ہفتہ, جون 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9670

کے الیکٹرک صارفین کے لیے ایک ساتھ بجلی سستی اور مہنگی ہونے کا امکان

0
کے الیکٹرک

اسلام آباد: کراچی کے صارفین کے لیے بجلی ایک ساتھ سستی اور مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے ایک ماہ کے لیے فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 4 پیسے کمی کی درخواست کی ہے، دوسری طرف وفاقی حکومت نے بھی کراچی کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

کے الیکٹرک نے نومبر کے ایف سی اے کی مد میں نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ادھر نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر میں بجلی 20 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت آج ہوگی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نومبر میں ہائیڈل سے 29 فی صد، کوئلے سے 12 فی صد بجلی پیدا کی گئی، نومبر میں آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 12.09 فی صد رہی، جوہری ایندھن سے 27.94 فی صد، گیس سے 14.21 فی صد پیداوار رہی۔

امریکا میں اسلامو فوبیا پر گورنر نیو جرسی کا سخت ردعمل

0

امریکی ریاست نیو جرسی میں اسلامو فوبیا کے واقعات پر گورنر مرفی نے سخت ردعمل دیا اور مسلم کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مسجد کا دورہ کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی میں اسلامو فوبیا کے واقعات پر گورنر فِل مرفی نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور مسلم کمیونٹی کو یقین دلایا ہے کہ ریاست میں اسلامو فوبیا کی کوئی گنجائش نہیں۔

گورنر مرفی نے مسلم کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مسجد کا دورہ کیا اور مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات بھی کی۔

امریکی میڈیا کہ مطابق نیو جرسی میں مساجد کے باہر مسلم کمیونٹی کو ہراساں کرنے کیلیے ٹرک پر ویڈیوز چلائی گئی تھیں۔ بھارت میں 26 نومبر کے واقعات کو بنیاد بنا کراسلامو فوبیا کی مہم چلائی گئی تھی، جس پر مسلم کمیونٹی نے سخت ردعمل کا اظہارکیا تھا۔

افغانستان سے خیبر منشیات اسمگل کرنے والے افغان پکڑے گئے

0

کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے افغانستان سے خیبر منشیات اسمگل کرنے والے افغان باشندے پکڑ لیے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان اے این ایف نے بتایا ہے کہ منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران افغانستان سے خیبر منشیات اسمگلنگ کی ایک کوشش بھی ناکام بنا دی گئی ہے۔

تورخم بارڈر سے 3 افغان باشندے خیبر آ رہے تھے جنھیں گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کے قبضے سے 36 کلو 500 گرام آئس، 7 کلو ہیروئن، اور 8 کلو 580 گرام دیگر مشکوک مواد برآمد کیا گیا۔

دوسری طرف اے این ایف نے کراچی کے ایک نجی کوریئر آفس میں 2 مختلف کارروائیوں میں لندن بھیجے جانے والے پارسل سے 230 گرام مشکوک مواد برآمد کر لیا۔

ایک پارسل دبئی بھیجا جا رہا تھا جس سے 10 گرام آئس برآمد ہوئی، ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کی معاشی صورتحال پر جلد بڑا فیصلہ ہونے والا ہے، شبر زیدی

0

سابق چیئرمین ایف بی آر اور ماہر معاشیات شبر زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں معاشی حوالے سے بڑا فیصلہ ہونے والا ہے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر نے یہ دعویٰ اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی جو اس وقت صورتحال ہے اس میں موجودہ حکومت یہ ہفتہ نہیں گزار سکتی۔ جمعہ تک ملک کے معاشی صورتحال سے متعلق بڑا فیصلہ ہوگا۔ حفیظ شیخ اور رضا باقر سے ملاقات ہوئی ہے دونوں کراچی میں ہیں۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط مارچ کے قریب ملے گی اور مجھے مارچ میں نگراں حکومت نظر آ رہی ہے۔ آئی ایم ایف مارچ میں موجودہ حکومت سے بات نہیں کرے گا وہ سمجھتا ہے کہ مارچ میں سے نگراں حکومت سے بات کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ خطرناک ڈیڈ لاک کیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمجھتے تھے کہ جگاڑ کرکے ڈالرکو نیچے لے آئیں گے لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔ اسحاق ڈالر کی غلطی کی وجہ سے اس وقت ڈالر کے دو ریٹ ہیں جس سے تباہی ہو رہی ہے۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ ریٹ میں 25 روپے کا فرق ہے۔ حوالہ ہو رہا ہے اور برآمدات کا بیڑا غرق ہو چکا ہے۔

