پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9656

امریکی صدر کا اپنی ہی خفیہ ایجنسی پر عدم اعتماد

0

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی ہی سیکریٹ سروس پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے اور اسے ٹرمپ کا حمایتی قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کا امریکی سیکریٹ سروس پر سے اعتماد ختم ہوگیا ہے اور انہوں نے اسے سابق صدر اور اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کا حمایتی قرار دے دیا ہے جب کہ کیپٹل ہل حملے میں بھی سیکریٹ سروس کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان سائیڈ جو بائیڈنز وائٹ ہاؤس نامی کتاب میں صدر سے متعلق انکشافات میں کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن سمجھتے ہیں سیکرٹ سروس نا اہل اور سیاسی ہوچکی ہے۔ کیپٹل ہل حملے میں سیکرٹ سروس نے کئی پیغامات ضائع کیے تھے۔

مزید پڑھیں: تارکین وطن کے خلاف ٹرمپ کی پالیسی کے حق میں عدالتی فیصلہ، بائیڈن انتظامیہ کو دھچکا

اس حوالے سے ریپبلکن رہنما ساجد تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بائیڈن کا ایسا کہنا افسوسناک ہے جب کہ ڈیموکریٹ رہنما آصف قدیر کہتے ہیں کہ وائٹ ہاؤس میں سابقہ صدر کے حمایتی مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

"الیکشن کمیشن کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ چند گھنٹے میں پولنگ کرا دے”

0

اسلام آباد: وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس کونسی جادو کی چھڑی ہے کہ چند گھنٹے میں الیکشن کرا دے؟

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی ہے، جس میں الیکشن کے التوا سے متعلق تمام باتوں کو واضح کیا ہے، امید ہے کہ ہماری درخواست کو قابل قبول سمجھا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کونسی جادو کی چھڑی ہے کہ چند گھنٹے میں الیکشن کرا دے؟۔

پی ٹی آئی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جعلی صادق اور امین پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کیوں نہیں کراتا؟ مسٹر فراڈیا دھاندلی زدہ الیکشن چاہتا ہے، اب یہ سہولت اب ختم ہو چکی۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ سے خوفزدہ حکومت عوام اورآئین کا مذاق اڑا رہی ہے، فواد چوہدری

چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن اپریل دو ہزار بیس میں ہونےتھے،عمران خان کیوں دو سال تک بھاگتارہا، دو سال تک بلدیاتی الیکشن نہ کرانے والا چند گھنٹے میں الیکشن کرانا چاہتا ہے، اب بلدیاتی الیکشن قانون کے مطابق ہونگے۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مسترد شدہ پروپیگنڈا گروپ صرف پروپیگنڈا کررہاہے، انہوں نے معیشت پرسیاست کی، الیکشن کو سیاست کا نشانہ بنایا اور اب قومی مفاد پرسیاست کررہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں واپسی کیلیے ہاں کر دی

0

ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی کے لیے ہاں کردی ہے اور کہا ہے کہ آج سب کا ملنا قومی ضرورت بن گیا ہے۔

ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی اور تمام دھڑوں کو یکجا کرنے کے معاملے پر سینیئر سیاستدان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کی جس میں انہوں نے ایم کیو ایم میں واپسی پر ہاں کردی ہے اور کہا ہے کہ آج سب کا ملنا قومی ضرورت بن گیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں نے خود کو کبھی ایم کیو ایم سے الگ نہیں سمجھا اسی لیے آج تک کوئی نئی جماعت نہیں بنائی۔ میرا اوڑھنا بچھونا ایم کیو ایم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال سے میں ایم کیو ایم کے تمام بکھرے لوگوں کو یکجا کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن میرے کہنے سے کوئی یکجا نہیں ہو رہا تھا۔ اب اب لوگوں کو سمجھ آگیا ہے کہ کراچی کو نظر انداز کیا تو داستاں نہ ہوگی داستانوں میں۔ لوگوں میں ایک ایسا لاوا پک رہا ہے جو پھٹا تو کراچی ہاتھ سے گیا اور اگر کراچی ہاتھ سے گیا تو پھر سب کچھ چلا جائے گا۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ جوڑنے والے بھی دیوار پر لکھا پڑھ چکے ہیں۔ یہ آخری ٹرین ہے جو اسٹیشن پر لگی ہے۔ اس فارمولے کی ناکامی کا آپشن ہے ہی نہیں، اس کو کامیاب ہی ہونا ہے۔

سینیئر سیاستدان نے نوید دی کہ جوڑنے والا تحفہ نئے سال میں ملے گا، تاریخ کوئی بھی ہوسکتی ہے۔ ہمیں اب آنے والے الیکشن کی تیاری کرنی ہے۔ ہمیں عوام سے دوبارہ سلسلہ جوڑ کر اپنی غلطیوں کی معافی مانگنا ہوگی اور اگلے 10 سال کی نوجوان قیادت تیار کر کے اس شہر اور صوبے کو دینا ہوگی۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ ماضی کے الیکشن میں بائیکاٹ کے اثر کو نظر انداز نہیں کرسکتا۔ بائیکاٹ کی کامیابی کا 50 فیصد قصور ہمارا ہے کہ ہم تقسیم اور منتشر ہوئے۔ ہماری اس تقسیم اور انتشار کو ہوا بھی دی گئی۔ کاش ہمیں تقسیم کرنے کی غلطی سسٹم پیچھے سے نہ کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملانے سے عوام اور مہاجروں میں غلط تاثر گیا۔ جب ایم کیو ایم پی پی اتحاد ہوا اسی دن دعا پڑھ لی تھی۔

 فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس شہر کو نہ کے فور منصوبہ دیا اور نہ ہی فنڈز دیے۔ شہریوں کو سرکلر ٹرین ملی اور نہ ہی 65 کروڑ اضافی پانی۔ اس شہر کو نکاسی آب اور کچرا اٹھانے کے جدید نظام سے محروم رکھا گیا۔ 4 ہزار ارب کا ٹیکس دینے والوں کو 400 ارب سالانہ ملیں کیا یہ انصاف ہے؟

اے آر وائی کے نمائندے نے سوال کیا کہ کیا بانی متحدہ کو سیاست کی اجازت ہونی چاہیے؟ جس پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر مہاجروں میں سے کوئی اداروں یا ملک کے خلاف بات کرے تو فوری غداری کا سرٹیفکیٹ مل جاتا ہے۔ نواز شریف نے اداروں کے خلاف کیا کچھ نہیں کہا۔ وہ مودی کو پرائیوٹ بلائیں تو کچھ نہ کہا جائے۔ عمران خان غدار، جانور اور نیوٹرل کہے تو اس بنیاد پر کوئی کارروائی ہوتی ہوئی نظر نہ آئے۔ اس حوالے سے مہاجروں میں احساس محرومی ہے اور یہ  فرق ختم کرکے ایک جیسا سلوک رکھنا ہوگا۔

فاروق ستار نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہمارے ملک کا عدالتی نظام جیسا بھی ہو، غداری کا فیصلہ سپریم کورٹ نے ہی کرنا ہے۔ جب تک سپریم کورٹ کسی کو غدار قرار نہ دے میں کسی کو غدار نہیں سمجھتا۔

دریں اثنا گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی دعوت پر آج شام 5 بجے پی آئی بی میں ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائشگاہ جائیں گے جہاں ان کی ڈاکٹر فاروق ستار سے اہم امور پر گفتگو ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں فاروق ستار اور موجود تمام ارکان کو ایم کیو ایم دھڑوں کو متحد کرنے کے معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔ ملاقات کے بعد گورنر سندھ اور فاروق ستار مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے 100 سے زائد ملازمین نوکریوں سے برطرف

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ادارے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 100 سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر دیا، برطرف ملازمین میں سب انجینیئر، کلرک اور آفس انچارج بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 100 سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر دیا، ایم ڈی اے نے محکمہ انجینیئرنگ، پبلک ہاؤسنگ اور لینڈ ڈپارٹمنٹ انکروچمنٹ سیل کے ملازمین کو نکالا۔

برطرف ملازمین میں سب انجینیئر، کلرک اور آفس انچارج بھی شامل ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی راجہ عبدالرزاق بلوچ کا کہنا تھا کہ ملازمین کو بے روزگار کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے بھی شکایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے سامنے بھی احتجاج کروں گا، اس مہنگائی کے دور میں بے روزگار کرنا بڑا ظلم ہے۔

الیکشن کمیشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر اعتراض عائد

0

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق آج (ہفتہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کرانےکا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے آج اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر دیا ہے۔ یہ اعتراض کچھ دستاویزات کم ہونے کے باعث کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں آج بلدیاتی الیکشن کرانے کا عدالتی فیصلہ چیلنج

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم رجسٹرار آفس اعتراضات دور کر رہی ہے۔

ووٹ سے خوفزدہ حکومت عوام اورآئین کا مذاق اڑا رہی ہے، فواد چوہدری

0
فواد

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب عدالت اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرائے اور ذمے داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود انتخابات روک دئیے گئے ہیں، اسلام آباد میں ووٹر پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑے ہیں مگر ووٹ سے خوفزدہ حکومت الیکشن کمشنر کیساتھ ملکرعوام اورآئین کا مذاق اڑا رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان عدالت اپنے فیصلے پرعملدرآمد کروائے اور توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد ہائیکورٹ کے وفاقی دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکمنامے پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہوا اور ووٹنگ کے انتظامات نہ کرسکا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانے میں ناکام، ووٹنگ کے انتظامات نہ کرسکا

