جمعرات, جولائی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9650

لاہور میں ساتھ جانے سے انکار پر خواجہ سرا پر فائرنگ

0

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نامعلوم شخص نے خواجہ سرا کو ساتھ جانے سے انکار پر فائرنگ کر کے زخمی کردیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے خواجہ سرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم، خواجہ سرا روزی کو ساتھ لے کر جانا چاہتا تھا، لیکن روزی کے انکار پر اس نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق روزی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، فائرنگ کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں ایک خواجہ سرا پر تیزاب بھی پھینکا گیا تھا، پولیس نے تیزاب پھینکنے والے ملزم حمزہ سلیم کو گرفتار کرلیا تھا۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کل ہوگا، اہم کھلاڑی کی واپسی کا امکان

0

نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے ہوم سیریز کیلئے پاکستان اسکواڈ کا اعلان کل کیا جائےگا۔

ون ڈے سیریز کے لیے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا تھا تاہم حتمی 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کل شاہد آفریدی کراچی میں کرینگے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں میں حارث سہیل، فخرزمان بھی شامل کیے جا چکے ہیں، اس کے علاوہ شرجیل خان کی ون ڈے اسکواڈ میں 5 سال بعد واپسی کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 9، 11 اور 13 جنوری کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔

شہباز حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں : غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے منہ موڑنے لگے

0

اسلام آباد : موجودہ حکومت کے 8 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے منہ موڑنے لگے ہیں ، گزشتہ 8 ماہ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کا گراف نیچے کی طرف ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 43 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 88 کروڑ ڈالر تھی۔

جس کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 51 فیصد کمی ہوئی اور سرمایہ کار حکومت کی آئے دن تبدیلی پالیسیز سے پریشان رہے۔

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر یقینی سیاسی صورت حال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچایا اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کے رجحانات اور ضروریات سے آگاہی کا فقدان بھی ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیز میں تسلسل نہیں ہے اور حکومت نے ایل سیز پر پابندی عائد کرکے صنعتوں کو تباہی کے دہانی پر پہنچادیا ہے اسی لیے مزید سرمایہ کار پاکستان آنے سے گھبرا رہے ہیں۔

سرکاری کالج کے سیکیورٹی گارڈ سے رائفل چل گئی، طالب علم کا جسم چھلنی ہو گیا

0

کراچی: شہر قائد کے گورنمنٹ نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ سے رائفل چل گئی، گولی سے طالب علم کا جسم چھلنی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ نیشنل کالج کراچی کے سیکیورٹی گارڈ کی مجرمانہ غفلت سے ایک طالب علم شدید زخمی ہو گیا ہے، رائفل سے کھیلتے کھیلتے سیکیورٹی گارڈ نے گولی چلا دی تھی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری ایس ایچ او نیو ٹاؤن کے ہمراہ کالج پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علم ابوذر کے جسم پر متعدد جگہ چھرے لگے ہیں، تاہم معجزانہ طور پر طالب علم کا چہرہ اور آنکھیں محفوظ رہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق رائفل کے چھرے لگنے سے طالب علم ابوذر کا پورا ہاتھ چھلنی ہو گیا ہے، نیو ٹاؤن پولیس نے فرار ہونے والے سیکیورٹی گارڈ سجاد کو گرفتار کر لیا ہے، واقعہ مجرمانہ غفلت کے باعث پیش آیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار سیکیورٹی گارڈ سے 12 بور رائفل اور 1 چلا ہوا 2 بغیر چلے کارتوس برآمد ہوئے۔

ایس ایچ او نیو ٹاؤن سعود نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم رائفل سے کھیل رہا تھا، رائفل اچانک چل جانے سے چھرے طالب علم کے بازو اور جسم کے دیگر حصوں پر جا لگے۔

ایس ایچ او کے مطابق کارتوس میں موجود 20 سے زائد چھرے طالب علم کے بائیں بازو پر اور 15 سے زائد چھرے بائیں طرف پیٹ پر لگے۔

پولیس حکام کے مطابق معجزانہ طور پر طالب علم کسی بڑے خطرے سے محفوظ رہا، دوسری طرف سیکیورٹی گارڈ کو مزید کارروائی کے لیے تفتیشی افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او عہدے سے فارغ

0

پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی مینجمنٹ  نے ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او نجیب صادق کو عہدے سے ہٹادیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نجیب صادق کی برطرفی کا نوٹفکیشن جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اب تک کئی عہدے دار کو فارغ کیا ہے۔

 اس سے قبل مینجمنٹ کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) میں زیادہ تنخواہ لینے والے افسران کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کراچی میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 600 روپے تک پہنچ گئی

0

کراچی : شہر قائد میں مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی اور قیمت چھے سو روپے فی کلو پر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق سردی کےموسم میں شہریوں کے لیے چکن کھانا بھی محال ہوگیا، پولٹری فارمرز نے فیڈ کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر مرغی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا۔

مرغی کی فی کلو قیمت میں 100 روپے اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد فی کلو مرغی کی قیمت 500 سے بڑھ کر 600 روپے تک پہنچ گئی۔

