کی۔

صبا اکبر آبادی کا اصل نام خواجہ محمد امیر تھا۔ وہ 14 اگست 1908ء کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے 1928ء میں ادبی ماہ نامہ ’’آزاد‘‘ بھی جاری کیا تھا۔

صبا اکبر آبادی کے شعری مجموعوں میں اوراقِ گل، سخن ناشنیدہ، ذکر و فکر، چراغِ بہار، خوں ناب، حرزِ جاں، ثبات اور دستِ دعا شامل ہیں۔ مرثیہ نگاری بھی صبا اکبر آبادی کا ایک مستند حوالہ ہے اور ان کے لکھے ہوئے مرثیوں‌ کے مجموعے سربکف، شہادت اور قرطاسِ الم شائع ہوئے۔

انھوں نے فارسی ادب سے عمر خیام، غالب، حافظ اور امیر خسرو کا کلام منتخب کر کے اردو میں‌ منظوم ترجمہ کیا۔ صبا اکبر آبادی نے ایک ناول بھی لکھا جو ’’زندہ لاش‘‘ کے نام سے شایع ہوا۔

ان کے چند اشعار ملاحظہ ہوں:

یہ ہمیں ہیں کہ ترا درد چھپا کر دل میں
کام دنیا کے بدستور کیے جاتے ہیں

اس کو بھی ہم سے محبت ہو ضروری تو نہیں
عشق ہی عشق کی قیمت ہو ضروری تو نہیں

اپنے جلنے میں کسی کو نہیں کرتے ہیں شریک
رات ہو جائے تو ہم شمع بجھا دیتے ہیں

سونا تھا جتنا عہدِ جوانی میں سو لیے
اب دھوپ سر پہ آ گئی ہے آنکھ کھولیے

سعودی اقامہ: غیرملکیوں کے گرد گھیرا تنگ!

0

ریاض: سعودی عرب میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں اہم کارروائی کی گئی اس دوران متعدد غیرملکی گرفتار ہوئے جو مملکت کے اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے۔

ریاض پولیس کے ترجمان میجرخالد الکریدیس نے بتایا کہ اقامہ قوانین کی خلاف ورزی اور گاڑیاں چرا کر ان کے پرزے فروخت کرنے کے الزام میں 17 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتارشدگان میں 14 سوڈانی ، ایک پاکستانی اور ایک ایک افغانی و شامی باشندہ شامل ہے۔

میجر خالد کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان پہلے پرانی گاڑیاں چراتے، پھر ان کے پرزے کھول کر بیچا کرتے تھے، پولیس نے ملزمان کو پناہ دینے کے الزام میں ایک سعودی شہری کو بھی پکڑا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس نے مسروقہ گاڑیاں اور پرزے اسٹور کرنے کی جگہ بھی دریافت کرلی۔

احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی

0

اسلام آباد : احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی، پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی فراہم کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکی زیرصدارت احساس ٹارگٹڈ سبسڈٰی پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں گورنر، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، صدر نیشنل بینک، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز، چیئرمین پاکستان ریونیوآٹومیشن لمیٹڈ نے شرکت کی۔

کمیٹی نےاحساس ٹارگٹڈسبسڈی پروگرام کی پالیسی پرعملدرآمدکا جائزہ لیا، جس کے بعد احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی فراہم کی جائیں گی۔

ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے موبائل پوائنٹ آف سیل کا نظام تشکیل دیا گیا، اسٹیئرنگ کمیٹی کامقصدپروگرام پالیسی،عملدرآمد ،کارکردگی کا جائزہ لیناہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پروگرام کامقصدمستحقین کورعایتی قیمتوں پراشیائےخوردنی کی فراہمی ہے، ملک بھرمیں لاکھوں گھرانےمستفیدہوں گے ، ہم اصل مستحق خاندان کوریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

ملازمین کی کم از کم تنخواہ کیا ہوگی؟ سعودی حکومت کا نیا اعلان

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے مارکیٹنگ سیکٹر گیٹ کے ذریعے سعودائزیشن کی نئی پالیسی اپنانے کا عندیہ دیا ہے۔

نئی پالیسی جلد لاگو ہوگی، مارکیٹنگ کے شعبے میں کسی بھی سعودی شہری کی تنخواہ 55 سو ریال سے کم مقرر نہیں کی جا سکتی، اس سے کم تنخواہ پر کام کرنے والے سعودی شہری کو کمپنی کے ریکارڈ میں سعودی شمار نہیں کیا جائے گا۔

عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نئی پالیسی کا عندیہ ایسے وقت دیا ہے جبکہ سعودی عرب کے قانون ساز ادارے مجلس شوری نے وزارت پر دباؤ بڑھا دیا ہے کہ سعودائزیشن کی شرح میں اضافہ اور بے روزگاری کا تناسب محدود کیا جائے۔

وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ مارکیٹنگ کے شعبے میں سعودائزیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا سخت نظام تیار کر لیا گیا ہے۔ نئے فیصلے پر عمل درآمد کے ساتھ اسے بھی نافذ کیا جائے گا۔

نیا فیصلہ سعودی مارکیٹ کے ایسے تمام نجی اداروں پر نافذ ہوگا جس کے ملازمین کی تعداد پانچ یا اس سے زیادہ  ہوگی۔