بدھ, جولائی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9651

مرغی کی قیمت میں مزید 100 روپے اضافے کا خدشہ

0

چینیوٹ : پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر نے مرغی کی قیمت میں مزید سو روپے اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میاں طارق جاوید نے چینیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایل سی نہیں کھول رہی، پولٹری کی ادویات کا بحران آنے والا ہے۔

میاں طارق جاوید کا کہنا تھا کہ سویا بین نہ ہونے کی وجہ سےپروڈکشن کم ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھ رہی ہے،مرغی کی قیمت میں مزید سو روپے اضافہ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے وفاقی حکومت نے عوام کو مہنگائی کی شکل میں نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے مختلف کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ ڈالی ہے اور ہر شہری رو رہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ دنوں کے حساب سے چیزوں کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔ غریب جائے تو جائے کہاں ؟ گوشت خرید سے باہر تھا، اب سبزی بھی نہیں کھا سکتے، چار پانچ سو روپے دیہاڑی کمانے والا گزارا کیسے کرسکتا ہے۔

سعودی عرب: پہلی بار خواتین نے ٹرین چلانا شروع کردی

0

ریاض: سعودی عرب میں پہلی بار خواتین نے تربیت مکمل ہونے کے بعد تیز رفتار ٹرین حرمین ایکسپریس چلانا شروع کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین نے حرمین ایکسپریس چلانے کا آغاز کردیا۔

سعودی ریلوے سار نے سعودی خاتون ٹرین ڈرائیور کی ویڈیو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سار نے تیز رفتار ٹرین چلانے کی ٹریننگ مکمل کرنے والی 24 سعودی خواتین کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

ان میں سے ایک خاتون سارۃ الشہری کا کہنا ہے کہ مجھے اور میری ساتھیوں کو مشرق وسطیٰ میں تیز رفتار ترین ٹرین چلانے کا اعزاز سب سے پہلے حاصل ہوا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

ٹریننگ مکمل کرنے والی ایک اور سعودی خاتون نورۃ ہشام کا کہنا ہے کہ یہ بہت ذمہ داری کا کام ہے، حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کی سلامتی حرمین ایکسپریس ڈرائیور کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین ایکسپریس چلانے کی ٹریننگ دیتے وقت کوشش ہوتی ہے کہ امن و سلامتی کے معیار کی پابندی کی جائے، ٹریننگ دیتے ہوئے ان تمام باتوں کا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔

سعودی عرب میں تیز بارشوں نے انڈر پاسز بند کرا دیے

0

سعودی عرب کے شہر جدہ میں اتوار کو بارش کے باعث پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعد 4 انڈر پاسز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

سعودی اخبار کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ گورنریٹ کے ماتحت قدرتی آفات اور بحرانوں کو کنٹرول کرنے والے مرکز نے کیا جس کے تحت جدہ میں چار انڈر پاسز کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔

جن انڈر پاسز کو بند کیا گیا ہے ان میں فلسطین اسٹریٹ، امیر ماجد اسٹریٹ والے انڈر پاسز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جامعہ انڈر پاس دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ڈیزاسٹر کنٹرول سینٹر کے مطابق مدینہ روڈ اور کنگ عبداللہ روڈ والا انڈر پاس کے علاوہ کنگ فہد روڈ اور کنگ عبداللہ روڈ والا انڈر پاس بھی بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں موسلا دھار بارشیں : سیلابی صورتحال کا خدشہ

سینٹر نے تمام شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حادثات سے بچنے اور اپنی گاڑیوں کو نقصانات سے بچانے کے لیے مذکورہ بالا چاروں انڈر پاسز استعمال نہ کریں۔

سردی میں آگ جلانے کیلئے فصل کے پتے جمع کرنے پر کسان قتل

0

کوٹ ادو: سردی میں آگ جلانے کیلئے فصل کے پتےجمع کرنے پر کسان کو قتل کردیا گیا ، کھیت کے مالک سمیت 6ملزمان نے کسان پر چھری کے وار کرکے گولی مار دی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں سردی میں آگ جلانے کیلئے فصل کے پتےجمع کرنے پر کسان کو قتل کردیا۔

تھانہ قصبہ گجرات کے علاقےمیں کسان سوکھے پتے اکھٹے کر رہا تھا کہ کھیت کے مالک سمیت 6 ملزمان نے کسان پر تشدد کیا اور چھری کے وار کرکے گولی مار دی۔