زندہ مرغی 4 سوروپے کلو گرام تک فروخت کی جارہی ہے، گزشتہ 2 روز کے دوران 100 روپے فی کلو کا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ ایک ماہ کے دوران مرغی کی فی کلو قیمت میں 2 سو روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کھائیں یا جیب دیکھیں، بجلی مہنگی،پیٹرول مہنگا ،گیس غائب اب مرغی اور گائے کے گوشت کی قیمت میں زیادہ فرق نہیں رہا۔

دوسری جانب دکانداروں نے ملبہ پولٹری فارمرز پر گرادیا اور کہا پولٹری فارم سے ہی مہنگی آرہی ہے۔ جبکہ فارمرز کا کہنا ہے کہ فیڈ مہنگی ہو گئی ہے جس سے مرغی کا ریٹ بڑھایا ہے۔

عمران خان قاتلانہ حملہ کیس : جے آئی ٹی جلد تحقیقاتی اور فرانزک رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گی

0

لاہور : مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمرسرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر حملے کیس جے آئی ٹی جلد اپنی تحقیقات اورفرانزک رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے جےآئی ٹی کے معاملے پر مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جےآئی ٹی جلداپنی تحقیقات اورفرانزک رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گی، اب تک تحقیقات سے متعلق چند روز پہلے خود میڈیا کو مطلع کر چکا ہوں۔

عمرسرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ رپورٹوں کے مطابق عمران خان اور مارچ شرکا پر 3حملہ آوروں نےمختلف اطراف سے فائر کئے، فرانزک رپورٹ میں عمران خان کے سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ کلیئر ہے۔

انھوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کو میڈیا کی بجائے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو نا چاہیے۔

کراچی سے جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے تاخیر کا شکار

0
کراچی ایئرپورٹ امیگریشن

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے سعودی شہر جدہ جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود روانہ نہ ہوسکی، پرواز فنی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 731 میں فنی خرابی تاحال دور نہ ہوسکی۔

جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انجینیئر طیارے میں فنی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرواز کو دوپہر 1 بجے روانہ کردیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر مسافروں کو ناشتہ فراہم کیا جارہا ہے۔

انوکھی اڑان، مسافر طیارے کی حال سے ماضی میں پرواز

0

دنیا میں لوگ ماضی سے مستقبل میں داخل ہوتے ہیں لیکن ایک طیارے نے ایسی انوکھی اڑان بھری کہ وہ اڑا 2023 میں اور جا پہنچا سال 2022 میں۔

دنیا نے جب سے ترقی کی منازل طے کرنا شروع کی ہیں۔ تب سے ہی ٹائم ٹریول اور ماضی میں سفر موضوع بحث رہا ہے جس کا اب تک کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا ہے لیکن ایک امریکی مسافر طیارے نے حال میں اڑان بھر کر ماضی میں جانے کے بعد ’’ٹائم ٹریول‘‘ کے اس مفروضے کو تقویت ضرور بخشی ہے۔

یہ کارنامہ انجام دینے والا طیارہ یونائیٹیڈ ایئر لائنز کا بوئنگ مسافر بردار طیارہ 777-300 ہے جس نے نیا سال شروع ہونے پر جنوبی کوریا سے سال 2023 میں اڑان بھری تاہم جب وہ اپنی منزل امریکا پہنچا تو وہاں سال 2022 میں اس کا استقبال کیا گیا۔

اس امریکی مسافر طیارے نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے یکم جنوری 2023 کو دوپہر 12 بج کر 29 منٹ پر اُڑان بھری اور امریکا کے شہر سان فرانسیسکو میں 31 دسمبر 2022 کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر لینڈ ہوگیا۔

 

اس پرواز کے بعد کہا جا سکتا ہے کہ اس مسافر طیارے پر سوار مسافروں نے تکنیکی طور پر اپنے ماضی میں سفر کیا۔

واضح رہے کہ دنیا میں مختلف خطّوں کا ٹائم زون مختلف ہے۔ اسی ٹائم زون کے تحت جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیئول، امریکی شہر سان فرانسیسکو سے 17 گھنٹے آگے ہے۔

ایک سال کے دوران کتنے مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا؟

0

کوئٹہ: سال 2022 کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ نے 6 ہزار 624 کیسز کا فیصلہ سنایا، سال بھر کے دوران ہائیکورٹ میں 6 ہزار 988 نئے کیسز دائر ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ نے سنہ 2022 کے دوران کیسز سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے، سال 2022 کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ نے 6 ہزار 624 کیسز کا فیصلہ سنایا۔

سال 2022 کے شروع میں زیر سماعت مقدمات کی تعداد 4 ہزار 108 تھی، سال بھر کے دوران 6 ہزار 988 نئے کیسز دائر ہوئے۔ اس وقت مجموعی طور پر 4 ہزار 472 کیسز زیر التوا ہیں۔

بلوچستان ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ سال کے شروع میں بلوچستان کی ماتحت عدالتوں میں 15 ہزار 675 کیسز زیر التوا تھے، سال بھر کے دوران ماتحت عدالتوں میں 56 ہزار 47 نئے مقدمات دائر ہوئے۔

سال بھر کے دوران ماتحت عدالتوں نے 55 ہزار 702 مقدمات کا فیصلہ سنایا جس کے بعد اب زیر التوا کیسز کی تعداد 16 ہزار 20 ہے۔