ممبئی: بالی وڈ کے ’چھوٹے نواب‘ سیف علی خان کی بیٹی و نوجوان اداکارہ سارہ علی خان ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرنے کے دوران ویڈیو ریکارڈ کرنے پر غصہ میں آگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سارہ علی خان کو ممبئی کے علاقے جوہو میں مشہور شانی مندر کے باہر بیٹھے ضرورت مندوں میں کھانے کے ڈبے تقسیم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
بالی وڈ اداکارہ نے ضرورت مندوں سے گفتگو کی اور اپنے ہاتھ سے کھانا تقسیم کیا۔ اس دوران پاپرازی ان کی ویڈیو ریکارڈ کرتے رہے جو اداکارہ کی طبیعت پر ناخوشگوار گزارا۔
متعلقہ: سارہ علی خان کے پاس کتنی دولت ہے؟
سارہ علی خان نے غصے میں آ کر پاپرازی سے ویڈیو ریکارڈ نہ کرنے کی درخواست کی جس پر کیمرے بند کر دیے گئے۔ اداکارہ کھانا تقسیم کرنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ کر گھر روانہ ہوگئیں۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر ان کی کھانا تقسیم کرنے کی ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے جہاں مداح اور دیگر صارفین ان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ کو حال ہی میں فلم ’مڈر مبارک‘ اور ’اے وطن میرے وطن‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے دیکھا گیا۔ سارہ علی خان انوراگ باسو کی ہدایت کاری میں بننے والی ’میٹرو ان ڈینو‘ کا حصہ ہوں گی جہاں وہ آدتیہ رائے کپور کے ساتھ نظر آئیں گی۔
’میٹرو ان ڈینو‘ میں علی فضل، فاطمہ ثنا شیخ، پنکج ترپاٹھی، کونکنا سین شرما، انوپم کھیر اور نینا گپتا بھی شامل ہیں۔