اداروں کا سیاست سے لاتعلقی کا اعلان شہید بینظیر بھٹو کے خواب کی تعبیر ہے، زرداری

0

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اداروں کا سیاست سے لا تعلقی کا اعلان شہید بینظیر بھٹو کے خواب کی تعبیر ہے۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی آج 15 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سابق صدر اور شہید بینظیر کے شوہر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں ان کی ملک اور جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے آمروں کی بہادری سے مزاحمت کی تھی۔ جمہوریت کا تسلسل ان کا خوبصورت خواب تھا اور آج اداروں کا سیاست سے لاتعلقی کا اعلان ان کے اس خواب کی تعبیر ہے۔ آئین پر عمل سے جمہوریت کو استحکام ملے گا اور ملک کی شاندار ساکھ قائم ہوگی۔

سابق صدر نے کہا کہ سیاست میں بینظیر بھٹو نے میری رہنما کی اور ان کی فلاسفی اب بھی میری رہنمائی کر رہی ہے۔ میں شہید بینظیر کے مشن کے حوالے سے نیند میں بھی غفلت نہیں کرسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بے نظیر بھٹو جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ میں نے محترمہ شہید کے اس خواب کی تکمیل کر دی ہے۔ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور ملک مضبوط اور پائیدار جمہوریت کے راستے پر گامزن ہوگا۔

’بے نظیر بھٹو جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں‘

0

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی پر اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ہم ہر روز یاد کرتے ہیں۔ ان کے فکر اور وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ وہ اپنے دور سے بہت بہت آگے کا ادراک رکھنے والی رہنما تھیں اور ان جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیشہ نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا۔ وہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار اور پسماندہ طبقات و اقلیتوں کے حقوق کی محافظ تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا تدبر اور فلسفہ مفاہمت دنیا کی مشترکہ میراث ہے۔ دختر مشرق کی یہ میراث ملکی اور عالمی سیاسی مشکلات سے متعلق قابل عمل لائحہ عمل بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو خواتین کی ترقی اور خودمختاری کی عملی جدوجہد کی علمبردار، شہری آزادیوں کی وکیل، وفاقی اکائیوں میں ہم آہنگی اور اتحادکی داعی ہونے کے ساتھ وفاق کی مضبوط علامت تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بینظیر بھٹو کے نظریے کی کامیابی ہے کہ آج جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں اور ارض وطن کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بینظیر بھٹو کی سوچ وفلسفہ پر کاربند رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی، ملک سے غربت، بھوک اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی آج، ملک بھر سے قافلوں کی آمد جاری

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ہم ملک میں روادری، مساوات اور بھائی چارے پر قائم معاشرہ تشکیل دینے کیلیے پُرعزم ہیں اور پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل اور ایک مضبوط جمہوری وفاقی ملک بنا کر دم لیں گے۔ ہم پارلیمان اور جمہوریت کو مضبوط بنا کر سماجی و معاشی انصاف کو یقینی بنائیں گے۔

بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی آج، ملک بھر سے قافلوں کی آمد جاری

0

سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے گڑھی خدا بخش بھٹو میں برسی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے. برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، صنم بھٹو اور خاندان کی دیگر شخصیات نوڈیرو پہنچ چکی ہیں۔

برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ سمیت دیگر پارٹی رہنما گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ گئے ہیں جب کہ ملک بھر سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

شہید بینظیر کی برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔ 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار گڑھی خدا بخش بھٹو اور نوڈیرو میں تعینات ہیں جن میں کمانڈوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی اقدامات کے تحت شہدا کے مزار کے اندر اور باہر واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔

دختر مشرق اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو اس وقت شہید کردیا گیا تھا جب وہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کے بعد جلسہ گاہ سے واپس جا رہی تھیں۔

پنجاب میں شدید دھند : پروازیں منسوخ، حد نگاہ صفر ہوگئی

0
پنجاب دھند

فیصل آباد / لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں گہری دھند نے ڈیرے ڈال لیے، کاروبار زندگی شدید متاثر ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔

اس حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث ایئر لائنز پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، فیصل آباد میں حد نگاہ 700میٹرتک ہونے پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن منسوخ کردیا گیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی اور شارجہ جانے والی نجی ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ نجی ایئرلائن کی پرواز ایف زیڈ391 واپس دبئی بھیجنا پڑی۔