ملزمان نے گنے کی فصل کے سوکھے پتے اٹھانے پر مخالف کسان کو قتل کیا تاہم گجرات پولیس کےموقع پر پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے۔

اسرائیل کا دمشق ائیرپورٹ پر میزائل حملہ، 2 اہلکار ہلاک

0

شام میں اسرائیلی فوج کے حملےمیں 2 شامی فوجی ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شامی فوج نے تصدیق کی ہےکہ اسرائیل کی جانب سے ملک کے ایک مرکزی بین الاقوامی ائیرپورٹ پر میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں 2 شامی فوجی ہلاک ہوئے۔

شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دمشق کے جس ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا وہ غیر فعال ہے، اس ائیرپورٹ اور اطراف میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب حملہ کیا گیا۔

شامی فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے جب کہ کچھ تنصیبات کو نقصان بھی پہنچا تاہم ائیرپورٹ غیر فعال ہونے کے باعث زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب شام میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں ائیرپورٹ اور اس کے قریب ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا، یہ اسلحہ ڈپو جنوبی دمشق کے قریب ہے جب کہ حملے میں مجموعی طور پر 4 افراد مارے گئے۔

نیویارک سٹی میں حملہ آور نے چُھرا مار کر کئی پولیس اہل کاروں کو زخمی کر دیا

0

نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں حملہ آور نے چُھرا مار کر کئی پولیس اہل کاروں کو زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی میں ٹائمز اسکوائر کے قریب پولیس پر چُھرے سے حملہ ہوا ہے، جس میں 3 پولیس اہل کار زخمی ہو گئے۔

نیویارک پولیس کے مطابق 19 سالہ نوجوان ٹریور بِکفورڈ نے گشت پر مامور پولیس اہل کاروں کے سروں پر چُھرے سے وار کیے، جوابی حملے میں نوجوان حملہ آور زخمی ہو گیا۔

2022 فلسطین کے لیے خوں آشام سال، اسرائیلی فوج نے ’ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کر دی

ایف بی آئی اور جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے اس حملے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔

نیویارک سٹی کے کمشنر کے مطابق حملہ رات 10 بجے کے بعد ٹائمز اسکوائر پر نئے سال کی رات کو سیکیورٹی زون کے باہر ہوا، اچانک ایک لڑکا آیا اور پولیس اہل کار کے سر میں چھرا مار دیا، اس کے بعد اس نے دو مزید اہل کاروں کو چھرا مارا، اس دوران ایک اہل کار نے اس کے کندھے پر گولی مار دی۔

سیاسی شکوے شکایتیں : اتحادی جماعتوں کا وفد آج ایم کیو ایم کو منانے آئے گا

0

کراچی : کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات پر ایم کیو ایم کے تحفظات پر حکومتی وفد آج کراچی پہنچ رہا ہے، وفد ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سے الگ الگ ملاقات کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی حیدرآباد میں حلقہ بندیوں میں تبدیلی کے بغیر بلدیاتی انتخابات کرانے پر ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی نے وفاقی حکومت میں کھلبلی مچادی۔

حکومتی وفد ایم کیوایم کو منانے آج کراچی پہنچ رہا ہے، وفد میں ایاز صادق، سعد رفیق سمیت دیگرقائدین ہوں گے ، وفد ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سے الگ الگ ملاقات کرے گا۔

حکومتی وفد ایم کیوایم کے بعد آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کرے گا، وفد ایم کیوایم کے تحفظات سے متعلق پیپلز پارٹی سے بات چیت کرےگا۔

گذشتہ روز ن لیگ کے رہنما ایاز صادق نے وفاقی وزیر امین الحق سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ ایم کیوایم اہم اتحادی ہے، ہم نے جو وعدےکیے وہ پورے کیے، پیپلز پارٹی سے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے اپنا کردار ادا کر یں گے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےجوملاقاتوں میں بات کی اس پرقائم ہیں، ایم کیوایم کےتحفظات سےمتعلق وزیراعظم سےبات کروں گا ، ایم کیوایم اپنا مؤقف رکھ چکی اب وفاق اور پیپلزپارٹی نے اپناکام کرنا ہے۔

2022 فلسطین کے لیے خوں آشام سال، اسرائیلی فوج نے ’ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کر دی