عدالتی فیصلے کے بعد آج انتخابات کی امید لیے ووٹر پولنگ اسٹیشن پہنچے لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب وہاں انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے کوئی انتظامات نظر نہیں آئے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کی 101 یونین کونسلز میں ہفتہ 31 دسمبر کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالتی حکمنامے کا تفصیلی تحریری فیصلہ بھی آج جاری کردیا گیا ہے۔

ڈاکوؤں کی گرلز اسکول میں دوران تدریس لوٹ مار، ویڈیو اے آر وائی نیوز پر

0

ڈاکوؤں نے درس گاہوں کو بھی نہ بخشا اور کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں ایک گرلز اسکول کو تدریس کے اوقات کے دوران لوٹ لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں عملاً ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے اور ان کے حوصلے بلند اور ضمیر اتنے پست ہوچکے ہیں کہ اب کوئی درس گاہ بھی ان کی دست برد سے محفوظ نہیں رہی ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں ڈاکو دندناتے ہوئے تدریس کے اوقات میں ایک اسکول میں داخل ہوئے۔ بے حس ڈاکو اساتذہ اور طالبات کو لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان نے کلاسوں میں اساتذہ اور طلبہ دونوں کے بیگز اور جیبوں کی تلاشی لی اور 20 مہنگے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور نقدی لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے۔

بے خوف ڈاکوؤں نے اسکول کے ہر آفس اور کلاس میں موجود عملے اور طالب علموں سے لوٹ مار کی۔

پی ٹی آئی کو صدمہ، اہم رہنما انتقال کرگئے

0

جام پور: پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سردارجعفرخان لغاری انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سردارجعفرخان لغاری کا انتقال دل کا دورہ پڑنےسےہوا وہ طویل عرصے سے کینسرمیں بھی مبتلاتھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جعفر خان لغاری کی نمازہ جنازہ گلبرگ لاہور میں ادا کی جائےگی۔

سردار جعفر خان لغاری جام پور کے حلقہ این اے 193 کے ایم این اے تھے۔

سردار جعفر خان لغاری کا شمار سینیئر ترین ارکان قومی اسمبلی میں ہوتا تھا، سال 2002 میں وہ حلقہ این اے 174 راجن پور ون سے قومی اتحاد کے امیدوار کے طور پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کے شوہر انتقال کرگئے

سال 2008 میں بھی حلقہ این اے 174 (راجن پور) سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار کے طور پر دوبارہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے، انہوں نے سردار نصراللہ خان دریشک کو شکست دی تھی۔

سال 2013 کے عام انتخابات میں حلقہ NA-174 (راجن پور-I) سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر دوبارہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے، بعد ازاں 2018 میں نون لیگ کو خیر باد کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

کراچی میں سردی کی لہر

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسم سرد ہے، سردی کی لہر آئندہ چند روز تک مزید برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شمال مشرقی سمت سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں، سردی کی لہر آئندہ چند روز تک مزید برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے

غروب آفتاب آج 5 بج کر 54 منٹ تک ہوگا۔

کیا اواتار 2 ہالی وڈ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہوگی؟

0

ہالی وڈ کو ٹائی ٹینک اور اواتار جیسی کامیاب فلمیں دینے والے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے اپنی نئی فلم سے متعلق کیا کہا؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی وڈ میں آج کل اواتار دی وے آف واٹر کا چرچہ ہے، جسے جیمز کیمرون نے ڈائریکٹ کیا، فلم 14 روز کے دوران ایک ارب ڈالرز یعنی 2 کھرب پاکستانی روپے سے زائد کمانے میں کامیاب ہوچکی ہے، اسی کے ساتھ ہی وہ ٹاپ گن میورک اور جراسک ورلڈ 3 کے بعد رواں سال ایک ارب ڈالرز کا بزنس کرنے والی تیسری فلم بن گئی۔

چودہ روز میں 1 کھرب ڈالرز کا بزنس کرنے کے باوجود جیمز کیمرون کا کہنا ہے کہ ایک ارب ڈالرز کا بزنس بھی اواتار دی وے آف واٹر کو سپرہٹ ثابت نہیں کرتا۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ جب جیمز کیمرون سے پوچھا گیا کہ کتنے بزنس کے بعد اواتار 2 سے مالی نقصان نہیں ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ اسے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی تیسری یا چوتھی فلم ہونا چاہیے، جس کے بعد ہم کہہ سکیں گے کہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: جیمز کیمرون کا اواتار سیریز کو 3 فلموں کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ

تجزیہ کاروں کے مطابق کامیاب بزنس کرنے کے لئے اواتار 2 کو اسٹار وارز دی فورس اویکن یا ایوینجرز انفٹنی وار کو پیچھے چھوڑنا ہوگا جو کہ ناممکن محسوس ہوتا ہے،البتہ جیمز کیمرون کی یہ فلم ٹاپ گن میورک کو پیچھے چھوڑ کر دو ہزار بائیس میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ضرور بن سکتی ہے۔

یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم اواتار نے 2.97 ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

خیال رہے کہ اواتار 2 کو دنیا بھر میں 16 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