پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈیئٹر نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی میچ کے ہیرو نائب کپتان سعود شکیل رہے جنہوں نے ناقابل شکست 88 رنز بنائے۔
پاکستان سپر لیگ 9 کے گزشتہ روز کھیلے گئے ایک میچ میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف میں رسائی حاصل کر لی۔ میچ کے ہیرو کوئٹہ کے نائب کپتان سعود شکیل رہے جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 88 رنز بنائے۔
سعود شکیل کو اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیٹر نے اپنی اس فاتحانہ اننگ کا اہم راز بتا دیا۔
سعود شکیل نے کہا کہ انہیں لاہور کے خلاف یہ شاندار اننگ کھیلنے کے لیے گزشتہ روز کراچی کنگز کے سینیئر کھلاڑی شعیب ملک کی بیٹنگ اور انٹرویو دیکھ کر اعتماد حاصل ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک نے گزشتہ روز کہا تھا کہ مشکل صورتحال میں اعصاب کو قابو رکھنا پڑتا ہے اور میں مشکل صورتحال میں اس پر عمل کرکے ٹیم کے لیے رنز کرنے اور فتح دلانے کے ساتھ ٹیم کو پلے آف مرحلے تک پہنچانے میں بھی کامیاب رہا۔
نوجوان کرکٹر نے کہا کہ آج کا میچ ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا تھا اور بطور نائب کپتان میری ذمے داری تھی کہ میچ جیتیں، ٹورنامنٹ میں دو بار میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینا اعزاز کی بات ہے۔
سعود شکیل نے اپنی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ شروع کرنے کے اس وقت کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے کافی سیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز کو پیغام دیا کہ وہ چار روزہ کرکٹ ضرور کھیلیں۔