0

رام اللہ: دنیا بھر میں گزرے سال کو الوداع اور نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا، لیکن فلسطین ان چند ممالک میں سے ہے جن کے لیے گزرا سال ایک بھیانک خواب کی طرح مسلط رہا۔

2022 فلسطین کے لیے ایک خوں آشام سال ثابت ہوا، جب کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں میں نوجوانوں کا بے دردی سے قتل عام کر کے ’ولاد ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کر دی۔

ولاد ڈریکولا پندرھویں صدی کے وسط میں رومانیہ کا حکمران تھا، جس نے ہزاروں ترک اور بلغاروی شہریوں کا نہایت بے دردی سے خون بہایا، یہ اس کا خوں خوار کردار تھا جو بعد میں خون پینے والے افسانوی کردار ’ڈریکولا‘ میں بدل گیا۔

عرب نیوز کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کا بے دردی سے قتل کیا، اس بدترین سال میں بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہلاکتیں ہوئیں، نہ صرف یہ بلکہ اسرائیلی جارحیت میں بھی بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فلسطینی حکومت کے ترجمان ابراہیم میلہم نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’جس پیمانے پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو ہلاک کیا اس اعتبار سے 2022 بدترین سال تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ بارہ ماہ کے دوران مغربی کنارے اور غزہ میں 225 فلسطینی شہید ہوئے۔‘

گزشتہ برس اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے اور غزہ میں کم عمر لڑکوں کا بھی بے رحمی سے قتل کیا، میڈیا پر قتل کی چند خبروں نے دنیا بھر کی نگاہیں اپنی طرف مرکوز کرائیں، ان میں سب سے مشہور قتل الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کا تھا، اسرائیلی فورسز نے نابلس میں ایک مشہور نوجوان فلسطینی فٹبالر احمد دراغمہ کو بھی گولیاں مار کر شہید کیا۔

تاہم ابراہیم میلہم کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جدو جہد کے لیے عرب ممالک کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر جس طرح سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا ہے اس سے امید پیدا ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ انھیں فلسطینی عوام کے حقوق اور مطالبات کی سمجھ ہے۔

یروشلم میں فتح تحریک کے رہنما احمد غنیم کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں کی نئی نسل کا ابھرنا سال 2022 کی سب سے مثبت بات ہے۔

واضح رہے کہ سال 2022 کے آخری دن 31 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے سے متعلق رائے شماری ہوئی جس میں 87 ممالک نے فلسطین کے حق میں ووٹ ڈالا ہے۔

’امید ہے سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام پر آج کچھ فیصلہ ہوگا‘

0

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے امید ہے اس پر آج کچھ فیصلہ ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کیا گیا ہے جس پر سینیئر سیاستدان نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے امید ہے اس پر آج کچھ فیصلہ ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 87 ارب ترقیاتی کاموں پر اراکین کو، 2 ارب بلاول کے دوروں اور 2 ارب کمپنی کی مشہوری پر لگا دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اپنی دولت بیرون ملک بینکوں میں محفوظ ہے۔ 77 وزرا کے بحری بیڑے اور آئی ایم ایف کی شرائط صرف غریب کے لیے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ کپڑے بیچنے کا کہنے والا شہباز بھی اعتراف کر رہا ہے کہ شدید معاشی بحران ہے۔ اسحاق ڈار کو یہ بات سمجھ نہیں آ رہی۔ پی ڈی ایم کا عمران خان پر ہر ناکام حملہ ان کے گلے پڑ رہا ہے۔

سینیئر سیاستدان نے کہا کہ 15 جنوری کو ایم کیو ایم کا بھی پتہ چل جائےگا۔ مسائل کا حل صرف الیکشن ہیں ورنہ ڈیفالٹ دروازے پر ہے۔

 

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، جس میں گذشتہ اجلاس میں دی گئی تجاویز اور فیصلوں کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں عسکری اور سول حکام شریک ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا اور ساتھ ہی پاک افغان سرحدی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تین دن پہلے ہونے والے این ایس سی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دی گئی تجاویز اور فیصلوں کی حتمی منظوری دی جائے گی جبکہ وزارتیں اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔

ملک میں کرونا وائرس کے مزید 12 کیسز رپورٹ

0

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 12 رہی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 636 ہوگئی۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 75 ہزار 818 ہوگئی۔

ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 62 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 91 لاکھ 86 ہزار 153 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.39 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 11 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