اشتہار

افغانستان کیخلاف سیریز میں قومی کپتان کون ہوگا؟ آج پتہ چل جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

افغانستان کے خلاف رواں ماہ شیڈول تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان کون ہوگا آج پتہ چل جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان کے خلاف رواں ماہ 24 مارچ سے شارجہ میں کھیلی جانے والی تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج ہوگا۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید آج لاہور میں قومی اسکواڈ کا اعلان کریں گے جس کے ساتھ ہی کپتانی کے تنازع پر جاری افواہوں کا زور ٹوٹ جائے گا اور سب کو معلوم ہو جائے گا کہ اس سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کون کرے گا۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ میڈیا خبروں کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ افغانستان کے خلاف مذکورہ سیریز میں ریگولر قومی کپتان بابر اعظم کو آرام دے کر شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سونپنا چاہتا ہے۔

ان اطلاعات کے بعد کرکٹ حلقوں میں کپتانی کے معاملے پر افواہیں گردش کر رہی ہیں اور ذرائع یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پی سی بی مستقبل کے لیے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت کی صلاحیتوں کو آزمانا چاہتا ہے۔

اس حوالے سے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا شاہین شاہ آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں اسٹار فاسٹ بولر نے قیادت کی ذمے داری لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں قومی آل راؤنڈر عماد وسیم سمیت رواں پی ایس ایل 8 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بیٹرز صائم ایوب، اعظم خان اور بولر احسان اللہ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 24 مارچ، دوسرا 26 جب کہ تیسرا میچ 27 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں