ریاض: سعودی حکام نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزے اور پابندیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو آن لائن ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق آن لائن عمرہ ویزا میڈیکل انشورنس ہولڈر کو دیا جائے گا، انشورنس اسکیم میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہونا ضروری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے عمرے کے حوالے سے بعض پابندیاں ختم کی ہیں، مملکت آنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں ہے۔
عمرہ اور زیارت کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کے لیے اجازت ناموں کا حصول اب ضروری نہیں رہا۔
بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ اجازت نامہ اسی صورت میں جاری ہوتا تھا جب وہ ویکسین ریکارڈ کا اندراج کروائیں، تاہم اب یہ پابندی بھی نہیں رہی۔