اس کے علاوہ دبئی سے آنے والی پرواز ایف زیڈ 371اسلام آباد کی طرف اور شارجہ سے آنے والی پرواز جی نائن 562لاہور ایئر پورٹ روانہ کردی گئی۔

دھند سے نہ صرف فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہورہا ہے بلکہ زمینی سفر بھی ناممکن ہوگیا ہے، اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند اور ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے، سڑک کے سفر کے دوران ڈرائیورز آگے اور پیچھےفوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔

موٹروے ایم فور ،ملتان، خانیوال، مخدوم پور، عبدالحکیم سیکشن بند کردی گئی ہے، اس کے علاوہ احمد پور شرقیہ، جہانیاں شہر اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی۔

سرد موسم میں مچھلی جھینگے کا استعمال کتنا ضروری ہے؟

0

کراچی : موسم سرما میں مچھلی کا استعمال انسانی صحت کیلئے کسی خزانے سے کم نہیں، اس موسم میں کم از کم ہفتے میں ایک بار گھر میں مچھلی ضرور پکانی چاہیے۔

سردی کے موسم میں مچھلی اور جھینگے کھانے کے بے شمار طبی فوائد ہیں، ہمیں چاہئے کہ قدرت کی اس نعمت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو اپنے پھیپڑوں کو مضبوط بنانے کے لیے مچھلی کا استعمال کرنا ضروری ہے۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ممتاز ہربلسٹ نے حکیم شاہ نذیر نے مچھلی اور جھینگے کے فوائد پر روشنی ڈالی اور صحت کی بہتری کے لیے مفید مشورے بھی دیئے۔

انہوں نے بتایا کہ مچھلی میں فاسفورس اور کیلشیم وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، اس کے علاوہ مچھلی بہت سے منرلز کا بھی بہترین ذریعہ ہے، ان منرلز میں پوٹاشیم، زنک، آئرن، میگنیشیم اور آئیوڈین شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ مچھلی میں اومیگا تھری اور اومیگا سکس فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ایک چکنائی ہے جو تمام خلیوں کی جھلیوں میں پائی جاتی ہے۔

حکیم شاہ نذیر نے کہا کہ مچھلی کو کھانے سے نہ صرف جسم کو حرارت ملتی ہے بلکہ اس کے بے حد قدرتی غذائی اجزاء جسم کو بے تحاشا بیماریوں سے لڑںے کی کی طاقت بھی فراہم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرد موسم میں رہو مچھلی، بام مچھلی، ٹرائوٹ مچھلی، سنگھاڑا مچھلی، گلفاف مچھلی، تھیلہ مچھلی، سلور اور مشاہیر مچھلی قابل ذکر ہیں، سب سے طاقتور مچھلی پلہ ہے جو دریائے سندھ میں پائی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس موسم میں جھینگے بھی بے حد مفید ہیں لیکن اس میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، لہٰذا مریضوں کو جھینگا کھلانے کیلیے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ لینا بہت ضروری ہے

جھینگے اپنی لذت اور غذائیت کی بنا پر بہت پسند کیے جاتے ہیں، ان کے بہت سے طبی فوائد بھی ہیں مچھلی کی طرح ان میں بھی اومیگا تھری موجود ہوتا ہے جو دل کو صحت مند رکھتا ہے اور قلبی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ ان میں سلینیم کی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ کینسر سیلز بننے سے روکتی ہے۔

کراچی ٹیسٹ، سامعہ حسن نے تصویر شیئر کردی

0

شہر قائد میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف گر کر سنبھل گئی، کپتان بابر اعظم اور سرفراز احمد نے شاندار اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑیوں کی اننگز کو اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے خوب داد دی۔

میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ سامعہ حسن علی بھی موجود ہیں، سامعہ  نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر جسے میں انہیں کسی عزیز کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں‌ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ۔‘

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Samiya Hassan Ali (@samyahkhan1604)

انہوں نے چند گھنٹوں قبل یہ تصویر شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر اپنی رائے کا اظہار بھی کررہے ہیں۔

قومی کرکٹر کی اہلیہ سوشل میڈیا پر اکثر و بیشتر میدان سے تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں کھیلے جارہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی چار وکٹیں 110 رنز پر گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور سرفراز احمد نے 196 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کرکے قومی ٹیم کو 317 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کردیا، پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے ہیں۔

بابر اعظم 161 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ پہلے روز کھیل کے اختتام سے قبل سرفراز 86 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر مچل کو کیچ دے بیٹھے۔

سرفراز احمد نے اپنی دلکش اننگز میں 9 چوکے بھی لگائے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 161 رنز بنا لیے ہیں۔